Thursday, 3 December 2020

انسانی دودھ کی خریدوفروخت: شریعت کی روشنی میں(Milk Bank Shariya ki nazar me)

 


انسانی دودھ کی خریدوفروخت: شریعت کی روشنی میں

    موجودہ زمانہ ہراعتبارسے ترقی کی راہ پرگامزن ہے؛ لیکن اس ترقی کے نتیجہ میں بعض امورایسے بھی وجودمیں آگئے ہیں، جوعقل وقیاس کے خلاف ہیں؛ تاہم وہ لوگ، جو اللہ تعالیٰ کے حقیقی دین پرقائم نہیں ہیں، یاحقیقی دین پرتوقائم ہیں؛ لیکن انہیں دینی معلومات نہیں ، وہ عقل وقیاس کے خلاف امورکوبھی انجام دے ڈالنے سے نہیں چوکتے۔

    عقل وقیاس کے خلاف امورمیں سے ایک خواتین کے دودھ کوجمع کرکے رکھنااوراس کی خریدوفروخت بھی ہے، بہت سارے ممالک میں بلڈ بینک کی طرح دودھ بینک (Milk Bank) کے ادارے بھی قائم ہیں، جہاں خواتین اپنادودھ جمع کرتی ہیں، اس کے عوض انہیں روپے بھی ملتے ہیں، پھرجمع شدہ دودھ کوفروخت بھی کیاجاتاہے، اب سوال یہ ہے کہ کیاایساکرنا شرعی اعتبارسے درست ہے؟
    اِس سوال کے جواب کے لیے خواتین کے دودھ کے استعمال کے دوطریقوں پر گفتگو ضرورری معلوم ہوتی ہے:

    ۱- عمومی استعمال، جیسے: خواتین کے دودھ کی خریدوفروخت کی عام اجازت، اِس سلسلہ میںفقہائے کرام کی رائیںدرج ذیل ہیں:
حنفیہ کی رائے
    خواتین کے دودھ کی خریدوفروخت کے سلسلہ میں احناف کے یہاں آزاداورباندی ہونے کے اعتبارسے دورائیں پائی جاتی ہیں:

    ۱- خواتین کے دودھ کی خریدوفروخت مطلقاً جائز نہیں، خواہ آزادخاتون کادووھ ہویاباندی کا —– یہ فقہائے احناف کی عمومی رائے ہے، ابوبکربن علی الحدادالیمنی ؒ لکھتے ہیں:

لایجوز بیع لبن بنات آدم۔ (الجوہرۃ النیرۃ، باب السلم: ۱ / ۲۶۸، ط: مکتبہ حقانیہ، ملتان)

’’بناتِ آدم کے دودھ کی بیع جائز نہیں‘‘۔

    ۲- آزادعورت کے دودھ کی بیع جائز نہیں، باندی کے دودھ کی بیع جائز ہے —— یہ حضرت امام ابویوسف ؒ کی رائے ہے، علامہ ابن نجیم مصریؒ لکھتے ہیں:

وعن أبی یوسف: یجوز بیع لبن الأمۃ لجواز ایراد البیع علی نفسہا، فکذا علی جزئہا۔ (البحر الرائق، باب البیع الفاسد: ۶ / ۱۳۲، ط: دارالکتب العلمیۃ، بیروت ۱۹۹۷ء)

’’امام ابویوسفؒ سے منقول ہے کہ باندی کے دودھ کی بیع جائز ہے؛ کیوںکہ اُس کے پورے جسم کی بیع جائز ہے توجسم کے جزء کی بیع توبہ درجۂ اولیٰ جائز ہوگی‘‘۔
دلیل
    ۱- عورت کادودھ مال متقوم نہیں ہے؛ اِس لیے اُس کی بیع جائز نہیں: أن لبن الآدمیۃ لیس بمال متقوم، فلایجوز بیعہ۔ (المبسوط للسرخسی،باب إجارۃ الظئر: ۱۵ / ۱۲۵، ط: دارالمعرفۃ، بیروت)

    ۲- عورت کا دودھ انسانی اجزاء میں سے ہے اورانسان اپنے تمام اجزاء کے ساتھ مکرم ومحترم ہے، لہٰذا بیع کے ذریعہ سے اُس کی تذلیل نہیں کی جائے گی: لأنہ جزء الآدمی، وہوبجمیع أجزائہ مکرم مصون عن الابتذال بالبیع۔ (البحرالرائق، باب البیع الفاسد: ۶ / ۱۳۲، ط: دارالکتب العلمیۃ، بیروت ۱۹۹۷ء)

شوافع کی رائے

    عورت کے دودھ کی بیع کے سلسلہ میں حضراتِ شوافع کے یہاں دورائیں ملتی ہیں:

    ۱- جائز ہے؛ کیوں کہ یہ پاک اورقابل انتفاع شیٔ ہے، اسی رائے کو’’معتمد‘‘بھی قراردیاگیاہے، علامہ خطیب شربینیؒ لکھتے ہیں:

ویصح بیع لبن الآدمیات؛ لأنہ طاہرمنتفع بہ۔ (مغنی المحتاج، کتاب البیوع:۲ / ۱۸، ط: دارالمعرفہ، بیروت، لبنان۱۹۹۷ء)

’’عورتوںکے دودھ کی بیع درست ہے؛ کیوںکہ یہ پاک اورقابل انتفاع ہے‘‘۔

    ۲- جائز نہیں ہے —— اِس کے قائلین میں علامہ ماوردی، امام رویانی اورشاشی رحمہم اللہ ہیں، اِن حضرات نے امام ابوالقاسم انماطی ؒسے بھی اِسی رائے کونقل کیا ہے، امام نوویؒ لکھتے ہیں:

بیع لبن الآدمیات جائز عندنا، لاکراہۃ فیہ، ہذاہوالمذہب، وقطع بہ الأصحاب إلاالماوردی، والشاشی، والرویانی، فحکوا وجہاً شاذاعن أبی القاسم الأنماطی من أصحابنا: أنہ نجس، لایجوز بیعہ، وإنمایربی بہ الصغیر للحاجۃ۔(المجموع، باب مالایجوز بیعہ ومالایجوز: ۹ / ۳۰۴، ط: مکتبۃ الإرشاد، جدہ)

’’عورتوں کے دودھ کی بیع ہمارے نزدیک بلاکراہت جائز ہے، یہی مذہب ہے اوراصحاب نے اِسی کوقطعی قراردیاہے، سوائے ماوردی، شاشی اوررویانی کے، انھوںنے ہمارے اصحاب میں ابوالقاسم انماطی کاایک شاذقول نقل کیاہے کہ یہ نجس ہے اوراِس کی بیع جائز نہیں؛ بل کہ اِس کے ذریعہ سے ضرورۃً بچہ کی تربیت کی جاتی ہے‘‘۔
دلیل

    ۱- یہ ایک پاک چیز ہے(اورپاک چیزکی بیع درست ہوتی ہے؛ اِس لیے عورت کے دودھ کی بیع بھی درست ہوگی)۔

    - یہ ایک قابل انتفاع شیٔ ہے(اورقابل انتفاع شیٔ کی بیع بھی درست ہوتی ہے؛ اِس لیے عورت کے دودھ کی بیع بھی درست ہوگی)۔
مالکیہ کی رائے

    فقہائے مالکیہ کے نزدیک عورت کے دودھ کی بیع جائز ہے، علامہ ابن حطاب ؒ لکھتے ہیں:

یجوزبیع لبن الآدمیات؛ لأنہ طاہرمنتفع بہ۔ (مواہب الجلیل، کتاب البیوع، ۶ / ۶۶)

’’انسانی دودھ کی بیع جائز ہے؛ کیوں کہ وہ پاک اورقابل انتفاع ہے‘‘۔

حنابلہ کی رائے

    عورت کے دودھ کی بیع کے سلسلہ میں فقہائے حنابلہ کے یہاں تین رائیں ملتی ہیں:
    ۱- خریدوفروخت جائز ہے —- یہ بعض اصحابِ حنابلہ کی رائے ہے۔
    ۲- خریدوفروخت حرام ہے —- یہ اصحابِ حنابلہ کی ایک جماعت کی رائے ہے۔
    ۳- خریدوفروخت مکروہ ہے —- یہ خودحضرت امام احمدبن حنبل ؒ سے روایت ہے؛ تاہم قول ِاول ہی کوصحیح قول قراردیاگیاہے،علامہ ابن قدامہؒ لکھتے ہیں:

فأمابیع لبن الآدمیات، فقال أحمد: اکرہہ‘، واختلف اصحابنافی جوازہ، فظاہرکلام الخرقی جوازہ… وذہب جماعۃ من اصحابنا إلیٰ تحریم بیعہ…والأول أصح؛ لأنہ لبن طاہرمنتفع بہ۔ (المغنی لابن قدامہ، کتاب البیوع، فصل: حکم بیع لبن الآدمیات: ۱ / ۹۲۴)

’’جہاں تک عورتوں کے دودھ کی بیع کاتعلق ہے توامام احمدؒ فرماتے ہیں: میں اسے ناپسندکرتاہوں، ہمارے اصحاب کے درمیان اِس کے جواز کے سلسلہ میں اختلاف رائے پایاجاتاہے؛ چنانچہ امام خرقی کے کلام سے جواز معلوم ہوتاہے …اورہمارے اصحاب کی ایک جماعت اُس کی بیع کوحرام سمجھتی ہے … تاہم قول اول ہی صحیح ہے؛ کیوں کہ یہ پاک اورقابل انتفاع دودھ ہے‘‘۔

    ۲- خصوصی استعمال: جیسے: دواکے طورپراستعمال —– یہ تمام فقہاء کے یہاں جائز ہے، احناف کے یہاں صراحتاًیہ جزئیہ مذکورہے:

لابأس بأن یسعط الرجل بلبن المرأۃ ویشربہ للدواء۔ (الفتاوی الہندیۃ: ۵ / ۳۵۵)

’’دواکے طورپرعورت کے دودھ کاسعوط لینے اوراُس کوپینے میںکوئی حرج نہیں‘‘۔
    دیگرفقہاء کے یہاں جب عام حالت میں جائز ہے توضرورۃً توبدرجۂ اولی جائز ہوگا۔واللہ اعلم!
    مذکورہ گفتگوسے دودھ کی خریدوفروخت کے بارے میں معلوم ہواکہ :

    ۱- شوافع (مفتیٰ بہ قول کے اعتبارسے )، مالکیہ اورحنابلہ(مسلک کے لحاظ سے)کے نزدیک جائزہے۔
    ۲- امام ابویوسف ؒ کے نزدیک باندی کے دودھ کی بیع جائز ہے۔
    ۳- احناف اورشوافع میںعلامہ ماوردی،امام ابوالقاسم انماطی، امام رویانی اورشاشی رحمہم اللہ کے نزدیک جائز نہیں ۔
    ۴- امام احمدؒ بن حنبل کی ایک روایت کے مطابق مکروہ ہے۔

قول راجح

    شرعی، عقلی اورسماجی اعتبارسے غورکیاجائے تواُن حضرات کی رائے زیادہ قرین ِصواب معلوم ہوتی ہے، جوعورتوں کے دودھ کی خریدوفروخت کے سلسلہ میں عدم جواز کے قائل ہیں، شرعی اعتبارسے ایک تواِس لیے کہ اُس سے ’’حرمت ِرضاعت‘‘کامسئلہ پیداہوجاتاہے؛ کیوں کہ عورت کے دودھ کااستعمال بطورغذاکے جس طورپرہو، حرمت کوثابت کرتاہے؛ چنانچہ صنعانیؒ لکھتے ہیں:

واستدل بہ(أی: من حدیث’’لایحرم من الرضاع إلا مافتق الأمعاء‘‘)علی أن التغذی بلبن المرضعۃ محرم، سواء کان شرباً، أووجوراً، أوسعوطاً، أوحقنۃً حیث کان یسد جوع الصبی، وہوقول الجمہور۔ (سبل السلام، باب الرضاع: ۳ / ۵۸۲)

’’حدیث’’لایحرم من الرضاع إلا مافتق الأمعاء‘‘سے یہ استدلال کیاگیاہے کہ مرضعہ کے دودھ کواس طرح غذاکے طورپراستعمال کرنا، جس سے نومولودکی بھوک مٹ جائے،حرمت کوثابت کرتاہے، خواہ (یہ استعمال)پی کرہو، یاناک اورحلق کے ذریعہ سے ہو، یاپھرحقنہ کے ذریعہ سے‘‘۔

    دوسرے اِس لیے کہ اِس طرح فسادِ نکاح کاعموم ہوجائے گا؛ کیوں کہ کس عورت کا دودھ کس بچہ کے استعمال میں آرہاہے؟اِس کوقلم بندکرکے رکھناایک دشوارترین امرہے، بالخصوص اُن لوگوں کے لیے، جن کے نزدیک دین ودھرم کوئی معنی نہیں رکھتا،نیزاللہ تعالیٰ کے نزدیک’’فساد‘‘ایک ناپسندیدہ عمل ہے، اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: واللہ لایحب الفساد۔ (البقرۃ: ۲۰۵)’’اللہ تعالیٰ فسادکوپسندنہیں کرتا‘‘، اِس لیے دودھ کی خریدوفروخت درست نہیں ہونی چاہیے۔

    عقلی اعتبارسے اِس لیے کہ دودھ کااثربچہ کے اخلاق پرپڑتاہے؛ چنانچہ ایک مرسل حدیث میں ہے:

نھی رسول اللہ ﷺأن تسترضع الحمقاء۔ (السنن الکبریٰ للبیہقی،باب ماورد فی اللبن یشبہ علیہ، حدیث نمبر:۱۶۰۹۹)

رسول اللہ ﷺ نے بے وقوف خواتین سے دودھ پلوانے سے منع فرمایاہے۔
    اِس حدیث کے ضمن میں علامہ صنعانی ؒ لکھتے ہیں:

ووجہ النہی أن للرضاع تأثیراًفی الطباع، فیختارمن لاحماقۃ فیہاونحوہا۔ (سبل السلام، باب الرضاع، حدیث نمبر: ۱۰۶۷: ۳ / ۵۹۴)

’’ممانعت کی وجہ یہ ہے کہ دودھ کااثرطبیعتوں پرپڑتاہے، لہٰذا اس کوچناجائے، جس میں حمق نہ ہو‘‘۔

    اوردودھ کی خریدوفروخت کی عام اجازت کی صورت میں یہ معلوم ہی نہ ہوسکے گا کہ دودھ کس خاتون کاہے؟ نیک خاتون یابدکردارخاتون کا، پھراِسی کے ساتھ ساتھ آج کل کے موذی امراض بھی دودھ کے ساتھ منتقل ہوں گے، جوایک بچہ کے لیے ہی نہیں؛ بل کہ اُس کی آئندہ نسل کے لیے بھی مضرہوں گے، اب ظاہرہے کہ ایک عقل مند صاحب ِشعورشخص اِن چیزوں کبھی پسند نہیں کرسکتا۔
    سماجی اعتبارسے اِس لیے کہ اِس کے ذریعہ سے خواتین میں بے حیائی پیدا ہوجائے گی، اورظاہرہے کہ کوئی بھی عقل ِسلیم رکھنے ولاانسان اپنی عورتوں کوبے حیا دیکھنا پسند نہیں کرے گا، اِس لیے عدم جوازکوہی راجح ہوناچاہیے، واللہ اعلم!

    البتہ اگرضرورت بچہ کی جان کی ہلاکت کی حدتک پہنچ گئی ہواوراجرت پردودھ پلانے والی بھی دستیاب نہ ہورہی ہوتوعورت کے دودھ کی خریدوفروخت کے لیے خصوصی گنجائش اِس شرط کے ساتھ رہنی چاہیے کہ مرضعہ کانام وپتہ محفوظ رہے، تاکہ فساد نکاح کامسئلہ پیدانہ ہوسکے،ہذاماعندی، واللہ اعلم بالصواب!

Wednesday, 2 December 2020

رشتوں کے انتخاب میں والدین کی مرضی کی شرعی حیثیت

 



رشتوں کے انتخاب میں والدین کی مرضی کی شرعی حیثیت

محمد جمیل اخترجلیلی ندوی

      اللہ تبارک وتعالیٰ نے انسانوں کونہ تومکمل بااختیاربنایاہے اورناہی مجبورمحض؛ بل کہ کچھ اختیاربھی دے رکھاہے اورکچھ مجبوربھی بنارکھاہے؛ تا کہ اس دنیا میں اسے آزمایاجاسکے، پھراس آزمائش کے لیے اس کے اندردوطرح کی صفات بھی ودیعت کی ہیں، جن میں سے ایک کوہم ’’صفت ِملکوتیت‘‘ کہتے ہیں، جب کہ دوسرے کو ’’صفت ِ بہیمیت‘‘ کہتے ہیں، پھران دوصفات کی تکمیل کے لیے مکمل طورپررہنمائی بھی کی ہے۔

     صفت بہیمیت کی تکمیل کے لیے جس جائزراستہ کی طرف رہنمائی کی گئی ہے، اسے ’’نکاح‘‘ کہاجاتاہے، پھرنکاح سے پہلے مخطوبہ(جس سے نکاح کاارادہ ہے)کوایک نظردیکھ لینے کوبہترقراردیاگیاہے؛ تاکہ رشتۂ نکاح کے اندرپائیداری پیداہوسکے۔

    پہلے زمانہ میں نکاح کارشتہ عموماًماں باپ کی پسندسے ہی ہواکرتاتھا؛ لیکن آج کل لڑکے اورلڑکیاں اپنی پسندکے رشتے کرناچاہتے ہیں ؛ چنانچہ اس کے لیے بعض اوقات وہ والدین کی مرضی اوران کے مشورہ کوبالکل ہی نظراندازکردیتے ہیں، جب کہ بعض دفعہ والدین بچوں کے لیے ایسے رشتوں کاانتخاب کرتے ہیں، جوخودان کے انتخاب کے بالکل ہی برخلاف ہوتے ہیں، اب سوال یہ کہ کیاشرعاً نکاح کے معاملہ میں لڑکوں اورلڑکیوں کوان کے والدین کی مرضی قبول کرناواجب ہے؟ اگروہ ایسانہ کریں توکیاگناہ گارہوں گے؟نیز اس سلسلہ میں صحیح رویہ کیاہے؟

       سب سے پہلے اس سلسلہ میں دو باتوں کومنقح کرناضروری ہے:

    ۱-  والدین کی مرضی اورمشورہ کی حیثیت کیاہے؟

     ۲-  لڑکے اورلڑکی مرضی کی حیثیت کیاہے؟

     پہلی بات کے سلسلہ میں جب ہم جستجوکرتے ہیں توقرآن وحدیث سے یہ بات سمجھ میں آتی ہی کہ عمومی حالت میں والدین کی اطاعت ضروری ہے، اللہ تعالیٰ کاارشاد ہے:

وَقَضَی رَبُّکَ أَلاَّ تَعْبُدُواْ إِلاَّ إِیَّاہُ وَبِالْوَالِدَیْْنِ إِحْسَاناً إِمَّا یَبْلُغَنَّ عِندَکَ الْکِبَرَ أَحَدُہُمَا أَوْ کِلاَہُمَا فَلاَ تَقُل لَّہُمَا أُفٍّ وَلاَ تَنْہَرْہُمَا وَقُل لَّہُمَا قَوْلاً کَرِیْما٭وَاخْفِضْ لَہُمَا جَنَاحَ الذُّلِّ مِنَ الرَّحْمَۃِ وَقُل رَّبِّ ارْحَمْہُمَا کَمَا رَبَّیَانِیْ صَغِیْرا۔(الإسراء: ۲۳-۲۴)

 اور تمہارے رب نے ارشاد فرمایا ہے کہ اس کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو اور ماں باپ کیساتھ بھلائی کرتے رہو، اگر ان میں سے ایک یا دونوں بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو اُن کو اُف تک نہ کہنا اور نہ اُنہیں جھڑکنا، اور ان سے بات ادب سے کرنا ٭ اور عجز و نیاز سے اُن کے آگے جھکے رہو اور اُن کے حق میں دعا کروکہ اے اللہ! جیسا انہوں نے مجھے بچپن میں (شفقت سے )پرورش کیا ہے تو بھی اُن ( کے حال )پر رحمت فرما۔

    اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کوواجب قراردیاہے اورحسنِ سلوک کاسب سے اعلی درجہ اطاعت ہے، اسی طرح دوسری جگہ ارشادہے:

وَإِن جَاہَدَاکَ عَلی أَن تُشْرِکَ بِیْ مَا لَیْْسَ لَکَ بِہِ عِلْمٌ فَلَا تُطِعْہُمَا وَصَاحِبْہُمَا فِیْ الدُّنْیَا مَعْرُوفاً وَاتَّبِعْ سَبِیْلَ مَنْ أَنَابَ إِلَیَّ ثُمَّ إِلَیَّ مَرْجِعُکُمْ فَأُنَبِّئُکُم بِمَا کُنتُمْ تَعْمَلُونَ۔ (لقمان: ۱۵)

اور اگر وہ تیرے در پے ہوں کہ تو میرے ساتھ کسی ایسی چیز کو شریک کرے جس کا تجھے کچھ علم نہیں تو اُن کا کہا نہ ماننا ہاں دنیا (کے کاموں ) میں اُن کااچھی طرح ساتھ دینا اور جو شخص میری طرف رجوع لائے اُس کے رستے پر چلنا پھر تم کو میری طرف لوٹ کر آنا ہے تو جو کام تم کرتے رہے ہو میں سب سے تم کو آگاہ کروں گا۔

      یہاں شرک کی باتوں میں اطاعت کرنے کی ممانعت آئی ہوئی ہے، جس سے معلوم ہوتاہے کہ غیرشرک کی باتوں میں اطاعت ہونی چاہیے اورجب اطاعت کریں گے توان کی مرضی کے موافق عمل ہوگا، جومطلوب ہے، نیز اللہ کے رسول ﷺ کاارشادہے:

رضی الرب فی رضی الوالد، وسخط الرب فی سخط الوالد۔ (سنن الترمذی، ماجاء من الفضل فی رضا الوالدین، حدیث نمبر: ۱۸۹۹)

والد کی رضامندی میں رب کی رضامندی ہے اوروالد کی ناراضگی میں رب کی ناراضگی ہے۔

    محمد بن اسماعیل صنعانیؒ اس حدیث کے ضمن میں لکھتے ہیں :

الحدیث دلیل علی وجوب إرضاء الولد لوالدیہ وتحریم إسخاطہما، فإن الأول فیہ مرضاۃ اللہ، والثانی فیہ سخطہ، فیقدم رضاہماعلی فعل مایجب علیہ من فروض الکفایۃ۔ (سبل السلام، باب البروالصلۃ: ۴؍۱۶۴)

حدیث بچہ کے والدین کوراضی کرنے کے وجوب اوران کوناراض کرنے کی حرمت پردلیل ہے کہ اول میں اللہ تعالیٰ کی رضامندی ہے اورثانی میں اس کی ناراضگی، لہٰذا ان کی رضامندی کواس فعل پرمقدم کیاجائے گا، جوفروض کفایہ میں سے اس(ولد) پرواجب ہے۔

    معلوم یہ ہواکہ فرض کفایہ(جیسے: عام حالت میں جہاد وغیرہ) کے مقابلہ میں والدین رضامندی واجب ہی ہوگی، اسی لیے غیرمعینہ جہادمیں نکلنے سے افضل والدین کی خدمت کوقراردیاگیاہے؛ چنانچہ حدیث میں ہے کہ ایک شخص نے آپﷺ سے جہاد میں جانے کے لیے اجازت مانگی توآپﷺ نے پوچھا:أحی والداک؟(کیاتمہارے والدین زندہ ہیں ؟) جواب دیا: ہاں ! توآپﷺ نے فرمایا: ففیہمافجاہد(انہی میں رہ کرجہادکرو)۔ (بخاری، باب الجہاد بإذ الأبوین، حدیث نمبر: ۳۰۰۴)

    علامہ شامی ؒ فرماتے ہیں :

(لأن طاعتہما فرض عین)أی: والجہاد لم یتعین، فکان مراعاۃ فرض العین أولیٰ کمافی التجنیس۔ (ردالمحتار، مطلب طاعۃ الوالدین فرض عین: ۴؍۱۲۵)

کیوں کہ والدین کی اطاعت فرض عین ہے، یعنی ابھی جہادکی تعیین نہیں ہوئی ہے، بس فرض عین کی رعایت اولیٰ ہے، جیساکہ ’تجنیس‘ میں ہے۔

     البتہ خاص حالت میں ان کی اطاعت کوضروری قرارنہیں دیاگیاہے، جیسے:

      ۱-  ایسے امورمیں اطاعت ضروری نہیں، جن میں اللہ کے حق کی پامالی ہوتی ہو، اللہ کے رسول ﷺ کاارشادہے:

لاطاعۃ لمخلوق فی معصیۃ اللہ عزوجل۔ (مسندأحمدعن علیؓ، حدیث نمبر: ۱۰۹۵)

اللہ عزوجل کی معصیت میں مخلوق کی اطاعت نہیں ہے۔

     ۲-  ایسے معاملات میں بھی اطاعت ضروری نہیں، جن کے ترک کی وجہ سے بندہ کونقصان ہو، مشہورمالکی فقیہ علی سعیدی عدویؒ لکھتے ہیں :

وکذالایجب طاعتہمافیماکان فی ترکہ ضرر، مثل أن یأمراہ بترک معیشۃ، أو صناعۃ۔ (حاشیۃ العدوی لعلی السعیدی العدوی: ۲؍۵۵۴)

اسی طرح ان چیزوں میں اطاعت واجب نہیں، جن کے ترک میں ضررہو، جیسے: وہ معیشت یاصناعت کے ترک کاحکم دیں۔

     جہاں تک دوسری بات(لڑکے اورلڑکی مرضی کی حیثیت کیاہے؟)کاتعلق ہے تو شریعت نے نکاح کے معاملہ میں ان کی رضامندی کومعتبر مانا ہے؛ چنانچہ حدیث میں ہے:

الثیب أحق بنفسہا من ولیہا، والبکر یستأذنہاأبوہافی نفسہا، وإذنہاصماتہا۔ (مسلم، باب استئذان الثیب…حدیث نمبر: ۱۴۲۱)

ثیپ(شوہردیدہ) اپنے نفس کااپنے ولی سے زیادہ حق دارہے اورباکرہ سے اس کے نفس کے بارے میں اس کے والد اجازت لیں گے اوراس کی اجازت اس کی خاموشی ہے۔

     معلوم ہوا کہ شریعت نے لڑکے اورلڑکی دونوں کی رضامندی کومعتبرماناہے، علامہ ابن بطال ؒ ابن حبیب ؒکے حوالہ سے لکھتے ہیں :

قد ساوی رسول اللہ ﷺبین البکروالثیب فی مشاورتہما فی أنفسہما، ولم یفرق إلافی الجواب بالرضا، فإنہ جعل جواب البکربالرضافی صماتہا لاستحیائہا …، ولم یلزم رسول اللہ ﷺ الثیب الرضا بالصمات؛ حتی تتکلم بالرضالمفارقتہافی الحیاء حال البکرلماتقدم من نکاحہا۔ (شرح صحیح البخاری، باب لاینکح الأب وغیرہ البکر، ولا الثیب ؛إلابرضاہا:۷؍۲۵۳)

رسول اللہ ﷺ نے باکرہ وثیبہ کے مابین ان کی ذات کے سلسلہ میں مشورہ کرنے میں برابر ی کوقائم رکھا ہے اورصرف رضامندی کے جواب میں تفریق کی ہے، اس طورپرکہ حیاء کی وجہ سے باکرہ کی رضامندی اس کے سکوت میں قراردیا، جب کہ ثیبہ کی رضامندی سکوت میں لازم نہیں کیا؛ یہاں تک کہ وہ رضامندی کوالفاظ میں ظاہرکرے کہ اس کی حیاء میں شوہردیدہ ہونے کی وجہ سے باکرہ کے حیاء سے فرق ہے۔

     علامہ ابن نجیم مصریؒ لکھتے ہیں :

(ولاتجبربکربالغۃ علی النکاح) أی: لاینفذ عقدالولی علیہابغیررضاہاعندنا۔ (البحرالرائق، باب الأولیاء والأکفاء: ۳؍۱۱۸)

(باکرہ بالغہ کونکاح پرمجبورنہیں کیاجاسکتا)یعنی اس کی رضامندی کے بغیرولی کاکیاہواعقدنافذ نہ ہوگا۔

 اورجب بالغہ کی رضامندی ضروری ہے توبالغ کی رضامندی توبدرجۂ اولیٰ ضروری قرارپائے گی، بہرحال! خلاصہ یہ کہ عمومی حالت میں والدین کی رضامندی بھی ضروری ہے اورنکاح کے باب میں لڑکے اورلڑکی کی رضامندی بھی ضروری ہے۔

     جہاں تک اس سوال کی بات کہ کیاشرعاً نکاح کے معاملہ میں لڑکوں اورلڑکیوں کوان کے والدین کی مرضی قبول کرناواجب ہے یانہیں ؟ تواس سلسلہ میں مسئلہ کی دوصورتیں ہیں :

     ۱-  نکاح کایہ معاملہ بلوغ سے پہلے پیش آئے۔

      ۲-  نکاح کایہ معاملہ بلوغ کے بعد پیش آئے۔

      پہلی صورت میں والدین کی رضامندی قبول کرنا(ولایت ِاجبارکودیکھتے ہوئے)واجب ہے، علامہ حصکفیؒ لکھتے ہیں :

(وللولی إنکاح الصغیروالصغیرۃ)جبراً(ولوثیباً…ولزم النکاح، ولوبغبن فاحش)بنقص مہرہا وزیادۃ مہرہ(أو) زوجہا(بغیرکفء إن کان الولی… أباأوجداً…لم یعرف منہماسوء الاختیار)مجانۃ وفسقاً۔ (الدرالمختار، باب الولی: ۳؍۶۵)

ولی کے لیے صغیراورصغیرہ کاجبری نکاح کرانادرست ہے، اگرچہ کہ وہ ثیبہ ہو، اورنکاح لازم ہوجائے گا، گرچہ مہرمیں کمی یازیادتی کرکے غبن فاحش کے ساتھ ہو،یاصغیرہ کی شادی غیرکفومیں کرائے، اگرولی باپ یاداداہو اورفسق وفحش کے اعتبارسے معروف بسوء الاختیارنہ ہو۔

     البتہ اس کے لیے ایک بات کاخیال رکھاجائے کہ والدین کی رضامندی قبول کرنااسی وقت واجب ہے، جب کہ ان کی طرف سے سوء اختیارظاہرنہ ہو، ورنہ یہ نکاح درست نہ ہوگا اوران کی رضامندی کوماننا بھی واجب نہ ہوگا، علامہ حصکفیؒ لکھتے ہیں :

وإن عرف لایصح النکاح اتفاقاً۔ (الدرالمختار، باب الولی: ۳؍۶۶)

اگرسوء اختیارمعروف ہوتوبالاتفاق نکاح نہ ہوگا۔

     جہاں تک دوسری صورت کاتعلق ہے توچوں کہ بچے بالغ اوربااختیارہوچکے ہیں ؛ اس لیے والدین رضامندی قبول کرناواجب تونہیں ؛ لیکن ان کی اطاعت کے احکام اورہرمعاملہ میں مراعات کودیکھتے ہوئے مستحب ضرورہے، ہذاماعندی، واللہ اعلم بالصواب!

     رہی بات تیسری مسئلہ (اگروہ ایسانہ کریں توکیاگناہ گارہوں گے؟) کی تومذکورہ تنقیحی باتوں سے سمجھاجاسکتاہے کہ پہلی صورت میں گناہ گار ہوں گے، جب کہ دوسری صورت میں گناہ گارنہیں ہوں گے؛ کیوں کہ گناہ گاراس وقت ہوتا، جب وہ نافرمان ہوتااوریہ نافرمانی نہیں ہے، علامہ ابن تیمیہؒ لکھتے ہیں :

لیس لأحد من الأبوین أن یلزم الولدبنکاح من لایرید، وأنہ إذاامتنع لایکون عاقا، وإذالم یکن لأحد أن یلزمہ بأکل ماینفر عنہ مع قدرتہ علی أکل ماتشتہیہ نفسہ، کان النکاح کذلک وأولیٰ؛ فإن أکل المکروہ مرارۃ ساعۃ، وعشرۃ المکروہ من الزوجین علی طول یؤذی صاحبہ کذلک، ولایمکن فراقہ۔ (مجموع الفتاوی: ۳۲؍۳۰)

والدین میں سے کسی کے لیے جائز نہیں کہ وہ لڑکے پرایسے سے نکاح کولازم کرے، جسے وہ پسندنہیں کرتا، اوراگرلڑکاایساکرنے سے رک جائے تووہ نافرمان نہیں کہلائے گا، جب کسی کے لیے یہ جائز نہیں کہ کسی کو من پسندچیز کھانے پرقدرت رکھنے کے باوجودایسی چیز کے کھانے پرمجبورکرے، جواسے پسندنہیں تو نکاح بھی اسی طرح؛ بل کہ اس کازیادہ حق دارہے کہ (اس پرمجبورنہ کیاجائے)؛ کیوں کہ ناپسندیدہ چیز کھانے کی کڑواہٹ تھوڑی دیرکے لیے ہوتی ہے، جب کہ زوجین کی ناپسندیدہ زندگی دیرپاہونے کی وجہ سے اسی طرح تکلیف دہ ہوگی اوراس سے فرقت ممکن نہیں ہوگی۔

      اب ان مذکورہ وضاحتوں کی روشنی میں صحیح رویہ یہ ہے کہ والدین تجربہ کارہوتے ہیں اورعموماً رشتوں کے انتخاب میں اپنانفع نہیں دیکھتے؛ اس لیے لڑکے اورلڑکیوں کوان کی پسندپرراضی ہوناچاہیے اورعموماً ہوتابھی ایساہی ہے؛ لیکن اس کامطلب ہرگز یہ نہیں کہ والدین ہرحال میں اپنی مرضی ان پرتھوپیں، یہ بالکل شریعت کے مزاج اوراس کے حکم کے خلاف ہے، اپنے رشتے پرانھیں اڑنانہیں چاہیے، اگرلڑکے یالڑکی کوان کی طرف سے طے کردہ رشتہ پسندہوتوٹھیک، ورنہ دباؤ نہیں ڈالناچاہیے۔

    اسی طرح لڑکے یالڑکی کوبھی چاہیے کہ اپنی پسندکی شادی میں پہلے والدین کوراضی کریں، ان کی رضامندی کے بغیرقدم نہ اٹھائیں اوروالدین کوبھی چاہیے کہ بچوں کی پسند کونظر انداز نہ کریں، دیکھ لیں اگرمناسب ہے توضروران کی پسند پرصاد کریں، یہی صحیح رویہ ہے، جس میں دونوں طرف کاخیال رکھاجائے۔

Tuesday, 1 December 2020

طلاق: کب اور کیسے؟

 

طلاق: کب اور کیسے؟

   محمدجمیل اخترجلیلی ندوی

     اللہ تعالیٰ نے انسانوں کودوطرح کی صفات سے متصف کیاہے، ایک کو’’صفت ملکوتیت‘‘ اوردوسرے کو’’صفت بہیمیت‘‘ کہاجاتاہے، صفت ملکوتیت انسان کوخالص اطاعت وبندگی پرابھارتی ہے، جب کہ صفت بہیمیت کے نتیجہ میں وہ ایسے اموربھی انجام دیتاہے، جواطاعت وبندگی سے ہٹ کرہوتے ہیں ، انھیں امورمیں سے ایک لڑائی جھگڑابھی ہے۔
     لڑائی جھگڑا جس طرح عام انسانوں کے مابین ہوتاہے، اسی طرح بسااوقات ’’میاں بیوی‘‘کے درمیان بھی ہوتاہے، پھرمیاں بیوی کے درمیان ہونے والی یہ لڑائی کبھی توصلح وصفائی کے ذریعہ ختم ہوجاتی ہے؛ لیکن کبھی یہ لڑائی اتنی طول کھنچ جاتی ہے کہ ختم ہونے کانام ہی نہیں لیتی، ایسی صورت میں نکاح کاوہ مقصدبھی فوت ہوتانظرآتاہے، جس کوقرآن نے ’’لتسکنوا إلیہا‘‘ (تاکہ تمہیں اس کے پاس سکون میسر ہو) سے تعبیر کیاہے،ایسے وقت میں سکون وطمانینت کے حصول کاواحد ذریعہ’’طلاق‘‘ ہی نظرآتاہے؛ کیوں کہ اس کے ذریعہ سے میاں بیوی دونوں گھٹ گھٹ کرجینے کے بجائے ایک نئی زندگی شروع کرنے کے مستحق بن جاتے ہیں ؛ لیکن شریعت کی نگاہ میں یہ ایک مبغوض اورناپسندیدہ چیزہے؛چنانچہ اللہ کے رسول اکاارشادہے:
أبغض الحلال إلی اللہ الطلاق۔ (ابن ماجۃ، أبواب الطلاق، حدیث نمبر: ۲۰۱۸)
اللہ تعالیٰ کے نزدیک مباح چیزوں میں سے ناپسندیدہ ترین چیزطلاق ہے۔
    اس لیے بہترتویہی ہے کہ یہ سوچ کراس سے بچاجائے کہ ہرانسان میں کچھ خرابیاں ہوتی ہیں تواس کے اندرکچھ اچھائیاں بھی ہوتی ہیں، صرف ایک چیز پرنظرکی جائے اوردوسری کی چیزکی طرف نگاہ اٹھاکربھی نہ دیکھاجائے، یہ عدل وانصاف کے تقاضہ کے خلاف بات ہے، تاہم یہ بات ضرور ذہن نشین رہنی چاہیے کہ طلاق کی اجازت کے بھی شریعت نے کچھ وجوہات واسباب بیان کئے ہیں ، جن کاجاننا موجودہ زمانہ میں اس لیے ضروری ہے کہ عمومی طورپر لاعلمی کے نتیجہ میں بات بے بات طلاق دے دی جاتی ہے، پھرندامت کے آنسوکے سواکچھ ہاتھ نہیں آتا۔
      پھرطریقۂ طلاق سے بھی ناواقفیت ہونے کی بناپرلوگ تین سے کم پرراضی نہیں ہوتے؛ اس لیے ذیل میں اسباب ووجوہات کے ساتھ طریقۂ طلاق کوبھی بتلایاگیاہے؛ تاکہ جس طرح نکاح کاوجودشرعی طورپرہواہے، خاتمہ بھی شریعت کے مطابق ہو، لہٰذا آیئے سب سے پہلے اسباب کوجانتے چلیں۔
     شریعت نے درج ذیل اسباب کی بناپرکسی عورت کوطلاق دینے کی گنجائش دی ہے:
    ۱   -  جب بیوی کے اندردینی بہتری کافقدان ہو،جیسے: نمازکاترک کرنااوربے پردگی وغیرہ، توایسی صورت میں طلاق دینامندوب ہے، علامہ ابن قدامہؒ لکھتے ہیں :
والرابع: مندوب إلیہ، وہوعندتفریط المرأۃ فی حقوق اللہ الواجبۃ علیہا، مثل الصلاۃ ونحوہا، ولایمکنہ إجبارہاعلیہا۔ (المغنی، فصل: الطلاق خمسۃ أضرب: ۸؍۲۳۵)
(طلاق کی) چوتھی قسم: مندوب ہے اوروہ اللہ تعالیٰ کے واجب حقوق میں عورت کی کوتاہی کے وقت طلاق دیناہے، جیسے: نمازوغیرہ، جب کہ اس کومجبورکرنا ممکن نہ ہو۔
    ۲-  جب بیوی کے اندراخلاقی خرابی پائی جائے، مثلاً: شوہرکے عدم موجودگی میں دوسرے مردسے تعلق قائم کرنا؛ کیوں کہ عورت پرضروری ہے کہ وہ اپنی عزت صرف اپنے شوہرکے حوالہ کرے، کسی اورکے سامنے ہرگزہرگزاپنی عزت نیلام نہ کرے، اللہ کے رسول ا نے عورت کے اس لازمی ذمہ داری کوبتلاتے ہوئے فرمایا:
ولکم علیہن أن لایوطئن فرشکم أحداتکرہونہ۔ (صحیح مسلم، حدیث نمبر: ۱۲۱۸)
 تمہاراان(بیویوں )پرحق یہ ہے کہ وہ اپنے بستروں کوکسی ایسے شخص سے نہ رُندوائیں ، جس کوتم ناپسند کرتے ہو۔
  یعنی کسی اجنبی شخص(غیرمحرم) کوہرگزاپنے گھرآکراپنے بستروں پربیٹھنے کی اجازت نہ دیں ، علامہ خطابیؒ فرماتے ہیں :
    فإن معناہ : أن لایأذن لأحد من الرجال یدخل فیتحدث إلیہن۔ (معالم السنن: ۲؍۲۰۰)
 اس کے معنی یہ ہیں کہ مردوں میں سے کسی کوداخل ہونے کی اجازت نہ دیں کہ وہ ان کے ساتھ بیٹھ کر باتیں کرے۔
    جب اجنبی(غیرمحرم) کے لیے گھرکے اندرلانے کی اجازت نہیں تواس کے پاس عزت نیلام کرنے کی اجازت کیسے ہوگی؟لہٰذا عورت پرفرض ہے کہ وہ اپنی عزت وعصمت کی حفاظت کرے کہ اب صرف تنہااس کی عزت نہیں رہی؛ بل کہ اس کے شوہرکی عزت بھی بن چکی ہے؛ حتی کہ اگروہ شوہرکی اجازت کے بغیرکسی غیرمحرم کوگھرکے اندرداخل ہونے کی اجازت دیدے توشوہرکوشریعت کی طرف سے یہ حق حاصل ہے کہ اس کی تادیب کرے، اللہ کے رسول ا نے فرمایا:
 فإن فعلن ذلک فاضربوہن ضرباً غیرمبرح۔ (صحیح مسلم، حدیث نمبر: ۱۲۱۸)
اگروہ دوسروں کوگھرآنے کی اجازت دیں توانہیں چوٹ نہ پہنچانے والی مارمارو۔
      اوراگربیوی زناکاری میں مبتلاہوجائے توایسی صورت میں طلاق کی گنجائش توہے؛ لیکن پہلے افہام وتفہیم کرے،نہ ماننے کی صورت میں طلاق دیناواجب ہے، محمدبن اسماعیلؒ صنعانی لکھتے ہیں :
ویجری ہذاالحکم(أی:حکم الأمۃ الزانیۃ)فی الزوجۃ أنہ لایجب طلاقہاوفراقہالأجل الزنا؛ بل إن تکررمنہاوجب۔ (سبل السلام، باب حدالزانی: ۴؍۸)
(زانی باندی کاحکم)بیوی میں جاری ہوگاکہ زناکی وجہ سے طلاق اورجدائے گی واجب نہیں ہے؛ بل کہ اگر زناکاتکرارپایاجائے توواجب ہے۔
    علامہ ابن قدامہؒ لکھتے ہیں:
والثالث: مباح، وہوعندالحاجۃ إلیہ لسوء خلق المرأۃ، وسوء عشرتہا، والتضرربہا من غیرحصول الغرض بہا۔ (المغنی، فصل: الطلاق خمسۃ أضرب: ۸؍۲۳۵)
(طلاق کی تیسری قسم) مباح ہے، یہ عورت کی بداخلاقی، سوء عشرت اوراس سے مقصدکی حصول یابی کے بجائے نقصان اٹھانے کے وقت ہے۔
    ۳-  جب شوہرحقوقِ زوجیت کی ادائے گی سے عاجزہوجائے، حق زوجیت( یعنی بیوی سے تعلق قائم کرنا)بھی بیوی کاایک اہم دینی اورضروری حق ہے، جس کوپوراکرناآج کے زمانہ میں خوراک وپوشاک کے حق سے زیادہ ضروری ہے، حضور اکرم اکوبتلایاگیاکہ (حضرت) عبداللہ بن عمروبن العاص ؓ دن کوروزہ رکھتے ہیں اوررات کو قیام کرتے ہیں ، اللہ کے رسول انے ان سے اس بات کی تصدیق کی، پھرفرمایا:
فلاتفعل، صم وأفطر، وقم ونم، فإن لجسدک علیک حقاً، وإن لعینک علیک حقاً، وإن لزوجک علیک حقاً۔(بخاری، باب لزوجک علیک حق، حدیث نمبر: ۵۱۹۹)
ایسا مت کرو، روزہ بھی رکھو اورافطاربھی کرو، قیام بھی کرواورسوبھی جاؤ، کیوں کہ تمہارے جسم کاتم پرحق ہے، تمہاری آنکھ کاتم پرحق ہے اورتمہاری بیوی کاتم پرحق ہے۔
    یہی وجہ ہے کہ فقہاء نے اسے بیوی کاایساحق تسلیم کیاہے، جس کے مطالبہ کاپورااستحقاق بیوی کوحاصل ہے، مشہورحنفی فقیہ عثمان بن علی زیلعیؒ لکھتے ہیں :
 والوطء حق الزوجۃ، ولہٰذا کان لہاالمطالبۃ بہ۔ (تبیین الحقائق، بحث فی العزل:۶؍۲۱)
وطی(بیوی کے ساتھ تعلق قائم کرنا)بیوی کاحق ہے، لہٰذااسے شوہرسے مطالبہ کاپورااستحقاق ہے۔
     یہ حق کس قدراہمیت کی حامل ہے، اس کااندازہ آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈ کی طرف سے مرتب کردہ قانونی کتاب’’مجموعۂ قوانین اسلامی‘‘کے قانونِ طلاق کے دفعہ (۷۳) سے لگاسکتے ہیں ، جس میں لکھاہے کہ:
ترکِ مجامعت اوربیوی کومعلقہ بناکررکھنا بھی تفریق کے اسباب میں سے ایک سبب ہے؛ کیوں کہ حقوق زوجیت کی ادائے گی واجب ہے، حقوقِ زوجیت ادانہ کرنااوربیوی کومعلقہ بناکررکھناظلم ہے اوردفع ظلم قاضی کافرض ہے، نیز صورت مذکورہ میں عورت کامعصیت میں مبتلاہونا بھی ممکن ہے، قاضی کافرض ہے کہ ایسے امکانات کوبندکردے؛ اس لیے اگرعورت قاضی کے یہاں مذکورہ بالا شکایت کے ساتھ مرافعہ کرے توقاضی تحقیقِ حال کے بعدلازمی طورپررفع ظلم کرے گا اورمعصیت سے محفوظ رکھنے کے مواقع پیدا کرے گا(مجموعۂ قوانین اسلامی،ص:۱۹۲)۔
     ۴-  بیوی ناشزہ(نافرمان) ہوجائے توطلاق دینے کی گنجائش ہے؛ کیوں کہ  اللہ تعالیٰ کے بعددنیامیں عورت کے لیے سب کچھ شوہرہے، اس کااندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ اللہ کے رسول ا نے فرمایا:
 لوکنتُ آمراً أحداً أن یسجد لأحد، لأمرت المرأۃ أن تسجد لزوجہا۔ (سنن الترمذی، باب ماجاء فی حق الزوج علی المرأۃ، حدیث نمبر:۱۱۵۹)’
اگرمیں کسی کوحکم دیتاکہ وہ کسی شخص کوسجدہ کرے توبیوی کوحکم دیتا کہ وہ اپنے شوہرکوسجدہ کرے۔
     یعنی سجدہ تواللہ کے سواکسی اورکے لیے درست ہی نہیں ، اگرایسی کوئی اجازت ہوتی توسب سے پہلے شوہرکویہ حق حاصل ہوتاکہ اسے سجدہ کیا جائے، اس حدیث سے یہ بات معلوم ہوئی کہ اللہ تعالیٰ کے بعد شوہرکی بات ماننا اوراس کی اطاعت کرنابیوی پرضروری ہے، ملاعلی قاریؒ لکھتے ہیں :
وفی ہذاغایۃ المبالغۃ لوجوب إطاعۃ المرأۃ فی حق زوجہا، فإن السجدۃ لاتحل لغیراللہ۔ (مرقاۃ المفاتیح، باب عشرۃ النساء ومالکل واحدۃ من الحقوق، الفصل الثانی: ۶؍۳۶۹)
اس میں انتہائی مبالغہ سے بتلایاگیاہے کہ بیوی کے لیے شوہرکے حق میں اطاعت ضروری ہے؛ کیوں کہ سجدہ اللہ کے علاوہ کسی کے لیے جائزنہیں ۔
     اورجب بیوی شوہرکی اطاعت جائز امورمیں نہ کرے تویہ سوء اخلاق کے درجہ میں داخل ہوجاتاہے، جس کی وجہ سے طلاق دینے کی گنجائش ہے۔
      ۵-  جب کسی شرعی بنیادپروالدین طلاق دینے کے لیے کہیں ، توایسی صورت میں نہ صرف طلاق دینے کی گنجائش ہے؛ بل کہ واجب ہے، جیسا کہ سوال نمبر(۲) کے جواب میں گزرچکاہے۔
     ۶-  جب بیوی کے اندرکوئی ایساعیب یاایسی بیماری پائی جائے، جس کی وجہ سے مقاصدنکاح کاتحقق نہ ہوسکے توایسی صورت میں بھی بیوی کوطلاق دینے کی گنجائش ہے، علامہ میدانیؒ لکھتے ہیں :
(وإن کان بالزوجۃ عیب…فلاخیارلزوجہا)لمافیہ من الضرربہابإبطال حقہا، ودفع ضررالزوج ممکن بالطلاق۔ (اللباب فی شرح الکتاب، کتاب النکاح: ۱؍۲۶۰)
اگربیوی میں عیب ہوتواس کے شوہرکو(تفریق کا)خیارنہیں ہے کہ اس ایسی صورت میں اس کے حق کوباطل کرکے اس کونقصان پہنچاناہے اورشوہرکے ضررکو طلاق کے ذریعہ دورکرناممکن ہے۔
     ۷-  جب دونوں کے مابین ایساشقاق پیداہوجائے، جس میں صلح کی گنجائش باقی نہ رہے توبیوی کوکالمعلقہ بناکررکھنادرست نہیں ؛ بل کہ طلاق دے کرآزادکردینابہترہے، اللہ تعالیٰ کاارشادہے:
 فَإِمْسَاکٌ بِمَعْرُوفٍ أَوْ تَسْرِیْحٌ بِإِحْسَانٍ ۔(البقرۃ: ۲۲۹)
 پھر رکھنا ہے تو بھلے طریقہ سے رکھ لو، یا چھوڑ دینا ہو تو نیکی اور احسان کے ساتھ رخصت کر دو۔
     اسبا ب سے واقفیت کے بعدطریقۂ طلاق کوجان لیناچاہیے؛ تاکہ افراط وتفریط کے شکارہونے سے بچاجاسکے،اس سلسلہ میں آل انڈیامسلم پرسنل لابورڈنے قرآن وحدیث اورفقہ اسلامی کوسامنے رکھتے ہوئے ایک’’ضوابط برائے طلاق‘‘ جاری کیاہے، ہمیں اس کی پابندی کرنی چاہیے، جس کی تفصیل حسب ِذیل ہے:
    ۱-   اگرشوہروبیوی میں اختلاف پیداہوجائے توپہلے وہ خودآپسی طورپران اختلافات کوختم کرنے کی کوشش کریں اوردنوں اس بات کوسامنے رکھیں کہ ہرانسان میں کچھ کمزوریاں ہوتی ہیں اوربہت سی خوبیاں ہوتی ہیں ، لہٰذاشریعت کی روایت کے مطابق ایک دوسرے کی غلطیوں کودرگزرکرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
    ۲-  اگراس طرح بات نہ بنے توعارضی طورپرقطع تعلق کیاجاسکتاہے۔
     ۳-  اگریہ دونوں طریقے ناکام ہوجائیں تودونوں خاندان کے باشعورافرادمل کرمصالحت کی کوشش کریں ، یادونوں طرف سے ایک ایک ثالث مقررکرکے (Reconciliation and Arbitration)باہمی اختلافات کوختم کرنے کی کوشش کی جائے۔
    ۴-  اگراس کے باوجودبات نہ بنے توبیوی کوپاکی کی حالت میں شوہرایک طلاق دے کرچھوڑدے؛ یہاں تک کہ ایامِ عدت گزرجائیں، عدت کے دوران اگرمرافقت پیداہوجائے توشوہررجوع کرلے اورپھردونوں میاں بیوی کی طرح زندگی گزاریں ، اگرعدت کے دوران شوہرنے رجوع نہیں کیاتوعدت کے بعد خودہی رشتۂ نکاح ختم ہوجائے گا اوردونوں نئی زندگی شروع کرنے کے لیے آزاداورخودمختارہوں گے، اگربیوی اس وقت حاملہ ہوگی توعدت کی مدت وضع حمل ہوگی، طلاق دینے کی صورت میں شوہرکوعدت کاخرچ دیناہوگا اورمہرباقی ہوتووہ بھی فوراً اداکرناہوگا۔
    ۵-  اگرعدت کے بعدمصالحت ہوجائے توباہمی رضامندی سے نئے مہرکے ساتھ دونوں تجدیدِنکاح کے ذریعہ اپنے رشتہ کوبحال کرسکتے ہیں۔
     ۶-  دوسری صورت یہ ہے کہ بیوی کوپاکی کی حالت میں شوہرایک طلاق دے، پھردوسرے ماہ دوسری طلاق دے اورتیسرے ماہ تیسری طلاق دے، تیسری طلاق سے پہلے اگرمصالحت ہوجائے توشوہررجوع کرلے اورسابقہ رشتۂ نکاح بحال کرلے۔
      شوہرکوایک ساتھ تین طلاق ہرگزہرگز نہیں دینی چاہیے؛ کیوں کہ اس کی ضرورت ہی نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ مسلم پرسنل لابورڈ نے ایسے شخص کے خلاف سماجی بائیکاٹ کامطالبہ کیاہے؛ چنانچہ اس کی آٹھویں تجویز میں ہے کہ ’’مسلم سماج کوچاہیے کہ جوشخص ایک ساتھ تین طلاق دے، اس کاسماجی بائیکاٹ کیاجائے؛ تاکہ ایسے واقعات کم ازکم ہوں ‘‘۔
 اللہ تعالیٰ سے دعاہے کہ عمل کی توفیق عطافرمائے، آمین!




Sunday, 29 November 2020

پریم یُدّھ: ایک لمحہ ٔ فکریہ

 پریم یُدّھ: ایک لمحہ ٔ فکریہ

محمدجمیل اخترجلیلی ندوی


اگرلڑائی میں دولوگ شریک ہوں توانھیں روکنے کے لئے آپ کوبیچ میں کھڑاہوناہوگا، اگرآپ ایک شخص کا ہاتھ پکڑلیں تودوسرااس پرحملہ آورہوجائے گااوراس طرح آپ ایک کے ساتھ ناانصافی کرنے والے ہوجائیں گے، معاشرہ میں آج کل یہی چل رہاہے، جہاں بھی لڑائی ہوتی ہے، وہاں انصاف کے تقاضوں کوسامنے رکھ کرلڑائی کوروکنے والے کھڑے نہیں ہوتے؛ بل کہ پہلے لڑائی کرنے والوں کوتولتے ہیں اورجب یہ سمجھ لیتے ہیں کہ کون کمزورہے اورکون طاقت ورتو کمزورکاساتھ دینے اورطاقت ورکاہاتھ پکڑنے کی بجائے کمزورکوہی دبوچ لیتے ہیں؛ تاکہ طاقت وراپنی طاقت دکھاسکے اورکمزورمزیدکمزورہوکرزندگی گزارے۔

ابھی یوپی میں قانون بنایاگیا’’غیرقانونی تبدیلی ٔمذہب مانع آرڈیننس2020‘‘کے نام سے ، اس کے پس پردہ اصل مقصد’’لو-جہاد‘‘کوروکناہے، جب کہ آرڈیننس میں بین مذہبی شادی کے لئے اجازت طلب کرنے کی غرض سے عرضی کاایک ڈرافٹ بھی شامل کیاگیاہے، جس کی روسے شادی سے دومہینے قبل ڈسٹرک مجسٹریٹ کواس کی اطلاع دینی ہوگی، بغیراس اجازت کے 6ماہ سے لے کر3سال تک کی جیل اور10ہزارروپے جرمانہ کی سزاکامستحق ہوگا، اس قانون کی اس ملک میں بالکل ضرورت نہیں تھی، جس ملک کاکوئی مذہب ہی نہیں ہے، جب ملک کاہی کوئی مذہب نہیں اوراس کے آئین اوردستورمیں’’تمام اشخاص کوآزادی ضمیراورآزادی سے مذہب قبول کرنے، اس کی پیروی کرنے اوراس کی تبلیغ کرنے کامساوی حق ہے‘‘ توپھراس قانون کاکوئی مطلب سوائے اس کے کہ اس کے ذریعہ سے غلط فائدہ اٹھایاجائے گا، اورکچھ نہیں رہ جاتا۔

جس صوبہ میں یہ قانون بنایاگیاہے، اس کے سی ایم اپنے جلسوں میں مسلسل لوجہادکے تعلق سے بات کرتے رہے ہیں؛ لیکن کبھی بھول کربھی انھوں نے ’’پریم یُدّھ‘‘ کی بات نہیں کی؛ حالاں کہ اس وقت ہمارے ملک میں جس کثرت سے پریم یدھ کی ہواچل رہی ہے کہ اگراس کی طرف توجہ نہ دی گئی تونئی نسل کی تعلیم یافتہ بچیاں اس کی شکارہوکر ارتداد کے راستے پرچل پڑیں گی؛ بل کہ چل پڑی ہیں، خصوصیت کے ساتھ ساؤتھ انڈیااس کازیادہ کاشکارہے، جس کی بنیادی وجہ مارڈن ایجوکیشن ہے، اس کامطلب یہ نہیں کہ بچیوں کوتعلیم سے دور رکھا جائے؛ بل کہ اس کے لئے سنجیدگی کے ساتھ ہمیں سوچنے کی ضرورت ہے۔

پہلاکام تویہ کرناچاہئے کہ ایسے اسکولوں کاجال بچھایاجائے، جہاں فرض عین کی تعلیم بھی نصاب میں شامل ہو، صرف مارڈن ایجوکیشن نہ ہو؛ بل کہ مارل ایجوکیشن کی بھی تعلیم دی جاتی ہو، اس کے لئے بڑے بڑے بزنس مینوں کومتوجہ کرنے کی ضرورت ہے، جولوگ بزنس میں روپیہ لگاناچاہتے ہیں، انھیں مشورہ دیاجائے کہ اس میں روپیہ لگائیں، تجارت بھی ہوگی اورخدمت بھی، روپیہ بھی ملے گااورثواب بھی۔اگرایسے اسکول قائم کرلئے گئے توان شاء اللہ چند سالوں میں کایاپلٹ ہوگی اورہماری بچیاں پریم یدھ کے شکارہونے سے بچ جائیں گے۔

اس میں وقت لگ سکتاہے؛ کیوں کہ یہ دقت طلب امرہے توایسی صورت میں مکاتب کے نظام کومضبوط کیاجائے، بچے اوربچیوں کے لئے الگ الگ نظام قائم کرنے کی ضرورت ہے، ہوتایہ ہے کہ عام طورپرچھوٹے بچے اوربچیاں تومساجد کے صباحی یامسائی مکاتب میں کچھ نہ کچھ سیکھ لیتے ہیں؛ لیکن بڑی بچیاں اس سے محروم رہ جاتی ہیں، اس کی ایک بڑی وجہ وہ تصورہے، جوہمارے ذہنوں میں بیٹھا ہواہے کہ خواتین کے لئے مسجدآنے کی اجازت نہیں ہے، میں سمجھتاہوں کہ ہرمسجد میں دوسری منزل بھی ہوگی، اس منزل کوبڑی بچیوں کے لئے خاص کیاجائے اوران کی تعلیم کے لئے لیڈی ٹیچرکابندوبست کیاجائے۔

اسی کے ساتھ ساتھ ہفتہ واری درس قرآن اوردرس حدیث کانظام بھی بنایاجائے، مردوں کے لئے توبہت ساری جگہوں پراس کانظم ہوجاتاہے؛ لیکن بے چاری خواتین کے لئے کوئی نظم نہیں ہوپاتا، یادرکھئے، خواتین کی تعلیم بھی ہماری ذمہ داری ہے اوردینی تعلیم دیناتوفرض میں شامل ہے، جس سے وہ حلال وحرام کی تمیز کرسکے، ایک مرتبہ کاواقعہ ہے، صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کا ایک وفدحضوراکرم ﷺ کی صحبتِ بابرکت میں بیس دن تک سعادت مندیوں اورخوش بختیوں کی نعمتوں سے بہرہ مندہونے کے بعدگھرواپسی کاارادہ کیا تواللہ کے رسول ﷺ نے زادِ راہ سے سرفراز فرماتے ہوئے ارشادفرمایا:’’اپنے گھروالوں کے پاس لوٹ جاؤ، انھیں کے درمیان قیام کرو، انھیں سکھاؤ اورانھیں حکم دو‘‘۔

آج تک ہم لوگوں نے بڑے بڑے جلسوں میں بہت روپے صرف کئے، میں یہ نہیں کہتاکہ جلسے نہیں ہونے چاہئیں؛ لیکن ایک سوال کرتاہوں کہ اس سے فائدہ کتناہوتا ہے؟ اس کے برخلاف اگران روپیوں کواسکول کھولنے اورمکاتب کے نظام کودرست کرنے میں اوران میں تعلیم دینے والوں کے اوپرخرچ کریں توشاید بڑے بڑے جلسوں سے زیادہ مفید ثابت ہو، اورقوم کی بچیاں ارتداد کاراستہ اختیارکرنے سے بچ جائیں، ہزاروں کی تعداد میں مرتد ہونے کی خبرآرہی ہیں، کیایہ ہمارے لئے لمحۂ فکریہ نہیں ہے؟

جہاں تک لوجہادکے خلاف قانون کی بات ہے تواس کے ذریعہ سے کمزوروں پررعب جھاڑاجائے گا، اگرکوئی غیرمسلم لڑکی اپنی خوشی سے مذہب تبدیل کرے گی تواسے بھی لوجہاد میں شامل کردیاجائے گا اوراگرکوئی مسلم لڑکی ڈراوخوف کی وجہ سے بھی کسی غیرمسلم لڑکے ساتھ جانے پرمجبورہوگی تواسے پریم یدھ میں شامل نہیں کیاجائے گا، ایسے بہت سارے واقعات پیش آچکے ہیں، بے چاری ہادیہ کوکورٹ کے ذریعہ سے لڑائی لڑنی پڑی، ثناخان اورزائرہ وسیم نے صرف پردۂ سیمیں سے توبہ کیا توان کے خلاف ٹرینڈ چلائے گئے اورانتہاء تواس وقت ہوگئی، جب ثناخان نے ایک مفتی سے شادی رچالی، محسوس یوں ہونے لگا، جیسے بھوکم آگیاہو، جب ایک مسلم لڑکی کے سدھرنے اور توبہ کرنے سے یہ حالت ہوسکتی ہے توایک غیرمسلم لڑکی کے اسلام میں داخل ہونے سے کیانہیں ہوسکتا؟ اس لئے خصوصیت کے ساتھ ہمارے نوجوانوں کوبھی سوچنا چاہئے اورکوئی بھی ایساقدم اٹھانے سے باز رہناچاہئے، جس کی وجہ سے آپ خود بھی مصیبتوں کے شکار ہوجائیں، آپ کے گھروالے بھی پریشان ہوں اورجس کی وجہ سےآپ کی قوم پرداغ لگے۔

jamiljh04@gmail.com / 8292017888


حلالہ: عورت کے حق حفاظت کا ایک ذریعہ

حلالہ: عورت کے حق حفاظت کا ایک ذریعہ

محمدجمیل اخترجلیلی ندوی

    اللہ تعالیٰ نے انسان کوجن صفات سے نوازاہے، ان میں سے ایک غصہ بھی ہے، غصہ نعمت بھی ہے اورزحمت بھی، اگریہ حق کے لیے ہوتونعمت اورقابل قدرہے؛ لیکن اگر یہ ناحق ہوتوپھرزحمت اورناقابل قبول ہے،انسان چوں کہ جلدبازپیداکیاگیاہے؛ اس لیے عمومی طورپراپنے غصہ کی صفت کا استعمال ناحق کربیٹھتاہے، پھرندامت کے آنسوبہاتاہے؛ لیکن ’’اب کیاہوت، جب چڑیاں چگ گئیں کھیت‘‘، ایسے موقع پرضرورت اس بات کی ہوتی ہے کہ کوئی اس کی ڈھارس بندھائے، اگرڈھارس بندھانے والاکوئی نہیں ملتاتوانسان مزیدغلطیوں کاارتکاب کرتاہے، پھرغلطیوں کے دلدل میں ایساپھنستاہے کہ سوائے اللہ کے کوئی وہاں سے نہیں نکال سکتا۔

    ’’حلالہ‘‘ بھی انسان کی ایسی ہی غلطیوں کے بعدمزیدغلطیوں کے ارتکاب سے بچانے کاایک بڑااوراہم ذریعہ ہے، جب انسان غصہ کی حالت میں اپنی بیوی کوایسی طلاق دے دیتاہے، جس کے بعدرجوع کی گنجائش باقی نہیں رہتی(طلاق مغلظہ)، پھراسے پچھتاواہوتاہے توچوں کہ اللہ تعالیٰ سترماؤوں سے زیادہ مہربان ہے؛ اس لیے بندہ پررحم کرتے ہوئے اس نے ایک طریقہ بتایا، جسے ’’حلالہ‘‘ کہاجاتاہے، اس کی تفصیل یہ ہے کہ طلاق مغلظہ()کے بعد بیوی اپنے شوہرکے لیے حرام ہوجاتی ہے،اس کے ساتھ کسی قسم کاتعلق نہیں رکھ سکتا، اب اگرشوہراس حرمت کوختم کرناچاہتاہے تواس کے لیے طریقہ یہ بتایاگیاکہ اس عورت کودوسرے مردسے شادی کرنی ہوگی، پھرشادی کے بعدشوہرثانی اس کے ساتھ جسمانی تعلق قائم کرے، پھراسے طلاق دیدے توعدت گزارنے کے بعدوہ عورت اپنے پہلے شوہرکے لیے نئے نکاح کے ذریعہ حلال ہوجائے گی، قرآن مجید میں ہے: ’’پھر اگر مرد نے تیسری بار طلاق دے ڈالی تو اب یہ عورت اس کے لیے حلال نہ رہی، ہاں اس کے بعد دوسرے مرد سے اس عورت نے نکاح کر لیا ہو اور وہ بھی اس کو طلاق دے ڈالے تو اب ان دونوں پر گناہ نہیں کہ پھر مل جائیں اگر دو نوں خیال رکھیں کہ وہ اللہ کے ضابطہ کے مطابق تعلقات ٹھیک ٹھاک رکھیں گے یہ سب اللہ کے قاعدے ہیں بیان فر ما تا ہے جاننے والوں کے لیے‘‘(البقرۃ: ۲۳۰)۔

    حلالہ شریعت کی طرف سے ’’اجازت‘‘ اورپہلی بیوی کی گھرواپسی کی ایک شکل ہے، یہ کوئی لازمی حکم نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ محلل(حلالہ کرنے والے) اورمحلل لہ(جس کے لیے عورت کاحلالہ کیاجائے) پرلعنت کی گئی ہے، اللہ کے رسول ﷺکاارشادہے کہ: ’’محلل(حلالہ کرنے والے) اورمحلل لہ(جس کے لیے حلالہ کیاجائے) پراللہ تعالیٰ کی لعنت ہے‘‘(ابوداود، باب فی التحلیل، حدیث نمبر:۲۰۷۸)؛لیکن واویلاایسامچایاجارہاہے، جیسے یہ ایک لازمی حکم ہو، اورحلالہ کے بغیرکسی مسلم عورت کی عزت محفوظ نہ ہو۔
    پھراس کی حکمتوں پربھی ہمیں غورکرناچاہیے؛ تاکہ ہمیں معلوم ہوسکے کہ یہ حکم مبنی برانصاف ہے اوراس کے ذریعہ عورتوں کے حقوق کی حفاظت ہوتی ہے۔

    علامہ ابن عاشورؒ اس کی حکمتوں پرروشنی ڈالتے ہوئے لکھتے ہیں : اس عظیم قانون کی حکمت یہ ہے کہ اس میں بیویوں کے حقوق کی پامالی اورگھروں میں انھیں کھلواڑ بنالینے پرشوہروں کوزجراورتوبیخ کی گئی ہے؛ چنانچہ پہلی طلاق کونادانی، دوسری کوتجربہ اورتیسری کوجدائے گی قراردیاگیاہے۔۔۔ پھرتیسری طلاق کے ساتھ دوحکم متعلق کئے ہیں : ایک یہ کہ شوہرسے مراجعت کاحق چھین لیاگیا، دوسرے یہ کہ بیوی سے بغیردوسرے مردسے نکاح کے پہلے شوہرکے پاس واپسی کے حق سے محروم کردیاگیا، پھردوسرے شوہرسے نکاح کی شرط اس لیے لگائی؛ تاکہ شوہروں کواس بات سے روکاجائے کہ وہ تین طلاق دینے میں جلدبازی سے کام نہ لے(التحریروالتنویر:۲؍۴۱۵)، ورنہ بیوی سے محروم کردئے جاؤگے، بہرحال ! حلالہ کے ذریعہ عورتوں کے حقوق پامال کرنے والے شوہرکوتکلیف میں مبتلا کیا جاتاہے اوراس کی غیرت کوللکاراجاتاہے کہ تمہاری بیوی، جس کے ساتھ تم نے کئی مدت گزاری ہے، تمہاری غلطی کے نتیجہ میں اب دوسرے کے بسترکی زینت بننے جارہی ہے۔

    حلالہ کوئی بچوں کاکھیل نہیں۔ بل کہ یہ ایک دشوارکن عمل ہے، کسی بھی باغیرت شخص کے رونگٹے اس کے تصورسے ہی کھڑے ہوجائیں گے، اورظاہر ہے کہ جب اس کے تصور سے ہی رونگٹے کھڑے ہوجائیں گے توپھرکوئی بھی باغیرت شخص طلاق مغلظہ دینے کی سوچ بھی نہیں سکتا، یہ دراصل شوہرکے حق میں تازیانۂ عبرت ہے، جواس کی قبیح حرکت کے مقابلہ میں اسے دی گئی ہے۔

 

Friday, 27 November 2020

زعفرانی خوف(افسانہ)

 زعفرانی خوف

    ’’ش ش شٹرگرایئے شٹرگرایئے‘‘، اس نے ہانپتے ہوئے دکان کے مالک سے کہااوروہیں زمین پرڈھہ گیا، اس کی دگرگوں حالت کودیکھتے ہوئے بناکچھ پوچھے دکان دارنے شٹرکھینچ لیا،باہربھاگتے قدموں اور’’ماروسالے کو‘‘کی آواز سن کروہ اوربھی سہم گیاتھا،دکان دارنے ترحم کی نظرڈالتے ہوئے اس کی طرف پانی کابوتل بڑھایا، ایک ہی سانس میں غٹاغٹ آدھی بوتل حلق سے نیچے انڈیل گیا، اب وہ کچھ پرسکون نظرآرہاتھا۔

            دکان دارایک میٹرک پاس شخص تھا، وہ روزانہ اخبارپڑھتاتھااورہرروز ایک نئے ہجومی قتل کی خبرپڑھ کراس کی آنکھیں بھیگ جاتی تھیں،  اسے اس دن کی یادآجاتی،  جب وہ چھ سال کاتھا، گھرمیں ماں اورایک بڑی اورایک چھوٹی دوبہنوں کے ساتھ رہتاتھا، والدصاحب گاؤں کے ایک زمیندارکی کھیت میں کام کرتے تھے، اور اپنے پریوارکوخوش دیکھنے کے لیے کبھی بھی محنت سے جی نہیں چراتے تھے، روزانہ صبح اپنے کالے رنگ کے گمچھے میں تھوڑاسا ستویا چوڑاباندھ لیاکرتے تھے،  جوان کے دوپہرکے کھانے میں کام آتاتھا، کھیت کی محنت سے جوکچھ ملتا، بیٹی کے بیاہ کے لیے دوچارپیسے اٹھاکررکھ لیاجاتا۔

            بڑی بہن اب بارہ سال کی ہوچکی تھی،گاؤں کی آب وہوانے اس کاجسم بھی بھردیاتھا، وہ بالکل جوان لگتی تھی، کھیتوں میں جاتے ہوئے کبھی کبھارلڑکے چھیڑنے بھی لگے تھے، ایک دن وہ کھیت سے آرہی تھی کہ اس پرزمیندارکے سالے کی نظرپڑگئی، زمیندارکاسالاایک بدفطرت انسان تھا، گاؤں کا ہرباپ اپنی بیٹی کواس کی نظرسے اس طرح چھپاکر رکھنے کی کوشش کرتاتھا، جیسے وہ زیورات رکھتاہے، اس لڑکی کوبدقسمت سمجھاجاتاتھا، جس پراس کی نظرجااٹکتی تھی، اب تک کئی لڑکیاں بدقسمت بن چکی تھیں،  اب بدقسمتی کے کالے ناگ کاسایہ اِس پرپڑچکاتھا۔

            زمیندارکاسالا اپنے گرگوں کی مددسے اس کی تاک میں لگ گیا، تقریباً دوہفتے بعدجب وہ کھیت سے لوٹ رہی تھی، اچانک زمیندارکے سالے نے اس کاراستہ روک لیا، اس نے راستہ کاٹ کرجانے کی کوشش کی توایک گرگا بول اٹھا:

            ’’کہاں جائے گی چھمیا؟ میرے صاحب کوخوش کردواورچلی جاؤ‘‘۔

            دکان دارکی کی بہن اس سچویشن سے گھبراگئی اورپیچھے ہٹنے لگی،  پیچھے ہٹتے ہوئے وہ ایک پتھرسے ٹکرائی اورزمین پرگرگئی؛ لیکن جلدہی سنبھالالیااورپتھرکوہاتھ میں لیے ہوئے اٹھی، جیسے ہی سالے نے قدم بڑھایا، اس نے ہاتھ کاپتھردے مارا، سالابلبلااٹھا، اس کے سرکے اگلے حصہ سے خون بہہ رہاتھا، دکان دارکی بہن اپنی پوری رفتارکے ساتھ بھاگی ؛ لیکن نہ تووہ پٹی اوشاتھی اورناہی کھیت کی پکڈنڈیاں ریس کامیدان، سالے کے گرگروں نے اسے جنگلی کتوں کی طرح گھیرلیا، سالابھی اول فول بکتاوہاں پہنچا، اس بھاگ دوڑکے نتیجہ میں کھیتوں میں کام کرنے والے کچھ مزدوربھی وہاں پہنچے؛ لیکن زمیندارکے سالے کودیکھ کردم سادھ کررہ گئے۔

            دکاندارکی بہن کوسالے کے گرگوں کی بھیڑ نے دبوچ کرمارناشروع کردیا، وہ چلاتی رہی، مددکی دہائی دیتی رہی؛ لیکن کھیت کے مزدورآگے نہیں بڑھے،کھیت سے کام کرکے لوٹتے ہوئے دکاندارکاباپ بھیڑ چیرتے ہوئے آگے بڑھاتواس کاہوش اڑگیا، وہ سالے کے پیروں پرگرکرگڑگڑانے لگا، اپنی ایمانداری اوروفاداری کاواسطہ دینے لگا؛ لیکن ایمانداری اوروفاداری کاواسطہ کچھ کام نہ آیا، سالے نے ایسی کک ماری کہ وہ دورایک پتھر سے جاٹکرایااوراس کے سرسے خون ابلنے لگا، اپنے بہتے خون کی پروانہ کرتے ہوئے مارکھاتے خون کوبچانے کے لیے پھرلپکا؛ لیکن تب تک کافی دیرہوچکی تھی۔

            دکاندار کی آنکھوں سے نمکین پانی کاچشمہ باقاعدہ بہہ رہاتھا، وہ سوچ رہاتھا کہ طاقت کازوراس دن بھی چلاتھا اورآج بھی چل رہاہے، کمزوراس دن بھی دبک گئے تھے اورآج بھی ڈرے سہمے ہیں،  دکاندارکوسوچوں میں گم آنسوبہاتے دیکھ کراس نے ہمت جٹائی اورماجرا پوچھا، اس نے بیتی کہانی شفاف آئینہ کی طرح اس کے گوش گزارکردئے۔

             باہرکی ہنگامہ خیزی دم توڑچکی تھی، شورتھم گیاتھا، دکان دارنے اس کے معاملہ کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کی:

            ’’تم کون ہو؟ کہاں کے رہنے والے ہو؟ اوریہ لوگ تمہارے پیچھے کیوں پڑے ہوئے ہیں ؟‘‘۔

            ’’میں یہاں سے پانچ کلومیٹردور…بستی کارہنے والاہوں،  میرانام …ہے، میں بازارسے آرہاہوں،  دوسال سے پیٹ کاٹ کاٹ کر کچھ پیسے جمع کئے تھے، اس سے ایک گائے خریدی تھی؛ تاکہ اس کادودھ استعمال بھی کروں اوربیچ کرکچھ پیسے بھی کماؤوں ؛ لیکن ابھی آدھاراستہ ہی طے ہواتھاکہ سرپرزعفرانی پگڑی باندھے ہاتھ میں ڈنڈے لیے ہوئے چھ سات لوگوں کواپنی طرف آتے دیکھااوردوسال سے پیٹ کاٹ کرجمع کئے ہوئے پیسوں سے خریدی گائے کی رسی کوچھوڑچھاڑکرسرپٹ بھاگ کھڑاہوا‘‘۔

آخری پیغمبر (مختصر سیرت رسولﷺ)