Tuesday, 24 November 2020
ایک سکہ دورخ(افسانچہ)
Monday, 23 November 2020
ہندوستانی معاشرہ کے لئے ’’میٹھا زہر‘‘
ہندوستانی معاشرہ کے لئے ’’میٹھا زہر‘‘
محمدجمیل اخترجلیلی ندوی
ملک کی آزادی کے وقت کسی نے یہ سوچابھی نہیں ہوگاکہ ہماراملک ایک دن طبقہ واریت کی بھینٹ چڑھ جائے گااوراس شدت کے ساتھ چڑھے گاکہ پولیس اورعدالت بھی اس کی چپیٹ میں رہیں گے، ورنہ ملک کی آزادی کی بجائے انگریزوں کی غلامی کوہی شاید ترجیح دی جاتی ؛ کیوں کہ ان کے دربارمیں کم از کم تمام ہندوستانی برابرتوتھے، ان کی نگاہ میں یہ طبقہ واریت تونہیں تھی، مصیبتیں تھیں، پریشانیاں تھیں، تکلیفیں تھیں، حیوانوں کی طرح کام بھی کرناپڑتاتھا، ماربھی کھانے پڑتے تھے، کھانے کومحتاج ہوجاتے تھے، منڈیوں پرانگریزوں کاقبضہ تھا؛ لیکن تمام ہندوستانی ان کی نگاہ میں برابرتھے، کتناہی بڑافسرکیوں نہ ہو، وہ بس ایک محکوم تھا، وہ ملازم تھااوروہ غلام تھا، بس غلام۔
ادھرچندسالوں سے ملک کے اندردوطرح کی نفرتیں شدت کے ساتھ پھیلائی گئی ہیں، ایک تومسلم کمیونٹی کے خلاف اوردوسرے دلت اورکمزوروں کے خلاف، مسلمانوں کے خلاف جونفرت پھیلائی گئی ہے، وہ بالکل سورج کی روشنی کی طرح واضح ہے، اس پربہت کچھ لکھاگیاہے اورلکھاجارہاہے اورلکھاجاتارہے گا؛ لیکن دلتوں کے خلاف بھی نفرت کی کم بیج نہیں بوئی گئی ہے، دراصل ملک میں ایک طبقہ ایساہے، جس کی ذہنیت یہودیوں جیسی ہے، وہ یہودیوں کی طرح سوچتی ہے اوراسی طرح معاشرہ میں فسادمچاتی ہے، اوریہ سب اس چالاکی کے ساتھ کرتے ہیں کہ لوگوں کویہ محسوس بھی نہیں ہوپاتا، حقیقت میں یہ لوگ ہندوستانی معاشرہ کے لئے ’’میٹھازہر‘‘ہیں۔
آزادی کے بعدتمام لوگوں نے مل کریہ طے کیاتھاکہ اس ملک کا کوئی اپنامذہب نہیں ہوگا؛ تاکہ یہاں پربسنے والے تمام لوگ اپنے اپنے طورطریقے سے جی سکیں، ’’جیو اورجینے دو‘‘ کی پالیسی پرتمام لوگ عمل کرسکیں، ایک دوسرے کے دکھ دردمیں شریک ہوسکیں، ایک دوسرے کے تعلق سے بھلائی سوچیں، کسی کے دل میں کسی کے خلاف کوئی نفرت نہ ہو، گاؤں میں پہلے بھی مجلسیں لگتی تھیں، رات رات بھرچلتی تھیں، اس مجلس میں مسلم بھی ہوتے، برہمن بھی ہوتے، چماربھی رہتے، موچی بھی رہتے، تیلی بھی رہتے؛ بل کہ ہرعلاقہ کا راجہ تلاش کرکرکے تمام طبقات کے لوگوں کواپنی زمین دے دے کربساتاتھا، یہ تھی ہندوستان کی اصل روایت اورآج بھی بہت سارے دیہاتوں میں یہی روایت چلتی چلی آرہی ہے۔
لیکن اب ہندوستانی قوم بٹ چکی ہے اوراس بٹوارے کا کام یہاں کے نیتاؤں نے اپنے مفادکے لئے کیاہے، مذہب اوردھرم کے تعلق سے ہرشخص حساس ہوتاہے، وہ شخص بھی، جوکبھی دھارمک کام اورمذہبی امورانجام بھی نہیں دیتا، جب اس کے دھرم کے خلاف بات کی جاتی ہے تووہ اسے برداشت نہیں کرپاتا، یہاں کے نیتاؤں نے سب سے زیادہ اسی کافائدہ اٹھایاہے، ایک نیتاجب مسلمان سے ملتاہے توٹوپی اوررومال ڈال لیتاہے اورجب غیرمسلموں سے ملتاہے توصرف مسلمانوں کو ختم کردینے کی بات کرتاہے، یہاں کی عوام بہت سیدھی سادی ہے، وہ تعلیم یافتہ بھی نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ نیتاؤں کے دوہرے رویے اوردوغلے پن کوسمجھ نہیں پاتی اور ان کی چکنی چپڑی باتوں میں آجاتی ہے، اورپھر اس وقت پچتاتی ہے، جب سب کچھ جل کرخاکسترہوچکاہوتاہے۔
بدقسمتی سے اس ملک کی سیاست کواتنا گندا بنادیا گیا ہے کہ کوئی بھی شریف انسان جلدی اس میں قدم نہیں رکھنا چاہتا؛ لیکن سوچنے کی بات یہ ہے کہ اگرہرانسان گندگی کے سامنے سے ناک سکیڑ کرگزرجائے، کوئی اس کوصاف کرنے کے لئے تیارنہ ہوتوپھرسارے لوگ اس گندگی کی زد آجائیں گے، گندگی کی وجہ سے پھیلنے والی بیماریوں کے شکار ہوجائیں گے، یہی اس ملک کی سیاست کے ساتھ ہوا، اچھے ہٹتے گئے، برے گھستے گئے، نتیجہ ہمارے سامنے ہے، اچھے کام کرتے ہیں، لوگ ان کے کام کودیکھ کرخود منتخب کرتے ہیں، برے کام نہیں کرتے ہیں، وہ ڈرپیدا کرتے ہیں اورلوگ ڈرکی وجہ سے انھیں ووٹ دیتے ہیں، نیم میں مٹھاس کی تلاش بیکار بات ہے توپھربرے میں اچھے کام کہاں تلاشتے پھریں گے؟
برے لوگ کام توکرتے نہیں؛ اس لئے ایسے ایسے موضوعات ڈھونڈکرلاتے ہیں، جن کی وجہ سے لوگ ایک دوسرے کے قریب نہ جاسکیں، اب دیکھئے کہ ملک کے کئی صوبوں میں اس وقت بے وقت کی راگ’’لو-جہاد‘‘ پرقانون بنانے کی بات چل رہی ہے، جب کہ ان صوبوں میں خصوصیت کے ساتھ دلت طبقے کی بیٹیوں اوربہنوں کی عزتیں محفوظ نہیں ہیں، ان کاریپ کرکے ماردیا جاتاہے، کوئی صوبہ اس پرقانون بنانے کی بات نہیں کرتا، کیوں؟ کیوں کہ اکثرنیتاؤں کے دامن اس قسم کے کیسزسے داغ دار ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے پاورکاغلط استعمال کرکے خاطیوں کوہی بچانے کی فکرمیں لگ جاتے ہیں، ہاتھرس کا معاملہ اس کی واضح مثال ہے اورابھی گلناز کا معاملہ بھی تازہ ہے اورانصاف کامنتظر۔
برہمن کی بیٹی بھی بیٹی ہوتی ہے اوردلت کی بیٹی بھی بیٹی ہوتی ہے، دونوں ماں کے پیٹ میں نومہینے رہنے کے بعد بہت تکلیفوں سے دنیا میں آتے ہیں، اس موقع سے وہ واقعہ یاد آتاہے، جس میں ایک شخص پیغمبراسلام کے سامنے حاضرہوکرزناکی اجازت مانگتاہے توپیغمبراسلام جواب میں فرماتے ہیں: کیا تم چاہوگے کہ کوئی تمہاری بیٹی، بہن اورماں وغیرہ کے ساتھ زناکرے؟ وہ کہتاہے: نہیں! توپیغمبرکہتے ہیں: تم جس کے ساتھ زناکروگے، وہ بھی توکسی کی بیٹی، بہن یاماں ہوگی؟ اورظاہرہے کہ وہ نہیں چاہے گاکہ اس کی بیٹی، بہن یاماں کے ساتھ زناکیاجائے، جیساکہ تم نہیں چاہتے۔
لوگوں کے ذہن ودماغ میں اسی سوچ کوبٹھانے کی ضرورت ہے کہ دلت کی بیٹی، مسلم کی بیٹی اورچمارکی بیٹی بھی بیٹی ہوتی ہے، اس کی اسی طرح قدرکرنے کی ضرورت ہے، جس طرح اپنی بیٹی کی قدرکرتے ہو، اوریہ اسی وقت ہوگا، جب اس طرح کے معاملات میں سخت رویہ اپنایاجائے، اگربیٹابھی خاطی نکلے تواسے بچانے کی بجائے مجرم کی طرح سزادی جائے، اوریہ بات بالکل واضح ہے کہ یہ اسی وقت ہوگا، جب کہ پاورپرامانت دارودیانت دار لوگ رہیں گے؛ اس لئے اس وقت خصوصیت کے ساتھ اس ملک کی ضرورت یہ ہے کہ یہاں کے عہدہ داروں میں اچھے لوگ آئیں، اس کے لئے ہم سب کومل کرکوشش کرنی چاہئے، سیاست کے میدان کوگندہ کہہ کرصرف نظرکرنابالکل بھی درست نہیں؛ بل کہ اس گندی کی صفائی ضروری ہے، اورصاف کرنے کے لئے گندگی میں اترناہی پڑے گا، جس راستہ نے طبقہ واریت کوجنم دیاہے، اسی راستے سے اسے ختم بھی کرناچاہئے۔
jamiljh04@gmail.com/ 8292017888
Saturday, 21 November 2020
شخص وعکس(افسانچہ)
شخص وعکس
Tuesday, 17 November 2020
غیرمسلموں کے تہواروں میں مبارک باد دینے کی شرعی حیثیت
غیرمسلموں کے تہواروں میں مبارک باد دینے کی شرعی حیثیت
محمد جمیل اختر جلیلی ندوی
جولوگ غیرمسلم ممالک اورخطوں میں رہتے ہیں، ان کے لئے ایک بڑامسئلہ اس وقت پیداہوجاتاہے، جب ان کے تہوراآتے ہیں؛ کیوں کہ غیرمسلم دوست بھی ہوتے ہیں اوروہ مسلمانوں کے تہواروں میں انھیں مبارک باددیتے رہے ہیں تواب مسلمان اپنے غیرمسلم دوست کومبارک باددے یا نہ دے؟اس تعلق سے علماء کے دورجحانات ہیں:
(الف) ان کے تہوراوں میں مبارک باد دینادرست نہیں؛ کیوں کہ مبارکباد دینے کامطلب ہے تہواروں کی تائید اورتوثیق اورچوں کہ ان کے تہوار شرک پرمشتمل ہوتے ہیں؛ اس لئے مبارک باددیناشرک کی تائیدہوگی اوریہ نادرست ہے، علامہ ابن قیم ؒ فراماتے ہیں:
وأماالتہنئۃ بشعائرالکفرالمختصۃ بہ، فحرام بالاتفاق، مثل أن یہنئہم بأعیادہم وصومہم، فیقول: عید مبارک علیک، أوتہنأبہذا العید، فہذا وإن سلم قائلہ من الکفرفہو من المحرمات، وہوبمنزلۃ أن یہنئہ بسجودہ للصلیب؛ بل ذلک أعظم إثماعنداللہ وأشد مقتاً من التہنئۃ بشرب الخمر وقتل النفس وارتکاب الفرج الحرام ونحوہ، وکثیر ممن لاقدرللدین عندہ یقع فی ذلک، ولایدری قبح مافعل، فمن ہنأعبدابمعصیۃ أوبدعۃ أوکفر فقد تعرض لمقت اللہ وسخطہ۔( أحکام أہل الذمۃ: ۱؍۲۰۶)
کفرکے ساتھ مخصوص شعائرکی مبارک باددینابالاتفاق حرام ہے، مثلاً: ان کے تہواروں اورروزوں کی مبارک باددے اورکہے: تمہاری عیدمبارک ہویا یہ عید تمہیں رأس آئے، تواگرچہ کہ اس کاکہنے والاکفرسے مامون رہے گا؛ لیکن یہ محرمات میں سے ہے اوریہ صلیب کے سجدہ کی مبارک باد دینے کے درجہ میں ہے؛ بل کہ گناہ کے اعتبارسے اللہ کے نزدیک اس سے بڑھاہواہے اورحرام شرم گاہ کے ارتکاب، ناحق کسی کوقتل کرنے اورشراب نوشی کی مبارک باد دینے سے زیادہ قبیح ہے، اوربہت سارے وہ لوگ ایساکرتے ہیں، جن کے پاس دین نہیں ہوتا اورجواس کی شناعت سے واقف نہیں ہوتے، لہٰذا جس نے کسی کومعصیت ، بدعت یاکفرکی مبارک باددی تواس نے اپنے آپ کواللہ کی ناراض گی کے سامنے پیش کیا۔
برصغیرکے علماء بھی اسی کے قائل ہیں؛ چنانچہ دارالافتاء دارالعلوم دیوبندکے ویب سائٹ میں ایک سوال کاجواب یوں دیاگیاہے:
غیرمسلم حضرات کے تہواروغیرہ ان کے مشرکانہ اعتقاد پرمبنی ہوتے ہیں؛ اس لئے ہمارے لئے مشرک سے براء ت اوربے تعلقی کااظہارضروری ہے اورچوںکہ مبارکبادی دینے میں ان کے فکروعقیدے کی توثیق وتائیدہوتی ہے؛ اس لئے اس سے احتراز ضروری ہے، بسااوقات یہ سلب ایمان کابھی باعث ہوسکتاہے(جواب نمبر:145649، Fatwa ID: 103-121/L=1438، https://darulifta-deoband.com/home/ur/world-religions/145649)۔
ان حضرات کی نمایاں دلائل یہ ہیں:
۱- مبارکبادی دیناشعائرکفرکااقراراوراس سے رضامندی کی دلیل ہے، جب کہ اللہ تعالیٰ کاارشادہے:
إِن تَکْفُرُوا فَإِنَّ اللَّہَ غَنِیٌّ عَنکُمْ وَلَا یَرْضَی لِعِبَادِہِ الْکُفْرَ ۔(الزمر: ۷)
اگرتم کفرکروتواللہ تم سے بے نیازہے اوروہ اپنے بندہ کے کفرسے راضی نہیں ہوتا۔
۲- غیرمسلم کے تہوارمیں مبارک بادی دینے سے غیرمشروع چیز کی تائید، توثیق اورایک غیرمشروع چیز کی پیروی کے مترادف ہے،جب کہ اللہ تعالیٰ کاارشادہے:
وَمَن یَبْتَغِ غَیْْرَ الإِسْلاَمِ دِیْناً فَلَن یُقْبَلَ مِنْہُ وَہُوَ فِیْ الآخِرَۃِ مِنَ الْخَاسِرِیْن۔(آل عمران: ۸۵)
او رجو شخص اسلام کے سوا کسی اور دین کا طالب ہو گا وہ اُس سے ہر گز قبول نہیں کیا جائے گا اور ایسا شخص آخرت میں نقصان اٹھانے والوں میں ہو گا ۔
۳- دین اسلام کواللہ تعالیٰ نے مکمل کردیاہے، جس میںعیدوتہوارکے تعلق سے بھی رہنمائیاں موجودہیں، ان میں غیروں کے اعمال نہیں ہیں تو مبارک بادی دینا گویاایک ایسی چیزکی ایجاد کی تائیدہے، جوممنوع ہے، جب کہ اللہ تعالیٰ کا ارشادہے:
الْیَوْمَ أَکْمَلْتُ لَکُمْ دِیْنَکُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَیْْکُمْ نِعْمَتِیْ وَرَضِیْتُ لَکُمُ الإِسْلاَمَ دِیْناً۔(المائدۃ: ۳)
(اور) آج ہم نے تمہارے لئے تمہارا دین کامل کر دیا اور اپنی نعمتیں تم پر پوری کر دیں اور تمہارے لئے اسلام کو دین پسند فرمایا۔
(ب) دوسرارجحان یہ ہے کہ جن کافروں سے مصالحت ہو، ان کومبارک باددیناجائزہے؛ کیوں کہ یہ صرف زبان سے اداکئے جانے والے کلمات ہیں، ان کے مشرکانہ عقائدسے رضامندی اوراس کے اقرارکی دلیل نہیں ہیں، یہ بس بھائی چارگی اوراچھے سلوک کی بات ہے؛ البتہ اس بات کی رعایت ضروری ہے کہ مبارک بادی کے کلمات ایسے نہ ہوں، جومبادیات اسلام سے متعارض ہوں، اسی رائے کے قائل عالم اسلام کے مشہورفقیہ ڈاکٹریوسف القرضاوی بھی ہیں؛ چنانچہ وہ لکھتے ہیں:
فلامانع إذن أن یہنئہم الفردالمسلم، أو المرکز الإسلامي بہذہ المناسبۃ مشافہۃ أوبالبطاقات التی لاتشتمل علی شعائرأوعبارات دینیۃ تتعارض مع مبادی الإسلام … والکلمات المعتادۃ للتہنئۃ فی مثل ہذہ المناسبات لاتشتمل علی أي إقرارلہم علی دینہم، أورضاً بذلک، إنماہی کلمات مجاملۃ تعارفہاالناس۔ ( فی فقہ الأقلیات المسلمۃ، ص: ۱۴۹)
بس کوئی چیز اس بات سے مانع نہیں ہے کہ مسلم فرد، یا اسلامی مرکزکی جانب سے سے ان کے تہواروں میں زبانی طور پر یا تہنیتی کارڈس(Greeting Cards)کے ذریعہ سے مبارک باد دی جائے، بشرطیکہ ایسے دینی شعائر یا عبارات پر مشتمل نہ ہو، جو اسلامی بنیادی تعلیمات سے متصادم ہو…اوران مواقع پرمبارک بادی کے لئے مستعمل ہونے والے الفاظ نہ توان کے دین کی تائیدپرمشتمل ہوتے ہیں اورناہی ان سے رضامندی کا اقرار ہوتا ہے، یہ توبس خوش اخلاقی کے ساتھ پیش کئے جانے والے چندکلمات ہوتے ہیں۔
ان حضرات کی نمایاں دلائل درج ذیل ہیں:
۱- اللہ تعالیٰ نے مصالحت کرنے والے کفارسے عدل واحسان کاحکم دیاہے؛ چنانچہ ارشادباری ہے:لَا یَنْہَاکُمُ اللَّہُ عَنِ الَّذِیْنَ لَمْ یُقَاتِلُوکُمْ فِیْ الدِّیْنِ وَلَمْ یُخْرِجُوکُم مِّن دِیَارِکُمْ أَن تَبَرُّوہُمْ وَتُقْسِطُوا إِلَیْْہِمْ إِنَّ اللَّہَ یُحِبُّ الْمُقْسِطِیْنَ ٭إِنَّمَا یَنْہَاکُمُ اللَّہُ عَنِ الَّذِیْنَ قَاتَلُوکُمْ فِیْ الدِّیْنِ وَأَخْرَجُوکُم مِّن دِیَارِکُمْ وَظَاہَرُوا عَلَی إِخْرَاجِکُمْ أَن تَوَلَّوْہُمْ وَمَن یَتَوَلَّہُمْ فَأُوْلَئِکَ ہُمُ الظَّالِمُونَ ۔(الممتحنۃ: ۸-۹) ’’ جن لوگوں نے تم سے دین کے بارے میں جنگ نہیں کی اور نہ تم کو تمہارے گھروں سے نکالا ان کے ساتھ بھلائی اور انصاف کا سلوک کرنے سے اللہ تم کو منع نہیں کرتا اللہ تو انصاف کرنے والوں کو دوست رکھتا ہے٭ اللہ انہی لوگوں کے ساتھ تم کو دوستی کرنے سے منع کرتا ہے جنہوں نے تم سے دین کے بارے میں لڑائی کی اور تم کو تمہارے گھروں سے نکالا اور تمہارے نکالنے میں اوروں کی مدد کی تو جو لوگ ایسوں سے دوستی کریں گے وہی ظالم ہیں‘‘، مبارک بادی بھی اسی قبیل سے ہے۔
۲- حضرت اسماءؓ بنت ابوبکرؓ کی ماں آئیں توانھوں نے آپﷺ سے پوچھا: اے اللہ کے رسول! میری ماں میرے پاس آئی ہیں، وہ مشرکہ ہیں، وہ کچھ امیدرکھتی ہیں توکیامیں ان کے ساتھ صلہ رحمی کروں؟‘‘تواللہ رسول ﷺ نے جواب دیا: صلی أمک۔’’اپنی ماں کے ساتھ صلہ رحمی کرو‘‘( صحیح البخاری، حدیث نمبر: ۲۶۲۰)۔
۳- اللہ رسول ﷺ نے لوگوں کے ساتھ حسن اخلاق سے معاملہ کرنے کاحکم فرمایاہے، حضرت معاذؓ کووصیت کرتے ہوئے فرمایا: اتق اللہ حیثما کنت، وأتبع السیئۃ الحسنۃ تمحہا، وخالق الناس بخلق حسن۔ (مسندأحمد، حدیث نمبر: ۲۲۰۶۰) ’’جہاں کہیں بھی رہو، اللہ سے ڈرواورغلط کام کے بعدنیکی کرو، وہ برائی کومٹادیتی ہے اورلوگوں کے ساتھ اچھے ڈھنگ سے پیش آؤ‘‘۔
۴- اللہ تعالیٰ نے اچھائی کابدلہ اچھائی سے اورسلام وتحیۃ کابدلہ بہترسلام وتحیۃ سے دینے کاحکم فرمایاہے: وَإِذَا حُیِّیْْتُم بِتَحِیَّۃٍ فَحَیُّواْ بِأَحْسَنَ مِنْہَا أَوْ رُدُّوہَا إِنَّ اللّہَ کَانَ عَلَی کُلِّ شَیْْء ٍ حَسِیْباً۔(النساء: ۸۶) ’’اور جب تم کو کوئی دعا دے تو (جواب میں) تم اُس سے بہتر (کلمے) سے (اُسے) دعا دو یا انہیں لفظوں سے دعا دو بیشک اللہ ہر چیز کا حساب لینے والا ہے‘‘، اور مبارک بادی دینا بھی اسی قبیل سے ہے۔
تاہم دونوں گروہ نے ان کے تہواروں میں شرکت کی اجازت نہیں دی ہے( فی فقہ الأقلیات المسلمۃ، ص: ۱۵۰، الموسوعۃ المیسرۃ فی فقہ القضایا المعاصرۃ(قسم فقہ الأقلیات المسلمۃ)،ص: ۳۴۱)۔
قول راجح
راقم حروف کے نزدیک راجح یہ ہے کہ نہ توکھلے عام مبارک باد دینے کی اجازت دی جائے اورناہی کلیۃً ممنوع قراردیاجائے؛ بل کہ جہاںمبارک بادی نہ دینے پرخطرہ ہوجان کا، فتنہ کا، انتشارکا، مال کا، یاپھرحالات اورماحول اس کامتقاضی ہوتووہاں مبارک بادی دینے کی گنجائش ہے، ہذاماعندی، واللہ أعلم بالصواب!
Sunday, 15 November 2020
ہندوستانی مٹی میں زعفرانی کھیتی
ہندوستانی مٹی میں زعفرانی کھیتی
محمد جمیل اخترجلیلی ندوی
کہنے کوتویہ ملک 1947میں آزاد ہوا؛ لیکن زمینی حقیقت یہ ہے کہ یہاں کے لوگوں کی حالت آج بھی غلاموں جیسی ہے، فرق بس اتناہے کہ پہلے انگریز کے غلام تھے اورآج اپنے ہی لوگوں کے غلام ہیں؛ حالاں کہ آزادی کے بعد جب26ٌٌ/نومبر 1949میں ہمارے ملک کاقانون اوردستورپاس کیاگیا، اس وقت ہم تمام نے یہ عہد کیا تھا کہ ’’ہم بھارت کے عوام متانت وسنجیدگی سے عزم کرتے ہیں کہ بھارت کوایک مقتدرسماج وادی غیرمذہبی عوامی جمہوریہ بنائیں اوراس کے تمام شہریوں کے لئے حاصل کریں: انصاف، سماجی، معاشی اور سیاسی آزادیٔ خیال، اظہار، عقیدہ، دین اورعبادت؛ مساوات بہ اعتبار حیثیت اورموقع اوران سب میں اخوت کوترقی دیں، جس سے فرد کی عظمت اورقوم کے اتحاد اورسالمیت کاتقین ہو، اپنی آئین سازاسمبلی میں آج 26/نومبر1949کویہ آئین ذریعہ ہذااختیارکرتے ہیں، وضع کرتے ہیں اوراپنے آپ پرنافذکرتے ہیں‘‘(بھارت کاآئین، ص: ۳۵)۔
لیکن آج اس ملک میں ایسے لوگوں کازورپکڑرہاہے؛ بل کہ پکڑچکاہے، جوقومیت کے اعتبارسے تو ’’ہندوستانی‘‘ ہیں؛ مگرسوچ اورذہنیت کے لحاظ سے وہ ’’زعفرانی‘‘ ہیں اوران کی خواہش یہ ہے کہ اس پورے ملک کوبھی ’’زعفران زار‘‘ بناکررکھ دیں، یہ لوگ آج کی پیداوار نہیں ہیں، ہاں آج کل اس کی کھیتی خوب خوب کی گئی، جس کی کونپلوں نے اب سرنکالنا شروع کردیاہے؛ بل کہ بعض کھیتیاں توپک کرتیاربھی ہوچکی ہیں اور کہیں کہیں کٹائی کاکام جاری ہے، تعدادکے لحاظ سے یہ توبہت کم لوگ ہیں؛ لیکن پکڑکے اعتبارسے کافی مضبوط ہیں اوراسی پکڑکانتیجہ ہے کہ آج ان کی آواز پرہزاروں کی بھیڑ اکٹھی ہوجاتی ہے، پھر وہ اس سے جس طرح کا کام لیناچاہتے ہیں، لے لیتے ہیں، تاہم یہ سوچنے والی بات ہے کہ ’’گاندھی کے ملک میں گوڈسے کیسے پیدا ہورہے ہیں؟‘‘۔
جس وقت ہندوستان میں انگریزوں کااقتدارمستحکم اورہندوستانی اقتدارکاخاتمہ ہوااورپوری قوم غیرمسلح کردی گئی، اسی وقت سے دوقسم کے رجحان والے لوگ وجود میں آئے، ایک گاندھیائی سوچ والے اوردوسرے زعفرانی سوچ والے؛ لیکن زعفرانی سوچ والوں نے اتنی محنت اورکوشش کی کہ آج تقریباً ایک صدی کے بعدوہ غالب آگئے اورنہ صرف غالب آگئے؛ بل کہ ملک کے تمام سیکٹراورشعبہ جات میں کامیابی کے ساتھ ان کی نمائندگی ہورہی ہے اوراس ڈھٹائی ؛ بل کہ غنڈہ گردی کے ساتھ ہورہی ہے کہ اس کے خلاف ایک لفظ نکالنابھی مشکل ہے، ان کویہ کامیابی’’ اپنے نظریات،نظم وضبط، نظام تعلیم وتربیت اورلگن وجدوجہد‘‘کی وجہ سے حاصل ہوئی ہے۔
اپنے نظریات اورآئیڈیالوجی کوپھیلانے کے لئے ان کے داعی اورپرچارک گھرگھرگئے ، نظم وضبط اور تربیت کے لئے شاکھاؤں کاقیام عمل میں لایا گیا، تعلیم کے لئے اسکولس اورکالجز بنائے گئے؛ حتی کہ اس وقت پورے ملک میں تقریباً ان کے 25/ہزارسے زائداسکولس ہیں،ظاہرہے کہ ان اداروں سے بڑھ کرنکلنے والوں کا ذہن بھی تووہی ہوگا، جوان ادروں میں ذہن سازی کی جائے گی، ان لوگوں نے تعلیم پرخصوصی توجہ دی، تربیت پرتوجہ مرکوزکی، بچوں کی ذہن سازی کی اوربڑوں، بوڑھوں اورعورتوں تک اپنے نظریات اوراپنی آئڈیالوجی کواس انداز میں پہنچایا، جس نے لوگوں کواپنی طرف متوجہ کرلیا اوررفتہ رفتہ گاندھیائی سوچ دم توڑنے لگی۔
آج اقتدارانہی زعفرانی لوگوں کے ہاتھوں میں ہے، اقتدارکے نشہ میں وہ چورہیں، جوچاہ رہے ہیں، وہ کررہے ہیں، نہ اس عہد کا پاس ہے، جو26/نومبر1949کو کیا گیا تھا، نہ یہ خیال کہ وہ جس ڈھرے پرملک کولے جارہے ہیں، اس سے ملک کوترقی نہیں؛ بل کہ زوال آئے گا، انگریزوں کے قبضہ سے قبل اس ملک کو’’سونے کی چڑیا‘‘ کہاجاتا تھا؛ لیکن سونے کی چڑیایہ ملک بنا کیسے؟ نفرت کی کھیتی اوربغض کی بیج بوکرنہیں؛ بل کہ مساوات اوربھائی چارہ کے ذریعہ سے، مسلمانوں نے یہاں صدیوں حکومت کی، ان کے درباراوران کی فوج کے سپہ سالارصرف مسلم ہی نہیں ہواکرتے تھے، غیرمسلم بھی ہوتے تھے، اکبرتواس تعلق سے کچھ زیادہ ہی وسیع القلب واقع ہواتھا۔
آج یہ زعفرانی سوچ رکھنے والے لوگ ملک اورملک کے باشندوں پراپنی سوچ اورآئیڈیالوجی کوتھوپ کر انھیں غلام بنانا چاہتے ہیں، اس کے لئے وہ ہراس شخص کی آواز کودبا دینا چاہتے ہیں، جواس غلامی کے خلاف آواز بلند کررہاہے، اس کی وجہ سے وہ پولیس ، سی بی آئی، اے ٹی ایس اوردیگرشعبوں کوبھی استعمال کرنے سے نہیں چوک رہے ہیں، عدلیہ کوتوپہلے ہی وہ غلام بناچکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اپنے ’’من کی بات‘‘کے مطابق وہاں سے فیصلے صادرکرواتے انھیں دیرنہیں لگتی، اب یہی دیکھئے کہ ارنب کوراحت مل گئی اور آزادی رائے اورخیال پرحکومت کے شب خون مارنے پرآواز اٹھانے والوں کی شنوائی تودور، ان کی درخواست کوقبول تک نہیں کیاجارہاہے، یہ آزاد ملک میں غلامی کی زندگی نہیں تو اورکیاہے؟
مگراتنی بات یادرکھنے کی ہے کہ دنیا کا اصول کچھ اورہے، یہاں ہرچیزکوزوال ہے، نمرودکی دہکائی ہوئی آگے جلی نہیں رہی؛ بل کہ جلتے ہونے کے باوجودحضرت ابراہیمؑ کے ایک بال تک کوجلا نہیں سکی، فرعون نے توبڑے رب ہونے کادعوی کیاتھا؛ لیکن دریابردکردیاگیا، شداد نے جنت بنوائی تھی؛ لیکن خودہی نہ دیکھ سکا اور دنیا سے چل بسا،چنگیز وہلاکواور ہٹلرو مسولینی دنیاکے اسٹیج پر نمودارہوئے؛ لیکن زمیں بوس ہوگئے، سرمایہ دارانہ نظام نے بھی دم توڑااوراشتراکیت نے بھی، ہرایک کو زوال ہوا؛ کیوں کہ یہ دنیاہے ہی فانی تو یہاں کی ہرشئی بھی ہوگی آنی جانی، باقی توصرف وہ ہستی رہے گی، جس نے اس دنیاکووجود بخشاہے؛ اس لئے خوف کھانے اورگھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، اس کے بجائے زمینی سطح پرگاندھیائی کام کرنے کی ضرورت ہے، باقی زعفرانی لوگ ہیں توان کوایک دن زوال ہوگا۔jamiljh04@gmail.com/ 8292017888
Sunday, 8 November 2020
لو، جہاد اورمدرسہ
لو، جہاد اورمدارس
محمدجمیل اختر جلیلی ندوی
شایدآج کل بی جے پی لیڈران کے پاس کوئی خاص ایسامدعارہ نہیں رہ گیاہے، جولوگوں کے من کوموہ سکے؛ اس لئے وہ ایسے مدعے پربات کررہے ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے، اب دیکھئے کہ بہارالیکشن میں پاکستان اٹھ کرآگیا، شاہ صاحب بنگال پہنچے توپھراین آرسی کی بات ستانے لگی اوراس کے نفاذ کی بات کرنے لگے، یوپی کے سی ایم یوگی جی لوجہاد پرقانون بنابیٹھے اوراسی کے قدم بہ قدم ایک دواورصوبوں میں بھی لوجہاد پرقانون بنانے کی بات چل پڑی، اگرواقعتاً ان کے پاس کوئی حقیقی مدعاہوتا تووہ الٹے سیدھے قانون اوراٹ پٹانگ باتیں نہیں کرتے۔
بی جے پی کے ایک لیڈرہیں سادھوی پراچی، وہ کہہ رہی ہے کہ لوجہاد کوفروغ دینے میں مدارس اہم کردارنبھارہے ہیں، مدارس میں لوجہادکاسبق پڑھایاجاتاہے اوراس کے لئے عرب ممالک سے پیسہ آتاہے، یہ بھی کہاکہ برہمن، کشتر، ویشیہ اورشودرکی بیٹیوں کے حساب سے 10لاکھ سے 25لاکھ روپے تک لوجہاد کے لئے دئے جاتے ہیں، پراچی کی اس بات کو اٹ پٹانگ بھی کہہ سکتے ہیں اور’’مجذوب کی بڑ‘‘بھی؛ کیوں کہ اگرزمینی سطح پراترکردیکھاجائے توبات بالکل اس کے برخلاف ہے؛ کیوں کہ اس وقت سیکڑوں مسلم لڑکیوں کی درخواستیں کورٹ میں پڑی ہوئی ہیں، جواپنے غیرمذہب کے لڑکوں سے شادی رچاناچاہتی ہیں اورایک رپورٹ کے مطابق ادھرچندسالوں میں صرف ساؤتھ انڈیا کی ہزاروں لڑکیوں نے غیرمسلم لڑکوں سے شادی کرلی ہے، کیایہ لوجہاد نہیں ہے؟ اگرہے تواسے لوجہاد کیوں نہیں کہاجاتاہے؟ یہ درصل ایک سازش ہے، جسے’’چور مچائے شور‘‘ سے تعبیرکرسکتے ہیں۔
پراچی کی کچھ باتیں توصحیح ہیں؛ لیکن کچھ باتیں ہزارفیصدغلط، مدارس میں’’لو‘‘ اور’’جہاد‘‘دونوں کے تعلق سے تعلیم دی جاتی ہے؛ لیکن اس طرح نہیں، جوآ پ کے ذہن میں ہے یاجومیڈیا بتا اوردکھارہی ہے، کبھی آپ مدرسہ میں جاکرتودیکھئے، لوبھی دیکھیں گی اورجہاد بھی، مدارس میں سکھایاجاتاہے کہ ’’لو‘‘کرنا ہے؛ لیکن یہ بھی بتایاجاتاہے کہ کس کے ساتھ کرناہے؟ وہاں سکھایا جاتا ہے کہ ’’لو‘‘ماں سے کرناہے، باپ سے کرناہے، جب بوڑھے ہوجائیں توزیادہ ’’لو‘‘ کرناہے، اولڈ ایج ہوم میں نہیں بھیجناہے، ان کومارنانہیں ہے؛ بل کہ انھیں اف بھی نہیں کہناہے، وہاں سکھایاجاتاہے کہ بھائی بہن سے لوکرناہے، اپنی اولاد سے کرناہے اوراپنے رشتہ داروں سے کرناہے، یہ سکھایاجاتاہے مدارس میں، یہ نہیں سکھایاجاتاہے کہ کسی کی بیٹی اورکسی کی بہن سے پینکیں بڑھاؤ اوراس کے ساتھ لوشوکرو، مدارس تواس سے کوسوں دورہیں، وہاں لڑکیوں کی انٹری ہی نہیں توپھریہ لوجہاد کہاں سے کریں گے؟لوشووہاں ہوتاہے، جہاں لڑکے لڑکیاں ساتھ پڑھتی ہوں، یہاں تویہ ممنوع ہے توپھریہ کہناکہ مدارس میں لوجہاد کی تعلیم ہوتی ہے، یہ سراسرالزام ہے۔
رہی بات جہادکی تویہ بھی اس کی بھی تعلیم ہوتی ہے مدارس میں؛ لیکن ویسی بالکل بھی نہیں، جیسی آرایس ایس کے اسکولوں میں دی جاتی ہے، یہاں توبس جہاد زندگی کی تعلیم ہوتی ہے، مدارس میں پڑھنے والوں کی اکثریت غریب طبقہ سے تعلق رکھتاہے، ان کے پاس لوشوکرنے اورگل چھرے اڑانے کے لئے پیسے نہیں ہوتے، کتنے توبے چارے بغیرناشتے کے درجے میں حاضرہوتے ہیں، جب کہ آج کل کا لوروپے پیسے کی چمک کے بغیرممکن نہیں، جہاد زندگی کی تعلیم میں یہ لڑائی جھگڑے کی بات نہیں سکھائی جاتی؛ بل کہ زندگی گزارنے کاسلیقہ سکھایاجاتاہے، عملی زندگی میں کیسے محنت اورکوشش کی جائے اس کی تعلیم ہوتی ہے ، یہی وجہ ہے کہ اکثرمدارس سے فارغ ہونے والے امامت وخطابت اورتدریس سے جڑتے ہیں، جہاں کی تنخواہیں نہایت معمولی، ایک یومیہ مزدورسے بھی کم، ایسے میں بے چارہ لوجہادکی سوچے گابھی کیسے؟
باہرسے روپے پیسے والی بات بھی غلط ہے، کیوں کہ جن ممالک کی بات کی جارہی ہے، وہاں توخود اتنی پابندیاں ہیں اورمانگنے والوں کے لئے جیل کی سلاخ بھی ہے، پھروہاں سے کیسے روپے پیسے آئیں گے؟ اورآج کل کی حکومت توطرح طرح کے ٹیکسوں کے ذریعہ خود کام کرنے والوں سے پیسے وصول رہی ہے، وہ بھلا یہاں کے لوگوں کی کیا مددکریں گے؟ بل کہ حقیقت اس کے برخلاف ہے،ان لوگوکواسرائیل اورامریکہ جیسے ممالک سے خود امدادآتی ہے اوریہ لوگ پورے ملک میں دہشت گردی پھیلاتے ہیں،اور 10لاکھ سے 25لاکھ والی جوبات پراچی کہہ رہی ہے، وہ دراصل اپنے یہاں کاریٹ بتا رہی ہیں، کئی لوگوں نے اس کااقراربھی کیاہے کہ انھیں اس کام کے لئے پیسے دئے جاتے ہیں، اب بات توکھل کرکہہ نہیں سکتی؛ اس لئے دوسروں کے کندھوں پربندوق رکھ کراپناکام چلارہی ہے اوریہ اس پارٹی سے جڑے تمام لوگوں کاشیوہ ہے۔
بہرحال یہ بات بالکل واضح ہے کہ اب بی جے پی کے پاس کوئی مدعاباقی نہیں رہا؛ اس لئے سٹھیائے ہوئے لوگوں کی طرح ان کے لیڈران اناپ شناپ بکے جارہے ہیں، اورجوکہناچاہئے، اس سے مکررہے ہیں اورجوقانون بناناچاہئے، وہ نہیں بنارہے ہیں، یوپی میں ابھی موقع ریپ کے خلاف قانون سازی کاہے؛ لیکن اس سے ہندومسلم کی بات نہیں آسکتی تھی؛ اس لئے قانون بنایاگیا لوجہاد پر، بی جے پی کے اس گھناؤنی سیاست کونہ صرف یہ کہ ہمیں سمجھنے کی ضرورت ہے ؛ بل کہ معتدل مزاج تمام لوگوں کوسمجھانے کی بھی ضرورت ہے، اب بھی وقت گیا نہیں ہے، چال بدل سکتی ہے، بس چال چلنے والے کی ضرورت ہے۔
jamiljh04@gmail.com/ 8292017888
Friday, 2 October 2020
میرکیاسادہ ہیں، بیمارہوئے جس کے سبب
میرکیاسادہ ہیں، بیمارہوئے جس کے سبب
(اقرباء کریں قتل کادعوی کس پر)
محمدجمیل اختر جلیلی ندوی
بابری مسجد ملکیت کے مقدمہ میں فاضل جج نے یہ تومان لیاتھاکہ مسجدکسی بھی مندر کوتوڑکرنہیں بنائی گئی تھی اورمسجدکوتوڑنادرست نہیں تھا، اس سے یہ بات بھی بتادی گئی کہ جولوگ مسجدتوڑنے، اس کے لئے منظم طریقہ سے رتھ یاترانکالنے اورملک کے اس خطہ سے لے کراس خطہ تک لوگوں کوابھارنے اوران کے ذہنوں میں مسجد توڑنے کی پلاننگ ڈالنے کے کام میں شریک رہے، وہ سب کے سب مجرم ہیں، یہ بات بابری مسجد ملکیت کے فیصلے سے بالکل واضح ہے؛ لیکن لکھنؤ کی سی بی آئی عدالت نے، جہاں اس تعلق سے مقدمہ 28ٌٌسالوں سے چل رہاتھا، 30ستمبرکویہ فیصلہ سنایاکہ اس تعلق سے جن زندہ 32لوگوں پرفردجرم عائدتھا، وہ سب کے سب بے گناہ ہیں، ان کے خلاف کوئی ایساثبوت اورکوئی ایسی شہادت نہیں ملی، جس سے یہ ثابت کیاجاسکے کہ یہ لوگ مسجدکے توڑنے یا اس کے لئے لوگوں کوابھارنے میں شریک تھے۔
یہ فیصلہ بس ایساہی ہے ، جیسے دن کی روشنی میں ، بھرے مجمع میں کسی کے گال پرزناٹے دار تھپڑ رسید کیاجائے اوراس سے مکرجایاجائے اوریہ ماننے کے لئے ہرگزتیارنہ ہوا جائے کہ تھپڑرسیدکیاگیاہے، اسے کہتے ہیں سینہ زوری، اسے کہتے ہیں داداگری، اسے کہتے ہیں دبنگائی، آج کل ہمارے ملک میں یہی سب چل رہاہے، ’’جس کی لاٹھی، اس کی بھینس‘‘ سنتے اورپڑھتے آئے تھے، اب کھلی آنکھوں اس کا مشاہدہ کیاجارہاہے، عدالت میں ایک مورتی ہوتی ہے، جس کی آنکھوں پرپٹی بندھی رہتی ہے، اس کامطلب تو یہ ہے کہ یہ انصاف کی دیوی ہے، کسی ایک کی طرف نہیں دیکھتی؛ لیکن میں سوچاکرتاتھا کہ جب پٹی بند ھی ہوئی ہے تودیکھے گی کیسے؟ اورجب دیکھے گی نہیں توفیصلہ کیسے کرے گی؟ معلوم ہوا کہ انصاف کی دیوی دیکھ کرنہیں، سن کرفیصلے کیاکرتی ہے، اب ظاہرہے کہ سنانے والاجتنے اچھے رنگ ڈھنگ سے اپنی سنادے اورجس سے دیوی متاثرہوجائے، فیصلہ تواسی کے حق میں ہوگا، اگرآنکھ کھلی ہوتی توکم از کم چہرہ کے اکسپریشن سے تویہ معلوم ہی ہوجاتاکہ بولنے والاجھوٹاہے یا سچا، اب جاکریہ لوجک سمجھ میں آئی۔
بابری مسجد ملکیت کے تعلق سے جوفیصلہ ہوا، اس میں گگوئی نے کہاتھا کہ 1949میں مسجد کے اندر مورتی رکھناعبادت گاہ کی بے حرمتی کا عمل تھا، 1992میں اسے منہدم کیاجانا قانون کی خلاف ورزی تھی اور1949میں مسلمانوں کومسجدسے بے دخل کئے جانے کاعمل قانون کے تحت نہیں تھا، آج انہیں تین نکتے پربات کرتے ہیں، سب سے پہلی بات ’’1949میں مسجد کے اندرمورتی رکھناعبادت گاہ کی بے حرمتی کا عمل تھا‘‘، توسوال یہ ہوتاہے کہ یہ بے حرمتی کس نے کی؟ اس کوسزادی گئی یانہیں؟ اگرنہیں دی گئی توکیوں؟ اوراگردی گئی اتنی ہلکی کیوں دی گئی ، جس سے حوصلے بلند ہوئے اوربعد کے واقعات رونماہوئے؟ یہ معاملہ بہت حساس تھا، اس معاملہ کواس وقت کی حکومت نے کس انداز میں لیا؟ سنجیدگی کے ساتھ یا رواروی میں؟ اگرسنجیدگی کے ساتھ لیاتوپھرمعاملہ اتناآگے کیسے بڑھا؟ اوراگرسنجیدگی کے ساتھ نہیں لیا توپھرتوساراقصوراس کی وقت حکومت کاہے، اوریہی ظاہرہے، جیساکہ ملکیت کے فیصلہ اورشیلانیاس کے وقت سننے کوملاکہ ہرکانگریسی اس پرفخرکررہاتھا کہ بابری مسجدکے تعلق سے سارے کام انھوں نے کئے اورافسوس بھی ہورہاتھا کہ کریڈٹ بی جے پی لے رہی ہے۔
اس پرپھریہ سوال ہوتاہے کہ ان سب کرتوتوں کے باوجود ہمارے قائدین نے ہمیں کانگریس کا دم جھلاکیوں بناکررکھا؟ پہلے ہی مرحلہ میں اسے مسترد کیوں نہیں کردیا تھا؟ اگراسی وقت اسے مستردکردیاجاتااورپوری قوم کودوسراپلیٹ فارم مہیاکردیاجاتاتوسوال ہی نہیں ہے کہ آج کی طرح خون کے آنسو بہانے پڑتے، مولاناابوالکلام آزاد بڑے سیاست داں تھے اورپورے دم خم کے ساتھ بولتے تھے؛ لیکن اخیرزمانہ میں مہربہ لب ہوگئے تھے، وہ توکانگریس سے نہیں نکل سکتے تھے کہ انھوں نے بھرپورطریقے سے مسلم لیگ کی مخالفت کی تھی؛ لیکن ان کے علاوہ جوروشن دماغ تھے، دورس تھے، مفکرتھے، انھوں نے اس کومحسوس کیوں نہیں کیااوراگرمحسوس کیاتوخاموش کیوں رہے؟ یہ اوراس قسم کے سوالات آج کے حالات کودیکھ کربہت ساروں کے ذہن میں کلبلارہے ہیں۔
بابری مسجدملکیت کے فیصلے میں دوسری بات یہ بھی کہی گئی کہ ’’1949میں مسلمانوں کومسجدسے بے دخل کئے جانے کاعمل قانون کے تحت نہیں تھا‘‘، اس پرسوال یہی ہے کہ مسلمانوں کومسجدبے دخل کرنے کاکام کس نے کیا؟ کسی فردیاتنظیم نے تونہیں؛ بل کہ حکومت نے ہی کیا، مطلب صاف ہے کہ بابری مسجد کے تعلق سے جتنے بھی ’’کارنامے‘‘ انجام دئے گئے، حکومت کی نگرانی میں دئے گئے اورجس حکومت کی نگرانی میں دئے گئے، ہم اسی کے خادم بن کررہے؛ حتی کہ چندسالوں پہلے آسام الیکشن کے موقع سے بدرالدین اجمل کی پارٹی کے خلاف بھی ہم ہی نے جلسے جلوس کئے اوراپنی قوم کے فردکوووٹ دینے سے اپنی ہی قوم کے لوگوں کوروکا، سوال ہے کیوں؟ یہ بھی سوال ہے کہ جس حکومت نے سارے کارنامے انجام دئے؛ بل کہ مسلمانوں کوتعلیمی، معاشی اوردیگرترقیات سے روکنے میں کسی بھی طرح سے کوئی کسرباقی نہیں رکھا، ہم آج بھی اسی کے لئے نرم گوشہ رکھتے ہیں، یہ ہماری سادگی ہے کہ جس کی وجہ سے ہم بیمارہوئے، اسی سے دوابھی لے رہے ہیں:
میرکیاسادہ ہیں، بیمارہوئے جس کے سبب
اسی عطارکے لڑکے سے دوالیتے ہیں
یاکم فہمی ہے اور1947کے فسادات کی وجہ سے جوخوف وہراس ہمارے دل میں ڈالاگیاتھااورجس کافائدہ ہمیشہ سے اٹھایاگیا، ہم اس کوسمجھ نہیں سکے، آپ کیاسمجھتے ہیں کہ سچرکمیٹی کی رپورٹ آپ کی ہم دردی میں تھی؟ بہت سارے لوگ ایسا نہیں سمجھتے، وہ سمجھتے ہیں کہ یہ رپورٹ یہ بتانے کے لئے تھی کہ ہم نے اپنے دورحکومت میں مسلمانوں کوہرطرح سے پیچھے رکھا، تعلیم میں بھی، معیشت میں بھی اورسیاست میں بھی، اس کااندازہ کم از کم اب توہوہی جاناچاہئے اوراب بھی ہمیں سنبھل جاناچاہئے، اگرآج بھی بھی نہیں سمجھے تو پھرکبھی نہیں۔
اب آیئے تیسری بات پر، یعنی’’ 1992میں اسے منہدم کیاجانا قانون کی خلاف ورزی تھی‘‘، ظاہرہے کہ سوال یہ ہوگا کہ یہ خلاف ورزی کس نے کی؟ جس نے کی ، کیاانھیں گرفتارکیاگیا؟ اگرنہیں توکیوں؟ جب بابری مسجد منہدم کی گئی، اس وقت بھی حکومت کانگریس کی ہی تھی، اس کے پاس ملک کی ساری طاقتیں تھیں، بھیڑکوروکنے کی کوشش کیوں نہیں کی گئی؟ اس روٹ کی سبھی گاڑیوں کوبند کیوں نہیں کیاگیا؟ فوج پہلے سے ہی تعینات کیوں نہیں کی گئی؟ پھرجب مسجد ٹوٹ گئی تواس کے بعد حکومت نے کیاذمہ داری نبھائی؟ اس کے خلاف چلنے والے مقدمات میں اتنی تاخیرکیوں ہوتی رہی؟ اس کی فائلیں کیوں غائب ہوئیں؟ وہ افسران کہاں غائب ہوگئے، جن کے ہاتھوں سے فائلیں غائب ہوئی تھیں؟ ان کاسراغ کیوں نہیں لگایاجاسکا؟ مجرمین کے خلاف مقدمات اٹھائیس سال تک کیوں چلتے رہے؟ فاسٹ ٹریک عدالت قائم کرکے اسی وقت فیصلے کیوں نہیں کئے گئے؟ ان تمام سوالوں کے گھیرے میں ہے اس وقت کی حکومت؛ لیکن ظاہرہے کہ جواب کچھ بھی نہیں ہوسکتا۔
آج اٹھائیس سال کے بعدانہدامی کارروائی کے مجرمین کے تعلق سے فیصلہ آیا، وہ بھی سی بی آئی کی عدالت سے اورفیصلہ بھی کیسا؟ ایساکہ ساری دنیاحیران، 32کے 32مجرمین دودھ کی طرح دھلے ہوئے، جب کہ کئی مجرمین نے توخوداپنی زبان سے بھی اقرارکررکھاہے کہ ہم اس کے حصہ تھے اورسب سے اہم بات ’’رتھ یاترا‘‘ کوکوئی بھول سکتاہے کیا؟ لیکن یہ ثبوت نہیں ہیں، بندآنکھوں والی دیوی جوٹھہری، اس کافیصلہ توہی ہوگا، جواسے سنایاجائے گا؛ بل کہ جواس سے کہلوایاجائے گا، یہاں بھی وہی ہوا؛ لیکن یہ خلاف توقع بھی نہیں تھا، جب ملکیت کافیصلہ ہوا، اسی وقت معلوم ہوگیاکہ اب آگے کیاہونے والاہے؟ لیکن سوال پھربھی قائم ہے کہ جس کی وجہ سے ہم بیمارہوئے ، اسی کے پاس دوالینے کے لئے جاناہے یاکسی اورعطارکوڈھونڈھاجائے گا؟؟؟jamiljh04@gmail.com / Mob:8292017888








