Wednesday, 13 January 2021

صالح اورباشعور قیادت کی ضرورت


 صالح اورباشعور قیادت کی ضرورت

محمد جمیل اختر جلیلی ندوی


قوم کی طاقت اس کے اتحادمیں ہے اوریہ اتحاد اس وقت تک قائم نہیں ہوسکتا، جب تک کہ اس قوم میں کوئی ایسا فرد نہ ہو، جواس اتحاد کوقائم کرے، اسی اتحادکو قائم کرنے والے کوبہ الفاظ دیگر’’قائد‘‘ کہاجاتاہے، اقوام وملل کی تاریخ سے واقفیت رکھنے والے جانتے ہیں کہ جاہل سے جاہل اورتہذیب وتمدن سے کوسوں دوررہنے والی قوموں نے بھی اپنے آپ کوبغیرقائد کے رکھنا گوارانہیں کیا، ہاں یہ ضرور ہے کہ اس کے انتخاب کے طریقۂ کارمیں اختلاف رہاہے؛ لیکن قوم بغیرقائد کے نہیں رہی ہے۔

جوقوم بغیرقائد کے ہوتی ہے، وہ منتشرہوتی ہے، اس کے اندراختلاف کی بھرمارہوتی ہے، اس قوم کی مثال شتربے مہارکی سی ہوتی ہے، ہرایک کا راستہ الگ ہوتاہے، ہرایک کاگھاٹ جداہوتاہے، اس قوم پرطاقت ورقبیلہ کے لوگ ظلم بھی ڈھاتے ہیں، جفابھی کرتے ہیں، بیگاری کاکام بھی لیتے ہیں؛ لیکن جس قوم کاکوئی قائدہوتاہے، رہبرہوتاہے، وہ منتشر قوم نہیں ہوتی ہے، اس قوم پرطاقت ورقبیلہ بھی ظلم کرنے سے ڈرتاہے، اس کی واضح مثال خود ہماری تاریخ میں ملتی ہے،غزوۂ تبوک میں اپنی سستی اورکاہلی کی وجہ سے بعض سچے مسلمان بھی شریک نہیں ہوسکے تھے، انھیں میں ایک حضرت کعب بن مالکؓ بھی تھے، انھیں سماجی بائیکاٹ کی سزاسنائی گئی، جس کی مدت پچاس دن تھی، یہ مقاطعہ اس قدر سخت تھا کہ زمین اپنی کشادگی کے باوجود تنگ معلوم ہونے لگی، رشتہ داروں نے منھ موڑلیا، دوست یاروں نے بات کرناچھوڑدیا، مدینہ کی گلیوں میں کوئی ایک فرد ایسا نہیں تھا، جوحال چال پوچھتا اورنہ وہاں کے بازاروں میں کوئی ایک شخص ایساتھا، جوخیرخیریت دریافت کرتا، اپنے ہی شہرمیں بیگانگی کی حالت میں زندگی گزررہی تھی۔

انسانی فطرت یہ چاہتی ہے کہ کوئی تسلی دینے والاہو، کوئی پرسان حال ہو، اوراس طرح کے نازک وقت میں توبدرجۂ اولیٰ طبیعت اس کا تقاضا کرتی ہے؛ حتی کہ ایسے وقت میں دشمن کی تسلی بھی اس طرح سکون بخش ہوتی ہے، جس طرح موسم گرمامیں روح افزا کی شربت،دشمن بھی اس طرح کے مواقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا، یہاں بھی ایساہی ہوا، دشمن کوبھنک لگی اوردشمن بھی ایساویسا نہیں، غسان کابادشاہ، اس نے ایک خط لکھا: أمابعد! فإنہ قد بلغناأن صاحبک قد جفاک، ولم یجعلک اللہ بدارہوان ، ولامضیعۃ، فالحق بنا نواسک۔ ’’ہمیں خبرملی ہے کہ آپ کے سردار نے آپ پرظلم کیاہے، جب کہ اللہ نے آپ کوذلت اٹھانے اورضائع ہونے کے لئے نہیں پیدا کیاہے، لہٰذا ہم سے آکرمل جایئے، ہم آپ کے ساتھ ہم دردی کریں گے‘‘۔

ہم آپ جیسے لوگ ہوتے توشاید بادشاہ غسان کی دعوت قبول کرنے میں دیرنہیں کرتے، آج بھی ہم میں سے کتنے ہیں، جب دشمن انھیں اپنے مطلب کی خاطراستعمال کرلیتا ہے اورہم آسانی کے ساتھ استعمال بھی ہوجاتے ہیں، اسی استعمال ہونے کی وجہ سے ہی آج روئے زمین پرہمیں’’ماء مستعمل‘‘ سمجھ لیاگیاہے، حضرت کعب بن مالکؓ نے ایک جھٹکے میں اس خط کونذرآتش کردیا؛ لیکن سوال یہ پیداہوتاہے کہ آخرغسان کے بادشاہ کویہ جراءت کیسے ہوئی کہ ایک ایسے مسلمان کو دعوت شیراز دے ڈالے، جواپنی غلطی کی سزا کے طورپر بائیکاٹ کیا گیا ہو؟ شاید اس وجہ سے کہ اس نے یہ سوچا ہوکہ یہ شخص اتنی سخت سزاکی وجہ سے اپنے قائد سے دوری اختیارکرنے پرمجبورہوجائے اوراس طرح ہم فائدہ اٹھالیں؛ لیکن اسے معلوم نہیں تھا کہ ان کاتعلق اس جماعت سے ہے،جو اپنی ہرسانس کے بدلے ’’احد‘‘ کانعرہ لگاتی ہے، ان کاتعلق اس گروہ سے ، جوتختۂ دار میں بھی جھومتے ہوئے کہتاہے:

فلست أبالی حین أقتل مسلماً

علی أی جنب کان للہ مصرعی

وذلک فی ذات الإلٰہ وإن یشأ

یبارک علی أوصال شلو ممزع

(میں حالت اسلام میں شہید ہوجاؤں تومجھے اس کی کیاپرواہ کہ میں کس پہلوپرگرتاہوں، جب کہ میری موت اللہ کی راہ میں ہے، میری شہادت صرف رضائے الٰہی کے لئے ہے، اگر وہ چاہے گاتومیرے بکھرے ہوئے اعضاء کے جوڑوں میں برکت عطاکرے گا)

یہاں یہ بھی سوچنے کی ضرورت ہے کہ ہم بھی اسی قوم کی اولاد ہیں، جس نے اپنے پاؤں تلے شاہوں کے تاجوں کوروند دیاتھا، جس نے رستم کے دربار کے مخملیں فرش کو تار تار کردیاتھا، ہمارے آباء وہی ہیں، جن کی ایک آواز سے جنگلی جانوروں نے پوراجنگل خالی کردیاتھا، جن کے راستے کودریاکی طغیانی بھی نہیں روک سکی؛ لیکن آج ہماری حالت یتیم کے دسترخوان پرلئیم کی سی ہے،جس کی بنیادی وجہ قیادت کا فقدان ہے، دشمن نے اسی قیادت کے قبا کوترک ناداں کے ذریعہ سے چاک کروایا، کم از کم مسلمان اس کی وجہ سے یک جٹ توتھے اورمسلمانوں کی اس یکجائی کی وجہ سے دشمن آنکھ اٹھاکردیکھنے سے بھی ڈرتاتھا۔

کوئی یہ سوال کرسکتاہے کہ عالمی سطح پراگردیکھاجائے تومسلمانوں کے 56، 57ممالک ہیں، ان میں ان کی حکومت بھی ہے، اورملکی پیمانہ پردیکھاجائے تومسلمانوں کی کئی غیرسیاسی تنظیمیں ہیں،کئی سیاسی تنظیمیں ہیں، کئی امیرالمؤمنین ہیں، کئی قائدہیں، جومسلمانوں کے مسائل میں دلچسپی لیتے ہیں ، انھیں حل کرنے کی کوششیں کرتے ہیں، پارلیامنٹ میں بھی آواز بلند کرتے ہیں، پھرتوقیادت کے فقدان کاشکوہ بے جاہے، تواس کا جواب یہ ہے کہ ہمیں مطلق قیادت کی شکایت نہیں ہے، وہ توہے، ہمیں شکایت یہ ہے کہ ہمارے پاس صالح قیادت نہیں ہے ، یہ بھی شکوہ ہے کہ ہمارے پاس ایسے باشعورقائدین کافقدان ہے، جوحمیت اسلامی اورغیرت دینی کے بھی حامل ہوں، جوایمانی فراست سے بھی متصف ہوں، جو اللہ کے راستے میں کسی ملامت گرکی ملامت کی پرواہ بھی نہیں کرتے ہوں، جن کے سامنے قومی مفاداصل کی حیثیت رکھتے ہوں، جوبے لوث اوربے غرض ہوں اورذاتی مفاد کے تعلق سے سوچتے بھی نہیں ہوں، جن کے اندراعتدال اورتوازن ہو، جواپنی ہی رائے پر اصرار کرنے والے نہ ہوں،جولوگوں کے مابین انصاف ومساوات سے کام لیتے ہوںاور جو احوال زمانہ سے بھی واقف ہوں۔

کیاآج ایسی قیادت ہے؟ کیاآج ایسے قائدین ہیں؟جوممالک اسلامی کہلاتے ہیں، کیاوہاں کے حکمراں قوم کے تئیں بے لوث ہیں؟ اسلام کی بابت وہ بے غرض ہیں؟ جوسیاسی اورغیرسیاسی تنظیمیں ہمارے ملک میں ہیں، ان کے صدورایسے ہیں؟ ان کے رہنما اورقائدین ایسے ہیں؟ یہاں توقیادت ایسی ملتی ہے، جس کے سامنے قومی مفادات کے مقابلہ میں ذاتی مفادات اہم ہوتے ہیں، قائدین ایسے ہوتے ہیں، جوشعورسے نابلد ہوتے ہیں، کس وقت کون ساکام کرناچاہئے؟ اس کاخیال رکھنے کی بجائے، اس بات پرزوردیتے ہیں کہ بس ہم ہی ہم رہیں، چاہے قوم کی کشتی ڈوب جائے، کوئی حرج کی بات نہیں ہے، ہماری اپنی نیا پارلگنی چاہئے، حقیقت یہ ہے کہ آج ہمیں جس صالح قیادت کی ضرورت ہے، اس سے ہم محروم ہیں اوراسی محرومی کی وجہ سے ہم پرحالات طاری ہیں۔

اس واقعہ پربھی غورکیجئے! جب حضرت امیرمعاویہ ؓ اور حضرت علیؓ  کے درمیان مشاجرہ چل رہاتھا، رومیوں کی طرف سے حضرت امیرمعاویہؓ کے نام خط آیاکہ آپ چاہئیں توہم آپ کے ساتھ مل کرعلی سے جنگ کرسکتے ہیں، جس کے نتیجہ میں آپ کی فتح یقینی ہے، ہمارے اورآپ کے جیسے لوگ ہوتے توخوش ہوجاتے اوراس تعاون کومخلص جان کرقبول کرلیتے؛ لیکن قربان جایئے حضرت امیرمعاویہؓ پر! انھوں نے دوٹوک انداز میں جواب دیا کہ ’’اورومی مردود! اگرتم نے علی کی طرف آنکھ اٹھاکردیکھنے کی جراء ت بھی کی توتم مجھے علی کے لشکرکا ادنیٰ سپاہی پاؤگے‘‘۔

آپسی لڑائی، آپسی ناچاقی اورباہم دست وگریباں کودیکھ کرہی رومیوں کویہ جراء ت ہوئی کہ وہ ایک مسلم قائد کودوسرے مسلم قائد کے تعلق سے توڑنے کی کوشش کرے؛ لیکن وہ چراغ مصطفوی سے کسب فیض اٹھائے ہوئے لوگ تھے، ان کے سامنے قومی مفاد عزیزتھا،دشمن ان کوتوڑ نہیں سکا، کاش !ہمارے پاس بھی ایسے قائدین ہوتے، جودشمن کی چال کوسمجھتے، جوآج کے حالات کے مطابق قوم کی رہنمائی کرتے، دنیاوی لحاظ سے بھی اوردینی لحاظ سے بھی، جواپنے بھائی کے خلاف کمپین نہیں کرتے؛ بل کہ اپنے بھائی کے حق میں آواز بلند کرتے، آج بہت سارے میدانوں میں لوگ کام کررہے ہیں؛ لیکن قومی سطح پرقائد نہ ہونے کی وجہ سے تمام لوگ ایک ہی جیسے کام میں لگے ہوئے ہیں، اگرقیادت ہوتی توکام کی تقسیم ہوتی، جس سے قوم کوزیادہ فائدہ پہنچتا۔

آج کسان آندولن کودیکھ کرلگتاہے کہ ہم اتنی بڑی تعدادمیں ہونے کے باوجودخوف وہراس میں کیوں مبتلا ہیں؟ سکھ لوگوں کی تعریف اس تعلق سے کرنی چاہئے کہ پورے ملک کے سکھوں کوجوڑکررکھنے کی کوشش  انھوں نے کررکھی ہے اوراس میں وہ بہت حد تک کامیاب بھی ہیں، اسی جوڑ کانتیجہ آج آپ کے سامنے ہے، سپریم کورٹ نے زرعی قوانین پراسٹے لگا دیا ہے، ایک لحاظ سے یہ بھی کامیابی ہے، اس سے قبل سی اے اے کے سلسلہ میں بھی آندولن ہواتھا، ایک سوایک دن تک چلتارہا، اسی شدومد یا اس سے بھی زیادہ شدومد سے چلتا رہا، حکومت کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگیں، وجہ قیادت کافقدان، طلبہ نے آغاز کیا؛ لیکن قائدین اپنی قیادت کوبچانے کے چکرمیں سینہ سپرنہیں ہوئے، ان طلبہ کااس طرح سپورٹ نہیں کیاگیا، جس طرح کیا جانا چاہئے تھا، نتیجہ آپ کے سامنے ہے، ان سب کے باوجود بھی اگرصالح قیادت کی ضرورت محسوس نہ کی جائے اوراس کے لئے کوششیں نہ ہوں توپھرقوم کومردہ ہی سمجھاجائے گا۔

اس کامطلب ہرگز یہ نہیں کہ قائدین کوہرحال میں قیادت سے محروم کردیاجائے اورہرحال میں ایک نئی قیادت لائی جائے؛ بل کہ یہ بھی ممکن ہے کہ قائدین اپنے آپ کو حالات کے مطابق ڈھالیں، زمانہ کے تقاضے کے  لحاظ سے اپنی سوچ وفکر میں تبدیلی لائیں، جس وقت جس چیز کی ضرورت ہے، اس وقت وہی چیز قوم کے سامنے پیش کریں، ایک قائد کی مثال ایک ڈاکٹر کی سی ہوتی ہے، صحیح وقت پرعلاج اورصحیح وقت پرصحیح دوا کی تجویز سے ہی مریض کے مرض کوٹھیک کیاجاسکتاہے، ورنہ بعد محرم یاحسین اورThe patient is no more سے کوئی فائدہ نہیں۔


چوری(افسانچہ)

 چوری

محمد جمیل اختر جلیلی ندوی

دے دنادن…دے دنادن…پپوکے ابانے اس کی اس طرح کٹائی کی، جس طرح گھاٹ پردھوبی کپڑوں کی کٹائی کرتاہے، وجہ یہ بنی کہ پپو کے ڈھائی سالہ چچازادبھائی نے اپنی توتلی زبان سے پپوکے والد سے شکایت کرتے ہوئے کہا:

’’انتل انتل! پپوبھائی دان نے چوری کی ہے‘‘۔

’’کس کاسامان چرایا؟‘‘، پپوکے والد نے اس سوال کیا۔

’’دادادان کا‘‘ اس نے جواب دیا۔

بس پھرکیاتھا، پپوکی شرارتوںکومدنظررکھتے ہوئے اورایک معصوم کی بات کایقین کرکے پپوکی اچھی خاصی خبرلے ڈالی۔

پپوکے چلانے کی آواز سن کردادا اپنے کمرے سے باہرآئے اورپپوکوبچاتے ہوئے بیٹے سے پوچھا:

’’اس بے چارہ کواس بے دردی سے کیوں ماررہے ہو؟‘‘۔

’’ماروں نہیں تواورکیاکروں؟ ابھی سے چوری کی عادت ڈال رہاہے، آگے پتہ نہیں کیاکرے گا؟‘‘، پپوکے والد نے جواب دیا۔

’’کس کاسامان چرایا؟‘‘، دادانے پھرپوچھا۔

’’آپ کا‘‘، بیٹے نے جواب دیا۔

’’میرا؟!‘‘ حیرت واستفہام کے ملے جلے جذبات کے ساتھ انھوں نے اپنی جیب ٹٹولنی شروع کی، سارے پیسے توتھے، پھرکیا؟ اب دادا نے پپوسے پوچھا:

’’تم نے کیاچرایا؟‘‘۔

پپونے روتے ہوئے راز افشاکیاکہ یوٹیوب پر’’چچابھتیاجا‘‘ دیکھنے کے لئے آپ کاڈاٹاچرایاتھا۔

Monday, 11 January 2021

بیع معاومہ کا مصداق

بیع معاومہ  کا مصداق 

محمد جمیل اختر جلیلی ندوی

’’معاومہ‘‘عام سے بناہواایک لفظ ہے، جس کے معنی ’’سال‘‘ کے آتے ہیں،حدیث میں معاومہ کی بیع سے منع کیاگیاہے؛ چنانچہ حضرت جابرؓفرماتے ہیں:

 نہی رسول اللہ ﷺ عن المحاقلۃ، والمزابنۃ، والمعاومۃ، والمخابرۃ۔ (مسلم، باب النہی عن المحاقلۃ والمزابنۃ…، حدیث نمبر: ۱۵۳۶)

رسول اللہ نے محاقلہ، مزابنہ، معاومہ اورمخابرہ سے منع فرمایاہے۔

اس حدیث کی شرح میں امام نوویؒ لکھتے ہیں:

وأماالنہی عن بیع المعاومۃ، وہوبیع السنین، فمعناہ: أن یبیع ثمرالشجرۃ عامین، أو ثلاثۃ، أوأکثر، فیسمی بیع المعاومۃ وبیع السنین۔ (شرح النووی، باب النہی عن المحاقلۃ…: ۱۰؍۱۹۳)

جہاں تک بیع معاومہ سے ممانعت کی بات ہے اوروہ بیع سنین(سالوں تک کی بیع )ہے تواس کامطلب یہ ہے کہ درخت کے پھل دو، تین یااس سے زائدسالوں کے لئے فروخت کیاجائے، اسے بیع معاومہ یابیع سنین کہاجاتاہے۔

معلوم ہواکہ معاومہ درخت کے پھلوں کوکئی سال کے لئے بیچ دیاجائے، مثلاً یوں کہاجائے: میں اپنے درخت یاباغ کے پھلوں کودویاتین یاچار سالوں کے لئے ہرسال دس ہزارروپے کے عوض میں بیچتاہوں،تو یہ’’ معاومہ‘‘ کہلائے گا؛ لیکن یہ صرف پھلوں کے ساتھ مقید نہیں ہے؛ بل کہ پھلوں کے علاوہ وہ زمینی پیداواربھی شامل ہے، جوغیرمعلوم معدوم ہو، شیخ الاسلام علی بن حسین سغدیؒ فرماتے ہیں: 

بیع المعاومۃ وہوأن یقول: بعت منک مایخرج من أرضی، أوشجری کذاعاماً بکذادرہماً۔ (النتف فی الفتاوی: ۱؍۴۶۹، تحقیق: ڈاکٹرصلاح الدین الناہی)

بیع معاومہ یہ ہے کہ کوئی کہے: میں نے تم سے اپنی زمین یادرخت کی پیداواراتنے سال کے لئے اتنے درہم میں بیچا۔

نیز یہ کئی سالوں کامعاملہ ایک ہی عقدمیں ہو، ایسانہ ہو کہ ہرسال تجدید کیاجائے، علامہ ابن اثیرؒ(م:۶۰۶ھ) رقم طرازہیں:

بیع السنین: بیع الثمرۃ للسنین: ہوأن یبیعہا لأکثرمن سنۃ فی عقد واحد، وہوبیع غرر؛ لأنہ بیع مالم یخلقہ اللہ تعالیٰ بعد۔(جامع الأصول فی أحادیث الرسول، الفرع الثالث: فی المحاقلۃ والمزابنۃ والمخابرۃ ومایجری معہا، حدیث نمبر: ۳۰۱:…، نیل الأوطار، باب النہی عن بیع الثمرقبل بدوصلاحہ: ۵؍۲۳۹)

بیع سنین: کئی سالوں کے لئے پھل کی بیع: وہ یہ ہے کہ آدمی ایک سے زائد سال کے لئے ایک عقدمیں بیع کرے، یہ بیع غررہے؛ کیوں کہ یہ ایسی چیز کی بیع ہے، جسے اللہ تعالیٰ نے ابھی تک پیداہی نہیں کیا۔

اسی طرح ’معاومہ‘ میں صرف ایسے پھل یادوسرے زمینی پیداوارہی شامل ہوں گے، جوتازہ ہوں؛ کیوں کہ خشک پھلوں یازمینی پیداوارمیں عقد سلم کرتے ہوئے کئی سالوں کی بیع کی گنجائش ہے، احمدبن محمد قدوریؒ(م: ۴۲۸ھ) رقم طراز ہیں:

ویجوز أن یکون السلم سنین [إن] کان فی الثمارالیابسۃ، وذلک لایعدم من أیدی الناس۔ (التجرید:۵؍۲۶۶۳، مسئلہ نمبر: ۱۳۰۵۲، تحقیق: ڈاکٹرمحمداحمدسراج وڈاکٹرعلی جمعہ محمد)

اگرپھل خشک ہوں اورلوگوں کے پاس موجودہوں توکئی سالوں کے لئے سلم جائزہے۔

تنبیہ

مذکورہ عبارت میں سلم کے ذکرسے یہ بات نہ سمجھی جائے کہ بیع سلم اوربیع معاومہ دونوں ایک ہی ہیں؛ بل کہ دونوں میں فرق ہے کہ اول (سلم) کاتعلق بیوع الصفات سے ہے، جب کہ ثانی(معاومہ) کاتعلق بیوع الأعیان سے ہے،  امام خطابیؒ لکھتے ہیں:

 بیع السنین:ہوأن یبیع الرجل ماتثمرہ النخلۃ، أوالنخلات بأعیانہاسنین ثلاثاً أوأربعاً، أوأکثرمنہا، وہذاغدر؛ لأنہ یبیع شیئاً غیرموجود، ولامخلوق حال العقد، ولایدری ہل یکون ذلک أم لا؟وہل یتم النخل أم لا؟ وہذافی بیوع الأعیان، فأمافی بیوع الصفات فہوجائز، مثل أن یسلف فی شئی إلی ثلاث سنین، أوأربع، أوأکثر مادامت المدۃ معلومۃإذاکان الشئی المسلف فیہ غالبا وجودہ عندوقت محل السلف۔ (معالم السنن، باب بیع السنین: ۳؍۷۱)

بیع سنین یہ ہے کہ آدمی درخت یاباغ میں آئے ہوئے عین پھلوںکی بیع تین، چار یااس سے زائدسالوں کے لئے کرے، یہ دھوکہ ہے؛ اس لئے کہ اس میں غیرموجوداورایسی شئی کی بیع ہورہی ہے، جو عقد کے وقت موجودہی نہیں ہے، نہ یہ معلوم کہ یہ ہوگابھی یانہیں؟ اورکیا پھل تمام میں آئیں گے یانہیں؟ اوریہ بیوع الأعیان میں ہے، جہاں تک بیوع الصفات کاتعلق ہے تویہ جائزہے، مثلاً: کوئی تین، چاریااس سے زائد سالوں کے لئے سلم کرے تومدت معلوم ہونے اورسامان کے حوالگی کے وقت تک شئی کے غالب طورپر موجودرہنے کی صورت میں درست ہے۔

بعض حضرات کئی سالوں کے لئے زمین کرایہ پرلینے کوبھی معاومہ میں شامل کرتے ہیں، ڈاکٹر محمود عبد الرحمن عبدالمنعم نقل کرتے ہیں:

وقیل: ہی اکتراء الأرض سنین۔ (معجم المصطلحات والألفاظ الفقہیۃ: ۲؍۳۰۸، نیل الأوطار، باب النہی عن بیع الثمرقبل بدوصلاحہ: ۵؍۲۳۹)

اورکہاگیاہے کہ معاومہ سے مراد کئی سالوںکے لئے زمین کرایہ پرلیناہے۔

خلاصہ یہ کہ :’’بیع معاومہ سے مرادایساعقدبیع ہے، جومتعینہ قیمت پرکئی سالوں کے لئے درختوں پرلگے ہوئے تازہ اورترپھلوں یادوسری زمینی پیداوار پرایک ہی عقد میں کیا جائے‘‘، ہذاماعندی، واللہ اعلم بالصواب!


Saturday, 9 January 2021

نمکین شہد(افسانچہ)

 نمکین شہد

محمد جمیل اختر جلیلی ندوی

وہ بہت خوش تھی، مارے خوشی کے صبح تڑکے ہی بسترکواس نے الوداع کہہ دیاتھا؛ حالاں کہ اس کی اس حرکت کی وجہ سے نرم وملائم گدے نے ناک منھ بھی چڑھایا، اس نے بہت کوشش کی کہ روز کی طرح ابھی کچھ اوروقت محبوب کے لمس سے بہارکامزا لوٹے، اپنے مدھرآواز میں اس نے ’’ابھی چاندنی ہے نہ جاؤ تم، میں غزل سناتارہوں تمہیں‘‘گنگنانابھی شروع کردیا ؛ لیکن’’ جس بات کاڈرتھا، وہی بات ہوگئی‘‘، باہوں کے حصار کو توڑتے ہوئے وہ باتھ روم کی طرف بھاگ کھڑی ہوئی۔

آج کادن بہت انتظارکے بعد میسرہورہاتھا، لہٰذا اس کے لئے ’’عیدکے دن‘‘ سے کسی طرح کم نہ تھا، ہلال عید کے بعدجس طرح کی تیاریاں رات میں کی جاتی ہیں، اسی طرح اس نے مہندی کی عمدہ کشیدہ کاری سے اپنے خوب صورت ہاتھوں اورپیروں کوسجایا، اس چکرمیں آدھے سے زیادہ رات کاحصہ اس طرح دبے پاؤں نکل گیا کہ اسے پتہ ہی نہ چل سکا، گھڑی پرنظرپڑتے ہی سونے کی فکرسوارہوئی کہ صبح دم اٹھ کر تیاربھی ہوناتھا۔

وہ باتھ روم سے فریش ہوکرنکلی، بسترنے جونگاہ اٹھاکردیکھا تودیکھتاہی رہ گیا، آج وہ پوری بدلی بدلی نظرآرہی تھی، چہرہ گلاب کی طرح کھلاکھلا، ہونٹوں پرلمبی مسکان کھیلتی ہوئی، آنکھوں میں ایک عجیب قسم کی چمک، آہستہ سرمیں کچھ گنگنا بھی رہی تھی ، یہ تمام چیزیں کسی ایسی خوشی کاپتہ دے رہی تھیں، جوشاید زندگی میں اسے پہلی بارملنے والی ہو۔

سچ بھی تھا، کافی منتوں کے بعداس کی خواہش کی تکمیل ہورہی تھی، آج وہ ڈیٹ(Date)پرجارہی تھی، شہرسے کافی دوراس پارک میں، جہاں صرف جوڑیاں ہی جایاکرتی ہیں، سجنے سنورنے میں تقریباً دوگھنٹے صرف ہوئے، پھرجوآئینہ کے سامنے کھڑی ہوئی توآئینہ خوداپنامنھ چھپانے لگا، وہ کوہ قاف کی پری سے کسی طورکم نہیں دکھ رہی تھی، اب انتظارتھا اورانتظارکی یہ گھڑیاں مہینوں پرمحیط معلوم ہورہی تھیں، اچانک موبائل پرگھنٹی بجی اوروہ سیڑھیوں کوپھلانگتے ہوئے بائک پرسوارہوگئی۔

راستے بھرمحبوب زومنگ اراؤنڈ کرتے ہوئے حسن پری پیکرکے سامنے کرتب دکھاتارہا ، کئی جگہ رک کرکچھ کھایا پیابھی، پھرکچھ اسنیکس آئٹم لے کر منزل شوق پرجاپہنچے، وہاں کافی چہل پہل تھی اورجوڑیاں رنگ برنگی تتلیوں کی طرح چاروں طرف نظرآرہی تھیں، ہرطرف جوڑے ایک دوسرے میں اس طرح مدغم نظرآئے، جیسے ایک جنس کے دوحرفوں کوملا دیا جاتاہے، یاجیسے دونوں ہاتھ کی انگلیوں کی تشبیک کی جاتی ہے، کچھ جعد مشکیں سے اٹکھیلیاں کررہے تھے، کچھ ایک ساتھ جینے اورمرنے کی قسمیں کھارہے تھے، کچھ نیل آرم اسٹرانگ بن کرمحبوب کی قدموں میں چاند توڑکرلانے کی باتیں کررہے تھے، کچھ وہ بھی تھے، جو محبوب کے سامنے ستاروں کوسجدہ ریزکروارہے تھے، کچھ محبوب کے جمال دل نشیں پرشاہ خاورکوقربان کررہے تھے۔

بڑی مشکل سے ایک گوشہ تنہائی نظرآئی اوروہ دونوں لپک کرجاپہنچے،پہلے تو سانسیں درست کی گئیں، پانی کے باٹل سے خشک ہوتے گلے کوترکیاگیا، پھر لن ترانیاں شروع ہوئیں، شاخ سے شاخ نکلنے کی طرح بات سے بات بھی نکلتی جارہی تھی اورساتھ میں وقت بھی، دوپہر میں اسی اسنیکس سے کام چلایاگیا، جوساتھ میں اسی غرض سے لیاگیاتھا، پھروہی لن ترانیاں۔

اب سورج کی تپش کم ہورہی تھی؛ لیکن آتش جوانی شعلہ جوالہ بنتی جارہی تھی، ہواؤں کی گستاخیاں بھی بڑھ رہی تھیں،ساتھ میں شبابی تلاطم خیزیاں  بھی درختوں پربیل چڑھنے کی طرح آہستہ خرامی کے ساتھ عروج پرپہنچنے کوبے تاب تھیں، ان پراسے غصہ کی بجائے پیارآرہاتھا، ان کوجھٹکنے کی بجائے وہ اس طرح چمکاررہی تھی، جیسے کوئی اپنی پوسی کوچمکارتی ہے، جس کی نتیجہ میں یہ پھول کرشیرہوگئیں، پھرہوش اس وقت آیا، جب نمکین شہد کی بوناک کے بانسہ تک جاپہنچی، وہ سٹپٹاگئی اوراندیشۂ طوفاں سے اس کادل کانپ گیا؛ لیکن …کاش…یہ اندیشۂ طوفاں پہلے اٹھ گیاہوتا…اے کاش!…شبابی تلاطم خیزیوں کو وہ پہلے جھٹک چکی ہوتی… اے کاش! … اے کاش! …

Thursday, 7 January 2021

سی اے اے احتجاجیوں کے خلاف چارج شیٹ فسطائی ذہنیت کی عکاسی

 سی اے اے احتجاجیوں کے خلاف چارج شیٹ فسطائی ذہنیت کی عکاسی

محمد جمیل اخترجلیلی ندوی


ایک جمہوری ملک میں عوام کواحتجاج کاحق حاصل ہوتاہے، اسے کوئی چھین نہیں سکتا، اگراحتجاج کے حق کوختم کردیاجائے توپھروہ ملک بھی جمہوری ملک باقی نہیں رہتا، دنیاکے کسی بھی جمہوری ملک کے تعلق سے یہ نہیں کہاجاسکتاہے کہ وہاں احتجاج کے حق کوختم کردیاگیاہے، سوائے ان ممالک کے ، جہاں کے حکمرانوں نے ظلم کوروارکھاہے، احتجاج ایک ایساحق ہے، جس کے ذریعہ سے حکومت من مانی کرنے سے ڈرتی ہے، اگراس کوختم کردیاجائے توپھرحکومت ڈکٹیٹربن جاتی ہے۔

ہمارے ملک میں پچھلے ادوارمیں یہ کام اپوزیشن کرتی رہی ہے؛ لیکن یہ اس وقت کی بات ہے، جب کہ اپوزیشن مضبوط ہوتی تھی، آج اپوزیشن نام کی کوئی چیز نہیں ہے؛ اس لئے عوام نے اس کام کو اپنے ذمہ لیاہے، اس سے قبل بھی کچھ عوامی احتجاجات ہوئے ہیں ، جیسے اناہزارے کااحتجاج اورہاردک پٹیل کااحتجاج، ان کے احتجاجات بھی پرامن تھے اورمہنگائی کے خلاف اورحق کے لئے تھے، اس وقت تمام لوگوں نے ان کاسپورٹ کیا، میڈیانے بھی ان کاساتھ دیا۔

اس وقت بھی ایک زبردست احتجاج چل رہاہے، جوکسان آندولن کے نام سے جاناجارہاہے، اس احتجاج میں اصلاً توکسان شامل ہیں؛ لیکن چوں کہ یہ بھی حق اورانصاف کے لئے ہے؛ اس لئے ملک کاہرانصاف پسند شہری عملی طورپرنہ سہی؛ لیکن ذہنی طورپرضرور شریک ہے، احتجاجیوں اورحکومت کے درمیان کئی مرتبہ گفتگو ہوچکی ہے؛ لیکن کوئی گفتگو نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکی ہے، کسانوں کے اس احتجاج کوروکنے کے لئے حکومت نے بہت زورصرف کیا، سڑکوں تک کو کھدوا ڈالا؛ لیکن احتجاجیوں کادھارارک نہ سکا اوروہ تمام رکاوٹوں کوروندتے ہوئے دہلی پہنچ گئے۔

گزشتہ سال ایک احتجاج جے این یومیں بھی ہوا تھا، جوحکومت کے اس فیصلہ کے خلاف تھا، جس کی روسے تعلیمی فیس میںاضافہ کیاگیاتھا، یہ احتجاج بھی پرامن ہی تھا، اور جے این یوکے ساتھ ملک کے تقریباً تمام یونیورسٹیوں کے طلبہ نے بھی ساتھ دیاتھا اوراس کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی تھی؛ لیکن طلبہ کی آواز کوطاقت کے زورپردبایاگیا اوران کی فریادنہیں سنی گئی، تقریباً تمام یونیورسٹیوں میںہنگامہ برپاکروایاگیااورباہری غنڈوں کے ذریعہ سے طلبہ پرظلم وستم ڈھائے گئے، ہاتھ پیرتوڑے گئے اورآنکھ وسرپھوڑے گئے، پھربعض غنڈوں کی شناخت بھی ہوئی؛ لیکن اندھے قانون سے ان کوکوئی نقصان نہیںہوا۔

گزشتہ سال کشمیرمیںبھی زبردست ہنگامہ آرائی رہی، جس کی وجہ دفعہ 370کاہٹاناتھا، وہاں کے احتجاجات کوکچلنے کے لئے پہلے تووہاں کے تمام لیڈران کونظر بند کردیا گیا، جوعملاً قیدہی کی شکل ہے، پھرپورے خطہ کوفوجی چھاؤنی میںتبدیل کردیاگیا، نیٹ کی سہولت ختم کردی گئی؛ تاکہ وہاں کے حالات سے باخبری نہ ہواجاسکے، جوکیاگیا، وہ غلط طریقے سے کیاگیا، ایسے اندازمیںکیاگیا، جیسے کسی کمزورملک پرقبضہ کیاجاتاہے۔

گزشتہ سال ایک اوراحتجاجی ریلی نکلی تھی، جوطلاق ثلاثہ بل کی مخالفت میں بھی لاکھوں کی تعداد میں خواتین نے اس میں شرکت کی تھی؛ لیکن حکومت کے کان میں جوں تک نہیں رینگی، پھرایک اورقانون پاس کیا گیا، جسے سی اے اے کے نام سے جانا جاتا ہے، اس قانون کے خلاف بھی زبردست عوامی احتجاج شروع ہوا، سب سے پہلے شاہین باغ میں شروع ہوا، پھرملک کے چپے چپے میں یہ احتجاجات ہوئے، شاہین باغ مرکز کے طورپرسمجھا گیا، اس میں بھی مسلمانوں کے علاوہ دوسری قوموں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی تھی، یہ احتجاج بھی دراصل اس ظالمانہ قانون کے خلاف تھا، جس کی روسے اس ملک کی ایک قوم کی شہریت کونشانہ بنائے جانے کاامکان ہے، یہ قانون ابھی تک ختم نہیں ہواہے، جوں کاتوں باقی ہے، اس تعلق سے احتجاج 101دن تک چلتارہا۔

اس دوران بہت سارے نشیب وفراز آئے، بم پھینکے گئے، گولیاں داغی گئیں، دھمکیاں دی گئیں، پھردہلی میں اس کی وجہ سے ہی ٹارگٹ کرکے فساد بھڑکایا گیا اوردسیوں مساجد، مزارات اورگھروں کونذرآتش کردیاگیا، جانیں بھی گئیں، اس تعلق سے چارج شیٹ بھی ایساداخل کیا گیا، جس کے لحاظ سے ’’ہم ہی مقتول بھی، ہم ہی مجرم بھی‘‘ ٹھہرائے گئے، کورناکے دورمیں حکومت کوموقع ملااوراحتجاج میں شریک ہونے والوں کوچن چن کرگرفتار کیا گیااورجیل کی سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیاگیا، آج بھی بہت سارے جیل ہی میں ہیں۔

اس تعلق سے سب سے سنگین مسئلہ یوپی کاہے، وہاں حکومت بھی بی جے پی کی ہے اورسی ایم یوگی جی ہیں، جن کی شدت پسندانہ ذہنیت کوہرکوئی جانتاہے، اس تعلق سے یوپی پولیس نے 4751افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے، یہ چاج شیٹ کس بنیاد پرتیارکی گئی ہے؟ اکثرجگہوں پرجواحتجاجات ہورہے تھے، وہ سڑک جام کرکے نہیں تھے، عوامی جگہوں پرتھے، عوام اگرعوامی جگہوں پراحتجاج نہ کریں توپھرکہاں کریں؟ اس پر چارج شیٹ توہوناہی نہیں چاہئے۔


لیکن اگریہ چارج شیٹ اس بنیاد پربنائے گئے ہیں کہ یہ احتجاجات ایک ایسی چیز کے تعلق سے تھے، جسے قانون بنا دیا گیا تھا تو کیا جمہوری ملک میں کسی قانون کے خلاف احتجاج بلند کرناجرم ہے؟ اوروہ بھی ایسے قانون کے خلاف ، جس کی وجہ سے ایک کمیونٹی کے حق پرحرف آتاہو؟ظاہرہے کہ یہ بھی جمہوری ملک کاحق ہے، اس لئے اس تعلق سے بھی چارج شیٹ داخل نہیں ہوناچاہئے۔

اوراگراسی وجہ سے چارج شیٹ داخل کیا گیا ہے توپھرکسان آندولن میں بیٹھے ہوئے لوگوں پربھی چارج شیٹ داخل ہوناچاہئے کہ وہ بھی ایک ایسی چیز کے خلاف احتجاج کررہے ہیں، جوقانون بنادیا گیاہے؛ لیکن یہاں تومعیارہی مسلم اورغیر مسلم کاہے، جس میں مسلم قوم شریک ہوں، وہ صحیح ہوتے ہوئے بھی غلط ہے اورجس میں مسلم شریک نہ ہوں، اس میں کسی قسم کی کوئی دقت نہیں ہے، یہ معیارحکومت کی ذہنیت کوواضح کرتاہے، جس سے سب ہی واقف ہیں؛ لیکن اس کے ساتھ سوال بھی پیداہوتاہے کہ ایسا کیوں ہے؟ اس کاجواب یہ ہے کہ ایک تومسلم دشمنی کی وجہ سے؛ لیکن اس کے ساتھ یہ مسئلہ بھی اہم ہے کہ سی اے اے کے خلاف احتجاجات میں قیادت کی کمی تھی، طلبہ آگے تھے، قائدین خواب خرگوش میں پڑے ہوئے تھے، حکومت بات کرتی بھی توکس سے؟ شاید 101دن تک چلنے کے باوجودحکومت کی طرف سے کسی قسم کی کوئی ہل چل اس وجہ سے بھی نہیں ہوئی، کسانوں کے اس احتجاج سے ہمیں یہ سیکھ ملتی ہے کہ احتجاج کی کامیابی کے لئے قیادت بھی ضروری ہے، اگرشاہین باغ کے ساتھ ہمارے قائدین کھڑے ہوتے ، تمام تنظیمیں شریک ہوجاتیں توشاید وہ تلوارنیام میں جا چکی ہوتی، جوآج بھی ہمارے سروں پرلٹک رہی ہے۔jamiljh04@gmail.com / 8292017888


Sunday, 3 January 2021

1947کی طرف بڑھتاقدم

  1947کی طرف بڑھتاقدم

محمدجمیل اختر جلیلی ندوی


ہمارے ملک بھارت میں غاصب اورظالم انگریزوں نے جس وقت قدم رکھا، اس وقت یہاں حکومت ایک ایسے قوم کی تھی، جوپرامن اورسب کوساتھ لے کرچلنے والی قوم تھی، یہی وجہ ہے کہ ان کی وزارتوں اور عہدوں میں اپنی قوم کے علاوہ دوسری قوم کے افرادبھی کثیرتعدادمیں شریک تھے، اورنہ صرف شریک تھے؛ بل کہ اونچے عہدوں اوراعلیٰ مناصب پرفائزتھے، اسی کافائدہ اٹھاتے ہوئے عیاراورچلاک قوم گوروں نے تجارت کی اجازت لی، پھرآہستہ آہستہ غاصب اورقابض بن بیٹھے اوراسی قوم کوحکومت سے بے دخل کردیا، جس نے اس کوتجارت کی اجازت دے کراحسان کیاتھا۔

قبضہ کے بعدان لوگوں نے یہاں کے اصل باشندوں کے ساتھ غلاموں سے بھی بدترسلوک کرناشروع کیا اور جب پانی سرسے اونچاہوگیاتوپھرسب پہلے اسی قوم نے ان کے ظلم وستم کے خلاف آوازبلندکی، جن سے حکومت چھینی گئی تھی، ان کے خلاف یہ لڑائی سوسال سے زائدعرصہ پرمحیط رہی اس میں سب سے زیادہ نقصان اسی قوم کاہوا، جس نے ان انگریزوں کویہاں قدم رکھنے کی اجازت دی تھی، گویاان کویہ سزااسی لئے بھگتناپڑی کہ انھوں نے ایک قوم کی مدد کرناچاہی تھی، لڑائی کے آخری دور میں یہاں کی دوسری قوموں نے بھی شرکت کی اورقدم سے قدم اورشانہ شانہ ملایا، نتیجۃً یہ ملک آزادہوا۔

لیکن یہ آزادی اس حالت میں نہیں تھی، جس حالت میں ملک پرقبضہ کیا گیا تھا، مالی اعتبارسے اس ملک کو تولوٹاہی گیا، رقبہ کے اعتبارسے بھی اس کے ٹکڑے کے گئے اوریہ غاصب اورقابض قوم کی شرست رہی ہے کہ جہاں بھی اس نے قبضہ کیااورپھرجدوجہد کے بعدآزادکیا، اس ملک کے حصے بخرے کئے؛ تاکہ ملک دوبارہ اس استحکامی حالت میں باقی نہ رہے، جس حالت میں پہلے تھی، یہی اس ملک کے ساتھ ہوا، اس کے پہلے تودوٹکڑے کئے؛ لیکن اس اعتبارسے کہ آگے چل کراس کے اوربھی ٹکڑے ہوسکتے ہوں، نتیجہ یہ ہوا کہ ایک ملک تین ٹکڑوں میں بٹ گیا۔

دنیاکایہ اصول ہے کہ جب کسی ملک کے ٹکڑے ہوتے ہیں، اس وقت بھی اسی طرح قربانی عوام کودینی پڑتی ہے، جس طرح کسی کے قبضہ سے آزادی لیتے وقت دینی پڑتی ہے، یہاں بھی اسی اصول کودہرایاگیا، انگریزوں سے آزادی کے وقت جتنی قربانی دینی پڑی تھی، کم وبیش اسی طرح کی قربانی الگ ہوتے وقت بھی دینی پڑی، بس فرق یہ تھا کہ آزادی کے آخری وقت میں ملک کے تمام باشندے اس قربانی میں شریک ہوئے، جب کہ تقسیم کے وقت غصہ کالاوا ایک قوم کے خلاف پھوٹ پڑا اوراس طرح پھوٹا کہ جان ہتھیلی پررکھ کربھاگناپڑا، اگربچتے بچاتے بارڈرکراس ہوگئے توقسمت اوراگرخون میں لت پت ہوکرگرپڑے توبدقسمتی۔

یہ اس وقت کی بات ہے، جسے 1947کہاجاتاہے؛ لیکن اگرآج کے حالات کاموازنہ اس وقت کے حالات سے کیاجائے توکسی قدرایک جیسے ہی نظرآئیں گے، آج جوبرسراقتدار لوگ ہیں، وہ اپنے کوانگریزہی سمجھتے ہیں، اسی طرح من مانی کرتے ہیں، جس طرح وہ کرتے تھے، کہنے کوتوجمہوریت ہے؛ لیکن حقیقت میں ڈکٹیٹرشپ ہے، جس طرح انگریزوں کوعوام کی پرواہ نہیں تھی، انھیں بھی نہیں ہے، جس طرح وہ لوگوں پرظلم کرتے تھے، اسی طرح یہ بھی کررہے ہیں، فرق اتناہے کہ وہ پوری بھارتی قوم پرظلم کرتے تھے اوریہ بھارت کے کچھ لوگوں پرکرتے ہیں۔

یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے، آنکھیں گواہ ہیں، اخبارات شاہد ہیں، نیوز چینلس اورسوشل میڈیازکے ویڈیوزآج بھی شہادت دے رہے ہیں، حتی کہ دوسرے ممالک کے سربراہان نے بھی چپی توڑی اوراس پرکمنٹس کئے، یہاں ظلم کے نشانے پرکمزورطبقہ کے لوگ ہیں اورمسلم کمیونٹی ہے، وہ لوگ بھی ہیں، جن سے کام نمٹا لیا جاتا ہے اوراب وہ کسی کام کے نہیں رہتے، وہ بھی ہوتے ہیں، جوظلم کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں، ماب لنچنگ کے جتنے واقعات ہوئے، وہ مسلم اورکچھ دلت کے ہوئے، معمولی معمولی بہانے کی وجہ سے ماب لنچنگ کی گئی؛ لیکن ان لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی؛ بل کہ انھیں شہ دیاگیا، کملیش تیواری اوراس جیسے کئی گرگوں کوقتل کروایاگیا، یہ قتل اسی لئے ہوئے کہ ان کا کام اب ختم ہوچکاتھا، اب وہ اپنے حق کامطالبہ کرتے ہوں گے اورحق نہ دینے کی صورت میں پردہ فاش کرنے کی دھمکی دیتے ہوں گے، گوری لنگیش جیسے لوگوں کوقتل کیاگیاکہ وہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرتے تھے۔

نوٹ بندی اورجی ایس ٹی کے ذریعہ سے لوگوں کوپریشان کیاگیا، سی اے اے کے ذریعہ سے مسلم کمیونٹی کوخصوصیت کے ساتھ پریشان کرنے کی کوشش کی گئی، کوروناکی آڑ میں مسلم قوم کوتوبدنام کیاہی گیا؛ لیکن جس طرح کی پریشانیاں بے چاری عوام کواٹھانی پڑی، جس کے تصورسے آج بھی رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں، وہ 1947کانمونہ پیش کرنے کے لئے کافی ہے، طلاق ثلاثہ بل کے ذریعہ سے مسلم قوم کو پریشان کیاگیااوراس تعلق سے ایک بات بھی نہیں سنی گئی، بابری مسجد کے تعلق سے جوفیصلہ سامنے آیا، ایک ریاست کے خصوصی درجہ کوجوچھینا گیا، یہ سب ایک قوم کوپریشان کی کرنے کی ہی مثالیں ہیں،جے این یوکے طلبہ کوتکلیف دی گئی، جامعہ ملیہ کے طلبہ کوپریشان کیاگیا، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ کوپریشان کیاگیا، اب زرعی قوانین کے ذریعہ کمزورکسانوں کوپریشان کیاجارہاہے، کسان جنوری کی ٹھٹھرتی سردی میں بھی سڑکوں پرہیں اوردیش کے رکھوالے آرام دہ گرم بستراورگرم کمروں میں مزے کے خراٹے لے رہے ہیں۔

اس وقت برسراقتدارپارٹی سے تعلق رکھنے والوں کے حوصلے ظالمانہ اورمتشددانہ ہیں، لوجہادکاقانون اسی حوصلے کی علامت ہے، مدھیہ پردیش میں دہشت گردی بڑھی ہوئی ہے، وی ایچ پی کی اتنی بڑی ریلی، وہ بھی کورونا کال میں اوروہ اس وقت، جب کہ کوروناکی نئی قسم کی دریافت ہورہی ہے اوربھارت میں بھی اس کے پچیس تیس متاثرپائے جاچکے ہیں، پانچ ہزار کے قریب لوگوں کی شمولیت، پھرریلی میں مسلم مخالف نعرہ بازی، مسجد پرچڑھ بھگواجھنڈا لہرانااوراس قدردہشت پھیلاناکہ لوگ پورے گاؤں کوہی خالی کرکے نقل مکانی کرنے پرمجبورہوجائیں، یہ 1947کانظارہ نہیں تواورکیاہے؟ ملک کے یہ مسائل ایک اور1947کی طرف قدم بڑھارہے ہیں، اگراسی وقت اسے روکانہ گیاتوپھر1947کا وہ منظرحقیقت بن کرہمارے سامنے کھڑاہوگا، جس کوہم کتابوں میں پڑھتے رہے ہیں۔

ایسے میں مسلم پارٹیوں اورایم پیز وایم اے لیزکومدھیہ پردیش کے حالات پرآواز بلند کرنے کی ضرورت ہے، ساتھ میں ان لوگوں کوبھی شامل کرناچاہئے، جن پارٹیوں کے آپ حلیف ہیں، آج کادوروہ دورنہیں، جہاں حق والے کواس کاحق مل جاتاہے، آج کادوروہ دورہے، جہاں حق چھین کرلیناپڑتاہے، اورظاہرہے کہ اس کے لئے طاقت کی ضرورت ہوتی ہے، ہماری طاقت ہماری یونٹی میں ہے، ہم متحد ہوں گے توہماری طاقت بحال ہوگی، ورنہ الگ الگ آواز کوئی حیثیت نہیں، بکھرے ہوئے ستاروں کی روشنی میں کام دھندھا نہیں کیاجاسکتا، اس کے لئے توخورشید مبین ہی کی روشنی چاہئے۔ jamiljh04@gmail.com / 8292017888


Saturday, 2 January 2021

نکاح کے وقت حضرت عائشہؓ کی عمر: ایک تحقیقی جائزہ

 


نکاح کے وقت حضرت عائشہؓ کی عمر: ایک تحقیقی جائزہ

    

    اسلامی تاریخ کی ورق گردانی اورسیروسوانح کی کتابوں کے مطالعہ سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ حضرت عائشہ(رضی اللہ عنہا) کاحضوراکرم اکے ساتھ جس وقت نکاح ہوا، آں حضرت ا کی عمراس وقت تقریباً پچاس سال اورحضرت عائشہ (رضی اللہ عنہا)کی عمر(اکثرروایتوں کے مطابق)چھ سال تھی،جب کہ رخصتی کے وقت وہ نوبرس کی تھیں، وہ خود فرماتی ہیں :أن النبی ا تزوجہاوہی بنت ست سنین، وبنی بہا وہی بنت تسع سنین۔ (بخاری، باب تزویج الأب ابنتہ من الإمام، حدیث نمبر: ۵۱۳۴)’’رسول اللہ ا نے ان سے چھ سال کی عمرمیں نکاح اورنوسال کی عمرمیں زفاف فرمایا‘‘۔

    مخالفینِ اسلام نے اس بدیہی واقعہ سے نہ صرف یہ کہ غلط فائدہ اٹھانے کی کوشش کی؛ بل کہ ذاتِ اقدس اپربھی کیچڑاچھالنے کی سعی کی، جس کے جواب میں حامیانِ اسلام (مسلم اسکالرس، جنھوں نے جواب دینے میں احساس کہتری کا شکارہوکردفاعی راستہ اختیارکیا) نے متفرق راستے اختیارکئے؛ چنانچہ بعض نے کم سنی کی شادی کاانکارکرکے اِن (مذکورہ) تاریخوں کوہی بدلنے کی کوشش کی، جب کہ بعض نے نویں سال کوزفاف کے بجائے صرف رخصتی کی عمرقراردیا۔

    حضرت عائشہ (رضی اللہ عنہا)کی عمرکے سلسلہ میں بحث کی چنداں ضرورت نہ تھی کہ اس کاتعلق ایمان وعقیدہ سے نہیں ؛ لیکن بعض نام نہادمحققین اپنے اشتہاری مضامین، بیانات اورویڈیوزکے ذریعہ سے ایک جائزاورمباح امرکونادرست اورنامناسب قراردینے کی نامناسب کوشش میں مصروف عمل ہیں ؛ اس لیے قضیۂ ہذاکے صحیح خدوخال کودرج ذیل مضمون میں نکھارنے کی سعی کی گئی ہے، اللہ تعالیٰ سے دعاہے کہ راہِ سدادکی توفیق عطافرمائے، آمین!

تاریخی حقائق

    تاریخی اعتبارسے حضرت عائشہ(رضی اللہ عنہا) کی عمرمعلوم کرنے کے لیے مندرجہ ذیل تنقیحات پرغورکرتے چلیں:

    ۱-  تاریخ وسیراوراحادیث کی ساری کتابیں اس بات پرمتفق ہیں کہ حضرت عائشہ(رضی اللہ عنہا) رخصتی کے وقت نوسال کی تھیں ؛ چنانچہ حضرت عائشہ(رضی اللہ عنہا) خودفرماتی ہیں : تزوجنی رسول اللہ الست سنینوبنی بی وأناتسع سنین۔ (صحیح مسلم، باب تزویج الأب البکرالصغیرۃ، حدیث نمبر: ۱۴۲۲، صحیح بخاری، حدیث نمبر:۳۸۹۴، ۳۸۹۶،۵۱۳۴، ۵۱۵۸، ابوداود، حدیث نمبر: ۴۹۳۷، ابن ماجہ، حدیث نمبر: ۱۸۷۶، سنن دارمی، حدیث نمبر: ۲۳۰۷، سنن نسائی، حدیث نمبر: ۳۳۷۸، صحیح ابن حبان، حدیث نمبر: ۷۰۹۷، مسند احمد، حدیث نمبر: ۲۴۸۶۷، ۲۵۷۶۹، ۲۶۳۹۷،مصنف ابن ابی شیبہ، حدیث نمبر: ۳۴۶۲۸، نیزدیکھئے:تاریخ کی کتابیں : الاستیعاب لابن عبدالبر: ۴ ؍ ۲۸۸، اسد الغابۃ: ۵ ؍ ۳۴۱-۳۴۴، الأربعین فی مناقب امہات المؤمنین لابن عساکر: ۱ ؍ ۴۱، الطبقات الکبری لابن سعد، ذکرأزواج النبی ﷺ: ۸ ؍ ۵۸، دیکھئے شروحات حدیث: شرح السنۃ للبغوی، باب تزویج الصغیرۃ: ۹ ؍ ۳۵، عمدۃ القاری، باب تزویج النبی ﷺعائشۃ: ۱۱؍۶۱۳،فتح الباری، باب تزویج النبی ﷺعائشۃ: ۹؍۹۷)’’رسول اللہ انے مجھ سے نکاح چھ سال کی عمرمیں اورزفاف نوسال کی عمرمیں فرمایا‘‘۔

    ۲-  اسی طرح یہ بات بھی ان حضرات کے نزدیک متفق علیہ ہے کہ آں حضرت اکی وفات کے وقت آپ (رضی اللہ عنہا) اٹھارہ سال کی تھیں ؛ چنانچہ حضرت عروہ حضرت عائشہ(رضی اللہ عنہا) سے نقل کرتے ہیں : أن النبیﷺ تزوجہا وہی بنت سبع سنین وزفت إلیہ وہی بنت تسع سنین، ولعبہا معہا ومات عنہا وہی بنت ثمان عشرۃ۔ (صحیح مسلم، باب تزویج الأب البکرالصغیرۃ، حدیث نمبر: ۱۴۲۲، نیز دیکھئے: مسند احمد، حدیث نمبر: ۲۱۴۵۲، مصنف ابن ابی شیبہ، حدیث نمبر: ۳۴۵۶۴، الآحاد والمثانی للشیبانی، حدیث نمبر: ۳۰۱۹، معرفۃ الصحابۃ لأبی نعیم: ۶ ؍ ۳۲۰۸، نسائی، حدیث نمبر: ۵۵۴۴، شروحات حدیث:عمدۃ القاری، باب تزویج النبی ﷺعائشۃ: ۱۱؍۶۱۳،فتح الباری، باب تزویج النبی ﷺعائشۃ: ۹؍۹۷، شرح صحیح البخاری لشمس الدین السفیر: ۷ ؍ ۱۷، رجال وتاریخ کی کتابیں : الاستیعاب لابن عبدالبر، عائشۃ بنت ابی بکرالصدیق: ۲؍ ۱۰۸، الاصابۃ فی معرفۃ الصحابۃ: ۸ ؍ ۱۷، الثقات لابن حبان: ۳؍ ۳۲۳، رجال مسلم لأحمدبن علی الأصبہانی، ذکرالنسوۃ من أزواج النبیﷺ: ۲ ؍ ۴۱۳، شذرات الذہب: ۱؍ ۵۵، تاریخ بغداد للخطیب: ۱۱؍ ۲۷۵، سمط النجوم العوالی للعصامی، امہات المؤمنین وسراریہ: ۱؍ ۱۹۰، طبقات ابن سعد: ۸؍ ۶۰)’’رسول اللہ انے ان سے سات سال کی عمرمیں نکاح فرمایا اور نوسال کی عمرمیں اُنھیں آں حضرت اکے پاس بھیجاگیا،(اس وقت)ان کے کھلونے ان کے ساتھ تھے اورجب آپ اکاانتقال ہوا، اس وقت ان کی عمراٹھارہ سال تھی‘‘۔

    ان دونوں متفق علیہ تاریخی حوالوں پرنظرڈالنے سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ حضرت عائشۃ (رضی اللہ عنہا) حضورا کی صحبت میں نوسال رہیں : ومکثت عندہ تسعا۔ (بخاری، باب انکاح الرجل ولدہ الصغار، حدیث نمبر: ۵۱۳۳،مسند ابی عوانۃ، باب الاباحۃ للأب أن یزوج الصغیرۃ، حدیث نمبر: ۴۲۶۸)، اور نواورنو (9+9=18) کو جوڑ نے سے حاصل نتیجہ اٹھارہ نکل آتاہے، اس لحاظ سے حضرت عائشہؓ کی رخصتی نوسال کی عمرمیں اوراٹھارہ سال کی عمرمیں حضور اکی وفات بالکل درست حساب کے ساتھ ہوجاتی ہے۔

    ۳-  شادی کس عمرمیں ہوئی؟اس سلسلہ میں ہمیں تین قول ملتے ہیں:

    (الف)  چھ سال کی عمرمیں  جمہورامت اسی کے قائل ہیں اوراکثرروایتیں اسی کی موافق ہیں۔

    (ب)  سات سال کی عمرمیں  یہ بعض روایتوں سے معلوم ہوتاہے؛ چنانچہ حضرت ہشام اپنے والدعروہ کے حوالہ سے حضرت عائشہ (رضی اللہ عنہا) کی روایت نقل کرتے ہیں، وہ فرماتی ہیں : إن رسول اللہ اتزوجنی وأنابنت سبع سنین۔ (ابوداود، باب فی الأرجوحۃ، حدیث نمبر:۴۹۳۵) ’’رسول اللہ انے مجھ سے نکاح کیااس حال میں کہ میں سات سال کی تھی‘‘۔

    (ج)  نوسال کی عمرمیں یہ بھی بعض روایتوں سے معلوم ہوتاہے؛ چنانچہ حضرت اسودفرماتے ہیں : تزوجہا وہی بنت تسع ومات عنہا وہی بنت ثمان عشرۃ۔ (الآحاد والمثانی، ومن ذکرأزواج النبیﷺ، حدیث نمبر: ۳۰۱۹، مصنف ابن ابی شیبہ، حدیث نمبر: ۳۳۸۶۳)’’رسول اللہ انے ان سے نکاح کیااس حال میں کہ وہ نو سال کی تھیں اورآپ اکاانتقال اس وقت ہو، جب کہ وہ اٹھارہ سال کی تھیں ‘‘۔

تینوں اقوال پرایک نظر

    چھ سال والی روایت توجمہورکی رائے کے موافق ہے اوریہی صحیح بھی ہے، جہاں تک سات سال والی روایت کا تعلق ہے تواس کے بارے میں تین باتیں کہی جاسکتی ہیں :

    ۱-  روایت کرنے میں راوی سے شک ہوگیا ہے؛ چنانچہ ابوداود میں صراحت ہے: عن ہشام بن عروۃ عن أبیہ عن عائشۃ قالت: تزوجنی رسول اللہ ا وأنابنت سبع، قال سلیمان: أو ست، ودخل بی وأنابنت تسع۔ (باب فی تزویج الصغار، حدیث نمبر: ۲۱۲۱)، اس روایت میں سات سال کوجزم اورچھ سال کو شک کے ساتھ نقل کیاگیاہے، جب کہ بعض روایتوں میں اس کے برخلاف ہے؛ چنانچہ ہشام بن عروہ اپنے والد سے نقل کرتے ہیں اوروہ حضرت عائشہؓ سے روایت کرتے ہیں کہ وہ فرماتی ہیں :… فتزوجنی رسول اللہ ا متوفی خدیجۃ رضی اللہ عنہاقبل مخرجہ إلی المدینۃ بسنتین، وأنا ابنۃ ست سنین أوسبع سنین۔ (الآحاد والمثانی، حدیث نمبر: ۳۰۰۹، نیز دیکھئے: مسند الحمیدی، حدیث نمبر: ۲۳۱،)، اس روایت میں چھ سال کو جزم اورسات سال کوشک کے ساتھ نقل کیاگیاہے، عمومی روایتیں بھی اسی کی مؤیدہیں ؛ اس لیے چھ سال ہی کی روایت کوترجیح دی جائے گی۔

     ۲-  جس راوی (حضرت ہشام بحوالہ عروہ)سے سات سال کی روایت منقول ہے، انہی سے چھ سال کی روایت متعددطرق سے مروی ہے؛ چنانچہ حضرت وھیب(بخاری، باب تزویج الأب ابنتہ من الإمام، حدیث نمبر: ۵۱۳۴)،حضرت سفیان(بخاری، باب انکاح الرجل ولدہ الصغار، حدیث نمبر: ۵۱۳۳)، حضرت علی بن مسہر(بخاری، باب تزویج النبیﷺ عائشۃ، حدیث نمبر: ۳۸۹۴)،اورحضرت عبدۃ بن سلیمان(مسلم، باب تزویج الأب البکر الصغیرۃ، حدیث نمبر: ۱۴۲۲، ابن ماجہ، حدیث نمبر: ۱۸۷۶)وغیرہم نے بھی حضرت ہشام بحوالہ عروہ چھ سال کی روایت کونقل کیاہے؛اس لیے چھ سال والی روایت ہی کوترجیح دی جائے گی؛ کیوں کہ کثرتِ رواۃ اسبابِ ترجیح میں سے ہے، حافظ عراقیؒ نے علامہ حازمیؒ کی کتاب’’الاعتبار‘‘سے نقل کرتے ہوئے اسبابِ ترجیح میں سب سے پہلاسبب ’کثرتِ رواۃ‘ کونقل کیاہے، لکھتے ہیں : وقد رأینا أن نسردہامختصرۃ: الأول: کثرۃ الرواۃ۔ (شرح التبصرۃ والتذکرۃ، مختلف الحدیث:۱؍۲۰۰)۔

    ۳-  اس بات کابھی امکان ہے کہ راوی کی مرادساتویں سال کی ابتداء ہو؛ کیوں کہ یہ راوی بھی رخصتی کی عمرنوسال ہی کوقراردے رہے ہیں ؛ چنانچہ وہ حضرت عائشہؓ کی زبانی فرماتے ہیں :فأتی بی رسول اللہ ﷺ فبنی بی وأناابنۃ تسع۔ (ابوداود، باب فی الأرجوحۃ، حدیث نمبر:۴۹۳۵)۔

    جہاں تک نوسال والی بات کاتعلق ہے تواس سلسلہ میں صاف طورپریہ بات کہی جاسکتی ہے کہ راوی کی مراد شادی نہیں ؛ بل کہ رخصتی ہے؛ کیوں کہ آگے جملہ میں خودراوی کی وضاحت مذکورہے کہ آں حضرت اکی وفات کے وقت حضرت عائشہ (رضی اللہ عنہا)کی عمراٹھارہ سال تھی۔

    مندرجہ بالاوضاحت سے یہ بات معلوم ہوگئی کہ شادی کی اصل عمرحضرت عائشہ(رضی اللہ عنہا) کی چھ سال، رخصتی نوسال اوربیوگی اٹھارہ سال ہے۔

    ۴-  وفات کے وقت حضرت عائشہ(رضی اللہ عنہا) کی عمرکیاتھی؟ اس سلسلہ میں درج ذیل ا قوال ملتے ہیں :

    (الف)  پینسٹھ(۶۵) سال۔(عمدۃ القاری، باب کیف کان بدء الوحی:۱؍۳۳،التوضیح لشرح الجامع الصحیح لابن الملقن، بدء الوحی: ۲؍ ۲۰۶)

    (ب)  چھیاسٹھ (۶۶) سال۔ (شرح صحیح البخاری لشمس الدین السفیر: ۷؍ ۱۷)

    (ج)  سرسٹھ(۶۷) سال۔ (البدایۃ والنہایۃ: ۸ ؍۱۱۶-۱۲۰)

    (د)  ترسٹھ سال کچھ مہینے۔ (سیراعلام النبلاء، عائشۃ ام المؤمنین: ۳؍ ۴۳۴ ومابعدہا، ابوبکرالصدیق لعلی بن محمدالصلابی: ۳؍ ۷)

    ۵-  حضرت عائشہ(رضی اللہ عنہا) کی وفات کس سن میں ہوئی؟ اس سلسلہ میں دوقول ملتے ہیں:

    (الف)  ستاون (۵۷)ہجری میں، حافظ ابن حجرؒ نے اسی کوصحیح قراردیاہے، وہ لکھتے ہیں : ماتت سنۃ سبع وخمسین علی الصحیح۔ (تقریب التہذیب، ص: ۷۵۰، طبقات ابن سعد: ۸؍ ۷۷، الاستیعاب لابن عبدالبر: ۴؍ ۲۸۸، اسد الغابۃ: ۵؍ ۳۴۱-۳۴۴)

    (ب)  اٹھاون (۵۸) ہجری میں۔ (البدایۃ والنہایۃ: ۸؍ ۱۱۶-۱۲۰، طبقات ابن سعد: ۸؍ ۷۷، الاستیعاب لابن عبدالبر: ۴؍ ۲۸۸)

وفات کے وقت عمراورسن پرایک نظر

    آں حضرت اکی وفات کے وقت حضرت عائشہ(رضی اللہ عنہا) کی عمراٹھارہ سال تھی(یہ متفق علیہ ہے)، جب کہ ان کی وفات(صحیح قول کے مطابق) ستاون ہجری میں ہے، اس لحاظ سے ان کی کل عمرچونسٹھ (۶۴)سال ہوتی ہے، جوترسٹھ سال کچھ مہینے کے قول کے(تقریباً) مطابق ہے،تاہم پیدائش اور وفات کے سالوں کوبھی لیاجائے تو پینسٹھ سال کی تکمیل ہوجاتی ہے، ایسی صورت میں یہ کہاجائے گاکہ کسورکوچھوڑکرصرف عقود کوبیان کیاگیاہے؛کیوں کہ تاریخ بیان کرنے میں بسااوقات یہ صورت اختیارکرلی جاتی ہے؛ چنانچہ اس کی نظیرخودآں حضرت اکی عمرکی روایتوں میں ہمیں ملتی ہے، ایک روایت میں آپ اکی عمرساٹھ (۶۰) سال (بخاری، باب الجعد، حدیث نمبر: ۵۹۰۰، مسلم، باب فی صفۃ النبی، حدیث نمبر:۲۳۴۷)، دوسری روایت میں ترسٹھ (۶۳)سال (بخاری، باب خاتم النبیین، حدیث نمبر: ۳۵۳۶، مسلم، باب کم سن النبیﷺ، حدیث نمبر: ۲۳۴۸)، جب کہ تیسری روایت میں پینسٹھ (۶۵) سال مذکورہے(مسلم، حدیث نمبر: ۲۳۵۳)، ان تمام روایتوں کے درمیان تطبیق دیتے ہوئے امام نویؒ  فرماتے ہیں : واتفق العلماء علی أن أصحہا ثلاث وستون، وتأولوا الباقی علیہ، فروایۃ ستین اقتصر فیہا علی العقود وترک الکسر، وروایۃ الخمس متأولۃ ایضاً۔(شرح النووی علی صحیح مسلم، باب قدر عمرہ ﷺ:۵؍۴۹۰،ط: المکتبۃ العصریۃ )’’علماء کااس بات پراتفاق ہے کہ ترسٹھ سال (کاقول) زیادہ صحیح ہے، باقی میں علماء نے تاویل کی ہے؛ چنانچہ ساٹھ سال والی روایت میں عقود(دہائی)پر اکتفاکیا گیاہے اورکسور(اکائی) کوچھوڑدیاگیاہے‘‘، ملاعلی قاریؒ لکھتے ہیں : وقیل خمس وستون، وجمع بأن من روی الأخیر(خمس وستون)عدسنتی المولدوالوفاۃ۔(جمع الوسائل فی شرح الشمائل، باب باب ماجاء فی خلق رسول اللہﷺ: ۱؍۱۵، نیز دیکھئے:شرح الشمائل لعبدالرؤوف المناوی علی ہامش جمع الوسائل) ’’اورکہاگیاہے: پینسٹھ سال، اس کی تطبیق یہ دی گئی ہے کہ جس نے پینسٹھ سال کہا، اس نے پیدائش اوروفات کے سالوں کوبھی شمارکیاہے‘‘، یہی تاویل حضرت عائشہ(رضی اللہ عنہا) کی عمرکے سلسلہ میں بھی کی جائے گی —–  البتہ اگروفات اٹھاون ہجری میں تسلیم کریں (جیساکہ ایک قول بھی ہے) تو بغیر کسی تاویل کے پینسٹھ سال کی عمر مکمل ہوجاتی ہے، بہرحال!راقم کے نزدیک حضرت عائشہ(رضی اللہ عنہا) کی وفات کاسن ستاون ہجری اورکل عمرترسٹھ اورچونسٹھ کے درمیان ہے، واللہ اعلم بالصواب۔

    یہ توحضرت عائشہ(رضی اللہ عنہا) کی ذاتی عمرکے سلسلہ میں تاریخی بحث تھی، اب ذراحضرت اسماء (رضی اللہ عنہا)بنت ابوبکرصدیقؓ کی عمرسے موازنہ کرتے ہوئے تاریخی حقیقت کوبھی جانتے چلیں کہ اِنھیں کی عمرسے موازنہ کرکے حضرت عائشہ(رضی اللہ عنہا) کی متفق علیہ عمرکوتسلیم کرنے سے انکارکیا جاتا ہے۔

حضرت اسماءؓ کی عمرسے موازنہ

    حضرت اسماء (رضی اللہ عنہا)حضرت عائشہ(رضی اللہ عنہا) کی بڑی بہن تھیں، ان کی ماں کانام قیلہ(یاقُتَیْلہ)تھا، مخالفینِ اسلام کے اعتراض کے جواب میں بعض حضرات نے ان کی عمرسے موازانہ کرکے سیروسوانح اوراحادیث وشروحات کی کتابوں میں مذکورنکاح ورخصتی کے وقت حضرت عائشہ(رضی اللہ عنہا) کی عمر کاانکارکیاہے، آیئے ! ہم بھی صحیح خدوخال معلوم کرتے چلیں، اس سلسلہ میں درج ذیل تنقیحات پرغورکرناچاہیے:

    ۱-  حضرت اسماء ؓ کے سلسلہ میں مندرجہ ذیل باتوں پرجمہورکاتقریباًاتفاق ہے:

    (الف)  حضرت اسماء ؓ ہجرت سے ستائیس(۲۷)سال پہلے پیداہوئیں۔

    (ب)  ان کی پیدائش کے وقت حضرت ابوبکرؓ اکیس(۲۱)سال کے تھے۔

     (ج)  ان کی وفات تہتر(۷۳)ہجری میں حضرت عبداللہ بن زبیرؓ کے انتقال کے کچھ دنوں بعدہوئی۔

    (د)  وفات کے وقت وہ(تقریباً) سوسال کی تھیں۔ (جامع المسانیدوالسنن لابن کثیر: ۱۵؍ ۲۰۱، تاریخ دمشق لابن عساکر: ۶۹؍۸، نمبرشمار: ۹۲۹۴،عمدۃ القاری، باب أجاب الفتیا؍باب مایقول بعد التکبیر: ۳؍ ۳۸۰،طبقات ابن سعد: ۸؍۲۵۵، اسدالغابۃ: ۵؍ ۲۰۹، البدایۃ والنہایۃ: ۸؍ ۴۲۰، سیراعلام النبلاء: ۳؍ ۲۸۰، المعلم بفوائدمسلم، اعلام النساء: ۲؍ ۴۹۸، سبل السلام، باب ازالۃ النجاسۃ: ۱؍ ۳۹)

    ۲-  درج ذیل امورمیں اختلاف ہے:

    (الف)  حضرت اسماءؓ اپنی بہن حضرت عائشہؓ سے کتنی سال بڑی تھیں ؟ اس سلسلہ میں تین ا قوال ملتے ہیں :

    ۱-  عبدالرحمان بن ابی الزناد فرماتے ہیں کہ دس سال بڑی تھیں۔ ( تاریخ دمشق لابن عساکر: ۶۹؍۸، نمبرشمار: ۹۲۹۴)اسی کوحافظ بن عبدالبرؒ نے بھی نقل کیاہے؛ لیکن جزم کے ساتھ نہیں ؛ بل کہ شک کے ساتھ، فرماتے ہیں : وکانت أکبرمن عائشۃ بعشرسنین أو نحوہا۔(الاستیعاب فی معرفۃ الأصحاب:۱؍۱۸۵)

    ۲-  مطلقاً بڑی تھیں، سال کی کوئی قیدنہیں، اکثرمؤرخین اسی کولکھتے ہیں۔ (اسدالغابۃ، اسماء بنت ابی بکر: ۱ ؍ ۱۳۰۹،تاریخ دمشق لابن عساکر: ۶۹؍۹، نمبرشمار: ۹۲۹۴، تہذیب الأسماء، حرف الألف: ۱؍ ۱۱۹، المعلم بفوائدمسلم، اعلام النساء: ۲؍ ۴۹۸)

    ۳-  دس سال سے بھی زیادہ بڑی تھیں۔ ( سیرأعلام النبلاء: ۳؍۵۲۶)

    اب آیئے مذکورہ امورکوجوڑکردیکھتے ہیں :

    ۱-  حضرت ابوبکرؓ کی عمرکے لحاظ سے حضرت اسماء وحضرت عائشہ رضی اللہ عنہماکی عمریں :  حضرت اسماءؓ کی پیدائش کے وقت حضرت ابوبکرصدیق ؓ اکیس(۲۱)سال کے تھے، ان کی پیدائش ۳؍ عام الفیل میں ہے، اس لحاظ سے نبوت کے وقت وہ سینتیس(۳۷) سال کے ہوئے، جب کہ ہجرت کے وقت ان کی عمرپچاس (۵۰)سال ہوئی۔

    حضرت اسماءؓ ہجرت سے ستائیس(۲۷)سال پہلے پیداہوئیں، حضرت ابوبکرؓکی عمرکے اعتبارسے نبوت کے وقت ان کی عمرسولہ(۱۶)سال ہوئی؛ کیوں کہ ان کی پیدائش کاسن ۲۴؍عام الفیل بنتاہے، جب کہ ہجرت کے وقت ان کی عمر تیس (۲۹) سال ہوئی،چوں کہ ان کی وفات تہتر(۷۳)ہجری میں ہے، اس اعتبارسے وفات کے وقت وہ ایک سودو(۱۰۲)سال کی ہوتی ہیں۔

    حضرت اسماء ؓ کی اس عمر کے حساب سے (دس سال بڑی مان کر)حضرت عائشہؓ نبوت کے وقت چھ(۶)سال کی تھیں، جب کہ ہجرت کے وقت ان کی عمرانیس(۱۹) سال ہوئی، اس اعتبارسے نکاح سترہ(۱۷) سال کی عمرمیں (اگرہجرت سے دوسال قبل ماناجائے)اوررخصتی اکیس(۲۱)سال کی عمرمیں ہوگی، وفات چوں کہ صحیح قول کے مطابق ستاون (۵۷)ہجری میں ہوئی ہے؛ اس لیے وفات کے وقت ان کی عمرچھہتر(۷۶)سال ہوتی ہے۔

    ۲-  حضرت اسماءؓ کی عمرکے لحاظ سے حضرت عائشہؓ کی عمر:  یہ بات پہلے گزرچکی ہے کہ حضرت اسماءؓ ہجرت سے ستائیس سال پہلے پیداہوئیں، اس لحاظ سے نبوت کے وقت ان کی عمرچودہ(۲۷-۱۳=۱۴)سال تھی، جب کہ وفات پورے سوسال کی عمرہوتی ہے کہ وفات تہتر(۷۳)ہجری میں ہے۔

    حضرت اسماءؓ کی اس عمرکے حساب سے(دس سال بڑی مان کر)نبوت کے وقت حضرت عائشہؓ چارسال(۴) کی ہوتی ہیں، جب کہ ہجرت کے وقت ان کی عمرسترہ(۱۷)سال ہوجاتی ہے، اس اعتبارسے نکاح پندرہ(۱۵)سال (اگرہجرت سے دوسال قبل ماناجائے)اوررخصتی انیس (۱۹)سال، جب کہ وفات چوہتر(۷۴)سال کی عمرمیں واقع ہوگی۔

حضرت فاطمہؓ کی عمرسے موازنہ

    حضرت فاطمہؓ کی عمرکے لحاظ سے حضرت عائشہؓ کی عمر: بعض حضرات حضرت فاطمہ ؓ کی عمرکے حساب سے بھی حضرت عائشہؓ کی عمرکاحساب لگاتے ہیں، آیئے ہم بھی ایساکرکے دیکھتے ہیں:

حضرت فاطمہ ؓ کی پیدائش حضرت عائشہ کی پیدائش سے پانچ سال پہلے ہوئی، جب کہ آں حضرت ا پینتیس(۳۵)سال کے تھے، اس لحاظ سے ہجرت کے وقت ان کی عمر اٹھارہ (۱۸)سال تھی، ان کی وفات گیارہ ہجری میں ہے، لہٰذا وفات کے وقت ان کی عمراٹھائیس سال ہوئی(الإصابۃ فی تمییز الصحابۃ: ۸؍۵۴، الکامل: ۲؍۲۳۱)۔

    اس لحاظ سے حضرت عائشہؓ نبوت کے سال ہی پیداہوئیں، ہجرت کے وقت وہ تیرہ(۱۳)سال کی تھیں تونکاح گیارہ (۱۱)سال اور رخصتی پندرہ (۱۵)سال کی عمر میں لازم ہوگی،جب کہ وفات کے وقت وہ ستر(۷۰)سال کی ہوجاتی ہیں۔

عمروں سے موازنہ پرایک نظر

    حضرت عائشہ کی عمرکا موازنہ کرنے کے بعددرج ذیل باتیں معلوم ہوتی ہیں :

    ۱-  حضرت ابوبکرؓ کی عمرسے موازنہ کی صورت میں حضرت عائشہؓکانکاح سترہ(۱۷)، رخصتی اکیس(۲۱)اوروفات چھہتر(۷۶)سال کی عمر میں لازم آتی ہے۔

    ۲-  حضرت اسماءؓ کی عمرسے موازنہ کی صورت میں حضرت عائشہؓکانکاح پندرہ(۱۵)، رخصتی انیس(۱۹) اوروفات چوہتر(۷۴)سال کی عمرمیں لازم آتی ہے۔

    ۳-  حضرت فاطمہؓ کی عمرسے موازنہ کی صورت میں حضرت عائشہؓ کانکاح گیارہ(۱۱)، رخصتی پندرہ(۱۵)اوروفات ستر(۷۰)سال کی عمرمیں لازم آتی ہے۔

    لیکن ان باتوں کوتسلیم کرنامشکل ہے:

    ۱-  حضرت عائشہؓ کی کل عمرکے سلسلہ میں ترسٹھ سال سے لے کرسرسٹھ سال تک کے اقوال ملتے ہیں (جب کہ صحیح قول کے مطابق ان کی کل عمرچونسٹھ سال کے قریب رہی ہے)، موازنہ کی صورت میں ستر(۷۰) سے لے کرستتر(۷۷) تک جاپہنچتی ہے، جوان کی کل عمرکے خلاف ہے۔

    ۲-  حضرت اسماءؓ کی عمرسے موازنہ کے وقت پورے وثوق کے ساتھ دونوں بہنوں کے درمیان دس(۱۰)سال کاتفاوت بتایاجاتاہے؛ حالاں کہ اس کے اصل قائل عبدالرحمن بن ابی الزنادؒہیں، جواکثرحضرات کے نزدیک مجروح ہیں (دیکھئے:تہذیب الکمال للمزی، من اسمہ عبدالرحمن، نمبرشمار: ۳۸۱۶)، نیزدس سال سے زیادہ کی روایت بھی ہے ملتی ہے اورمطلق (تفاوت کی تعیین کے بغیر)بڑی ہونے کی روایت بھی،لہٰذا متفق علیہ روایتوں کوچھوڑکردس سال والی روایت کوچمٹائے رکھنادیانت کے خلاف بات ہے۔

     ۳-  حضرت عبدالرحمن بن ابی الزنادؒ دس سال تفاوت کے قائل ہیں ؛ لیکن خود ان سے بھی نوسال میں رخصتی کی روایت منقول ہے، امام طبرانی نقل کرتے ہیں : حدثنایحیی بن أیوب العلاف وأبوزید القراطیسی قالا:ثنا سعید بن أبی مریم، ثناعبدالرحمن بن أبی الزناد عن ھشام بن عروۃ عن أبیہ عن عائشۃقالت: تزوجنی رسول اللہ ا وأنا بنت سبع سنین، وأدخلت علیہ وأنا بنت تسبع سنین۔ (المعجم الکبیر،ذکرأزواج النبیﷺ حدیث نمبر:۴۶،نیز دیکھئے: المعجم الأوسط للطبرانی،حدیث نمبر:۶۹۵۷)’’حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ا نے مجھ سے سات سال کی عمرمیں نکاح کیا اورمیں رخصت ہوکران کے پاس نوسال کی عمرمیں گئی‘‘، اب ظاہرہے کہ دونوں باتیں (دس سال تفاوت اورنوسال کی عمرمیں رخصتی) ایک ساتھ درست نہیں ہوسکتیں، لہٰذاکسی ایک بات کو ترجیح دینی ہوگی اورمتفق علیہ نوسال کی رخصتی ہے؛ اس لیے اسی کوترجیح دی جائے گی۔

    ۴-  کسی ایسے شخص کی عمرکااندازہ دوسرے شخص کی عمرسے موازنہ کرکے کرنا، جس کی عمرکی صراحت خود موجودہو، عقل وقیاس کے خلاف بات ہے، دنیا کی تاریخ میں کسی بھی شخصیت کے ساتھ ایسا نہیں کیاگیاہوگا، توپھرحضرت عائشہ کے ساتھ ایساکیوں کیاجائے؟

حضرت ابوبکرصدیقؓ کی ہجرت (حبشہ)سے استدلال

    جوحضرات حضرت عائشہؓ کی نابالغی کے نکاح کوتسلیم نہیں کرتے،وہ حضرت ابوبکرؓکی ہجرتِ حبشہ کے ارادہ کوبھی دلیل کے طورپرپیش کرتے ہیں، آیئے! اس دلیل پربھی ایک نظرڈالتے چلیں۔

    حضرت امام بخاری ؒنے حضرت عائشہ کی ایک روایت نقل کی ہے، جس میں وہ فرماتی ہیں : لم أعقل أبوی قط إلاوہمایدینان الدین، ولم یمرعلینا یوم إلایأتینافیہ رسول اللہ ﷺ طرفی النہاربکرۃ وعشیۃ، فلماابتلی المسلمون خرج أبوبکرمہاجراقبل الحبشۃ…۔ (بخاری، باب جوارأبی بکرفی عہدالنبیﷺ وعقدہ، حدیث نمبر: ۲۲۹۷)’’

    وجہ استدلال یہ ہے کہ حضرت عائشہؓ کااپنے والدین کودین پرپانا،حضرت عائشہؓ کا آں حضرت اکی روزانہ آمد ورفت اور حضرت ابوبکرؓ کی ہجرتِ حبشہ کے ارادہ کوسمجھناان کے صاحب ہوش ہونے کی دلیل ہے اورہوش کے لیے پانچ چھ سال کاہوناضروری ہے؛ کیوں کہ حضرت ابوبکرؓ نے حبشہ کی طرف ہجرت کاارادہ پانچ نبوی میں کیاتھا، اس لحاظ سے نکاح کے وقت حضرت عائشہؓ کی عمرتیرہ چودہ سال ہوتی ہے، نہ کہ چھ سات سال۔

    اس کاجواب تفصیل کے ساتھ تشفی بخش اندازمیں سیدالطائفہ علامہ سیدسلیمان ندویؒ نے دیاہے، جواب ان کی کتاب ’’سیرت عائشہؓ‘‘(ص:۳۴۴ تا۳۵۸)میں شامل ہے، یہاں خلاصہ(کچھ حذف واضافہ کے ساتھ) پیش کرنے پراکتفاکیاجاتاہے(البتہ جوتفصیل چاہتے ہوں، وہ سیرت عائشہؓ سے مراجعت کریں )، سیدصاحبؒ لکھتے ہیں :

     اصل یہ ہے کہ یہ(ایک طویل) حدیث (ہے، جو)چارٹکڑوں سے مرکب ہے، ایک یہ کہ ’’میں نے جب سے اپنے والدین کوجاناپہچانا، ان کودین پرپایا‘‘، دوسراٹکڑا ’’روزانہ صبح وشام کی آمدورفت‘‘ کاہے، تیسرا’’حضرت ابوبکرؓ کی ہجرت حبشہ کے ارادہ‘‘ کاہے اورچوتھاٹکڑا(جواس طویل حدیث کے آخرمیں ہے، وہ )’’مدینہ منورہ کی ہجرت‘‘ کاہے، یہ حدیث ابن شہاب زہری ؒ سے مروی ہے، ان کی عادت ہے کہ اخباروسیرکی روایات میں وہ ایک واقعہ کے مختلف واقعاتِ متعلقہ کوتسلسل کے لیے جوڑکربیان کرتے ہیں، تمام بڑے واقعات میں انھوں نے یہی کیاہے، مثلاً: حدیثِ آغازِوحی، حدیثِ سفیان وقیصرومصاحبینِ قیصر، حدیثِ واقعۂ افک اورآخری واقعہ میں جیسا کہ بخاری میں ہے اورکتبِ سیرمیں توہرجگہ انھوں نے اپنی اس روش کی تشریح کردی ہے۔

    یہ حدیث کتبِ صحاح میں سے صرف بخاری میں ہے، امام بخاری نے اپنے دستورکے مطابق اس حدیث کوکہیں ایک ساتھ کہیں ٹکڑے کرکے مختلف ابواب میں درج کیاہے، مثلا: کتاب المساجد، کتاب الکفالہ، کتاب الأدب، باب غزوۃ الرجیع، کتاب الہجرۃ، …… ہروہ شخص، جس کوامام بخاری کی تبویب اوراحادیث کے ٹکڑوں کی ترتیب کے سلیقہ کاعلم ہے، وہ جان سکتاہے کہ خاص قرائن کے بغیرمحض ترتیبِ اجزاء سے کسی مختلف الأجزاء حدیث سے کسی نتیجہ پراستدلال نہیں کیاجاسکتا، فریق کاسارااستدلال اسی وقت صحیح ہوسکتا، جب والدین کی شناخت، حضوراکی روزانہ صبح وشام کی آمد کے بعدہی حضرت ابوبکرؓ کی ہجرتِ حبشہ کے ارادہ کاہونامسلم ہو؛ مگرافسوس کہ ایسانہیں ہے؛ بل کہ ذراغورکرنے سے معلوم ہوجائے گاکہ روزانہ صبح وشام کے وقت آنے کاتعلق آپ اکی ہجرتِ مدینہ کے خلافِ معمول آنے سے ہے، جیساکہ صحیح بخاری کتاب الأدب کی روایت (أن عائشۃ زوج النبیﷺ قالت: لم أعقل أبوی إلاوہمایدینان الدین، ولم یمرعلیہما یوم إلایأتینا فیہ رسول اللہ ﷺ طرفی النہار بکرۃ وعشیۃ فبینما نحن جلوس فی بیت أبی بکرفی نحرالظہیرۃ قال قائل: ہذارسول اللہﷺ فی ساعۃ لم یکن یأتینا فیہا[باب ہل یزورصاحبہ کل یوم أوبکرۃ وعشیا،حدیث نمبر: ۶۰۷۹])اورنیزکتب سیرمیں ابن اسحاق کی سیرت میں ہے، الفاظ یہ ہیں :عن عائشۃ ام المؤمنین انہاقالت: کان لایخطی رسول اللہﷺ أن یأتی بیت ابی بکراحدطرفی النہار، إمابکرۃ وإماعشیا؛ حتی إذا کان الیوم الذی اذن فیہ لرسول اللہﷺ فی الہجرۃ والخروج من مکۃمن بین ظہری قومہ اتانارسول اللہ ﷺ بالہاجرۃ فی ساعۃ کان لایأتی فیہا۔ (سیرۃ ابن ہشام، حدیث ہجرتہ ﷺ إلی المدینۃ:۱؍۴۸۴)۔

    مذکورہ اقتباسات سے یہ بات معلوم ہوگئی:

    ۱-  امام زہری ؒسے منقول امام بخاری ؒکی روایت کردہ حدیث(جس کوانھوں نے باب جوارأبی بکرفی عہدالنبیﷺ وعقدہمیں نقل کیاہے)سے یہ ثابت کرناکہ حضرت ابوبکرؓ کی ہجرتِ حبشہ کے وقت (پانچ نبوی میں )حضرت عائشہؓ سن تمییز(یعنی پانچ چھ سال)کی تھیں درست نہیں۔

    ۲-  یہ بات بھی درست نہیں کہ حضرت ابوبکرؓ کی ہجرتِ حبشہ کے وقت حضورا روزانہ صبح وشام ان کے گھرآیاکرتے تھے۔

    ۳-  بل کہ آں حضرت ا کے روزانہ صبح وشام حضرت ابوبکرؓکے گھرتشریف لانے کاتعلق ہجرتِ مدینہ سے قبل کے دنوں سے ہے۔

    کیوں کہ خودامام زہری ؒ کی روایت(جس کوامام بخاری نے کتاب الأدب میں نقل کیاہے)ان باتوں کی تردیدکرتی ہے، نیزسیرکی کتابوں میں مذکور واقعات کے بھی خلاف ہے؛ لیکن اگریہ تسلیم کرلیاجائے کہ واقعات کی وہی ترتیب درست ہے، جس کوامام بخاری نے باب جوارأبی بکرفی عہدالنبیﷺ وعقدہاور کتاب الہجرۃمیں نقل کیاہے توسوال یہ پیداہوتاہے کہ حضرت ابوبکرؓ کی ہجرتِ حبشہ کے ارادہ کوکس بنیادپرپانچ نبوی ماناگیا، جب کہ حدیث میں اس کاذکربھی نہیں ہے؟دراصل حضرت ابوبکرؓکی ہجرتِ حبشہ کے ارادہ سے استشہادکرنے والوں کویاتوشبہ ہوگیاہے یاپھردیدۂ ودانستہ ہجرتِ حبشہ کی تاریخ سے صرف نظرکررہے ہیں ؛ کیوں کہ یہ بات توانھیں بھی معلوم ہے کہ حبشہ کی طرف ہجرت دومرتبہ ہوئی ہے، پہلی مرتبہ سن پانچ نبوی میں، پھر جب دوڈھائی مہینے کے بعدقریش کے اسلام لانے کی خبرملی تویہ حضرات مکہ واپس آگئے،ابن اثیرؒلکھتے ہیں : وکان مسیرہم فی رجب سنۃ خمس من النبوۃ وہی السنۃ الثانیۃ من إظہارالدعوۃ، فأقاموا شعبان وشہررمضان، وقدموافی شوال سنۃ خمس من النبوۃ۔ (الکامل:۲؍۵۲)، جب مکہ کے قریب پہنچے تو یہ خبرچھوٹی نکلی، لہٰذا کچھ لوگ چھپ کر، جب کہ کچھ دوسروں کی پناہ میں مکہ آئے،پھرسن چھ نبوی میں کافی مشقتوں اور مشکلوں کے بعد دوبارہ مسلمانوں نے حبشہ کی طرف ہجرت کی؛ لیکن دونوں مرتبہ کی ہجرت میں حضرت ابوبکرؓ شامل نہیں تھے(دیکھئے: الروض الأنف:۲؍۹۱ ومابعدہا)؛ بل کہ حضرت ابوبکرؓ کی ہجرتِ حبشہ کاارادہ ان دونوں ہجرتوں کے بعدہے۔

    چنانچہ حافظ ابن کثیرؒ حضرت ابوبکرؓ ہجرتِ حبشہ کے عزم کے واقعہ کولکھنے کے بعد لکھتے ہیں : کل ہذہ القصص ذکرہا ابن اسحق معترضا بہابین تعاقد قریش علی بنی ہاشم وبنی المطلب وکتاتبہم علیہم الصحیفۃ الظالمۃ وحصرہم إیاہم فی الشعب وبین نقض الصحیفۃ وماکان من أمرہا، وہی أمورمناسبۃ لہذاالوقت۔ (البدایۃ والنہایۃ: ۳؍۱۱۱) ’’ابن اسحقؒ نے ان تمام قصوں کو بنوہاشم اوربنومطلب کے خلاف قریش کے معاہدہ، صحیفۂ ظالمہ کی مکاتبت اورشعب ابی طالب میں محاصرہ اورنقض صحیفہ کے درمیان کے واقعات میں شمارکیاہے اوریہی ان امورکامناسب وقت ہے‘‘، جب کہ محاصرہ سات نبوی میں اورنقض صحیفہ دس نبوی میں پیش آیا، نیز حافظ ابن حجر ؒ حضرت عائشہؓ کی کم سنی کے نکاح کوتسلیم نہ کرنے والوں کے ایک جملۂ استشہاد ’’فلماابتلی المسلمون خرج أبوبکر مہاجرا قبل الحبشۃ‘‘ کی شرح میں لکھتے ہیں :أی بأذی المشرکین لماحصروا بنی ہاشم والمطلب فی شعب أبی طالب وأذن النبی ﷺ لأصحابہ فی الہجرۃ إلی الحبشۃ کماتقدم بیانہ(قولہ: خرج ابوبکر مہاجرا نحوأرض الحبشۃ) أی: لیلحق بمن سبقہ إلیہا من المسلمین۔ (فتح الباری، باب ہجرۃ النبی ﷺ وأصحابہ إلی المدینۃ، حدیث نمبر:۳۶۹۲)’’مشرکین کی ایذارسانی کی وجہ سے جب ان لوگوں نے بنوہاشم اوربنومطلب کوشعب ابی طالب میں محصور کردیاتو آں حضرت انے حبشہ کی طرف ہجرت کی اجازت دی توابوبکرؓبھی سبقت کرنے والے مسلمان بھائیوں سے مل جانے کاارادہ کیا‘‘۔

    یہی بات مشہورسیرت نگارعلی بن برہان الدین الحلبی ؒلکھتے ہیں : (لماابتلی المسلمون بأذی المشرکین) أی: وحصروا بنی ہاشم والمطلب فی شعب أبی طالب وأذن ﷺ لأصحابہ فی الہجرۃ إلی الحبشۃ، وہی الہجرۃ الثانیۃ، خرج ابوبکرؓ مہاجراً نحوأرض الحبشۃ…۔ (السیرۃ الحلبیۃ:۱؍۴۸۴)۔

    بل کہ علامہ حلبیؒ دوسری جگہ تاریخ کی تعیین کے ساتھ لکھتے ہیں کہ حضرت ابوبکرؓ کی ہجرتِ حبشہ کاارادہ تیرہ نبوت کاواقعہ ہے : وفی السنۃ الثالثۃ عشرۃ من النبوۃ کانت بیعۃ العقبۃ الثانیۃ التی ہی الکبری، وبعضہم یسمیہا العقبۃ الثالثۃ… وفی ہذہ السنۃ أراد ابوبکرؓ أن یہاجرللحبشۃ، فلمابلغ برک الغماد ردہ ربیعۃ بن الدغنۃ سید القارۃ۔ (السیرۃ الحلبیۃ، باب بیان ماوقع من الحوادث من عام:۳؍۴۹۹)’’تیرہ نبوت میں عقبہ ثانیہ کی بیعت ہوئی، جس کوعقبۂ ثالثہ بھی کہتے ہیں … اوراسی سال حضرت ابوبکرؓ حبشہ کی ہجرت کاارادہ کیا، جب ’برک الغماد‘تک پہنچے توقبیلۂ قارہ کے سردارربیعہ بن دغنہ نے واپس کیا‘‘۔

    مذکورہ عبارتوں سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ حضرت ابوبکرؓ کی ہجرتِ حبشہ کے ارادہ کاتعلق پانچ نبوی سے نہیں ہے؛ بل کہ شعبِ ابی طالب کے مقاطعہ کے وقت سے ہے اورشعب ابی طالب کامقاطعہ سن سات اوردس نبوی کے درمیان کاواقعہ ہے(یا علامہ حلبیؒ کے بقول تیرہ نبوی کاواقعہ ہے) اوران سالوں میں حضرت عائشہؓ چارپانچ سال کی رہی ہوں گی( کہ ان کی پیدائش چاریاپانچ نبوی میں ماناجاتاہے) اوراس عمرکو بہت زیادہ تونہیں ؛لیکن یادداشت کی حدتک ہوش وحواس کی عمرکہاجاسکتاہے اوریہاں یہی مرادہے۔

لفظ’’بِکْر‘‘سے استدلال

    بعض حضرات نے حدیث میں واردلفظ’’بکر‘‘سے استدلال کرتے ہوئے نکاح کے وقت حضرت عائشہؓ کی عمرچھ اوررخصتی کے وقت نوسال کوماننے سے انکارکیاہے، حدیث کے الفاظ یہ ہیں : لماہلکت خد یجۃ جاء ت خولۃ بنت حکیم امرأۃ عثمان بن مظعون قالت: یارسول اللہ! ألاتتزوج ؟ قال: من؟ قالت: إن شئت بکرا، وإن شئت ثیباً، قال: فمن البکر؟ قالت: ابنۃ أحب خلق اللہ عزوجل إلیک عائشۃ بنت أبي بکر، قال: ومن الثیب؟ قالت: سودۃ ابنۃ زمعۃ…۔ (مسندأحمد، حدیث نمبر: ۲۵۷۶۹)۔

    وجہِ استدلال یہ ہے کہ حضرت خولہ بنت حکیم ؓ نے حضرت خدیجہؓ کی وفات کے بعدآں حضرت ا کودوسری شادی کامشورہ دیا اورآپ ا کے دریافت کرنے پربتایاکہ ’’بکر‘‘ (ناکتخدا)اور’’ثیب‘‘(شوہردیدہ)دونوں طرح کی خواتین موجودہیں، حضرت خولہؓ نے ’ثیب‘ کے مقابلہ میں ‘بکر‘ کالفظ استعمال کیا، جواس بات پردلیل ہے کہ وہ ’بکر‘(حضرت عائشہؓ) چھ سات سال کی نہیں ؛ بل کہ اٹھارہ سال کی تھیں۔

    یہ محض دعوی ہے، جس پرکوئی صریح دلیل موجودنہیں ؛ کیوں کہ نہ لغوی اعتبارسے یہ بات درست ہے اورناہی استعمال کے اعتبارسے؛ چنانچہ’’ بکر‘‘ کے لغوی معنی’’ایسی لڑکی، جس کی بکارت زائل نہ ہوئی ہو‘‘ کے ہیں، مرتضیٰ زبیدیؒ لکھتے ہیں : البکر(بالکسر): وہی التی لم تقتض۔ (تاج العروس، باب الراء: ۱۰؍۲۳۹، تہذیب اللغۃ للأزہری، بکر: ۳؍۳۷۲)اورظاہرہے کہ زوالِ بکارت کاتعلق اٹھارہ سال سے قطعاً نہیں ؛ بل کہ واقعہ اس کے خلاف ہے۔

    جہاں تک استعمال کے لحاظ سے اس کے معنی کاتعلق ہے توجاننا چاہیے کہ یہ لفظ جس طرح ثیب کے مقابلہ میں بولاجاتاہے، اسی طرح صغیرہ کے مقابلہ میں بھی استعمال ہوتاہے، علامہ ابن دقیق العیدؒ ’’لاتنکح البکرحتی تستأذن‘‘ کی شرح میں لکھتے ہیں : إماأن یحمل علی التحریم، وإماعلی الکراہۃ، فإن حمل علی التحریم تعین أحدالأمرین: إماأن یکون المرادبالبکر: ماعداالصغیرۃ۔ (إحکام الأحکام شرح عمدۃ الأحکام، کتاب النکاح: ۱؍۳۹۵)’’یاتوتحریم پرمحمول کیاجائے یاکراہت پر، اگرتحریم پرمحمول کیاگیاتودومعنوں میں سے ایک متعین ہوجائے گا، یاتوصغیرہ کے علاوہ…‘‘، حافظ ابن عبدالبرؒ لکھتے ہیں :قالوا: فہٰذا علی عمومہ فی کل بکرإلاالصغیرات ذات الأب۔ (التمہید لابن عبدالبر، کتاب النکاح: ۱۹؍۱۰۰) ’’علماء کہتے ہیں کہ یہ ہرباکرہ کے سلسلہ میں عمومی حکم ہے؛ البتہ وہ صغیرہ مستثنیٰ ہے، جس کاباپ موجودہو‘‘—-  یہاں پردیکھئے صغیرہ کے مقابلہ میں ’بکر‘ کولایاگیاہے۔

    لیکن اگر’ثیب‘کے مقابلہ میں ہی استعمال کریں تو کسی عورت کے’ثیب ‘ہونے کے لیے یہ کب ضروری ہے کہ اس کی عمراٹھارہ سال یااس سے زائد ہو؟ کیوں کہ ثیب کے معنی تو’’التی تزوجت وفارقت زوجہابأیّ وجہ کان بعدأن مسّہا‘‘(لسان العرب، مادۃ: ثیب: ۱؍۲۴۸) ’’جوشادی کرے اور جماع کے بعدکسی وجہ سے شوہرسے جداہوجائے‘‘کے ہوتے ہیں، نہ کہ تحدید کے ساتھ اٹھارہ سال، معلوم ہواصرف لفظ بکرسے عمرکی زیادتی پراستدلال کرناکسی طوردرست نہیں۔

معترضین کی طرف سے امام بخاریؒ کی روایت کردہ حدیثوں پراعتراض

    حضرت عائشہؓ کی عمرکے سلسلہ میں جوروایتیں بخاری میں ہیں، وہ پانچ طرق (سندوں )سے آئی ہوئی ہیں :

    ۱-  حدثنی فروۃ بن أبی المَغراء، حدثنا علی بن مسہرعن ہشام عن أبیہ عن عائشۃ…۔۲-  حدثنی عبیدبن اسماعیل، حدثنا ابوأسامۃ عن ہشام عن أبیہ قال:…۔۳-  حدثنا معلی بن أسد، حدثنا وہیب عن ہشام بن عروۃ عن أبیہ عن عائشۃ…۔۴-  حدثنا قبیصۃ بن عقبۃ، حدثنا سفیان عن ہشام بن عروۃ عن عروۃ …۔۵-  حدثنامحمدبن یوسف، حدثنا سفیان عن ہشام عن أبیہ عن عائشۃ …۔ اعتراض یہ ہے کہ تمام سندوں میں ایک ہی راوی عروہ ام المؤمنین حضرت عائشہؓ سے روایت نقل کررہے ہیں اورعروہ سے نقل کرنے والے بھی ایک ہی راوی ان کے بیٹے ہشام بن عروہ ہیں اوران سے روایت کرنے والے تمام کے تمام اہلِ عراق ہیں، جب کہ امام مالکؒ نے ہشام کی سندسے اہل عراق کی روایتوں کومجروح قراردیاہے؛ چنانچہ عبدالرحمن بن یوسف بن خراشؒ کہتے ہیں : کان مالک لایرضاہ، بلغنی أن مالکاً نقم علیہ حدیثہ لأہل العراق۔ (میزان الاعتدال،نمبرشمار: ۹۲۳۳:۴؍۳۰۱،تہذیب الکمال، من اسمہ ہشام:۳۰؍۲۳۹،تاریخ بغداد للخطیب، باب الہاء: ۱۴؍۴۰)’’امام مالک ان کوپسندنہیں کرتے تھے، مجھے خبرملی ہے کہ وہ(امام مالک) ہشام کی سندسے اہل عراق کی روایتوں کومجروح قراردیتے تھے‘‘، لہٰذاحضرت عائشہؓ کی عمرکے سلسلہ میں امام ا بخاریؒ کی روایتیں مجروح ہیں، ان سے استدلال کرکے نکاح کی عمرکوچھ اوررخصتی کی عمرکونوسال قراردینادرست نہیں۔

    یہ اعتراض بظاہرقوی ہے اورامام مالک ؒ کے قول سے اس کی قوت میں اضافہ بھی ہوجاتاہے؛ لیکن غورکرنے اورحضرت ہشام کے بارے میں اساطین علم کے اقوال کے بعدیہ اعتراض بے وزن ہوکررہ جاتاہے، اس سلسلہ میں پہلے چنداقوال نقل کئے جاتے ہیں :

    ۱-  امام ابوحاتم ان کو’’حدیث کے امام اورثقہ‘‘ کہتے ہیں : ثقۃ إمام فی الحدیث۔

    ۲-  حضرت وہیب بن خالد فرماتے ہیں : قدم علینا ہشام بن عروۃ، فکان فینامثل الحسن وابن سیرین۔’’ہشام بن عروہ ہمارے پاس آئے توہمارے نزدیک حسن بصری اورابن سیرین کے مماثل تھے‘‘۔

    ۳-  حافظ ابن حجرؒ فرماتے ہیں کہ:ابن حبان نے ان کاشمارثقات میں کرنے کے بعدفرمایا: کان متقنا ورعاً فاضلاً حافظاً۔’’وہ متقی، پرہیزگار، فاضل اور حافظ تھے‘‘۔(تہذیب التہذیب، حرف الہاء: ۱۱؍۴۵-۴۶، تہذیب الکمال، من اسمہ ہشام: ۳۰؍۲۳۹)

    ۴-  امام ذہبیؒ(جوائمۂ حدیث ورجال میں سے ہیں ) فرماتے ہیں : أحدالأعلام، حجۃ إمام؛ لکن فی الکبرتناقص حفظہ، ولم یختلط أبداً۔ ’’وہ حجت وامام اوربڑے آدمی تھے؛ البتہ بڈھاپے میں حافظہ میں کمی آگئی تھی؛ لیکن ملاوٹ نہیں کی‘‘۔(میزان الاعتدال،نمبرشمار: ۹۲۳۳:۴؍۳۰۱)

    ۵-  امام دارقطنیؒ نے اپنی سنن میں ذکرکرنے کے بعدفرمایا: وہشام وإن کان ثقۃ فإن الزہری أحفظ منہ۔’’ہشام اگرچہ ثقہ ہیں ؛ لیکن امام زہری زیادہ یادرکھنے والے ہیں ‘‘۔(سنن الدارقطنی،باب فی المرأۃ تقتل إذاارتدت، حدیث نمبر: ۱۲۷)

    ۶-  حافظ ابن حجرؒ فرماتے ہیں : ثقۃ فقیہ، ربمادلس۔ ’’وہ ثقہ فقیہ ہیں، تاہم بسااوقات تدلیس کیاکرتے تھے‘‘۔ (تقریب التہذیب، ص: ۵۷۳، نمبرشمار: ۷۳۰۲)

مذکورہ اقوال سے معلوم ہوگیاکہ حضرت ہشام ایسے راوی نہیں ہیں، جن کی روایت مطلقاً ناقابل قبول ہو، ان اقوال کے بعداب درج ذیل وضاحتوں پربھی غورکریں :

    ۱-  عراق میں حضرت ہشام کی آمدتین مرتبہ ہوئی ہے اورحافظ ابن حجرؒ کے بقول امام مالک ؒ کے قول کاتعلق تیسری مرتبہ کی آمدسے ہے؛ چنانچہ وہ اپنی کتاب’’ہدی الساری، ص: ۷۰۲‘‘ میں لکھتے ہیں : مجمع علی تثبیتہ؛ إلاأنہ فی کبرہ تغیر حفظہ، فتغیرحدیث من سمع منہ فی قدمتہ الثالثۃ إلی العراق’’ان کی ثقاہت متفق علیہ ہے؛ البتہ بڈھاپے میں حافظہ متغیرہوگیاتھا، جس کی وجہ سے ان کی تیسری مرتبہ عراق آمدمیں جنھوں نے حدیث سنی، اس کے اندربدلاؤ آگیا ‘‘، لہٰذا امام بخاریؒ کی روایتوں میں پہلے یہ ثابت کرناپڑے گا کہ تمام راویوں نے حضرت ہشام کی تیسری مرتبہ آمدکے بعد روایتیں لی ہیں، ورنہ بخاری کی روایتیں مجروح قرارنہیں دی جاسکتیں۔

    ۲-  جن راویوں نے حضرت ہشام سے حضرت عائشہؓ کی عمرکے سلسلہ میں روایت نقل کی ہے،ان کی روایتیں بخاری میں تقریباًنوے (۹۰) ہیں، امام مالکؒ کے قول کواگرمطلق ماناجائے توان تمام نوے روایتوں کومجروح قراردیناہوگا۔

    ۳-  حضرت عائشہؓ کی عمرکے سلسلہ میں روایتیں صرف حضرت ہشام ہی سے نہیں ہیں ؛ بل کہ ان کے علاوہ اوربھی حضرات سے منقول ہیں ؛ چنانچہ امام نسائی ؒ اپنی سندسے نقل کرتے ہوئے لکھتے ہیں : حدثنااحمدبن سعد بن الحکم بن أبی مریم قال: حدثناعمی،قال: حدثنایحییٰ بن ایوب قال: أخبرنی عمارۃ بن غزیۃ عن محمدبن ابراہیم عن أبی سلمۃ بن عبدالرحمن عن عائشۃؓ قالت: تزوجنی رسول اللہﷺ وہی بنت ست سنین، وبنی بہاوہی بنت تسع۔ (سنن نسائی، البناء بابنۃ تسع، حدیث نمبر: ۳۳۷۹،السنن الصغریٰ، حدیث نمبر: ۳۳۴۴، السنن الکبریٰ، حدیث نمبر: ۵۳۸۰)

    امام طبرانیؒ اپنی سندسے بیان کرتے ہیں : حدثنا موسی بن ھارون، نااسحاق بن راہویہ، أنا یحییٰ بن آدم، ثناابوبکربن عیاش عن الأجلح عن عبداللہ بن أبی ملیکۃ عن عائشۃؓ أن النبی ﷺتزوجہاوہی بنت ست سنین، ودخل بہاوہی بنت تسع سنین۔(المعجم الأوسط، حدیث نمبر: ۸۱۱۶، السنن الکبریٰ للنسائی، حدیث نمبر: ۵۱۸۳)

    ابوبکرشیبانیؒ اپنی سندسے روایت کرتے ہیں : حدثنا الحسن بن علی، حدثنامحمدبن الحسن، حدثناسفیان الثوری عن سعد بن ابراہیم عن القاسم عن عائشۃؓ قالت: تزوج بی رسول اللہﷺ وأناابنۃست سنین، وبنی علی وأناابنۃ تسع سنین، وبنی علی فی شوال۔ (الأحادوالمثانی، حدیث نمبر: ۳۰۰۷)

    یہ روایتیں حضرت ہشام کے علاوہ سے ہیں، جوحسن درجہ سے کم کی نہیں اور یہ حدیثیں حضرت ہشام کی حدیثوں کی مؤیدبھی ہیں، لہٰذا حضرت ہشام کی روایتوں کوکلیۃً مجروح قرارنہیں دیاجاسکتاہے۔

    ۴-  امام بخاریؒ کی کتاب کوجمہورعلماء’’ أصح الکتاب بعدکتاب اللہ‘‘ قراردیتے ہیں اورأصحیت وأرجحیت میں دوسری روایتوں کے مقابلہ میں ان کی روایات کو ترجیح دی جاتی ہے؛ چنانچہ حافظ ابن حجرؒ رقم طراز ہیں : وقد صرح الجمہور بتقدیم ’صحیح البخاری‘فی الصحۃ، ولم یوجدعن أحدالتصریح بنقیضہ۔ (نزہۃ النظر، ص: ۹۶) ’’جمہورنے صحت کے سلسلہ میں صحیح بخاری کومقدم کرنے کی صراحت کی ہے اوراس کے خلاف کسی کی صراحت نہیں ملتی‘‘؛ اس لیے امام بخاری ؒ کی روایتیں ہی اس باب میں مستندمانی جائیں گی اور صرف امام مالکؒ کے قول کی بناپر ان کی تمام روایتوں کومجروح نہیں قرار دیا جاسکتا۔

چندمعروضات

    مذکورہ تصریحات کے بعداب راقم الحروف کے چندمعروضات پربھی غورکرناچاہیے:

    ۱-   حامیانِ اسلام کومخالفینِ اسلام کے جواب دینے میں حضرت عائشہؓ کی عمرکونکاح کے وقت اٹھارہ سال ثابت کرنے کے سلسلہ میں اس قدر مشقت اٹھانے کی قطعی ضرورت نہ تھی؛ بل کہ ان کاجواب اس طرح ہوناچاہیے تھا، جس طرح حضرت سلمان فارسیؓ نے مشرکوں کے استہزاء کاجواب دیا تھا، حضرت سلمان فارسیؓ فرماتے ہیں : قال لناالمشرکون: إنی أری صاحبکم یعلمکم؛ حتی یعلمکم الخراء ۃ، فقال: أجل، أنہ نہاناأن نستنجي أحدنابیمینہ، أویستقبل القبلۃ، ونہی عن الروث والعظام، وقال: لایستنجي أحدکم بدون ثلاثۃ أحجار۔(مسلم، باب الإستطابۃ، حدیث نمبر: ۲۶۲)’’مشرکین کہتے ہیں کہ ہم دیکھتے ہیں کہ تمہارے ساتھی تم لوگوں کو(ہرچیز کی)تعلیم دیتے ہیں ؛یہاں تک کہ قضائے حاجت کی بھی، انھوں نے کہا: ہاں ! وہ ہمیں دائیں ہاتھ سے استنجالینے، قبلہ کی طرف رخ کرنے اورہڈی یاگوبرسے استنجاکرنے سے روکتے ہیں اوریہ بھی فرماتے ہیں کہ تم میں سے کوئی تین پتھروں سے کم سے استنجانہ کرے‘‘۔

    ملاعلی قاریؒ اس کی تشریح میں امام طیبیؒ کاقول نقل کرتے ہوئے لکھتے ہیں :قال الطیبی: جواب سلمان من باب أسلوب الحکیم؛ لأن المشرک لمااستہزأ کان من حقہ أن یہدد أویسکت عن جوابہ؛ لکنہ رضی اللہ عنہ ماالتفت إلی ماقال ومافعل من الاستہزاء وأخرج الجواب مخرج المرشد الذی یلقن السائل المجد، یعنی لیس ہذامکان الإستہزاء؛ بل ہوجدوحق، فالواجب أن تترک العنادوتلزم الطریق المستقیم والمنہج القویم بتطہیرباطنک وظاہرک من الأرجاس والأجناس۔ (مرقاۃ المفاتیح، باب آداب الخلاء، حدیث نمبر:۳۷۰: ۲؍۷۷) ’’حضرت سلمان ؓ کاجواب حکیمانہ اسلوب کے قبیل سے تعلق رکھتاہے؛ چنانچہ جب مشرک نے استہزاء کیاتو(جواب میں )وہ ڈانٹ سکتے تھے یاپھرخاموشی اختیارکرلیتے؛ لیکن انھوں نے مشرک کے قول اوراستہزاء کونظراندازکرکے ایک سنجیدہ سائل کو رہنمائی کرنے والاجواب دیتے ہوئے فرمایا: یہ استہزاء کامقام نہیں ؛ بل کہ حقیقت پسندی اورسنجیدگی کامقام ہے، تم پرضروری ہے کہ تم عنادوہٹ دھرمی کوچھوڑکرگندگیوں سے اپنے ظاہروباطن کوصاف کرکے سیدھے راستے کواختیارکرو ‘‘۔

    ہمیں بھی احساسِ کہتری کا شکارہوکردفاعی راستہ اختیارکرنے کے بجائے حضرت سلمان فارسیؓ کاطریقۂ جواب اختیارکرناچاہیے تھا، اگرایساکیا جاتاتوشایدیہاں تک نوبت ہی نہیں آتی۔

    ۲-  حضرت عائشہؓکی کم سنی کی شادی پرمعترض ہونے کے بجائے ہمیں اس بات پرغورکرناچاہیے کہ کیااس زمانہ میں اس کومعیوب سمجھاجاتاتھایا اس کارواج تھا یانہیں ؟سیروتاریخ کی کتابوں کے مطالعہ سے اس کاجواب یہ ملتاہے کہ کم سنی کی شادی کو اس زمانہ میں معیوب نہیں سمجھاجاتاتھا، نیز یہ اس زمانہ کاایک مروج معاملہ تھا؛ بل کہ حیرت واستعجاب اس سے آگے ہمیں لے جاتاہے کہ ان کے یہاں حمل کابھی نکاح ہوجایاکرتاتھا، امام ابوداودؒ نے اپنی کتاب میں اس سلسلہ میں ایک باب قائم فرمایاہے: باب فی تزویج من لم یولد’’پیدائش سے پہلے شادی کرانے کاباب‘‘، جس کے اندرایک طویل حدیث بیان کی گئی ہے، جس میں یہ بھی ہے کہ کردم ؓحجۃ الوداع کے موقع سے مسلمان ہوئے اورآں حضرت اسے بتایا: إنی حضرت جیش عثران، فقال طارق بن المرقع: من یعطینی رمحاً بثوابہ، قلت: وماثوابہ؟ قال: أزوجہ أول بنت تکون لی۔(ابواداود، حدیث نمبر:۲۱۰۵، نیز دیکھئے:مسنداحمد، حدیث نمبر: ۲۷۰۶۴، السنن الکبری للبیہقی، حدیث نمبر:۱۳۸۲۴) ’’میں جنگ عثران میں شریک تھا؛ چنانچہ طارق بن مرقع نے کہا: مجھے عوض کے ساتھ نیزہ کون دے گا؟ میں نے پوچھا: عوض کیاہے؟ اس نے جواب دیا: اپنی پہلی ہونے والی بیٹی سے اس کی شادی کراؤوں گا‘‘،یہ حدیث سارہ بنت مقسم کے مجہول الحال ہونے کی وجہ سے سنداً اگرچہ کمزورہے؛ لیکن اتنی بات ضرورمعلوم ہوتی ہے کہ اس زمانہ میں اس طرح کے امورکومعیوب نہیں سمجھاجاتاتھا، ورنہ عوض میں کسی اورچیزکا ذکرکرتے۔

    نیزکم سنی کی شادیوں کی کئی مثالیں بھی ہمیں تاریخ وسیر کی کتابوں میں ملتی ہیں، آیئے انھیں بھی دیکھتے چلیں :

    ۱-  ام کلثوم بنت علی بن ابی طالب کے لیے حضرت عمرؓ نے اس کی کمسنی ہی میں نکاح کاپیغام بھیجاتھا؛ چنانچہ ان کے حالات میں لکھاہے: خطبہاعمربن الخطاب وہی صغیرۃ۔ (سیراعلام النبلاء، ام کلثوم بنت علی:۵؍۲۲)’’حضرت عمرؓ نے نکاح کاپیغام ان کی کم عمری میں بھیجا‘ابن الترکمانی ؒ پیغام سے آگے بڑھ کرشادی کرنے کی بات لکھتے ہیں : وتزوج عمر ابنۃ علی صغیرۃ۔(الجوہرالنقی، باب انکاح الآباء الابکار: ۷ ؍ ۱۱۴) ’’(حضرت)عمرؓنے حضرت علیؓ ایک چھوٹی بیٹی سے شادی کی تھی‘‘۔

    ۲-  قدامہ بن مظعون ؓنے حضرت زبیرؓ کی بیٹی (جس کانام صفیہ بتایاجاتاہے)سے اس کی پیدائش کے دن ہی نکاح کیا، ملاعلی قاریؒ لکھتے ہیں : وتزوج قدامۃ بن مظعون بنت الزبیریوم ولدت مع علم الصحابۃنص فی فہم الصحابۃ عدم الخصوصیۃ فی نکاح عائشۃ رضی اللہ عنہا۔ (مرقاۃ المفاتیح، باب الولی فی النکاح واستئذان المرأۃ: ۶؍۲۶۹، فتح القدیر: ۳؍۱۷۲)’’قدامہ بن مظعون نے زبیرکی بیٹی سے اسی دن نکاح کیا، جس دن وہ پیداہوئی، یہ بات صحابہ کے علم میں تھی، جواس بات پر واضح دلیل ہے کہ صحابہ کے فہم میں یہ(کم عمری کی شادی) حضرت عائشہؓکی خصوصیت نہیں ‘‘۔

    ۳-  خود آں حضرت انے حضرت ام سلمہؓ کے بیٹے سلمہ کانکاح حضرت حمزہؓ کی بیٹی سے بچپن ہی میں کردیاتھا، مفسرقرآن ابوبکرجصاص رازیؒ لکھتے ہیں : کان زوج رسول اللہﷺ – أم سلمۃ ابنہاسلمۃ، فزوجہ رسول اللہﷺ- بنت حمزۃ، وہماصبیان صغیران، فلم یجتمعا؛ حتی ماتا۔ (احکام القرآن للجصاص رازی، باب تزویج الصغار: ۲؍۷۵)’’رسول اللہانے (حضرت)ام سلمہ کے بیٹے کی شادی (حضرت)حمزہؓ کی بیٹی سے اس وقت کرایاتھا، جب کہ وہ دونوں چھوٹے تھے؛ چنانچہ وہ دونوں موت تک نہیں ملے ‘‘۔

    ۴-  حضرت زبیرؓ نے اپنی چھوٹی بچی کی شادی رچائی، امام شافعیؒ فرماتے ہیں : وزوّج الزبیر رضی اللہ عنہ ابنتہ صبیۃ۔ (الجوہرالنقی مع السنن الکبری للبیہقی، باب انکاح الآباء الابکار،حدیث نمبر: ۱۴۰۳۱)

یہ توکچھ مثالیں ہیں، ورنہ سیروتاریخ کی کتابوں میں تلاش کرنے سے اوربھی بہت ساری مثالیں مل جائیں گی، اسی لیے ابن الترکمانی ؒلکھتے ہیں : وزوج غیرواحد من أصحاب النبی ﷺ ابنتہ صغیرۃ۔(الجوہرالنقی، باب انکاح الآباء الابکار: ۷ ؍ ۱۱۴)’’بہت سارے صحابہ نے اپنی کم عمربیٹیوں کی شادی کرائی‘‘۔

    مذکورہ باتوں سے یہ معلوم ہوگیاکہ اس زمانہ میں کمسنی کی شادی کوئی معیوب بات نہ تھی، لہٰذاہمیں کیاحق پہنچتاہے کہ ہم ایک ثابت شدہ بات کاانکار کریں ؟نیزاس سے مزیدوہ دواشکالات بھی خودبخوددورہوجاتے ہیں، جومعترضین کی طرف سے کئے جاتے ہیں :

    (الف)   حضرت عائشہؓ کارشتہ مطعم بن عدی نے اپنے بیٹے(جبیر) سے پہلے ہی طے کررکھی تھی، جب کہ مطعم بن عدی کابیٹا(جبیر)جنگ بدر میں شریک رہاہے،اس سے معلوم ہواکہ جبیرعمردرازتھے، پھراس قدرچھوٹی عمرکی لڑکی سے اس کارشتہ کیسے طے ہوسکتاتھا؟ اس لیے حضرت عائشہؓ کی پیدائش کو نبوت سے پہلے مانناہوگا۔

    (ب)   حضرت عائشہؓ سے آں حضرت اکانکاح حضرت خدیجہؓ کی وفات کے بعدعمل میں آیااوریہ بات معلوم ہے کہ آپ ا کی جتنی اولاد ہیں، وہ سب حضرت خدیجہؓ سے ہے، ایسے وقت میں ایک چھ سات سال کی لڑکی سے نکاح کی ضرورت تھی یاایسی خاتون سے، جوگھرداری سنبھال سکے؟اس لیے یہی مانناہوگاکہ حضرت عائشہؓ چھ سات سال کی نہیں ؛ بل کہ اٹھارہ سال کی تھیں۔

    مذکورہ پہلے اشکال کاجواب توآچکاہے کہ عمردرازکانکاح کم عمرسے بھی ہوجایاکرتاتھا، ورنہ حضرت عمرؓ ام کلثوم بنت علی ؓبن ابوطالب کے لیے پیغام نہ بھیجتے(بل کہ شادی نہ فرماتے)؛ اس لیے حضرت عائشہؓ کی پیدائش نبوت سے پہلے ماننالازم نہیں۔

    جہاں تک دوسرے اشکال کاتعلق ہے تواس کاجواب یہ ہے کہ حضرت عائشہؓ سے نکاح کامقصد صرف گھرداری نباہنانہیں تھا؛ بل کہ علمِ نبوت حاصل کرکے اس کی تبلیغ اوراس کی تقسیم تھی، جہاں تک گھرکے سنبھالنے کامسئلہ تھاتووہ حضرت سودہؓ سے پوراہوا، یہی وجہ ہے کہ نکاح کے بعدبھی حضرت عائشہؓ تقریباً چارسال تک کاشانۂ نبوت میں جانے کے بجائے اپنے میکہ میں رہیں۔

    ۳-  اس بات پربھی غورکرناچاہیے کہ کیانوسال کی عمربالغ ہونے کی عمرہے یانہیں ؟حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں :إذابلغت الجاریۃ تسع سنین فہی إمرأۃ۔ (سنن الترمذی، باب ماجاء فی إکراہ الیتیمۃ علی التزویج، حدیث نمبر:۱۱۰۹)’’جب’جاریہ‘(بچی)نوسال کی عمرکوپہنچ جائے تووہ’إمرأۃ‘ (عورت) ہوجاتی ہے‘‘، یہی نہیں ؛ بل کہ حضرت لیث اپنے کاتب عبداللہ بن صالح کے حوالہ سے نقل کرتے ہیں :أن إمرأۃ فی جوارہم حملت، وہی بنت تسع سنین۔(السنن الکبریٰ للبیہقی، باب السن الذی یجوزأن تحیض فیہ،حدیث نمبر: ۱۵۸۱۷)’’میرے پڑوس کی ایک عورت اس وقت حمل سے ہوگئی، جب وہ نوسال کی تھی‘‘، اسی لیے فقہائے احناف، فقہائے مالکیہ اورفقہائے شوافع اس بات کے قائل ہیں کہ’ ’لڑکی کے بالغ ہونے کی ادنیٰ عمرنوسال ہے‘‘۔ (الموسوعۃ الفقہیۃ، لفظ: بلوغ: ۸؍۱۹۳)  —–   جب لڑکی نوسال کی عمرمیں بالغ ہوجاتی ہے توپھرحضرت عائشہؓ کی نوسال کی رخصتی پراس قدرواویلامچانے کی کیاضرورت ہے؟

    ۴-  حضرت عائشہؓ نے کئی جگہوں پراپنی کم سنی کوظاہرکیاہے(دیکھئے: بخاری، حدیث نمبر:۲۶۶۱،مسلم، حدیث نمبر: ۱۲۱۱)؛ حتیٰ کہ ایک جگہ اس کم عمری کا اظہاراس طرح فرمایا: فاقدروا قدرالجاریۃ الحدیثۃ السن۔ (مسلم، حدیث نمبر:۲۰۶۴)، امام نووی ؒ اس کی تشریح کرتے ہوئے لکھتے ہیں : معناہ: أنہا تحب اللہو والتفرج والنظرإلی اللعب حبا بلیغا وتحرص علی إدامتہ ماأمکنہا ولاتمل ذلک إلابعذرمن تطویل۔(شرح النووی علی مسلم، باب رخصۃ فی اللعب التی لامعصیۃ فیہ: ۲؍۴۸۹)’’اس کے معنی یہ ہیں کہ وہ کھیل کودکواورکھیل دیکھنے کوبہت زیادہ پسند کرتیں اورامکان بھراس کی حریص رہتیں اورصرف زیادہ دیرٹھہرنے (کی وجہ سے تکان پیداہونے)کے عذر سے ہی اکتاتیں ‘‘، اس سے بھی معلوم ہوتاہے کہ نکاح کے وقت وہ کم عمرہی تھیں۔

     اس پریہ اشکال ہوسکتاہے کہ عورتیں اپنی عمرکوچھپاتی ہیں، یہاں بھی یہی معاملہ ہے، اس کا جواب ایک تویہ ہے کہ حضرت عائشہؓ  جیسی خاتون کے بارے میں اس طرح سوچنابعیدازقیاس ہے، ورنہ پھران سے مروی بہت ساری روایتوں کوبھی ترک کرناپڑے گا، دوسراجواب یہ ہے کہ تھوڑی دیرکے لیے یہ تسلیم کرلیاجائے کہ عورتیں اپنی عمرچھپاتی ہیں، تویہ بات بھی تسلیم کرنی ہوگی کہ ایک عورت دوسری عورت کی عمرنہیں چھپاتی (؛ بل کہ بڑھاکربولتی ہیں )؛ لیکن یہاں معاملہ برعکس ہے، دوسری خاتون بھی حضرت عائشہؓ کی کم عمری کی گواہی دیتی نظرآرہی ہیں ؛ چنانچہ حضرت بریرہؓ سے جب حضورا نے واقعۂ افک کے موقع سے حضرت عائشہؓ کے بارے میں پوچھا توانھوں نے جواب دیتے ہوئے کہا:لا، والذی بعثک بالحق إن رأیت منہاأمرا اغمصہ علیہاقط أکثرمن أنہاجاریۃ حدیثۃ السن تنام عن العجین فتأتی الداجن فتأکلہ۔ (بخاری، باب تعدیل النساء بعضہن بعضا، حدیث نمبر: ۲۶۶)’’نہیں (کوئی شک والی بات نہیں )اس ذات کی قسم، جس نے آپ کوحق کے ساتھ بھیجاہے،میں نے ان کی جانب سے چشم پوشی کی جانے والی کوئی بات کبھی نہیں دیکھی ہے، سوائے اس کے کہ وہ کم عمرہیں، آٹایوں ہی رکھ کرسوجاتی ہیں اوربکری آکرکھالیتی ہے‘‘  —–  حضرت بریرہؓ کی اس شہادت سے بھی معلوم ہورہاہے کہ وہ حقیقتاً کم عمرہی تھیں۔

    ۵-  موجودہ زمانہ میں کتنے ایسے واقعات اخبارات کی زینت بن چکے ہیں (اورآج بھی انٹرنیٹ پرسرچ کیاجاسکتاہے؛ بل کہ وکی پیڈیامیں تو اس سلسلہ کی ایک طویل فہرست بھی دی ہوئی ہے، جوحضرات دیکھناچاہتے ہوں، وہ دیکھ لیں )، جن میں سات آٹھ سال کی بچی کااستقرار حمل ہواہے، ان باتوں کولوگ تسلیم بھی کرتے ہیں ؛ لیکن پتہ نہیں کیوں حضرت عائشہؓ کی چھ سال کی عمرمیں نکاح اورنوسال کی عمرمیں رخصتی کو تسلیم کرنے سے ہچکچاتے ہیں ؟ شاید مستشرقین کے اوچھے حملوں کے سامنے کم فہمی اوردینی معلومات کے لیے انھیں کی مرتب کردہ کتابوں سے استفادہ کے نتیجہ میں مجبورہیں۔