Wednesday, 9 September 2020

نئی معلومات

 نئی معلومات

                  محمدجمیل اخترجلیلی ندوی


قارئین کرام! آج آپ کوکچھ نئی معلومات فراہم کرنے کاارادہ رکھتاہوں اورچیلنچ کے ساتھ کہہ سکتاہوں کہ سائنس وٹکنالوجی کی ترقی کے باوجود آج تک ان نئی معلومات کاسراغ نہیں لگایاجاسکا، یہ اوربات ہے کہ دن کا ایک تہائی حصہ ٹیلی ویژن، انٹرنیٹ اوراخبارات کے سمندرمیں غواصی کرکے ’’لبِ لعلیں‘‘ اورجعد ِمشکیں‘‘ جیسے گوہرنایاب کی تلاش وجستجومیں خرچ کیاجاتاہے۔

آپ نے چاول کی بہت ساری قسمیں سنی ہوں گی؛ بل کہ ’’جشنِ مرگ‘‘یعنی شادی کی دعوتوں میں کھائی بھی ہوں گی، دال کی بھی کئی قسموں کے نام سنے ہوں گے اورایک قسم کی ضرب المثل بھی سنی ہوگی’’ میاں! یہ منھ اورمسورکی دال‘‘، (کہیں آپ کے منھ میں بھی پانی نہ آگیاہو)، آج کی تازہ معلومات ہیں کہ ’’نقاب‘‘ کی بھی بہت ساری قسمیں وجودمیں آگئی ہیں، اُن میں سے کچھ پرمعذرت کے ساتھ روشنی ڈالنے کی جسارت کررہاہوں۔

ہیجانی نقاب:یہ ایسا نقاب ہے، جس کودیکھ کرہی بعض خزاں رسیدہ چمڑی والے بھی ’’لمسِ بہار‘‘کامزہ لوٹنے لگتے ہیں، بے حس سے بے حس انسان بھی اس طرح اُچھل پڑتاہے، جیسے ٹینس کی گیند، (براہِ کرم ٹینس اسٹارکوابھی اپنے ذہن میں جگہ نہ دیں)، اِس نقاب میں آگے سے لے کرپیچھے تک خوب صورت اورقسم قسم کے حسین نگ جڑے ہوئے ہوتے ہیں، کچھ چست اورتنگ بھی ہوتاہے، الٹرامارڈن بننے کی خواہش مند دوشیزائیں اسے زیب تن کرتی ہیں۔

ہوائی نقاب:نقاب توایساہی ہوتاہے، جیسا نقاب ہوتاہے، بس اس میں دوپلو زائد ہوتے ہیں، جنھیں آوارہ ہوائیں آوارگی کے راستہ پرڈال دیتی ہیں، دونوں پلوآپس میں اٹکھیلیاں کرتے ہوئے ہرراہ گزرکے سینہ پربجلیاں گراتے ہوئے بہ اندازِ خرام آگے بڑھتے رہتے ہیں اور اپنے پیچھے کئی کوفالج زدہ کرجاتے ہیں۔

جغرافیائی نقاب:یہ ایسا نقاب ہوتاہے، جس کے پہننے سے ایک ہی جھلک میں جسم کاپوراجغرافیہ معلوم ہوجاتاہے، نشیب وفراز ، اونچ نیچ اورسانچہ وساخت یہ یک چشم نظرآجاتے ہیں، اس نقاب کے ذریعہ ہمالیہ کی چوٹی کی اونچائی اورسیناکی وادی کی گہرائی آسانی کے ساتھ ناپی جاسکتی ہے، اگرصاحب نقاب کے پیچھے کبھی چلنے کااتفاق ہوجائے توہیئت کذائی سے محظوظ ہوئے بغیرنہ رہ سکیں گے۔

جگرپاش نقاب:اس نقاب میں کچھ اس قسم کی کامدانی زری ہوتی ہے کہ صاحب جگر لوگوں کے جگرپاش پاش ہوجاتے ہیں، اورراستہ ہی میں سینہ پرہاتھ رکھ کربیٹھ جاتے ہیں۔

آوردہ نقاب:یہ نقاب ایسی ’’اقابلائیں‘‘استعمال کرتی ہیں، جنھیں کالج میں پڑھنے کے لئے جاناہوتاہے، چوں کہ ان کاتعلق مسلمان گھرانے سے ہوتاہے اوربدقسمتی یہ ہے کہ ماں دادی نقاب پہنتی چلی آرہی ہوتی ہیں؛ اس لئے زبردستی انھیں بھی پہننا پڑتاہے، کالج کے دروازہ پرقدم رکھتے ہی جھٹ سے نقاب وینٹی بیگ میں ڈال لیتی ہیں کہ کہیں کوئی دیکھ نہ لے؛ بل کہ ایسے وقت میں ماں دادی کوہزارسلواتیں بھی سناڈالتی ہیں۔ 

پیکانی نقاب:نقاب کی یہ قسم بسوں میں دیکھنے کوملتی ہے، جہاں قتالہائے عالم اپنی پیکانی نگاہوں سے ہم جیسے کمزوردل والوں پروارکرکے ڈھیرکرتی رہتی ہیں۔

کوبرانقاب:اس نقاب کی بناوٹ میں کچھ اس قسم کی کاری گری کی جاتی ہے کہ نقاب پہننے والی ناگن کاروپ دھارلیتی ہے، اورظاہرہے کہ جہاں ناگن ہوگی، وہاں ناگ اپناپھن کیوں نہ پھیلائے گا؟

روغنی نقاب: یہ نقاب وہ خواتین استعمال کرتی ہیں، جنھیں کبھی اتفاق سے مہینوں نقاب دھونے کی توفیق نصیب نہیں ہوتی، اُن کے پاس بیٹھنے سے ایسی بھبھک آتی ہے کہ بے ساختہ قے ہوجائے۔

روندگشتی نقاب:یہ نقاب آوارہ فطرت خواتین خاص طورپررات میں استعمال کرتی ہیں، ریڈلائن(Red Line) علاقوں (جیسے: نیکلس روڈ)میں ایسے بہت سارے نقاب دیکھنے کومل جائیں گے۔

سنجوگی نقاب:یہ نقاب ایسی شیریں زیب تن کرتی ہے، جس کا فرہادکسی پارک میں بیٹھا انتظارکررہاہوتاہے؛ چوں کہ کوہ کنی کرکے شیریں سے ملاقات کرنے والے فرہاد اب نہیں؛ اس لئے بے چاری شیریں ہی کواپنے فرہادسے ملنے کے لئے چپکے سے، چھپ چھپاکرجاناپڑتاہے؛ اس لئے وہ اس نقاب کواستعمال کرتی ہیں کہ’’کہیں کوئی دیکھتا نہ ہو‘‘۔

آنریبل نقاب:یہ خواتین کاشریفانہ نقاب ہے، لمبائی اورچوڑائی ایسی ہوتی ہے کہ مکمل طورپرحجاب کاکام کرتاہے، ڈھیلاڈھالا ایسا کہ کہیں سے بھی جسم کی ساخت کاسراغ نہیں لگایا جاسکتا، یہی نقاب دراصل نقاب کہلانے کے لائق ہے، ورنہ مذکورہ بالانقاب کی جتنی بھی قسمیں ہیں، تقریباًسب سے سفلی جذبات بھڑک کرعلیاکی منڈیرتک جاپہنچتے ہیں، پھرکہیں اغوا اورکہیں عصمت دری وغیرہ کے کیسز وجود پذیرہوتے ہیں، خواتین سے ادباً گزارش ہے کہ اختیار ہی کرناہے توکیوں نہ انتخاب’’عمدہ‘‘کاکریں؟؟؟


خوش تو ہیں ہم بھی جوانوں کی ترقی سے مگر............

 خوش تو ہیں ہم بھی جوانوں کی ترقی سے مگر............

محمد جمیل اختر جلیلی ندوی

 

آج کی اس ترقی یافتہ دنیا میں کون شخص ایسا ہوگا، جسے اپنی اولاد کی ترقی بھاتی نہ ہو؟ جو یہ نہ چاہتا ہوکہ اس کا بیٹا انجینئریاڈاکٹربن جائے؟ کسی اعلیٰ عہدہ پر فائزہوجائے؟ اولاد کی ترقی کے لئے توداغِ فرقت برداشت کرلیا جاتا ہے، جس اولاد کو پال پوس کراس یقین کے ساتھ بڑاکیا جاتاہے کہ وہ بے سہارگی کے وقت سہارا بنے گا، اگر اس کی ترقی امریکہ کے کسی کمپنی میں نظرآتی ہے توبوڑھاپے کی مشقتوں کوتوجھیل لیا جاتا ہے؛ لیکن اولاد کی راہ ِارتقاء میں حائل ہوناگوارا نہیں ہوتا۔

یہ تو ایک باپ بیٹے کی بات ہے، اگر کسی قوم کے جوان آگے بڑھ رہے ہوں تو پوری قوم اس کے لئے دعائیں کرتی رہتی ہے، ہر قوم یہ چاہتی ہے کہ اس کے جوان ہرہرمیدان میں کارہائے نمایاں انجام دیں، کوئی ڈاکٹر ہوتوکوئی انجینئر، کوئی کلکٹرہوتوکوئی بیرسٹر؛ کیوں کہ جوانوں کی ترقی ہی میں پوری قوم کی ترقی پنہاں ہے،اگر کسی قوم کے افراد میدان حکومت کے ہرشعبہ میں موجود ہوں توپھراس قوم کا بڑے سے بڑا کام اپنے انجام تک پہنچ جاتاہے، راہ کا روڑابننے والا کوئی نہیں ہوتا۔

اِدھر کئی سالوں سے الحمدللہ قومِ مسلم کے جوانان بھی ترقی کے عروج کوپانے کے لئے سعی ِپیہم کررہے ہیں، کوئی ڈاکٹر بننے کی کوشش کررہاہے توکوئی انجینئربننے کاخواہاں ہے، کوئی تجارت کی دوڑمیں حصہ لے رہاہے توکوئی پروفیسری کے باعزت مقام تک پہنچنے کی جدوجہد میں مصروف ہے،جوانوں کی کوششیں یقینا قوم کے مستقبل کے لئے خوش آئندبات ہے۔

لیکن ہرترقی کے ساتھ (اگروہ خداکے احکامات پرعمل کے بغیرہو)کچھ نہ کچھ نقصان بھی لگاہواہے، آج یورپ اور امریکہ کی ترقیوں نے چاند پرجھنڈے لہرادیئے ہیں؛ لیکن اخلاقی اقدار نقطۂ زوال تک پہنچ چکاہے،ماں ممتا سے خالی،باپ پیار سے عاری،بہن محبت سے ناآشنا اوربیٹااحترام سے ناواقف ہے،اتنی ترقیوں کے باوجود ان کی زندگیاں حیوانوں سے بدترگزررہی ہیں، اس کی واحدوجہ یہ ہے کہ ان لوگوں نے ترقیوں کوخداکے احکام سے جداکررکھاہے اورچوں کہ مشرق کی تمام تر ترقیوں کاسرامغرب سے جاکر ملتاہے، اس لئے جوجوخرابیاں وہاں پائی جاتی ہیں، وہی خرابیاں یہاں بھی درآئی اور آرہی ہیں۔

ان ترقیوں کی وجہ سے ایک بڑی خرابی یہ پیداہوگئی ہے کہ ہم سوچنے اور سمجھنے میں اُلٹی عقل کا استعمال کرنے لگے ہیں، زائل ہونے والی ترقی پر پورا زور صرف کردیتے ہیں؛ لیکن دائم رہنے والی ترقی کی ذرا بھی فکر نہیں کرتے،سیراب شخص کے حضور توہم جام پرجام پیش کرتے ہیں؛ لیکن تشنہ لب بے چارہ منھ کھولے ہی رہ جاتاہے، ڈکارتے ہوئے شخص کے لئے توہم مرغن غذائیں تیار کرتے ہیں؛ لیکن پچکے ہوئے پیٹ والے کودُھتکار دیتے ہیں، سچ کہا ہے :

ہم تو پیاسے ہی رہیں مے غیر کودے پیر مُغاں

اُلٹی اس شہر میں بہتی ہوئی گنگا دیکھی

    اسی اُلٹی عقل کا نتیجہ ہے کہ ہم تو پورے ساتر لباس میں رہنا پسند کرتے ہیں؛ لیکن اپنی بیوی بیٹیوں کے لئے چست ترین لباس کا انتخاب کرتے ہیں،کیا یہ عقل مندی کی بات ہے کہ جس چیز کوچھپاکررکھنا چاہئے اسے شوپیس بنا کر دنیاکے سامنے پیش کیاجائے؟سونے چاندی اورہیرے جوہرات کو ہرشخص اندرونی گھرکی الماری کے محفوظ خانے میں رکھتاہے؛ تاکہ چور اُچکے لے نہ اُڑیں، کیا ہماری بیٹیاں زمین کے اندر پیداہونے والی ان دھاتوں سے بھی گئی گزری ہیں کہ ہم اُنھیں عصمت کے لُٹیروں کے حوالہ کرنے میں ذرا بھی جھجھک محسوس نہیں کرتے؟ جب قوتِ حس ہی ختم ہوجائے تو پھر احساس کیسا؟

ترقیوں ہی کا ایک نتیجہ یہ ہے کہ ہماری رشتہ داریاں ہم سے کٹ کررہ گئی ہیں؛ کیوں کہ ہم اتنے Busy ہو چکے ہیں کہ کسی کے نہ تو غم میں شریک ہوسکتے ہیں اور نہ ہی کسی کی خوشی میں حاضر، ہمیں توبس اس کی فکر ہے کہ ہماری دُنیا کیسے بن جائے؟زیادہ سے زیادہ دولت کیوں کر حاصل ہو؟ اسی فکر میں ہماری صبح بھی ہوتی ہے اور شام بھی، اور شاید اسی فکر میں ہماری زندگی تمام بھی ہوجائے، ترقی کے مدارج طے کرنے کے چکر میں ہم اپنے بچوں کی بھی نگہداشت نہیں کرپاتے، نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ باپ کے رہتے ہوئے بھی بچہ اپنے آپ کو یتیم محسوس کرنے لگتاہے اور اس احساس ِیتیمی کی وجہ سے یا تو وہ احساس ِکہتری کاشکار ہوجاتاہے یاپھرسیدھے ڈگر سے ہٹ جاتاہے۔

ترقی کی راہ پر جب قدم پڑتے ہیں توجدت طرازی آہی جاتی ہے، ہرہرچیزمیں نئے پن کی تلاش شروع ہوجاتی ہے، لباس وپوشاک میں جدت، ماکولات ومشروبات میں انوکھاپن، گفتار میں نیا ڈھنگ، کردارمیں نیارنگ، چال میں لچک، گال میں ڈھہک،لہجہ میں بدلاؤاورطریقہ میں رکھ رکھاؤ، غرض ہرچیز میں ایک محسوس کیاجانے والافرق، اور یہ فرق عُجب پسندی اورخود غرضی پیدا کردیتاہے، اپنے اندر( نہ ہونے کے باوجود)  بڑا ہونے کا احساس اُبھارتاہے ، نتیجہ یہ ہوتاہے کہ دوسروں کو(جودولت کے اعتبارسے کم درجہ کا ہوں ) ہم حقارت کی نظرسے دیکھنے لگتے ہیں، اسی جدت پسندی کا نتیجہ یہ بھی ہے کہ اسلامی احکامات Out of dateمعلوم ہونے لگتے ہیں۔

ترقیوں ہی کاایک نتیجہ یہ ہے کہ بڑوں کی عظمتیں خاک میں مل گئی ہیں، ایک زمانہ وہ تھا کہ والد بزرگوارکے سامنے بیٹھنے کی کے لئے بھی ہمت جُٹانی پڑتی تھی؛ لیکن آج اُن کے سامنے ٹانگ پرٹانگ رکھ کرسگریٹ کے َمرغولے اُڑانے میں بھی باک محسوس نہیں کیاجاتا،کسی زمانہ میں’’سلطنت دار‘‘ کی باگ ڈوروالد صاحب کے ہاتھ میں ہواکرتی تھی، جس کی وجہ سے بچے من مانی کرنے سے ڈرتے تھے؛ لیکن آج اس سلطنت کے مالک ناخلَف لوگ( بیٹے، بیٹیاں، بیوی وغیرہ) بن گئے ہیں، لہٰذاوالد صاحب کے ساتھ گھرکے اندر بس وہی سلوک روا رکھاجاتاہے، جوایک فاتح بادشاہ مفتوح قوم کے ساتھ رکھتاہے،چنانچہ خدانخواستہ اگر کبھی والد صاحب کسی کی غلطی پراُف کی آواز بھی نکالیں تویہ نا خلَف اولاد ’’دربدری‘‘ کے سزادینے سے بھی گریز نہیں کرتی اوراُنھیں اٹھاکر’’بوڑھوں کے گھر‘‘ (Old age home) میں قید ِتنہائی کی زندگی گزارنے پرمجبور کرتے ہیں کہ ’نہ رہے بانس، نہ باجے بانسری‘۔

ترقیوں کا ایک نتیجہ یہ بھی ہوا کہ ہمارااصلی سرمایہ ہم سے چِھن گیا، ہم تہی دست وتہی دامن ہوگئے، ہماری مثال اس پرندہ کی طرح ہوگئی، جس کے پَرکاٹ دئے گئے ہوں، اس شیر کی طرح ہوگئی، جس کے دانت توڑ اورناخن تراش لئے گئے ہوں، بساط ِزیست پرہماری قدر بس اتنی؛ بل کہ اس سے بھی گئی گزری ہوگئی ہے، جتنی قدر ایک یتیم کی لئیم(کمینہ) کی دسترخوان پر ہوتی ہے، دنیاکالالچ دے کر ہم سے ہمارادین چھین لیاگیا، دولت کی حرص پیداکرکے ہم سے ہماراایمان سلب کرلیاگیا، لالچ بُری بلاہوتی ہے، لالچ میں آکر ہم نے اپنا دین کھودیا، جب دولت کی طرف ہمارے قدم بڑھے، تو اس نے کسبی کا روپ دھارکے دوسرے کا ہاتھ پکڑ لیا، ’’رنڈی کا یار، سدا کاخوار‘‘ ہوتاہے، ہم دین کے اعتبار سے تو ذلیل ہوئے ہی، دنیا کے لحاظ سے خوارہوگئے، اِدھر دین کوہم نے جداکیا، اُدھردنیا نے ہم کولات ماردیا، ہمیں نہ توصنم کا وصال نصیب ہوا، اور ہی خدا کا پیار ہی ہمارے حصہ میں آئی:

نہ خدا ہی ملا نہ وصالِ صنم

نہ اِدھرکے رہے نہ اُدھر کے رہے

اِن معکوسی ترقیوں کودیکھ کر ایک صاحب ِاسلام کادل روئے نہیں توپھرکیاکرے؟علامہ اقبال نے ٹھیک ہی کہاہے:

لبِ خنداں سے نکل جاتی ہے فریاد بھی ساتھ

ہم سمجھتے تھے کہ لائے گی فراغت تعلیم
کیا خبر تھی کہ چلا آئے گا الحاد بھی ساتھ
گھر میں پرویز کے شیریں تو ہوئی جلوہ نُما
لے کے آئی ہے مگر تیشۂ فرہاد بھی ساتھ

  

٭٭٭٭٭٭٭


Monday, 7 September 2020

معیشت کی بدحالی : ذمہ دارکون؟



 معیشت کی بدحالی : ذمہ دارکون؟

     محمدجمیل اخترجلیلی ندوی


ابھی تک لوگ بول رہے تھے، اب رپورٹیں آگاہ کررہی ہیں، بعض امانت دارنیوز اینکرس نے چتاؤنی بھی دی ہے کہ اگراب بھی نہ جاگے توپھرکہیںکے نہیں رہوگے، حکومت بولے چاہے نہیں بولے؛ لیکن کچھ ایسے کررہی ہے، جس سے اندازہ بھی ہورہاہے، تمام وزا رتوں میں نئی بحالی پرپابندی لگادی گئی ہے، جس کے لئے وزارت خزانہ کی طرف سے تمام محکموں، ڈپارٹ منٹ،ڈویژن اورخودمختارباڈیزکواحکامات جاری کردئے گئے ہیں، امپورٹیڈ پیپرپرچھپائی نہیں ہوگی، کتابوں کی پرنٹنگ نہیں کی جائے گی، یوم تاسیس جیسی تقریبات پرخرچ نہیں کیاجائے گا، اگرضروری ہوتوکم خرچ میں کام چلایاجائے گا، پروگراموں میں دئے جانے والے بیگ اورمومنٹووغیرہ بندکردئے جائیں گے، مرکزنے کہاہے کہ سبھی وزارتوں اورمحکمے کومقررکنسلٹنٹ کاجائزہ لیناچاہئے، کنسلٹنٹس کی تعدادکم کی جائے، ان کودی جانے والی تنخواہ کم سے کم رکھی جانی چاہئے، نئے عہدے پربحالی وزارت خزانہ کی منظوری کے بغیرنہیں ہوگی، یہ بھی کہاگیاہے کہ اگریکم جولائی 2020کے بعدکوئی عہدہ تشکیل دیاگیاہے؛ لیکن وزارت خزانہ کے محکمہ اخراجات سے منظوری نہیں لی گئی ہے توپھراس عہدہ پرتقرری ممنوع ہوگی، یہ تمام اقدامات مرکزی حکومت کی جانب سے کئے گئے ہیں(روزنامہ سالار: ۵؍ستمبر۲۰۲۰)، ان اقدامات سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ حکومت کی چولیں اندرسے ہل چکی ہیں؛ لیکن اپنی عزت کوبچانے کے لئے بڑبولابن رہی ہے۔

آج ہندوستان کی معیشت 23.9%نگیٹیوپرپہنچی ہوئی ہے، اس پرگھیرابندی کے جواب میں حکومت کے پاس بالکل ویساہی جواب تیارملا، جیساکہ پیاز مہنگی ہونے پروزیر خزانہ کی طرف سے ملاتھاکہ’’میں پیاز نہیں کھاتی‘‘، یہاں بھی جواب بالکل ریڈی میٹ تیارکہ ’’ یہ سب اوپروالے نے کیاہے‘‘، یہ توبالکل صحیح بات ہے کہ اوپروالے نے کیاہے، جوکچھ دنیامیں ہوتاہے، اوپروالاہی کرتاہے؛ لیکن سوال یہ ہے کہ اس نے ایساکیوں کیا؟ اس سے پہلے تواس نے ایسانہیں کیاتھا؟ آزادی کے چوہترسال گزرگئے، ملک کی معیشت پہلی بار اس قدرنگیٹیو میں گئی ہے، اس سے پہلے توایسا نہیں ہوا، اگراوپروالے نے ایساکیاتواس کاصاف مطلب ہے کہ اوپروالا تمہیں پسند نہیں کرتا، اگر پسند کرتا تو ایسا نہیں کرتا، تم نے تومسجدکی جگہ پرمندرکی پنیادبھی رکھ دی، تم نے تومسلم عورتوں کے حقوق کی بحالی کرتے ہوئے طلاق ثلاثہ بل کوہزاروں احتجاجات کے باجود پاس کردیا، تم نے تواس ملک سے مسلمانوں کونکالنے کی غرض سے CAA بھی بنادیا، تم نے تورام بھگوان کوخوش کرنے کے لئے ’’جے شری رام‘‘کے نعرہ پرسیکڑوں لوگوں کا بلی دان دے دیا،تم نے توگئوماتا کے نام پربھی سیکڑوں کی بھینٹ چڑھادی، تم نے کوروناکے نام پرتالی ، تھالی بھی بجوادی اوردیابھی روشن کروادیا، اتنے سارے پرن کے کام تم نے کئے ، پھرایسا کیوں ہوگیا؟ تمہارے پرن کے کاموں سے تواوپروالے کوخوش ہوناچاہئے؛ لیکن وہ ناخوش ہوگیا، اس سے صاف ظاہر ہے کہ تمہارے سارے کام، تمہارے سارے فیصلے اورتمہارے سارے اعمال اسے ناپسند ہیں، تبھی تووہ تمہیں سزادے رہاہے، اوریہ تومشہورہی ہے کہ ’’جیساکروگے، ویسابھروگے‘‘۔

جب منموہن حکومت نے ملک آپ کے حوالہ کیاتھا، اس وقت ملک کی جی ڈی پی +.9تھی، آپ نے توگروتھ کا دعوی کیاتھا، اس دعوی کاکیاہوا؟ آپ اقتدارپرآئے ہی تھے ترقی اورگروتھ کے نام پر، نوکری کے نام پر، ترقی تومعکوسیت کاشکارہوگئی اورنوکریوں کوگہن لگ گیا، جونوکری میں تھے، ان کی نوکریاں بھی چھوٹ گئیں، کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا نے ایک کانفرس میں بتایاکہ آئی ایل اوکی رپورٹ کے مطابق 40 کروڑ ہندوستانیوں کوخط افلاس سے نیچے دھکیلاجارہاہے، 80لاکھ افرااپریل تاجولائی2020کے دوران اپنے ای بی ایف اوکھاتوں سے 30ہزارکروڑروپے نکالنے پرمجبورہوگئے، 2کروڑتنخواہ یاب ملازمین اپنی ملازمتوں سے محروم ہوگئے، غیرمنظم شعبہ میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے 10کروڑملازمتیں ختم ہوگئیں(منصف،4؍ ستمبر2020)، یہ سب آنکڑے ملکی معیشت کی تباہی کوواضح کرتے ہیں، یہاں رک کراس بات پرغورکرناہے کہ معیشت کی یہ تباہی کیاواقعی کوروناکی وجہ سے ہی آئی ہوئی ہے، یاپھرکچھ اورہے؟

یہ توہرشخص مان رہاہے کہ کوروناکی وجہ سے پوری دنیامیں تباہی آئی ہوئی ہے؛ لیکن ہندوستان میں کورونا سے کم، غلط پالیسیوں کی وجہ سے زیادہ نقصان ہواہے، پھرمعیشت کی تباہی مابعد کورونا نہیں ہے؛ بل کہ اس کی ابتدابی جے پی کے برسراقتدارآنے کے بعدسے ہی شروع ہوگئی تھی، یہی وجہ ہے کہ جب اس کی پہلی میعادختم ہوئی، اس وقت ملک کی جی ڈی پی +.4 میں آگئی تھی، اس کامطلب یہ ہے کہ ملک کی معیشت کی تباہی ماقبل کوروناسے ہی ہے، بی جے حکومت میں اس میں ترقی توبالکل بھی نہیں ہوئی ہے، اورترقی ہوبھی کیسے؟  وزارتوں میں وہ لوگ ہیں، جن کواس قلم دان سے ادنیٰ نسبت نہیں ہوتی، ایجوکیشن منسٹراسے بنایاجاتاہے، جومیٹرک فیل ہے، تونتیجہ کیاآئے گا؟ موجودہ وزیرخزانہ اگرچہ معاشیات پرڈاکٹریٹ ہیں؛ لیکن ان کے جوڑگھٹاؤ سے ایسالگتا نہیں کہ وہ واقعی معاشیات کی طالبہ رہی ہیں، ورنہ اتنی زیادہ معاشی تباہی نہیں آتی، پھراس بات کو مد نظر رکھناچاہئے کہ وزیراعظم جب پہلی مرتبہ وزیراعظم بنے توپوری دنیاگھومنے کابھوت سوارہوا، وہاں بھی گئے جہاں بلایاگیااوروہاں بھی پہنچے ، جہاں نہیں بلایاگیا اوران اسفار میں ایک رپورٹ کے مطابق تقریباًساڑھے چارسو کروڑروپے خرچ ہوئے ہیں، ان میں جہازوں کی دیکھ بھال والے اخراجات شامل نہیں، جوبہت زیادہ ہوتے ہیں، اتنے روپے اگرملک کی ترقی کے لئے لگائے جاتے توگی جی ڈی پی کیوں گھٹتی؟

پھرجی ایس ٹی اورنوٹ بندی نے معیشت کوچرمرادیا، اس کے باوجود ملک کی معیشت کی طرف دھیان نہیں دیاگیا، CAAکی وجہ سے بھی کافی مالی نقصان ہوا ہے؛ کیوں کہ اس دوران سیاح کی تعدادبالکل گھٹ گئی تھی، جوملک کی معیشت کی ترقی میں اہم کرداراداکرتے ہیں، پھر370نے بھی نقصان پہنچایا، وہاں زندگی بالکل مفلوج ہوکررہ گئی تھی، وہ ایک سیاحتی مقام ہے، جہاں کانظام درہم برہم ہونے کی وجہ سے سیاحوں کے آنے جانے کاسلسلہ بندہوگیا،پھرکوروناکادورشروع ہوااوراس دورمیں بھی غلط پالیسی اختیارکی گئی، اس وقت ملک کوبندکردیاگیا، جس وقت لاک ڈاؤن نہیں ہوناچاہئے تھا، پھرلاک ڈاؤن بھی ایساکہ بقول آکسفورڈ یونیورسٹی: دنیانے ایساسخت لاک  ڈاؤن کسی اور ملک میں نہیں دیکھا‘‘، اس کے باوجودآج کوروناکے 80ہزاریومیہ سے پارکیسیزہیں، آج ایک طرف کوروناکے کیسیز میں بڑھوتری بھی دکھائی جارہی ہے اوردوسری طرف ملک ان لاک 4 میں بھی داخل ہوچکاہے، یہ فلسفہ سمجھ سے باہرہے۔

معیشت کی تباہی میں ان تمام چیزوں کاہاتھ ہے اورجب تک بی جے پی برسراقتداررہے گی، ملک کی معیشت میں سدھارممکن معلوم نہیں ہوتا، وجہ اس کی غلط پالیسیاں ہیں، جوچیزیں ملک کی ترقی میں روکاوٹ بن سکتی ہیں، ان چیزوں پراس کافوکس زیادہ رہتاہے اورجوچیزیں ملک کی ترقی میں کارآمدہوسکتی ہیں، ان سے صرف نظرکیاجاتاہے، اوریہ صرف کرسی بچانے کے چکرمیں ہوتاہے، بی جے پی کے برسراقتدارآنے کے بعدکے فیصلوں پرایک سرسری نظرڈالنے سے یہ بات معلوم ہوجائے گی؛ لیکن ظاہرہے کہ صرف کرسی سے ملک نہیں چلتا، ملک چلنے کے لئے ضروری ہے کہ اس کے پاس دولت بھی ہو۔

معیشت کی تباہی کانقشہ بہت بھیانک ہے، جس کوسن کرہی رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں؛ لیکن افسوس ان ذرائع پرہے، جوصحیح معنوں میں’’گودی‘‘ بن چکے ہیں، اس پر اس طرح ڈبیٹ نہیں کرتے، جس طرح تبلیغی جماعت پرانھوں نے ڈبیٹ کیا، اس کانقشہ اس طرح کھینچ کرنہیں دکھاتے، جس طرح شاہین باغ اورتبلیغی جماعت کانقشہ انھوں نے کھینچا اورلوگوں میں نفرت پھیلائی، یہ حالت توایسے ہیں کہ چوبیس گھنٹے نیوز میں دکھائے جاتے؛ تاکہ لوگوں کوخطرہ کااحساس ہوتا؛ لیکن ایساکچھ بھی نہیں؛ بل کہ افسوس بعض اندھ بھگتوں پرہوتاہے، ایسے وقت میں بھی وہ یہی راگ الاپ رہے ہیں کہ ’’سب ٹھیک ہے‘‘، ’’اچھے دن ‘‘آنے والے ہیں، اس وقت توملک معاشی اعتبارسے خطرہ کے نشان سے بہت آگے بڑھ گیاہے، جس سے نمٹنے کے لئے حکومت کے پاس کوئی لائحۂ عمل نہیں ہے، میڈیاکوصحیح صورت حال سے لوگوں کوباخبرکرناچاہئے، یہ ملک کے بقاکی بات ہے، ورنہ کہیں ملک کوہی گروی نہ رکھناپڑجائے اورایساممکن بھی ہے کہ ’’مودی ہے توممکن ہے‘‘۔

معیشت کی اس تباہ حالی سے یہ خدشہ بھی پیداہوگیاہے(اللہ نہ کرے) کہ یہ حکومت کہیں ملک میں معاشی ایمرجنسی لاگونہ کردے، ایسے میں لوگ بے موت مارے جائیں گے، ویسے بھی معاشی بحران کے شکار ہوکر ہرروزسیکڑوں کی تعدادمیں لوگ مررہے ہیں؛ لیکن کمال عیاری کے ساتھ میڈان چیزوں کوچھپادیتی ہے، معاشی ایمرجنسی کاصاف مطلب یہ ہے کہ آپ کی دولت حکومت کی ہوجائے گی، وہ جب چاہے، جیسے چاہے، اس میں تصرف کرسکتی ہے، سالوں کی کمائی، گاڑھے پسینے کی کمائی، سب پانی میں چلاجائے گا، حکومت توموج کرے گی، جیسے کہ آج کررہی ہے، پریشان آپ ہوں گے، جیسے آج ہورہے ہیں۔

ایسے وقت میں حکومت کوفکریہ کرنی چاہئے کہ معیشت کی یہ تباہی کیسے درست ہو؟ لیکن حکومت اب بھی غلط پالیسی اختیارکرہی ہے، وہ معیشت پرتوجہ دینے کی بجائے ہتھیار پردھیان دے رہی ہے، جس وقت لوگوں کوروٹی کی ضرورت ہے، اس وقت حکومت ہتھیارخریدرہی ہے، ظاہرہے کہ یہ بھی غلط پالیسی ہی ہے، پھراس وقت ہرچیزمہنگی ہوگئی ہے، جب کہ حکومت کوچاہئے کہ چیزیں سستی ہوں؛ کیوں کہ پانچ مہینے سے لوگ گھروں میں بے روزگاربیٹھے ہیں، ان کے پاس پیسے کہاں سے آئیں گے؟ اقتدارملنے کامطلب  یہ نہیں ہے کہ من مانی کرکے ملک کوتباہ کردیاجائے، ایسے میں یہاں کی عوام کوسوچنے کی ضرورت ہے کہ اب آگے کیاکرناہے؟ حکومت پرتوبھروسہ بے کارہے؛ لیکن بے بھروسہ حکومت کافائدہ بھی کیا؟ سوچئے اورخوب سوچئے اورکسی بھی حالت سے دوچاررہنے کے لئے تیاررہئے، ابھی تیاررہیں گے توتکلیف کم ہوگی۔

jamiljh04@gmail.com / Mob:8292017888


میڈیاہاؤس کاقیام: ضرورت اورچندبنیادی باتیں

میڈیاہاؤس کاقیام: ضرورت اورچندبنیادی باتیں

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محمدجمیل اخترجلیلی ندوی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    آج رائے عامہ کوہمواراوراپنے موافق کرنے کاسب سے بڑااورمؤثرذریعہ میڈیاہے، یہ نفسیاتی اوراعصابی جنگ اورتہذیبی یلغارکابھی بہترین ہتھیارہے،یہی وجہ ہے کہ دنیاکی سب سے شاطرقوم’’یہود‘‘نے سب سے زیادہ اپناسرمایہ اسی پرلگارکھاہے، دنیاکی جوبڑی بڑی نیوزایجنسیاں ہیں، ان میں سے اکثرانھیں کی ملکیت ہیں، نتیجہ آپ کے سامنے ہے کہ وہ جب ، جیسااورجوچاہتے ہیں، آپ کے نہاں خانہ ٔ دل وذہن میں پیوست کردیتے ہیں اوراس طرح کرتے ہیں کہ آپ ان کے خلاف کایقین ہی نہیں کرتے اور بدقسمتی یہ ہے کہ ان ایجنسیوں کے علاوہ خبروں کے سورسیز تک یاتوہماری رسائی نہیں ہوپاتی یاہمیں وہاں تک پہنچنے سے پہلے روک دیاجاتاہے۔
    یہ یہودیوں کاکوئی خواب نہیں؛ بل کہ منصوبہ تھا، جوسالوں پہلے انھوں نے تیارکیاتھا؛ چنانچہ ۱۸۹۷ء میں سوئزرلینڈ کے شہربازل(Basel)میں تین سویہودی دانشوروں، مفکروں اورفلسفیوں نے ہرٹزل کی قیادت میں جمع ہوکرپوری دنیاپرحکمرانی کامنصوبہ تیارکیاتھا، یہ انیس(۱۹)پروٹوکولز کی صورت میں پوری دنیاکے سامنے آبھی چکاہے، جس میں میڈیاکوبنیادی اہمیت دی گئی تھی، اس کے بارہویں دستاویزمیں میڈیا کی غیرمعمولی اہمیت اوراس کی تاثیروافادیت کاتذکرہ یوں کیاگیاہے: ’’اگرہم یہودی پوری دنیاپرغلبہ حاصل کرنے کے لئے سونے کے ذخائرپرقبضہ کومرکزی اوربنیادی اہمیت دیتے ہیں توذرائع ابلاغ بھی ہمارے مقاصد کے حصول کے لئے دوسرااہم درجہ رکھتاہے، ہم میڈیاکے سرکش گھوڑے پرسوارہوکراس کی باگ کواپنے قبضے میں رکھیں گے، ہم اپنے دشمنوں کے قبضے میں کوئی ایسامؤثراورطاقت وراخبارنہیں رہنے دیں گے کہ وہ اپنی رائے کومؤثرڈھنگ سے ظاہرکرسکیں اورنہ ہی ہم ان کواس قابل رکھیں گے کہ ہماری نگاہوں سے گزرے بغیرکوئی خبرسماج تک پہنچ سکے‘‘(سیکولرمیڈیاکاشرانگیزکردار، ص۷۱)۔
    یہودیوں کی اس منصوبہ بندی پرایک صدی کاعرصہ بھی نہیں بیتاتھاکہ وہ کامیابی سے ہم کنارہوگئے؛لیکن ظاہرہے کہ وہ اپنے اس منصوبہ کی تکمیل کے لئے برابرکام کرتے رہے، محنت کرتے رہے، مارتے بھی رہے اورمرتے بھی رہے؛ لیکن اپنے منصوبے کوبند نہیں کیا، جس کانتیجہ آج ہماری آنکھوں کے سامنے ہے، خودہمارے ملک کے اردواخبارات کو ہی لے لیجئے، اس کے اندرچھپنے والی خبریں بالخصوص مشرق وسطیٰ اوردیگراسلامی ممالک کے تعلق سے کونسی ہوتی ہیں؟وہی ، جویہودی نژادمیڈیاہم تک پہنچاناچاہتی ہیں۔
    اس وقت ہمارے ملک کی میڈیاکابھی وہی حال ہوچکاہے، جویہودی میڈیاکاہے؛ بل کہ اگریہ کہاجائے توبے جانہ ہوگاکہ اس سے دوقدم آگے ہے؛ کیوں کہ ان کی پالیسی اب تبدیل ہوگئی ہے، وہ دونوں طرح کی خبریں دکھانے کی کوشش کرتے ہیں، یہ اوربات ہے کہ اپنے مفادکوہی پیش نظررکھتے ہیں ؛ تاکہ دونوں ہاتھ میں لڈورہے اوروقت ضرورت اس میں کچھ مرچ لگادیاجائے ؛ لیکن ہمارے یہاں کی میڈیابس یک طرفہ خبروں کوہی نشرکرتی ہے، پھراس میں بھی پیسوں کی چمک نے اوراندھاکردیاہے اوراس کی وجہ سے اپنافرض بالکل بھول چکی ہے، اب پیسے لے کرصرف وہ خبریں ہی دکھاتی ہیں، جواعلی قیادت چاہتی ہے۔
ایسی صورت حال میں ہرصاحب بصیرت کے دل کی بات یہ ہے کہ ہمارااپناایک میڈیاہاؤس ہوناچاہئے، یہ وقت کی اہم ضرورت ہے،عالمی پیمانہ پرنہ سہی، کم از کم ملکی پیمانہ پرضرورہو، جوہماری بات لوگوں تک اورحکومتوں تک پہنچاسکے، لوگوں تک خبروں کی ترسیل من وعن کرسکے، جس میں دودھ کودودھ اورپانی کوپانی ہی بتایاجائے، اس سلسلہ میں راقم کے نزدیک چندباتیں قابل غورہیں:
    ۱- میڈیاہاؤس سننے میں بڑاخوش نمالفظ ہے؛ لیکن اس کے قائم کرنے کے لئے کافی مصارف درکارہیں، اس کے بغیریہ ناممکن ہے، اب سوال یہ ہے کہ ان مصارف کاحصول کیسے اورکہاں سے ہو؟ اس سلسلہ میں راقم کے ذہن میں کئی باتیں آرہی ہیں:
    (الف) اس کی ایک شورائی مجلس ہو، جس میں معتدل مزاج لوگ شامل ہوں، جوقوم کے یقیناً ہمدردہوں اوران کےدلوں میں خوف خدابھی ہو،عصری تعلیم یافتہ بھی ہوں اوردینی تعلیم یافتہ بھی، نیزاس فن کے ماہرین کااس میں ہونا ضروری ہے،پھریہ لوگ اہل ثرت سے اسی طرح رقوم دینے کے لئے کہیں، جس طرح مساجداورمدارس کی تعمیراورقومی وبین الاقوامی جلسے جلوس کے لئے وہ دیتے ہیں، اس طرح بہ آسانی میڈیاہاؤس قائم ہوسکتاہے، ایسی صورت میں میڈیاہاؤس کی آمدنی پہلے مرحلہ میں اس ہاؤس کو بہتربنانے کے لئے خرچ کیاجائے، پھراس کے دائرۂ کارکووسعت دینے میں صرف کیاجائے۔
    (ب) اگریہ نہ ہوسکے تواہل ثروت میں سے چندافرادباقاعدہ تجارتی غرض سے اس میں رقم لگائیں، اس کاایک فائدہ تویہ ہوگاکہ میڈیاہاؤس بہ آسانی قائم ہوجائے گا، دوسرافائدہ یہ ہوگاکہ رقم لگانے والوں کی تجارت بھی ہوجائے گی، تنہاایک فردبھی لگاسکتاہے؛ لیکن اس میں ڈکٹیٹرشپ آسکتی ہے ، پھرتوپالیسی کے خلاف ہوناممکن ہے، جب کہ چندافراد رہنے میں اس کااندیشہ نہیں کے برابرہے، پھراس کی آمدنی یہ لوگ آپس میں تقسیم کرلیں ---- رقوم کے حصول کے لئے یہ دونوں طریقے بہت مناسب ہیں اورآخرالذکر توراقم کے نزدیک پہلے سے کچھ زیادہ مناسب ہے۔
     (ج) ایسابھی ہوسکتاہے کہ دیگرنیوزچینلوں کی طرح کسی کاتجارتی غرض سے پرسنل چینل ہو؛ لیکن وہ قوم کے مفادکوہرحال میں سامنے رکھنے والاہو۔
    ۲- میڈیاہاؤس کے قیام کے بعداس کے لئے درکارافرادکی ضرورت ہوگی، افراد کے انتخاب میں اس بات کاخیال رکھیں کہ وہ سب کے سب مسلم ہی نہ ہوں؛ بل کہ معتدل مزاج مسلم اورغیرمسلم افرادکامجموعہ ہوں، اس سلسلہ میں بالخصوص ان افرادپرنظرہونی چاہئے، جومسلمان کسی دوسرے چینل میں کام کاتجربہ رکھتے ہوں، پھران غیرمسلم افراد پر، جنھیں گودی میڈیانے راست گوئی کے جرم میں اپنے یہاں سے نکال دیاہو، ان کے ساتھ ساتھ ان کابھی انتخاب کیاجاسکتاہے، جوسچ کوسوشل میڈیاز(یوٹیوب چینل، فیس بک پیچ وغیر) کے خودکے چینلوں سے ثابت کرنے کے لئے کوشاں رہتے ہیں، اس میں نوجوان لڑکے اورلڑکیوں کی ایک بڑی تعدادمل جائے گی، ان کوایک پلیٹ فارم مل جائے گااورمیڈیاہاؤس کواپنے لئے تجربہ کارورکرس۔
    ۳- اس کی ایک مشاورتی کمیٹی ہو، جس میں زمانہ شناس علماء،قوم کے ہمدردسیاست داں، قوم کے خیرخواہ وکلاء، قوم کے غم گساراہل ثروت ، میڈیاسے تعلق رکھنے والے لوگ وغیرہ ملک کے کونے کونے اوربیرون ملک قیام پذیرافرادمیں سے منتخب کئے جائیں، اس انتخاب میں علاقائی ،نسلی، لسانی، تہذیبی وغیرہ عصبیتوں کاعمل دخل بالکل بھی نہیں ہونا چاہئے۔
     ۴- میڈیاکومیڈیاہی رہنے دیاجائے، اس میں وہی چیزی ںشائع ونشر کی جائیں، جن کاتعلق خبروں اوراشتہارات وغیرہ سے ہو، اس پرسیاست اورمذہب کی اجارہ داری قائم نہ کی جائے۔
    ۵- چینل کانام بہت سوچ سمجھ کرایسارکھا جاناچاہئے، جوبالکل عام ہو، تمام ادیان کے لوگوں کواپنی جانب متوجہ کرسکے۔
    ۶- میڈیاہاؤس کااصل آفس ملک کی راجدھانی دہلی میں ہواورملک کے تمام صوبوں میں اس کے برانچز ہوں۔
    ۷- اس کے تحت اردو کے علاوہ دوسری قومی زبانوں(مثلاً: ہندی، انگریزی بالخصوص اورتمام علاقی زبانوں میں بالعموم)میں اخبارات بھی نکالے جائیں کہ ان زبانوں میں شایدہی ہماراکوئی اخبارمل سکے۔
    یہ چند بنیادی باتیں ذہن میں آرہی تھیں، اس میں اوربہت ساری ہوسکتی ہیں، بالخصوص جواس میدان سے جڑے ہوئے ہیں، ان کے پاس اوربھی مفید مشورے مل جائیں گے ، بس ضرورت ہے کام کرنے کی، اب انتظارکاوقت ختم ہوچکاہے، زیادہ انتظارہمارے لئے نقصان دہ ثابت ہوگا، اہل ثروت سب سے پہلے اس کی طرف توجہ دیں، اس سلسلہ میں بس ذہن میں یہ بات رکھیں کہ اپنے سرمایہ کوجب ہم کسی کمپنی وغیرہ میں لگاسکتے ہیں تواسی میں کیوں نہ لگائیں؟ تجارت کی تجارت اورخدمت کی خدمت، اس پر اللہ تعالیٰ دوہر اجربھی دے گا، (ان شاء اللہ)، ایک توتجارت کااجر، کہ روزی کے لئے حلال طریقہ اختیارکیا، دوسراقومی ہی نہیں؛ بل کہ اسلام کی خدمت کااجر؛ البتہ اس سلسلہ میں یہ بات ذہن نشین رہنی چاہئے کہ منافع کی امیدضرورہو؛ لیکن اس میں عجلت پسندی سے کام نہ لیاجائے، توہے کوئی اس قومی واسلامی خدمت کے لئے آگے بڑھنے والا؟؟
jamiljh04@gmail.com

/ Mob:8292017888 

اردو میں غیرمنقوط کتابیں: ایک تعارف


اردو میں غیرمنقوط کتابیں: ایک تعارف


                                                      محمد جمیل اختر جلیلی ندوی


    اللہ تعالیٰ کی مخلوقات میں سے انسان ایک ایسی مخلوق ہے، جس کوبہت ساری ایسی خصوصیات سے نوازا گیاہے، جن سے دوسری مخلوقات یکسرمحروم ہیں، جیسے غوروفکر کی خصوصیت، سوچنے سمجھنے کی خصوصیت اوربولنے کی خصوصیت وغیرہ، انہی خصوصیات میں سے ایک اہم مافی الضمیرکولفظوں کی شکل میں ڈھالنے(لکھنے اور تحریر کرنے) کی خصوصیت بھی ہے، اس کی اس خصوصیت کی بنا پرانسان کے بولنے کی خصوصیت نے جاودانی حاصل کرلی ہے، سیداحتشام حسین لکھتے ہیں:
”تحریرزبان کاایک منقش علامتی جسم ہے، جسے پاکر وہ جاوداں اورمتحرک ہوگئی، خاموشی سے ارتقائی منزلیں طے کرنے لگی اورآہستہ آہستہ حیاتِ انسانی کے رازہائے سربستہ کے انکشاف کاذریعہ بن گئی، مذہبی تصورات، فلسفیانہ خیالات، شاعرانہ جذبات اورتاریخی معلومات نے انھیں علامتوں سے پرپرواز پایا اور تہذیبی زندگی استوار ہونے لگی، فن تحریرکی انھیں خصوصیات کو پیش نگاہ رکھ کرمشہور اطالوی عالم ڈاکٹرڈرنگرنے اسے تہذیب انسان کی کلیدسے تعبیرکیاہے، قفل ابجد کے طلسم کی طرح تحریروں کے پُرسحر نقوش نے انسانی دلوں کے رازکھولنے شروع کردیے، معبدوں کے نقوش گیت گانے لگے اورانسان کاماضی اپنے خول سے باہرآگیا۔“1
    اللہ تعالیٰ کی طرف سے لکھنے کی جو صلاحیت انسانوں کو ودیعت کی گئی ہے، وہ ترقی کے مدارج طے کرتے ہوئے اب یہاں تک جاپہنچی ہے کہ انسان ایسی تحاریرلکھنے پرقادرہوگیاہے، جونقطوں کے بغیرہو؛ لیکن پڑھنے میں کسی قسم کی کوئی دشواری نہ ہو، ایسی تحریروں کو اصطلاح میں ’صنعت مہملہ‘یا ’صنعت عاطلہ‘ کہا جاتا ہے۔
    یہ ادب کی ایک سنگلاخ وادی ہے، جس میں بہت کم ادباء آبلہ پاہوئے بغیرمنزل مقصودتک پہنچ پاتے ہیں، اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اس صنف میں صرف اٹھارہ حروف(ا ٹ ح د ڈ ر ڑ س ص ط ع ک گ ل م و ہ ی) کے ذریعے سے لکھناہوتاہے اوروہ بھی ایسے اندازمیں کہ مفہوم بالکل واضح ہو، راہ نوردان شوق نے اس مشکل راستے کوبھی سرکیاہے اورعجیب بات ہے کہ عربی، فارسی اوراردوزبانوں میں نہ صرف یہ کہ نظم اورایک آدھ مضامین پراکتفاکیاگیا؛ بلکہ پوری پوری غیرمنقوط کتابیں لکھی گئی ہیں، آیئے یہاں غیرمنقوط اردوکتابوں کے بارے میں جانتے چلیں، ان کتابوں کو دو خانوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے:
(1)                       نثر                (2)  نظم
نثری غیرمنقوط کتابیں:
نثر،نظم کے مقابلے میں دشوار ہونے کے باوجود آسان ہے، تلاش وجستجوکے بعدجوکتابیں ملیں، پہلے ہم انھیں نثری کتابوں سے ابتداکرتے ہیں۔
.1 سلک گوہر: یہ کتاب انشاء اللہ خاں انشاء (پ: دسمبر 1752ھ، و: 19/مئی 1817) کی ہے، تاریخ تصنیف 1805 بتائی گئی ہے، اس لحاظ سے اگر دیکھا جائے   تو یہ ایک صدی قبل کی اردوکی غیرمنقوط پہلی کتاب کہی جاسکتی ہے۔
    سلک گوہرکاایک مخطوطہ کتب خانۂ  عالیہ رامپور میں محفوظ ہے، اس نسخے کورامپورلائبریری کے ناظم امتیاز علی عرشی نے 1948 میں اپنے مقدمہ کے ساتھ شائع کیا، یہ پی ڈی ایف شکل میں rekhta.orgمیں موجودہے،اس کے اندرایک عشقی داستان ہے، روس کاشہزادہ، جس کانام ماہ ساطع ہے، شکارکھیلتاہواہرن کا پیچھا کرتے ہوئے ایک دوسرے ملک حصارطلاکارمیں داخل ہوجاتاہے، جہاں وہ ملکہ گوہرآراکودیکھ کرعاشق ہوجاتاہے اورملکہ کے دل میں بھی اس کی تاثیرپہنچ جاتی ہے،رات کوملکہ اپنی کنیز ماہ روکے واسطہ سے ا سے بلابھیجتی ہے اور کہتی ہے کہ اپنے والدین کے ذریعے سے شادی کاپیغام بھجواؤ، اگروہ منظور کرلیں توخیر، ورنہ وصل محال ہے، یہ سن کرشہزادہ غم زدہ ہوجاتاہے اورالوداعی رخصت سوچ کرتن بہ تقدیرکوہ صحرا میں دو برس تک صحرانوردی کرتے ہوئے کوہ طلا پر پہنچتا ہے، جہاں اس کی ملاقات ایک سوسالہ شخص طاؤوس مراد سے ہوتی ہے، جس کی ساحرہ پوتی گل رو، جواپنے سحرکی وجہ سے ہدہدبھی بن جاتی ہے، ملکہ گوہرآراکے والدین تک پیغام پہنچاتی ہے، ملکہ کے والدین شادی پرراضی ہوجاتے ہیں اوربڑی دھوم دھام سے شادی ہوتی ہے۔2
    انشا نے اس کی ابتداحمد وثناسے اس طرح کی ہے:
”عالم عالم حمد، صحراصحرادرود، اللہ صمدودود، اور رسول کردگار، سرگروہ رُسل، محمدمحمود، اورآلہ الاطہار کو اور سو لاکھ سلام ہرسحرومسااس ماہ مصراسلام، مدارالمہام سرکار ملک علام، امام ہمام،اسداللہ کو، کہ مع عساکرواعلام مدام معرکہ آراء رہا، اس حدکوعلم کس کا اورکس کاحوصلہ کہ مرحلہ گرداس راہ کاہو! اللہم صلی علامحمدوآلہ، وعدوہ وکمالہ۔3
.2 ہادی عالم:  سیرت طیبہ پریہ پہلی غیرمنقوط کتاب ہے، جس کے مصنف مشہورمفتی اور مفسرقرآن محمدشفیع دیوبندی کے فرزنداورمعروف فقیہ شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی مدظلہ کے برادرمعظم جناب محمدولی رازی صاحب ہیں،  تصنیف کاسال 1982 ہے، اس کتاب کے آغاز میں ایک غیرمنقوط نعت بھی ہے، جس کے خالق مؤلف کتاب ہی ہیں، حضوراکرمؐ کی پوری سیرت 414 صفحات پر پھیلی ہوئی ہے، 1983 میں پاکستان میں کتب سیرت النبیؐ کے قومی مقابلہ برائے سال 1402-03ھ میں اول انعام کامستحق بھی قراردیاگیااورمؤلف کتاب کودس ہزار روپے بطورانعام دیے گئے، راقم کے سامنے اس کاچوتھا ایڈیشن مطبوعہ دارالعلم کراچی1987 ہے، ’مولودمسعود‘ کے ذیلی عنوان کاایک پیراگراف بطورنمونہ پیش ہے:
”اللہ اللہ! وہ رسول امم مولودہواکہ اس کے لیے صدہاسال لوگ دعاگورہے، اہل عالم کی مرادوں کی سحرہوئی، دلوں کی کلی کھل اٹھی، گمراہوں کوہادی ملا، گلے کوراعی ملا، ٹوٹے دلوں کوسہاراملا، اہل دردکودرماں ملا، گمراہ حاکموں کے محل گرے، سالہاسال کی دہکی ہوئی وہ آگ مٹ کے رہی کہ لاکھوں لوگ اس کوالٰہ کرکے اس کے آگے سرٹکائے رہے اوررودساوہ ماء رواں سے محروم ہوا۔4
.3  سروں کے سودے:  امت مسلمہ کے مصائب، زوال کے اسباب، جہاد، مغازی اورسیرپردنیا کی یہ پہلی غیرمنقوط کتاب ہے، جس کے مصنف ابوسلمان مولانا ڈاکٹر شمس الہدیٰ ربانی ہیں، اس کی تالیف 2004 اور 2005 کے درمیان مکمل ہوگئی تھی؛ لیکن 2008 میں پہلی باریہ زیورطباعت سے آراستہ ہوئی، یہ360صفحات کی کتاب ہے، میرے سامنے اس کاپہلاایڈیشن ہے، جس کا ناشرالہلال ٹرسٹ ہے، اس کتاب میں ایک ذیلی عنوان ہے: ’ولداسود‘، اس کی ابتدائی سطریں بہ طورنمونہ پیش ہیں:
”ہمدم مکرم ولداسود(مقدادبن اسود)اٹھ کھڑے ہوئے اورکہاکہ: ”اے رسول اللہ! وہ کام کر کہ اللہ کے ہاں سے اس کاحکم ہواہے، ہم سارے کے سارے ہم رہ ہوں گے، اللہ گواہ ہے اسرائلی گروہ کے اس کلام کی طرح کے کلام سے ہم دورہوں گے کہ موسی علی روحہ السلام سے ہواکہ اے موسیٰ! اللہ کوہم راہ لے کرمعرکہ کی راہ لے کرلڑ، ہم اِدھرہی رہیں گے؛ مگراس کے علی العکس ہماراکلام ہے کہ اے اللہ کے رسول! اللہ کولے کرہردولڑو، ہم ہم راہ ہوں گے۔“5
.4 دوسسردوداماد:  خلفائے راشدین کی سیرت پر غیرمنقوط پہلی کتاب ہے، اس کے مصنف ابو محمد محمدعظیم رائی ہیں، اس کی تالیف کاآغاز اگست دوہزارسات میں ہوا اور دس مئی دو ہزار دس کویہ کام پایہئ تکمیل کو پہنچا اور اشاعت دو ہزار گیارہ میں ہوئی، یہ کتاب 288صفحات پرمشتمل ہے، میرے سامنے ادارہ اساس العلم کراچی 2011 کاایڈیشن ہے، حضرت ابوبکرصدیقؓ کی سیرت اس انداز میں شروع ہے       ؎
”سسررسول، مسلم اول، والداسماء، ہمدم مکرم، اسلام کاحاکم اول، سرداردارالسلام، وارداورل دارالسلام، ماہ عالم، مہرعالم، سمع رسول، رسول اللہ کے دکھ دردکاحصہ دار، اساس علم، ہمدم رسول، ہم راہی کھوہ، حامیِ رسول، ارحم عالم، صالح عالم، دلارائے رسول، ہم راہی ماء اعلیٰ، امام ملائک، حردارالآلام، مملوک اللہ، ولدولدعامر، صلاح کار رسول، محمودرسول، مددگاررسول، دل دادۂ  رسول، داعی اول، رسول اللہ کاہم عمر(اللہ اس سے مسرورہو)“6
.5  محمدرسول اللہؐ:  یہ سیرت نبی پرایک غیرمنقوط کتاب ہے، جس کے مصنف محمدیٰسین سروہی ہیں، 2007 میں مشتاق بک کارنرلاہورسے یہ کتاب شائع ہوئی ہے، یہ 544/صفحات پرپھیلی ہوئی ایک مبسوط کتاب ہے، بسم اللہ کاترجمہ یوں کیاگیاہے:
”اللہ مالک کے اسم سے کہ وہ رحم والااورکمال رحم والاہے۔“7
.6  درس کلام اللہ:  یہ قرآن مجیدکامکمل پہلا اردو غیر منقوط ترجمہ ہے،  اس ترجمہ نگار کا نام ڈاکٹرمحمدطاہرمصطفی ہے، جویونیورسٹی آف مینیجمنٹ اینڈٹیکنالوجی، جوہرٹاؤن، لاہورمیں شعبہ اسلامی فکروتہذیب کے استادہیں اوراسماء النبی میں پی ایچ ڈی کرچکے ہیں، انھوں نے اس ترجمہ کودوسال میں مکمل کیاہے، 14مئی 2011 میں اس کا آغاز کیا اور13مئی 2013 کواس کام سے فارغ ہوئے، جناب محمدریاض صاحب (موضع ٹوبہ ٹیک، سندھ، پنجاب، پاکستان)کے بہ قول یہ ابھی مخطوطہ کی شکل میں موجودہے اورزیورطباعت سے آراستہ ہونے کامنتظر، سورہئ اخلاص کاترجمہ بطورنمونہ پیش خدمت ہے:
”کہہ دوکہ اللہ احدہے*اللہ(ارحام کے سارے واسطوں سے)ماوراہے* سوال ہی معدوم کہ اس کی کوئی اولادہواوروہ کسی کی اولادہوٌسوال ہی معدوم کہ کوئی اس کے مساوی ہو“8
منظوم غیرمنقوط کتابیں
جس طرح غیرمنقوط کتابیں نثرمیں لکھی گئی ہیں، اسی طرح نظم میں بھی کوشش کی گئی ہے اورپرلطف بات یہ ہے کہ جس طرح نثرمیں انشاء اللہ خاں انشاء کواولیت حاصل ہے، اسی طرح نظم میں انھیں کو سقیت حاصل ہے، آیئے اس سلسلے میں تصنیف شدہ کتابوں کوجانتے چلیں:
.1 دیوان انشا:  انشاء اللہ خاں انشا نے پوراایک دیوان(مختصر) بغیرنقطہ کے لکھی ہے، جوان کی کلیات میں شامل ہے، اس میں ایک حمد، ایک مخمس اورچوبیس غزلیات شامل ہیں، یہ پورادیوان فارسی کی ایک غزل کو چھوڑ کر اردو میں ہے، جس میں 1332شعار ہیں، کلام انشا میں ایک جگہ غیرمنقوط 43/اشعار پر مشتمل ایک منقبت ہے، جس کے دوشعرحاضرہے:
ہلاؤ مروحہئ آہ سرد کو ہر گام
کہ دل کو آگ لگا کر ہَو اہُوا آرام
درِ وصال دل آرام دور، ورہ مسدود
مرد مرحلہ گرد وساوس واوہام9
غیرمنقوط دیوان کے کچھ اوراشعار، جوکلام انشاء میں اختصار کے ساتھ تقریباً دس صفحات (333-343) میں ہے، پیش خدمت ہے       ؎
اور کس کا آسرا ہو سر گروہ اِس راہ کا
آسرا اللہ اور آل رسول اللہ کا
اہل عالم کا سہارا آسرا کس کام رکھ
ہر سحر گہہ آسرا واللہ اُس درگاہ کا
اور       
دل کم حوصلہ کو گو کہ سدا درد رہا
ہم دم اس کا گلہ آلودہ دم سرد رہا
المدد والمدد اُو معرکہ آرا کہ مدام
مرداس معرکہ کادادرسِ مرد رہا10
.2 ماہ کامل:  یہ مشہورمرثیہ نگارمرزاسلامت علی دبیرکا بغیرنقطوں والامرثیہ ہے، جو34/صفحات پرپھیلاہواہے، اس کوحضرت مہذب لکھنوی نے مرتب کیاہے، اس کے ناشرسیدحسین میرزامقرب لکھنوی ہیں، جنھوں نے سرفراز قومی پریس لکھنؤسے جنوری 1961 میں شائع کیاہے، اس میں آٹھ رباعیات، ایک سلام اور69/بندکامرثیہ ہے، رباعیات کی ابتدااس سے ہوئی:
آرام دل حرم کا معدوم ہوا
کم عمر کا حال مرگ معلوم ہوا
دودھ اگلا، لہو ڈالا، درا کھا کر سم
اور سر ددہ معصوم کا معصوم ہوا11
.3 طالع مہر:  یہ مرزادبیرکے غیرمنقوط کلام کامجموعہ ہے، جسے ڈاکٹرسیدتقی عابدی نے اپنی تحقیق، تدوین اور تشریح کے ساتھ 2004 میں اظہارسنزپرنٹرز، لاہورسے شائع کروایاہے،یہ مرزا دبیر کے گیارہ11 رباعیات، ایک قطعہ منقبتی(بندمسدس)، دوسلام، ایک قطعہئ تاریخ مرثیہ: مہرعلم سرورِاکرم ہواطالع، دومراثی پرمشتمل ہے، پہلے مرثیہ کی ابتدا، جو68بندکاہے،اس طرح ہے:
مہر علم سرورِ اکرم ہوا طالع
ہر ماہِ مرادِ عالم ہوا طالع
ہر گام علم دار کا ہم دم ہوا طالع
اور حاسد کم حوصلہ کا کم ہوا طالع
دوسرے مرثیہ کاآغاز، جس میں 101 بندہیں، یوں ہوا ہے       ؎
ہم طالع ہما مرو ہم رسا ہوا
طاؤس کلک مدح اڑا اور ہما ہوا
مطلع ہمارا مطلع مہر سما ہوا
اور دوحہئ کلام سراسر ہرا ہوا12
اس دوسرے مرثیہ کونواب محمدتقی خاں اختر کی طرف بھی منسوب کیاگیاہے؛ چنانچہ حضرت مہذب لکھنوی ’ماہ کامل‘کے مقدمہ میں لکھتے ہیں:
”نواب محمدتقی خاں اختر نے 106/بند کاایک مرثیہ اسی صنعت(غیرمنقوطہ)میں کہا، جس کامطلع ہے: ’ہم طالع ہمامرادہم رسا ہوا‘؛ چونکہ اس مرثیہ میں عطارد تخلص رکھا ہے، اس وجہ سے بعض لوگ اسے حضرت دبیرکاکلام سمجھتے ہیں؛ کیوں کہ ایسے ہی محل پر انھوں نے بھی یہی تخلص اپنے لیے پسندکیاتھا۔“13
لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ مرثیہ مرزادبیرہی کاہے؛ چنانچہ شمس العلما مولاناحسین احمدآزادلکھتے ہیں:
”مرزاصاحب نے 29/محرم 1292ھ ک 72/ سال کی عمرمیں انتقال کیا، اس مدت میں کم سے کم تین ہزارمرثیہ لکھاہوگا، سلاموں، نوحوں اوررباعیوں کاکچھ شمار نہیں، ایک مرثیہ بے نقط لکھا ہے، جس کامطلع ہے: ”ہم طالع ہما مراد ہم رساہوا“، اس میں اپنا تخلص بجائے دبیر کے عطاردلکھاہے۔“14
اس سلسلے میں اگرمزیدتحقیق درکار ہو تو ڈاکٹرسیدتقی عابدی کی مرتب کردہ کتاب ’طالع مہر‘ میں دیکھ سکتے ہیں، جہاں انھوں نے ماہرین کی تحریریں بھی نقل کی ہیں اور خود کاتجزیہ بھی۔
.4  قاری یعقوب علی خاں نصرت کی رباعیات، سلام اورمرثیہ:  ڈاکٹرسیدتقی عابدی نے قاری یعقوب علی خاں نصرت(مدد) شاگرد مرزادبیرکے بے نقط کلام کوبھی ’طالع مہر‘کی زینت بنایاہے، یہ وہی قاری یعقوب علی خاں نصرت ہیں، جن کی طرف ’ہم طالع ہمامرادہم رسا ہوا‘ مرثیہ منسوب ہے، قاری صاحب کے اس مرثیہ کاآغاز، جو50/بندپرمشتمل ہے، اس طرح ہے          ؎
مداح ہوا کلک امام دوسرا کا
مسرور ہو دل لکھ کلمہ صل علا کا
مطلع ہوکہ عالم ہو مہ ومہرسماکا
مداح ہو مورد کرم و مہر و عطا کا15
.5 مصدرالہام: یہ مشہور شاعر و ادیب صبامتھراوی کا غیرمنقوط مجموعۂ کلام ہے، جن کانام رفیع احمدہے، ان کی پیدائش متھرا(یوپی، انڈیا) میں ہونے کی وجہ سے متھراوی کہلائے، ان کا یہ غیرمنقوط مجموعۂ  کلام حمد، مدح رسولؐ  اور مختلف عناوین کی رباعیات پر 96 صفحات پرمشتمل ہے، اس مجموعے کی اشاعت 1981 میں مکتبۂ اردوادب، کراچی سے ہوئی، کچھ نمونے پیش خدمت ہیں:
مسلسل درود اورمسلسل سلام
مدام و مدام و دوام دوام
حرم ہو ارم ہو محمد کا گھر
دو عالم محمد کا ملک دوام
ہواؤ دکھاؤ محمد کا در
معطر معطر وہ دار السلام16
.6مدح رسول: یہ نعتیہ مجموعۂ  کلام ہے، جومشہور شاعر راغب مرادآبادی کے کاوش قلم کاعمدہ نمونہ ہے، 176 صفحات پرمشتمل ہے، جس میں چالیس غیرمنقوط نعتیں اور تیس  رباعیات ہیں، ان تمام میں بجزتخلص راغب کے کسی اور حرف میں نقطہ نہیں نظرآتا،کتاب کے آخرمیں فرہنگ بھی ہے، جوصفحہ:168سے صفحہ: 176تک ہے، ’الحمدللہ‘ کے نام سے ایک بے نقط مضمون بھی صفحہ: 47 تاصفحہ: 51تک شامل ہے،تصنیف کاسنہ 1979 ہے؛ لیکن اس کی اشاعت 1983 میں ایجوکیشنل پریس کراچی سے ہوئی، کچھ نمونے پیش خدمت ہیں:
رسول ہدیٰ کا کرم اللہ اللہ
ہوا دور اک اک الم اللہ اللہ
سواد حدود حرم اللہ اللہ
حدود حرم اور ہم اللہ اللہ
رہا اللہ اللہ کرم اس کا ہر دم
ہوا سہل کار عدم اللہ اللہ17
ایک دوسری نعت میں کہتے ہیں:
ورد کر او دل! سدا اسم رسول اللہ کا
دور ہر لمحہ ہراس و ہول ہوگا راہ کا
کاکل سرور کا سودا، سر کو ہو مولا عطا
دل کو حاصل ہو، سرور سرمد اس درگاہ کا18
.7 محمدہی محمد: یہ بھی غیرمنقوط منظوم کتاب ہے، جس کے مؤلف سید محمد امین شاہ نقوی ہیں، یہ240 صفحات پرمشتمل ہے، جس میں حمد، نعت اور مناقب پر 113 نظمیں اور ’گلہائے معطر‘کے عنوان کے تحت19 نعتیہ قطعات ہیں،یہ کتاب پہلی بار1985میں باب الہدی فیض آباد، فیصل آباد(پاکستان)سے شائع ہوئی، اس میں پنجابی، اردو، فارسی اورعربی چاروں زبانوں میں کلام ہے، 1989میں اس کے مؤلف نے ایک عربی غیرمنقوط نعتیہ مجموعہ بھی لکھاہے، جس کانام ’محمدرسول اللہ‘ ہے، اس میں 33 منظومات، 313/ اشعار،12/ حمد اور 21/ نعتیں ہیں، اس کتاب کاایک شعریہ ہے:
وہی ہے سارے مکارم کا مصدر ومحور
صدائے روح مہاں لاالٰہ الااللہ19
.8 داعی اسلام: یہ ایک منظوم غیرمنقوط سیرت کامجموعہ ہے، جو 200صفحات پرپھیلاہواہے، اس کے خالق مولانا صادق علی انصاری قاسمی دریابادی صادق ہیں، ان کی پیدائش 15اپریل 1936 اور وفات 15دسمبر2018 میں ہوئی، غیرمنقوط منظوم سیرت لکھنے کا داعیہ مولانامحمدولی رازی کی غیرمنقوط نثری سیرت ’ہادی عالم‘ دیکھ کر ہوا 20  ناشر: خالدکمال اشاعت گھر، لہرولی بازار، ہٹوا، بستی یوپی ہے، یہ کتاب 1985-86 کی تصنیف ہے۔اس کاسنہ اشاعت 1993 ہے، ’مہم اورمعرکے کی اصطلاح‘کے عنوان سے لکھتے ہیں        ؎
مسلسل ٹوہ گمراہوں کی، ہٹ دھرموں کی محصوری
حسدکاروں کی رکھ والی کوہم دردوں کی معموری
مدگاروں کی گرماگرم اصلاحی عمل کاری
گروہوں کی عدوکے اطلاع، اُسروں کی دل داری
مہم کے اسم سے سارا عمل موسوم ہے لوگو
ہمارے ہسٹری داں کو اگر معلوم ہے لوگو
اگر حاصل رہی سرکردگی سرکار عالی کی
مہم اسلام کی وہ اصطلاحاً ’معرکہ‘ ہوگی21
’معاہدہئ صلح کے رہ گئے عمرہ کی ادائے گی‘ کے عنوان سے لکھتے ہیں      ؎
رہاطے کارواں اسلام والوں کااِدھرلوٹے
رہاطے آکے اگلے سال عمرے کواداکرلے
رہے سہ دارکوئی اسلحہ ہوگھرکورکھ آئے
کرے عمرہ، رہے صم گم، کیے عہدوں کا ڈر کھائے
اسی کی روسے ہم دردوں مدگاروں کی اک ٹولی
گئی مکہ اداعمرے کوکرکے گھرلوآلوٹی22
.9محامد وراء المعراء: یہ میاں چنوں (پاکستان) کے رہنے والے سید مختار گیلانی کاچھ زبانوں (سرائیکی، پنجابی، اردو، فارسی، عربی اورانگریزی) پرمشتمل صنعت عاطلہ میں مجموعہئ کلام ہے، یہ 304/صفحات پر پھیلا ہوا ہے، اس کی اشاعت 1993میں ہوئی، اس کتاب میں شاعرنے اردوزبان کے 19 غیرمنقوط حروف ہجائی (ٹ، ح، د، ڈ، ر، ڑ، س، ص، ط، ع، ک، گ، ل، م،و، ہ،ء، ی، ے) کے لحاظ سے انیس باب بنائے ہیں اورہرباب کو ایک غیرمنقوط حرف سے خالی رکھاہے، مثلاً: پہلے باب کے اشعار ’الف‘سے اور دوسرے باب کے اشعار ’ٹ‘سے خالی رکھا، ’س‘سے خالی کی مثال ایک شعر میں ہے   ؎
والی و مولا وہی عالم کا آمر ہے وہی
ماہ و مہر و لعل و گہر کا مصور ہے وہی23
.10 سرکاردوعالم: یہ کتاب بھی منظوم صنعت عاطلہ کی عمدہ کاوش ہے، جوسیدتابش الوری کی تصنیف ہے، اپریل 2004 میں مجلس ثقافت پاکستان، بہاولپورسے شائع ہوئی ہے، یہ کتاب حمداورمدح رسول پرمشتمل 106 صفحات پرپھیلی ہوئی ہے، 2005میں حکومت پنجاب کی طرف سے اسے کتب سیرت کے مقابلے میں انعام اول کامستحق بھی قراردیاگیا،تابش الوری کااصلی نام سید سردار علی   ہے، ان کی کتاب سے کچھ نمونے پیش خدمت ہیں     ؎
سرورسے دل لہک رہاہے، درودسے روح کھل اٹھی ہے
کسی کی آمدکاسلسلہ ہے، ہوامسلسل مہک رہی ہے
ہوااسی کی مکاں مکاں ہے، صدااسی کی گلی گلی ہے
اسی سے دم دم کاواسطہ ہے، اسی سے دلڑی لگی ہوئی ہے24
(سرکادوعالم،ص63)
ایک دوسری نعت میں ہے            ؎
ہمارے ہمارے محمد محمد
کہو مل کے سارے محمد محمد
کسی کا سہارا گوارا کہاں ہے
ہمارے سہارے محمد محمد
ارادوں کے حاصل، مرادوں کے ساحل
دعاؤں کے دھارے، محمد محمد25
.11 ارحم عالم: یہ منظرپھلوری کی غیرمنقوط نعتوں کامجموعہ ہے، اس میں 52 نعتیں ہیں، اس کاپہلاایڈیشن جنوری 2013میں شائع ہوا، 2014 میں عیدمیلاد النبی کے موقعے پرمنعقدقومی سیرت کانفرس میں صدرپاکستان ممنون حسین نے صدارتی ایوارڈ سے نوازا، 11فروری 2014میں اس کادوسراایڈیشن احسن پبلی کیشنز فیصل آباد (پاکستان)نے شائع کیا، منظرپھلوری کا اصل نام عبدالمجید افضل ہے، قلمی نام منظرپھلوری ہے اورغیرمنقوط میں تخلص ’سائل‘ استعمال کرتے ہیں، یہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ (پاکستان)  کے ’اڈہ پھلور‘ میں 10جنوری 1973 میں پیدا ہوئے، اس کی غیرمنقوط شاعری کے کچھ نمونے حاضر خدمت  ہیں         ؎
کرم کی راد لے کر سرکار آئے
وہ سرور، وہ ہاری، وہ سردار آئے
وہ سرور، وہ اکرم، وہ سردار عالم
وہ علم و فض ل کے کرم کار آئے26
ایک دوسری نعت اس طرح ہے                   
حد ادراک سے ما ورائے گماں
وہ وری الوری، کوئی اس ساکہاں
وہ عطائے الٰہ، سائر لا مکاں
ہادی کل، وہی مرسل مرسلاں 27
.12والی لولاک:یہ بھی منظرپھلوری ہی کی غیرمنقوط مجموعہئ کلام ہے،جو حرمین، فیصل آبادسے 2016 میں شائع ہوئی،اس کے صفحات: 136ہیں۔
.13ماہ حرا:یہ بھی منظرپھلوری ہی کا غیرمنقوط مجموعہئ کلام ہے۔
.14 اساس ادلہ:  یہ بھی منظرپھلوری کا غیرمنقوط مجموعۂ کلام ہے۔
.15معلم عالم:  یہ جناب عبدالرحیم ارحم قریشی کا پہلا غیرمنقوط نعتیہ مجموعہ ہے، جو 2014   میں محض تین ماہ کی محنت سے وجودمیں آیا، اس سے پہلے جوغیرمنقوط کتابیں وجودمیں آئیں 28ش، ان میں ’ط‘  والے حروف (ڈ، ٹ، ڑ)  سے مددلی گئی تھی؛ لیکن ارحم قریشی کے اس مجموعے کی یہ خصوصیت ہے کہ اس میں ان حروف سے بھی احتراز کیا گیا ہے، اس مجموعے میں نعتوں کے علاوہ حمدودعابھی ہے، جس کے اشعارمندرجہ ذیل ہیں              ؎
میرے اللہ، میرے مالک، میرے مولالکھ دے
سر ارحم کو محمدؐ کا ہو سودا لکھ دے
سر میرا مس در اطہرسے ہوا ہو، اس دم
مرگ ارحم کاالٰہی وہی لمحہ لکھ دے
ہر کوئی اس کو محمدؐ ہی کا مداح کہے
مدح سرورؐ ہی رہے، اس کاحوالہ لکھ دے
بارگاہ رسالت میں ’نذرانہئ درودوسلام‘ کی روانی ملاحظہ کریں:
سرور دوسرا، وہ رسول ہدی
اس کے مملوک ہم، وہ ہمارا امام
اس کو لاکھوں درود، اس کو لاکھوں سلام
ہے مسلسل وہی، ہے مکمل وہی
اس اعلی عمل، اس کا اعلی کلام
اس کو لاکھوں درود، اس کو لاکھوں سلام
درکلام ہدی، ہم کوصلوا کہا
اورکہا سلموا، حکم ہے حکم عام
اس کو لاکھوں درود، اس کو لاکھوں سلام29
.16 اسرارالسلوک:یہ گوجرخان کے خط پوٹھوہارکے معروف شاعر فاضل شائق کاغیرمنقوط شعری مجموعہ ہے، جس کی تقریب رونمائی10 جنوری 2019میں ہوئی۔30
.17روح عالم: یہ یوسف طاہرقریشی کا غیرمنقوط مجموعۂ  کلام ہے، جو184صفحات پرمشتمل ہے،اس کی اشاعت نعت اکادمی، فیصل آبادسے 1998 میں ہوئی، نعتیہ اشعار کا ایک نمونہ ملاحظہ ہو:
سہل ہو راہ مدح محمد
مرے الٰہی مری دعا ہے
مدح طاہر الہامی ہے
مدح رسول کا ملا صلہ ہے31
.18مدح رسول: یہ کامران اعظم سوہدری کا غیرمنقوط مجموعہئ کلام ہے، یہ104صفحات پرمشتمل ہے، یہ کتاب علم وعرفان پبلشرز، لاہور سے 2099 میں شائع ہوئی، کامران اعظم سوہدری 20دسمبر1976 میں سوہدرہ تحصیل وزیرآباد، ضلع گوجرنوالہ میں پیداہوئے، یہ ایک پاکستانی مصنف ہیں، جن کی قرآن وحدیث، تاریخ وسیرت، کتب شاعری اورمختلف علوم وفنون پرسوسے زائدکتابیں شائع ہوچکی ہیں، ’مدح رسول‘   کی ابتدا ان اشعارسے کی ہے:
ہر سو اس کا عکس ہدی
ہر سو وہ آس عہد روا32
یہ اردوکی غیرمنقوط کتابوں کاایک مختصرتعارف تھا، جس سے یہ معلوم ہوتاہے کہ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کے اندرکتنی صلاحیتیں رکھی ہیں، اگرانسان ان کا استعمال کرے توروز ایک نیاتحقیق کا باب دریافت ہوتارہے گا۔

حوالہ جات
(1)      فن تحریرکی تاریخ، تعارف، ص: ب، مطبوعہ: انجمن ترقی اردو ہند، علی گڑھ1962
(2)      انشاء اللہ خاں انشا، از: عابد پشاوری، ص:513-30، ط: اترپردیش اردواکادمی 1985، انشاء اللہ خاں انشا، از: سیدتقی عابدی، ص:83-84، ط:القمرانٹرپرائزرز، رحمان  مارکٹ، اردوبازار، لاہور
(3)        سلک گوہر،ص13
(4)        ہادی عالم،ص43
(5)      سروں کے سودے، ص250
(6)      دوسسردوداماد،ص: 42-3
(7)       محمدرسول اللہؐ،ص33
(8) معارف نومبر2018، ص:347، urduweb.org/ mehfil/ threads/ 65679
(9)      کلام انشاء،ص269
(10) کلام انشاء،ص:333-343، مرتبہ: مرزامحمدعسکری ومحمدرفیع فاضل دیوبند،مطبوعہ:ہندوستانی اکیڈمی، الٰہ باد، اترپردیش 1952
(11)    ماہ کامل،ص5
(12)    طالع مہر،ص156
(13)    مقدمہ ماہ کامل،ص3
(14)    آب حیات، ص278
(15)    طالع مہر،ص215
(16)    punjnud.comاحمدسہیل کامضمون: صبامتھراوی: ادیب، شاعر، ادبی تاریخ گواوراستاد، نیز دیکھیے: ci.nii.ac.jp
(17)    مدح رسول،ص:75-76
(18)    مدح رسول،ص133
(19)    محمدہی محمد،ص26
(20)    داعی اسلام،ص6
(21)    داعی اسلام،ص145
(22)    داعی اسلام،ص182
(23)     معارف، نومبر2018
(25)     سرکاردوعالم،ص41
(26)    ارحم عالم،ص45
(27)    ارحم عالم،ص27
(28)     معلم عالم،ص12
(29)    hamariweb.com/article/113083
(30)  urdupoint.com/daily/livenews/2019 -01-10/news-1802034.html 
(31)      معارف نومبر2018
(32)  ur.wikipedia.org،مدح رسول،ص1 بحوالہ: معارف، نومبر2018

نوٹ: یہ مضمون ماہنامہ اردو دنیا، جنوری 2020 میں شائع ہوا تھا