Monday, 7 December 2020

گھرکانہ گھاٹ کا(افسانچہ)


 گھرکانہ گھاٹ کا

محمد جمیل اختر جلیلی ندوی

اس کی پیدائش مالدارمسلم گھرانے میں ہوئی تھی اور تعلیم علاقہ کے مشہور کانوینٹ اسکول میں، پھرکالج کی زندگی توآزادانہ تھی، فطری طورپرمذہبی شناخت سے دوری کے ساتھ ساتھ مذہب سے بھی دوری ہوتی گئی۔

تعلیم یافتہ ہونے کی وجہ سے ایک اچھی کمپنی میں اسے جاب ملی تھی، جہاں اس کی ملاقات ریاسے ہوئی، جلدہی دونوں کے مابین دوستی کامصافحہ ہوگیا، شدہ شدہ بات بیاہ تک جاپہنچی، ریانے صاف کہہ دیا :

’’میں اپنے دھرم کے اعتبارسے بیاہ رچاؤں گی‘‘۔

’’میں کب کہہ رہاہوں کہ میرے دھرم کے لحاظ سے بیاہ کرو‘‘، اس نے جواب دیا۔

اگنی کے ساتھ پھیرے لے کردونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے اور خوش خوش رہنے لگے، ایک رات اچانک دروازے پردستک ہوئی، باہرپولیس کھڑی تھی، اسے ’’جبراً مذہب قبول کرواکرشادی کرنے ‘‘کے جرم میں گرفتارکر کے لے گئی اورجیل کی سلاخوں کے پیچھے اوندھے منھ دھکیل دیا۔


مٹ نہ جائیں کہیں ہم

 مٹ نہ جائیں کہیں ہم

    محمد جمیل اختر جلیلی ندوی

               

اللہ تبارک وتعالیٰ کی بنائی ہوئی اس وسیع وعریض دنیا میں رہنے بسنے والے ہر انسان کی ایک ذاتی شناخت ہوتی ہے، جو اسے دوسروں سے ممتاز کرتی ہے، اور اس کی یہ شناخت، اس کی موت تک باقی رہتی ہے، یہ شناخت کبھی تو اس کی فطری ہوتی ہے(جیسے بعض اعضاء سے معذوری) اورکبھی دوسروں کی طرف سے عطاکردہ(جیسے والدین کی طرف سے رکھاہوا نام، لوگوں میں کسی نسبت سے مشہور ہونا، حکومت وغیرہ کی طرف سے کسی خطاب کاملنا)؛ لیکن اس کی ذات کے ساتھ یہ اس طرح لازم ہوجاتی ہے کہ جب بھی اس شناخت کا ذکرکہیں ہوتا ہے، ذہن ودماغ میں اسی شخص کا ہیولیٰ گھومنے لگتاہے۔

شناخت جس طرح ذاتی ہوتی ہے، اسی طرح ملکی اور قومی بھی، اور ہر فرد اس کوباقی رکھنے کی کوشش کرتاہے، خدا نخواستہ اگر کوئی شخص اس شناخت کومٹانے کے درپے ہوجائے تو مارنے مرنے کی نوبت آجاتی ہے، ہمارے ملک ہندوستان کی ایک شناخت ’’ترنگا‘‘ہے، اگر کوئی اسے جلادے یاپھاڑڈالے توپوری ہندوستانی قوم اپنی ذاتی اہانت تصور کرتی ہے اور اس کے لئے احتجاجی جلوس اور ریلیوں کا اہتمام کرکے مجرم کو جلد از جلد تازیانۂ عبرت دلانے کی کوشش کرتی ہے۔

ملکی شناخت ہی کی طرح کچھ شناختیں قومی ہواکرتی ہیں، جن سے وہ قوم، دنیاکی دوسری قوموں سے ممتاز ہوتی ہے، ہندوستان کی اس وسیع آبادی میں اس کا بخوبی مشاہدہ کیاجاسکتاہے، سکھ قوم اس ملک میں آباد ہے، اس کی الگ شناخت ہے، ہندو قوم یہاں بستی ہے، اس کی الگ پہچان ہے، عیسائی قوم یہاں رہائش پذیرہے، اس کی اپنی الگ علامت ہے، پھر ان میں جوالگ فرقے ہیں، ان کی الگ الگ نشانیاں ہیں، اور یہی نشانیاں انھیں دوسروں سے نمایاں کرتی ہیں، اگر ان کی ان شناختوں کی طرف پھوٹی آنکھ بھی کوئی اٹھاکر دیکھنے کی کوشش کرتاہے تووہ ان کی حفاظت کے لئے سراپا ڈھال بن جاتے ہیں؛ کیوں کہ انھیں معلوم ہے کہ اگر ہماری یہ علامتیں مٹ گئیں توہم بھی نقشۂ ارض سے مٹ جائیں گے۔

دیگر قوموں کی طرح قومِ مسلم کی بھی اپنی الگ شناخت ہے، جس سے وہ پوری دنیامیں جانی پہچانی جاتی ہے، اور اس کی یہ شناخت زندگی کے کسی ایک شعبہ تک محدود نہیں؛ بل کہ ہرہرشعبہ میں پائی جاتی ہے، تجارت میں، معاشرت میں، معاملات میں، رہن سہن میں، بات چیت میں، رفتاراورگفتارمیں، ہرہرچیز میں الگ پہچان اور الگ چھاپ ہے، اور اسی چھاپ کودیکھ کر ماضی میں ہزاروں لوگوں نے اسے سینوں سے لگایاتھا، صحابہ ؓ اورتابعین کے دورسے تھوڑی دیرکے لئے صرفِ نظر کرلیجئے اورساتویں صدی ہجری پرنظردوڑایئے، عالم ِاسلام پر تاتاری فتنہ کا حملہ ہوا، اس نے پہلے بخارا کوتودۂ خاک بنایا، پھرسمرقند کوخاک سیاہ کردیا، پھر یکے بعد دیگرے عالم ِاسلام کے نامی گرامی شہروں(رے، ہمدان، زنجان، قزوین، مرو، نیشاپوراور خوارزم) کو خاکستر کرتاچلاگیا، یہ فتنۂ محشر برپاکرنے والے ایسے وحشی تھے کہ انھوں نے نہ عورتوں پررحم کیا اور نہ ہی بچوں پر ترس کھایا؛ لیکن جب انھیں اسلامی شناخت کی معرفت حاصل ہوئی تویکے بعد دیگرے پوری کی پوری قوم حلقہ بگوش اسلام ہوگئی، علامہ اقبال نے اسی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاہے:

ہے عیاں فتنۂ تاتار کے افسانے سے

پاسباں مل گئے کعبہ کو صنم خانہ سے

آج قوم ِمسلم کی وہ شناخت کہاں گم ہوگئی؟ زمین کے کس گوشہ میں دفن ہوگئی؟ کیا پرندوں نے اسے اچک لیا یا سمندری مچھلیوں نے اسے نگل لیا؟ جس شناخت کو دیکھ کر جنگلی جانوروں نے بھی آدابِ کورنش بجالا یا تھا، دریاؤوں نے جس کے سامنے اپناسرخم کرلیاتھا، پہاڑوں نے جس کو دیکھ کر اپنا سینہ ہموار کرلیاتھا، آج اسی شناخت کودیکھ کرکیوں کوئی انسان بھی اپنی گردن نہیں جھکاتا؟ کیوں؟؟____اس لئے کہ آج وہ شناخت اپنی اصلی صورت میں باقی نہیں، ہم نے اپنے لباس کوتو دھبوں سے بچانے کی فکر کی؛ لیکن اپنی شناخت کی حفاظت کے لئے کوئی اہتمام نہیں کیا، ہم نے اپنے جوتوں کی چمک کوباقی رکھنے کے لئے اس پر پالش تو کروالی؛ لیکن اپنی پہچان کی بقا ء کے لئے اس پر قلعی بھی نہ کروا سکے، اس شناخت کی حفاظت کے لئے حضرت یعقوب ؑ نے اپنی زندگی کے آخری ایام میں اپنے بیٹوں سے یہ سوال کیا کہ میرے مرنے کے بعد تم کس کی عبادت کروگے؟ لیکن افسوس ! آج ہمارے حاشیۂ خیال میں بھی یہ سوال گردش نہیں کرتا، آج ہمارالباس، ہمارا رہن سہن، ہمارے اخلاق، ہماری معاشرت اورہمارے معاملات ہرچیز اپنی شناخت کھوچکی ہے، تجارت میں ہم دجل وفریب سے کام لیتے ہیں، معاملات میں ٹال مٹول ہمارا شیوہ بن چکا ہے، معاشرتی زندگی میں ہم ناکام ہوچکے ہیں، اور یہ سب صرف اس لئے ہوا کہ ہم نے بٹے ہوئے دودھاگوں کو الگ کردینے کی کوشش کی، ہم نے مذہب کوالگ اور دوسرے امورکو الگ سمجھ لیا، حالاں کہ ہماری ہر ہرچیز مذہب سے مربوط ہے۔

آج ہمیں اپنی شناخت کی بقاء کی جنگ لڑنی پڑرہی ہے، جب کہ دوسری قوموں کو اس کی حفاظت اور اس پر عمل کی مکمل آزادی حاصل ہے، سکھ بھائیوں سے کوئی نہیں کہتا کہ تمہاری داڑھیاں سرکاری نوکریوں سے مانع ہیں، ان سے کوئی نہیں کہتا کہ ہروقت تمہارے پاس رہنے والی کرپان دہشت گردی کی علامت ہے، جب کہ ہماری داڑھیاں ہمارے لئے سرکاری نوکریوں سے مانع بنی ہوئی ہیں، ہمارے پاس رہنے والا ناخن تراش بھی دہشت گردی کی علامت سمجھاجاتاہے، یہ اس وجہ سے ہے کہ انھوں نے (باطل پر ہونے کے باوجود) اپنی اس شناخت کی حفاظت کی اور ہم نے (حق پر ہونے کے باوجود) اس کی حفاظت کے لئے کوئی کوشش نہیں کی؛ لیکن ابھی وقت گیا نہیں، آج ہی سے اگر ہم اس کی حفاظت پر کمربستہ ہوجائیں توہمیں بھی وہی مراعات مل سکتی ہیں، جو دوسروں کو مل چکی اور مل رہی ہیں؛ لیکن اگرہم نے اس کی طرف توجہ نہیں دی تو وہ دن دور نہیں، جب ہماراوجود نقشۂ عالم سے مٹادیا جائے۔     jamiljh04@gmail.com / 8292017888

 




Saturday, 5 December 2020

بخشش(افسانچہ)



 بخشش

محمد جمیل اختر جلیلی ندوی

بیٹی کی شادی کی تاریخ جوں جوں قریب آرہی تھی، لال دین کی پیشانی کی سلوٹیں گہری ہوتی جارہی تھیں، وہ روزانہ صبح دم چائے کے بغیرہی گھر سے نکل جاتا اورشام کوسکے گن گن کرالگ پوٹلی بناکررکھ دیتا۔

ایک دن ایک گاؤں میں پہنچا، ایک جگہ بھیڑدیکھ اُدھربڑھ گیا، راستہ بناتے ہوئے قریب پہنچا توکیا دیکھتاہے کہ ایک شخص ہاتھ جوڑے اپنے سامنے کھڑے شخص سے کہہ رہاہے:

’’باباجی ! کچھ دن اورمہلت دیجئے، سارے پیسے چکتا کردوں گا‘‘۔

’’نہیں! میں اورمہلت نہیں دے سکتا، توہمیشہ یہی کہتاہے‘‘، ایک گرج دارآواز نے لال دین کواپنی طرف متوجہ کیا، وہ بھونجکا رہ گیا، یہ توہی بابا ہے، جوپچھلے ہفتہ ہی اس کی بستی میں لوگوں کی نمازیں بخش رہاتھا۔


Thursday, 3 December 2020

آن لائن عقد نکاح ----- ایک جائزہ ( An Overview of Online Marriage )

 باسمہ تعالیٰ

آن لائن عقد نکاح  -----  ایک جائزہ 


محمدجمیل اخترجلیلی ندوی


تمہید
یہ دور سائنس وٹیکنالوجی کی ترقیوں کادورہے، اس میں ایسی ایسی چیزیں ایجادہوئی ہیں، جنھیں دیکھ کرانسانی عقل حیران رہ جاتی ہے، ان ترقیات کے نتیجہ میں جہاں سہولتیں میسرہوئی ہیں، وہیں ان کے تعلق سے شریعت کادائرہ کاربھی جاننے کی ضرورت محسوس کی گئی ہے؛کیوں کہ ایجاد شدہ ہرچیز کے بارے میں شریعت اسلامی میں ضروری نہیں کہ دوٹوک وضاحت موجودہو، یہی وجہ ہے کہ کئی مفید چیزوں کے تعلق سے شرعی رہنمائی میں علماء کے اجتہادات مختلف فیہ رہے ہیں، ایساہی کچھ مسئلہ ’’آن لائن عقد نکاح‘‘ کے سلسلہ میں ہے، یہاں اسی کاجائزہ لینے کی کوشش کی گئی ہے۔
اس سلسلہ میں بات کرنے سے قبل ضروری معلوم ہوتاہے کہ نکاح کے ارکان وشرائط اوراس کے انعقادکے لئے استعمال ہونے والے الفاظ یا اس کے قائم مقام چیزوں پربھی روشنی ڈالی جائے؛ تاکہ مسئلہ بے غبارہوجائے۔


نکاح کے ارکان
نکاح کے ارکان کے تعلق سے ائمہ اربعہ کے یہاں اختلاف پایایاجاتاہے؛ چنانچہ احناف کے نزدیک نکاح کے صرف دوارکان ہیں: (۱)  ایجاب(ٖProposal) (۲)  قبول (Acceptance)، ملک العلماء علامہ کاسانیؒ فرماتے ہیں:

وأمارکن النکاح: فہوالإیجاب والقبول، وذلک بألفاظ مخصوصۃ أومایقوم مقام اللفظ۔ (بدائع الصنائع، کتاب النکاح: ۲؍۴۸۵)

’’جہاں تک نکاح کے رکن کاتعلق ہے تووہ ایجاب اورقبول ہے اوریہ مخصوص الفاظ اوران کے قائم مقام کے ذریعہ سے ہوتاہے‘‘-

    مالکیہ کے یہاں نکاح کے پانچ ارکان ہیں: (۱)  صیغہ (۲)  ولی (۳)  شوہر (۴)  بیوی (۵)  مہر، خلیل بن اسحق مالکیؒ فرماتے ہیں:

أرکانہ: الصیغۃ، والولی، والزوج، والزوجۃ، والصداق۔ (التوضیح فی شرح مختصرابن الحاجب، کتاب النکاح: ۳؍۳۲۹)

’’اس کے ارکان صیغہ، ولی، شوہر، بیوی اورمہرہے‘‘-

     شوافع کے نزدیک بھی پانچ ارکان ہیں: (۱)  صیغہ (۲)  شوہر (۳)  بیوی (۴)  دوگواہ (۵)  ولی، خطیب شربینیؒ فرماتے ہیں:

وأرکانہ خمسۃ: صیغۃ، وزوجۃ، وشاہدان، وزوج، وولی۔ (مغنی المحتاج، فصل: فی أرکان النکاح وغیرہا: ۳؍۱۸۸)

’’اس کے ارکان پانچ ہیں: صیغہ، بیوی، دوگواہ، شوہر اورولی‘‘-

    حنابلہ کے نزدیک بھی چار ارکان ہیں: (۱)  شوہر (۲)  بیوی (۳)  ایجاب(۴)  قبول، موسیٰ حجاوی لکھتے ہیں:

وأرکانہ: الزوجان الخالیان من الموانع، والإیجاب، والقبول۔ (الإقناع فی فقہ الإمام أحمدبن حنبل، کتاب النکاح: ۳؍۱۶۷)

’’اس کے ارکان: موانع سے خالی میاںبیوی اورایجاب وقبول ہیں‘‘۔


ِنکاح کے شرائط
پھرائمہ اربعہ کے یہاں نکاح کے درست ہونے کے لئے کچھ شرطیں ہیں؛ چنانچہ  احناف کے نزدیک نکاح کے لئے درج ذیل شرطیں ہیں:

    ۱-  عاقد عاقل ہو۔

    ۲-  محل قابلِ نکاح ہو، یعنی ایسی خاتون ہو، جس کوشریعت نے حلال قراردیاہو۔

   ۳-  عاقدین ایک دوسرے کے کلام کوسن سکیں۔

    ۴-  گواہ موجودہوں(البتہ اکثرعلماء نے اسے شرائط جوازمیں شمارکیاہے)۔

   ۵-  دونوںگواہ دونوں (عاقدین) کے کلام کوایک ساتھ سنیں؛ چنانچہ اگرایک گواہ ایسابہرا ہو، جوسن نہیں سکتاتونکاح درست نہیں ہوگا۔

    ۶-  بالغہ ہونے کی صورت میں لڑکی کی رضامندی ضروری ہے، خواہ لڑکی باکرہ ہویاثیبہ۔

     ۷- ایجاب وقبول ایک ہی مجلس میں ہو۔

     ۸-  قبول، ایجاب کے مطابق ہو؛ چنانچہ اگرقبول ایجاب کے برخلاف ہوتونکاح منعقد نہیں ہوگا۔

     ۹-  نکاح کی اضافت کل جسم یاان اعضاء کی طرف ہو، جن سے کل جسم مراد لیاجاتاہے۔ 

    ۱۰-  میاں بیوی مشخص یعنی معلوم ہوں۔(الفتاوی الہندیۃ، کتاب النکاح، الباب الأول: ۱؍۲۹۵-۲۹۸)-

    مالکیہ کے یہاں تین شرطیں ہیں:

    ۱-  ولی؛ چنانچہ ولی کے بغیرکیاہوانکاح درست نہیں۔

    ۲-  مہر؛ البتہ نکاح تفویض کی صورت میں عقد بھی تعیین کرنے کی گنجائش ہے۔

    ۳-  دوعادل گواہ؛ چنانچہ ان کے بغیربھی نکاح درست نہیں۔(التبصرۃ لعلی بن محمداللخمی، کتاب النکاح الأول، فصل فی شروط النکاح:۴؍۱۷۷۹ ، بدایۃ المجتہد، کتاب النکاح، الفصل الثانی فی موجبات صحۃ النکاح: ۲؍۸)-

    شوافع کے نزدیک درج ذیل شرطیں ہیں:

    ۱-  عادل وعاقل ولی۔

    ۲-  دوعادل گواہ۔

    ۳-  لڑکی کی رضامندی، یعنی اگرثیبہ ہے تواس کی اجازت اورباکرہ ہے توسکوت وخاموشی۔

    ۴-  لفظ تزویج یانکاح کے ذریعہ سے ایجاب وقبول۔(الإقناع فی الفقہ الشافعی للماوردی، باب شروط النکاح،ص: ۱۳۴، التذکرۃ فی الفقہ الشافعی لابن الملقن، ص:۹۶ )-

    حنابلہ کے یہاں پانچ شرطیں ہیں:

    ۱-  ولی۔

    ۲-  دوگواہوں کی موجودگی۔ 

    ۳-  میاں بیوی کی تعیین۔

    ۴-  میاں بیوی کی رضامندی۔

    ۵-  ایجاب اورقبول۔(الکافی لابن قدامۃ، باب شرائط النکاح: ۴؍۲۲۳ومابعدہا)

الفاظ نکاح
الفاظِ نکاح کے تعلق سے فقہاء کے یہاں اختلاف یہ ہے کہ : 

    ۱-  احناف اورمالکیہ کے نزدیک نکاح صریح الفاظ سے بھی منعقدہوتاہے اورکنایہ الفاظ سے بھی، نکاح ، تزویج یا ان دونوں سے مشتق الفاظ صریح میں شمار ہوتے ہیں، جب کہ فوری طورسے ملکیت پردلالت کرنے والے الفاظ ، جیسے: ہبہ، تملیک، صدقہ اورعطیہ وغیرہ کنایہ ہیں۔(الفتاوی الہندیۃ: ۱؍۲۹۹، الہدایۃ مع البنایۃ: ۴؍۴۸۴ومابعدہا، فقہ مالکی: القوانین الفقہیۃ للغرناطی، الباب الثامن: فی أرکان النکاح، ص: ۱۳۱)-

    ۲-  شوافع اورحنابلہ کے یہاں لفظ نکاح ، تزویج یا ان دونوں سے مشتق الفاظ سے ہی نکاح منعقدہوسکتاہے، ان کے علاوہ الفاظ سے نکاح منعقد نہیں ہوگا۔ (منہاج الطالبین،فصل فی أرکان النکاح، ص: ۳۷۴، الإقناع فی حل ألفاظ أبی شجاع: ۲؍۲۴۵، فقہ حنبلی: الکافی، فصل: الشرط الخامس من شروط النکاح:۴؍ ۲۴۷)


الفاظ کے قائم مقام چیزیں
فقہاء کرام رحمہم اللہ نے کچھ چیزوں کوالفاظ کے قائم مقام قراردیاہے، وہ درج ذیل ہیں:

    ۱-  اشارہ:  اشارہ کے ذریعہ سے نکاح منعقد ہوگایانہیں؟ اس تعلق سے تھوڑی تفصیل ہے؛ چنانچہ احناف کے یہاں اس سلسلہ میں لوگوں کی تین قسمیں ہیں: (۱) گونگا (۲) گویا(۳) اورجس کی زبان بندہوجائے، گونگے کے ایسے اشارہ سے نکاح درست ہوگا، جس سے اقرارسمجھاجاسکے؛ چنانچہ امام محمدؒ تحریرفرماتے ہیں:

أخرس یکتب کتابا، أو یؤمی برأسہ إیمائً یعرف ، فإنہ یجوز نکاحہ، وطلاقہ، وعتقہ ،وبیعہ،وشراء ہ، ویقتص منہ ولہ، ولایحد لہ۔ (الجامع الصغیرمع النافع الکبیر، مسائل متفرقۃ لیست لہاأبواب،ص:۵۳۳)

’’گونگاتحریرلکھتاہے یااپنے سرسے ایسااشارہ کرتا، جوسمجھ میں آجائے تواس کانکاح، طلاق، آزادکرنا اوربیع وشراء درست ہوگا، اوراس کے حق یاخلاف میں اس سے قصاص لیاجائے گا؛ البتہ اس پرحدجاری نہیں کی جائے گی‘‘۔

    گونگے کے تعلق سے مالکیہ کی بھی یہی رائے؛ چنانچہ مدونہ میں ہے:

قلتُ: أرأیت الأخرس،لہم یجوز طلاقہ، ونکاحہ، وشراء ہ، وبیعہ، وتحدہ إذا قذف، وتحدقاذفہ وتقتص منہ؟ قال: نعم! ہذا جائز فیما سمعت من مالک، وبلغنی عنہ إذاکان ہذایعرف من الأخرس بالإشارۃ وبالکتاب یستیقن ذلک منہ، فإن ذلک لازم للأخرس۔ (المدونۃالکبری ، طلاق السکران والأخرس…: ۲؍۷۸-۷۹)

’’میں نے پوچھا: گونگے کے بارے میں کیارائے ہے؟ کیاان کی طلاق، نکاح، بیع اورشراء درست ہے؟ اوران پرحدقذف جاری ہوگی؟ اورکیاان پرتہمت لگانے والے پرحدہوگی اوران سے قصاص لیاجائے گا؟انھوں نے فرمایا: ہاں!یہ جائزہے، جیساکہ میں نے امام مالک سے سناہے اوران سے مجھے یہ بات بھی پہنچی ہے کہ یہ اس وقت درست ہے، جب کہ گونگے کااشارہ یااس کی تحریرسمجھ میں آجائے اوریقین ہوکہ اسی کی تحریرہے توگونگے کے لئے یہ چیزیں لازم ہوں گی‘‘-

    ۔شوافع کے نزدیک بھی گونگے کانکاح سمجھ میں آنے والے اشارہ سے درست ہوتاہے، سلیمان بن محمدبُجیرمی لکھتے ہیں:

ولاینعقد نکاح الأخرس بالإشارۃ إلاإذاکان یفہمہا کل أحد۔ (حاشیۃ البجیرمی، فصل فی أرکان النکاح: ۳؍۱۲۳)

’’اشارہ کے ذریعہ سے گونگے کانکاح اس وقت منعقدہوگا؎ جب کہ اس کے اشارہ کوہرایک سمجھ لے‘‘-

    حنابلہ کے نزدیک گونگے کانکاح تحریریااشارہ سے منعقدہوجائے گا، مجدالدین ابوالبرکات کہتے ہیں:

وینعقد نکاح الأخرس بکتابتہ أوبإشارتہ، نص علیہ۔ (المحررلمجدالدین أبی البرکات: ۲؍۱۵)

’’گونگے کانکاح تحریریااشارہ سے منعقدہوجائے گا،امام احمدنے اس کی صراحت کی ہے‘‘۔


جہاں تک اس شخص کا تعلق ہے، جس کی زبان بندہوجائے تواگریہ زباں بندی موت تک رہتی ہے تواس کے اشارہ کواقرارسمجھاجائے گا، ابن نجیم مصریؒ لکھتے ہیں:

وأماإشارۃ غیرالأخرس: فإن کان معتقل اللسان: ففیہ اختلاف، والفتوی علی أنہ إن دامت العقلۃ إلی وقت الموت، یجوز إقرارہ بالإشارۃ والإشہاد علیہ۔

’’جہاں تک گونگے کے علاوہ کی بات ہے تواگروہ ایساہے، جس کی زبان بندہوگئی ہوتواس سلسلہ میں اختلاف ہے اورفتوی اس بات ہے کہ اگریہ زبان بندی موت تک برقراررہے توگواہی کے ساتھ اشارہ کے ذریعہ سے اس کااقراردرست ہوگا‘‘۔

    اب رہی گویاشخص کی تواس کااشارہ نکاح میں معتبرنہیں، ابن نجیم مصریؒ لکھتے ہیں:

وإن لم یکن معتقل اللسان، لم تعتبر إشارتہ مطلقاًإلافی أربع: الکفر، والإسلام، والنسب، والإفتاء۔ (الأشباہ والنظائر، أحکام الإشارۃ: ۲؍۴۰۷)

’’اوراگرایسانہیں ہے، جس کی زبان بندہوئی ہو توچارجگہوں کے علاوہ مطلقاً اس کااشارہ معتبرنہیں ہوگا: کفر، اسلام، نسب اورافتاء‘‘۔


۲-  تحریر:  جہاں تک تحریرکی بات ہے تواحناف کہ نزدیک تحریرکے ذریعہ سے مجلس میں موجودشخص کانکاح درست نہیں ہوگا؛ البتہ غیرموجودشخص کانکاح اس کے ذریعہ سے اس صورت میں درست ہوگا، جب کہ یہ تحریردوگواہوں کی موجودگی میں پڑھی جائے اورپھران کی موجودگی میں قبول کیاجائے؛ چنانچہ علامہ ہمامؒ لکھتے ہیں:

ینعقد النکاح بالکتاب کماینعقدبالخطاب۔

’’تحریرکے ذریعہ سے نکاح اسی طرح منعقد ہوتاہے، جس طرح نطق کے ذریعہ سے ہوتاہے‘‘۔

    پھراس کی صورت کے تعلق سے رقم طراز ہیں:

وصورتہ: أن یکتب إلیہا یخطبہا، فإذابلغہاالکتاب، أحضرت الشہود وقرأتہ علیہم وقالت: زوجت نفسی منہ، أوتقول: إن فلاناقد کتب إلی یخطبنی فاشہدوا أنی زوجت نفسی منہ۔(فتح القدیر، کتاب النکاح:۳؍۱۸۹)

’’اس کی صورت یہ ہے کہ وہ خاتون کوپیغام کاخط لکھے، جب وہ خط پہنچے تووہ گواہوں کوحاضرکرے اوران کے سامنے وہ خط پڑھے اورکہے: میں نے اس سے اپنانکاح کیا، یاکہے: فلاں نے مجھے پیغام کاخط بھیجاہے، آپ لوگ گواہ رہیں کہ میں نے اپنانکاح اس سے کیا‘‘۔

    نیز تحریرکے ذریعہ سے اخرس(گونگے)کانکاح بھی درست ہوگا، علامہ دامادآفندی لکھتے ہیں:

کتابۃ الأخرس وإیماء ہ بمایعرف بہ إقرارہ بنحوتزوج وطلاق وبیع وشراء ووصیۃ وقود علیہ ولہ کالبیان۔ (مجمع الأنہر، کتاب الخنثی، مسائل شتی: ۴؍۴۷۲-۴۷۳)

’’گونگے کی ایسی تحریراوراشارہ، جن سے نکاح، طلاق، بیع، شراء، وصیت اوراس کے حق یاخلاف میںقصاص کے تعلق سے اقرارمعلوم ہوتوبیان(نطق) کی طرح ہے‘‘۔

    شوافع کے یہاں تحریرکے ذریعہ سے نکاح منعقد نہیں ہوتا، امام نوویؒ فرماتے ہیں:

إذا کتب بالنکاح إلی غائب، أو حاضر، لم یصح، وقیل: یصح فی الغائب، ولیس بشئی؛ لأنہ کنایۃ، ولاینعقدبالکنایات۔ (روضۃ الطالبین، باب فی أرکان النکاح: ۵؍۳۸۳)

’’جب نکاح کاپیغام غائب یاحاضرکولکھے تویہ درست نہیں اورکہاگیاہے کہ غائب میں درست ہے؛ لیکن یہ درست بات نہیں؛ اس لئے کہ یہ کنایہ ہے اورکنایہ سے نکاح منعقد نہیں ہوتا‘‘۔

    مالکیہ کے یہاں بھی صرف گونگے کانکاح اشارہ اورتحریرسے درست ہے، غیرگونگے کانہیں، احمدبن محمددردیرمالکی لکھتے ہیں:

ولاتکفی الإشارۃ ولاالکتابۃ إلالضرورۃ خرس۔ (الشرح الصغیر: ۲؍۳۵۰)

’’اشارہ اورتحریرصرف گونگ پن کی ضرورت کی وجہ سے کافی ہوگا‘‘۔

    حنابلہ کے نزدیک بھی تحریرکے ذریعہ صرف گونگے کانکاح منعقد ہوگا، دوسرے کانہیں، مصطفی بن سعدرحیبانی حنبلی لکھتے ہیں:

ولا(یصح) إیجاب ولاقبول’’بکتابۃ ولاإشارۃ مفہومۃ إلامن أخرس‘‘، فیصحان منہ بالإشارۃ نصاً کبیعہ وطلاقہ، وإذاصحامنہ بالإشارۃ، فبالکتابۃ أولیٰ؛ لأنہا بمنزلۃ التصریح فی الطلاق والإقرار۔ (مطالب أولی النہی فی شرح غایۃ المنتہی، باب فی أرکان النکاح وشروطہ: ۵؍۱۳۹)

’’سمجھ میں آنے والے اشارہ اورتحریرسے صرف گونگے کاایجاب وقبول ہی درست ہوگا، جیساکہ اس کی بیع اورطلاق اشارہ سے درست ہوتی ہیں اوراس پرنص ہے،اورجب اشارہ سے درست ہیں توتحریرسے توبدرجۂ اولیٰ درست ہوںگے؛ اس لئے کہ یہ طلاق اوراقرارمیں تصریح کے درجہ میں ہے‘‘۔


۳-  قاصد:  قاصدکے ذریعہ سے نکاح منعقد ہوجاتاہے؛ البتہ قبول دوایسے گواہوں کی موجودگی میں ہو، جوقاصدکے کلام کوسن سکیں، اگرگواہ قاصد کے کلام کونہ سنیں توطرفین کے نزدیک نکاح درست نہیں ہوگا، علامہ کاسانیؒ لکھتے ہیں:

ولوأرسل إلیہا رسولاً وکتب إلیہا بذلک کتاباً، فقبلت بحضرۃ شاہدین سمعاکلام الرسول وقراء ۃ الکتاب، جاز ذلک لاتحاد المجلس من حیث المعنی؛ لأن کلام الرسول کلام المرسل؛ لأنہ ینقل عبارۃ المرسل…وإن لم یسمعا کلام الرسول وقراء ۃ الکتاب، لایجوز عندہما۔ (بدائع الصنائع، کتاب النکاح: ۲؍۴۹۰-۴۹۱)

’’اوراگروہ خاتون کے پاس کسی قاصدکوبھیجے اورنکاح کے تعلق سے اسے خط لکھے، پس وہ دوایسے گواہوں کی موجودگی میں قبول کرلے، جوقاصد کی بات اوراس کے خط پڑھنے کوسن لیں تومعنوی اعتبارسے اتحادمجلس پائے جانے کی وجہ سے یہ درست ہوگا؛ اس لئے کہ قاصدکاکلام، مرسل کاکلام ہے کہ وہ مرسل کی عبارت کونقل کررہاہے… اوراگرقاصدکے کلام اوراس کے خط پڑھنے کونہ سنیں اورطرفین کے نزدیک درست نہیں‘‘۔

اسی رائے کے قائل مالکیہ(المدونۃ الکبری:۴؍۲۴)، شوافع(الأم: ۵؍۷۳) اورحنابلہ(کشاف القناع: ۵؍۱۰) بھی ہیں۔(بحوالہ:الموسوعۃ الفقہیۃ الکویتیۃ، لفظ: إرسال: ۳؍۹۵-۹۶)


آن لائن نکاح سے مراد
آن لائن نکاح سے مرادیہ ہے کہ عاقدین مختلف جگہوں پرہوں، اولیاء، وکلاء اورگواہان بھی ہوں، ہرایک دوسرے کی آواز سن اورسمجھ رہے ہوں اور ویڈیوکال کی صورت میں ایک دوسرے کودیکھ بھی رہے ہوں یاخط، میل یاٹیلی گرام وغیرہ کے ذریعہ سے ہوتوعبارت پڑھتے وقت مذکورہ افراد موجود ہوں اور سن اورسمجھ رہے ہوں۔


آن لائن نکاح کی ضرورت
نکاح کابہترطریقہ تووہی ہے، جومعاشرہ میں رائج ہے، یعنی ایک ہی مجلس میں ایجاب وقبول ہو؛ لیکن آج کل آن لائن نکاح بھی رواج پارہاہے اور محسوس ہوتاہے کہ چندسالوں میں اس میں اضافہ بھی ہوجائے؛ اس لئے اس کی ضرورت کوبھی مدنظررکھناچاہئے۔دراصل آج کل نوکریوں اورروزگارکی تلاش میں لوگ ایک ملک سے دوسرے ملک کابھی سفرکثرت سے کرتے ہیں اوربہت سارے توایسے ہیں، جوکئی دہائیوں سے دوسرے ملکوں میں آبادہیں، بسااوقات گھروالے ایک ملک میں ہوتے ہیں اورلڑکایالڑکی دوسرے ملک میں، آج کل اچھے رشتوں کی تلاش بھی جوئے شیرلانے سے کم نہیں، ایسے میں اگرکومناسب رشتہ مل جائے اوروہ دوسرے ملک میں ہو، وہاں سے آنا دشوارہواوریہاں سے جانابھی ممکن نہ ہو کہ اس میں سفری اخراجات، NOCکاحصول اوردیگرمشکلات کاسامناکرناپڑتاہے، ایسی صورت میں لوگ چاہتے ہیں کہ کوئی ایسی شکل نکل آئے، جس کی وجہ سے عقدنکاح میں آسانی ہوجائے۔اس تعلق سے ایک شکل تو’’وکالت‘‘ والی ہے، جس کی ہرایک نے اجازت بھی دی اوررہنمائی بھی کی ہے، دوسری شکل وہ ہے، جوجدیدسہولیات نے مہیا کیا ہے، بہت سارے لوگ آج کل اسی کوترجیح دے رہے ہیں اوربعض معاصرعلماء نے اس کوجائزبھی قراردیاجائے؛ بل کہ خودفقہ حنفی کے پیروکاروں میں بریلوی طبقہ(https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/3493) بھی اس کاقائل ہے۔


آن لائن کی تطبیق
قدیم زمانہ میں آن لائن کاموجودہ طریقہ معروف نہیں تھا؛ لیکن زمانہ کے لحاظ سے اس کی متبادل شکلیں موجودتھیں؛ چنانچہ تحریروکتابت اورقاصد و پیغامبر بھیجنے کی شکل موجودتھی، جس کی متبادل شکل موجودہ زمانہ کے ای میل اور فیکس وغیرہ ہیں اورویڈیوکال کی شکل نے تو زمان ومکان کی تحدیدات کو ایک کر کے رکھ دیاہے، ظاہرہے کہ آج کے زمانہ کی ان جدیدچیزوں کوتحریراورقاصدکے متبادل قراردیاجائے گا۔


آن لائن نکاح - شریعت کی نظرمیں
موجودہ زمانہ میں آن لائن خرید وفروخت کی طرح آن لائن نکاح کابھی رواج پارہاہے، یہ ایک نیااور مجتہد فیہ مسئلہ ہے، یعنی اس تعلق سے اجتہاد اورغوروفکرکرنے کی سعی کی گئی؛ چنانچہ اس سلسلہ میں معاصر فقہائے کرام کی دورائیں ہیں:

    پہلی رائے  :   آن لائن نکاح درست نہیں، اکثر علماء کی یہی رائے ہے؛ چنانچہ استاذگرامی قدرحضرت مولاناخالدسیف اللہ رحمانی مدظلہ العالی سے انٹرنیٹ، ویب سائٹ، فیکس، ای میل، ٹیلی فون کانفرس اورٹیلی گرام وغیرہ پرنکاح کرنے کے تعلق سے استفتاء کیاگیاتوانھوں نے جواب میں تحریرفرمایا:

’’نکاح میںضروری ہے کہ ایجاب وقبول ایک ہی مجلس میں ہو، سوال میں جن صورتوں کاذکرہے، اس میں ظاہرہے کہ بات کرنے یاتحریرطورپراپنی بات کوپیش کرنے والے کی مجلس الگ ہوتی ہے اورمخاطب کی مجلس الگ ؛ اس لئے ان ذرائع ابلاغ کے ذریعہ نکاح کاایجاب وقبول درست نہیں؛ البتہ کسی شخص کوایجاب وقبول کاوکیل بنایاجاسکتاہے اوروہ اپنے مؤکل کانکاح کرسکتاہے‘‘۔ (کتاب الفتاوی: ۴؍۳۰۶)۔

    اوریہی اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیاکابھی فیصلہ ہے؛ چنانچہ اس کے فیصلے میں ہے:

’’نکاح کامعاملہ بہ مقابلہ عقد بیع کے زیادہ نازک ہے اوراس میںعبادت کابھی پہلوہے اورگواہان کی شرط بھی ہے؛ اس لئے انٹرنیٹ، ویڈیوکانفرنسنگ اورفون پرراست نکاح کاایجاب وقبول معتبرنہیں‘‘۔(نئے مسائل اورعلمائے ہندکے فیصلے، ص:۹۱)

    دوسری رائے  :    اس طرح نکاح درست ہے، اس کے قائلین بعض عرب علماء جیسے: شیخ مصطفی زرقاء، ڈاکٹر وہبہ زحیلی، ابراہیم فاضل دبو، ڈاکٹرسلیمان اشقر، ڈاکٹربدران ابوالعینین اورڈاکٹر محمد عقلہ وغیرہم ہیں؛ چنانچہ ڈاکٹربدران ابوالعینین لکھتے ہیں:

والزواج بالہاتف والتلیفون جائز، وتعتبرالمحادثۃ مجلس العقد مادام الکلام من المتعاقدین فی شأن الزواج، فإذاانتقلامن حدیث لزواج إلی حدیث فی موضوع آخر، انتہی مجلس العقد ویبطل الإیجاب۔ (الزواج والطلاق فی الإسلام، ص: ۴۱)

’’ٹیلی فون پرنکاح جائزہے اورگفتگو کو اس وقت تک مجلس عقدشمارکیاجائے گا، جب تک کہ عاقدین نکاح سے متعلق گفتگومیںلگے رہیں، جب دونوں نکاح کے علاوہ دوسرے موضوع پرگفتگوکرنے لگیں تومجلس عقد ختم ہوجائے گی اورایجاب باطل ہو جائے گا‘‘۔


مانعین کے دلائل
٭  ان حضرات کی ایک دلیل تویہ ہے کہ نکاح کے صحیح ہونے کے لئے ایجاب وقبول کی مجلس ایک ہونااوراس میں جانبین میں سے دونوں کا خود موجود ہونا یاان کے وکیل کاموجودہوناضروری ہے، نیز مجلس نکاح میں دوگواہوں کاایک ساتھ موجودہونااوردونوں گواہوں کااسی مجلس میں نکاح کے ایجاب وقبول کے الفاظ کاسننا بھی شرط ہے، جیساکہ شرائط کے ضمن میں گزرا، یعنی اتحادمجلس ضروری ہے، اورچوں کہ موجودہ وسائل کے ذریعہ سے انعقادنکاح میں یہ شرطیں مفقودہوتی ہیں؛ اس لئے اس طریقہ پرکیاہوا نکاح درست نہیں ہوگا۔

    ٭  دوسری دلیل یہ ہے کہ نکاح ایک عبادت اوربہت نازک امرہے اور جدیدوسائل کے ذریعہ سے دھوکہ بازی اورتلبیس واشتباہ کابھی بہت زیادہ اندایشہ ہے، لہٰذا اس باب میں احتیاط کی ضرورت ہے۔ 

    ٭  بعض حضرات یہ بھی کہتے ہیں کہ ویڈیوکال کے ذریعہ سے نکاح کی صورت میں جاندار کی تصویرسازی کا مسئلہ بھی پیداہوتاہے، جب کہ یہ حرام ہے؛ اس لئے نکاح کے اس ذریعہ کااستعمال بھی درست نہ ہو۔(دیکھئے: https://www.banuri.edu.pk/readquestion/2018-11-30/)


مجوزین کے دلائل
جوحضرات جواز کے قائل ہیں، ان کی دلیل یہ ہے کہ عقد کے نکاح کی تمام شرطیں(ایجاب وقبول، دونوں میں موافقت، گواہوں کی موجودگی، عاقدین کاایک دوسری کی گفتگوکاسننا اورولی کی موجودگی)پائی جاتی ہیں، لہٰذا اس کے درست ہونے میں کوئی چیزمانع نہیں ہے۔


دلائل پرایک نظر
دونوں کے دلائل سامنے آجانے کے بعدآیئے ایک نظران دلائل پربھی ڈالتے ہیں:


اتحادمجلس کی شرط پرایک نظر
مجوزین کی جودلیل ہے، اس کی روسے نکاح کے ارکان وشرائط پرکسی قسم کی کوئی زدنہیں پڑتی، ایجاب وقبول، دونوں میں موافقت، گواہوں کی موجودگی، عاقدین کاایک دوسری کی گفتگوکاسننا اورولی کی موجودگی وغیرہ ، نیزحکمی طورپراتحادمجلس کاوجودبھی ہوتاہے؛ اس لئے اس طریقہ پرنکاح کے درست ہونے میں کوئی چیز مانع نہیں ، قوت کے اعتباریہ دلیل کمزورنہیں ہے ۔

جہاں تک اتحادمجلس کی شرط کی بات ہے تویہ اپنی جگہ پرمسلم شرط ہے؛ چنانچہ علامہ حصکفیؒ فرماتے ہیں:

ومن شرائط الإیجاب والقبول: اتحاد المجلس لوحاضرین…۔

’’ایجاب وقبول کی شرطوںمیںاتحاد مجلس ہے، جب کہ وہ حاضرہوں‘‘۔

    اوراس پرتعلیق کرتے ہوئے علامہ شامیؒ لکھتے ہیں:

(قولہ: اتحاد المجلس) قال فی البحر: فلواختلف المجلس لم ینعقد، فلوأوجب أحدہما، فقام الآخر، أواشتغل بعمل آخر، بطل الإیجاب؛ لأن شرط الارتباط اتحاد الزمان، فجعل المجلس جامعاً تیسیراً۔ (ردالمحتارعلی ہامش الدرالمختار، کتاب النکاح: ۴؍۷۶)

’’(مصنف کا قول: اتحادمجلس کے تعلق سے) البحرالرائق میں ہے: اگرمجلس مختلف ہوجائے تومنعقد نہیں ہوگا، بس اگرایک نے ایجاب کیااوردوسراکھڑا ہوگیا، یا دوسرے کام میں مشغول ہوگیاتوایجاب باطل ہوجائے گا؛ اس لئے مربوط ہونے کی شرط اتحاد زمانہ ہے اورآسانی کے لئے مجلس کواس میں شمارکیاگیاہے‘‘۔


مذکورہ عبارت سے یہ معلوم ہواکہ اتحادمجلس شرط ہے، اب سوال یہ ہے کہ مجلس اور اتحادمجلس سے مرادکیاہے؟

     اس کی وضاحت اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کے فیصلے میں ہے:’’مجلس‘‘ سے مرادوہ حالت، جس میں عاقدین کسی معاملہ کوطے کرنے میںمشغول ہوں، ’’اتحادمجلس ‘‘ کامقصد ایک ہی وقت میں ایجاب کاقبول سے مربوط ہوناہے۔ (نئے مسائل اورعلمائے ہند کے فیصلے، ص:۱۰۹)۔

    اس فیصلہ سے یہ بات واضح ہوگئی کہ مجلس سے مراد’’مکان‘‘ نہیں؛ بل کہ ’’حالت‘‘ ہے، جب کہ’’ اتحادمجلس‘‘ کامقصد ایک ہی وقت میں’’ ایجاب کاقبول ‘‘ہے، بہت سارے معاصرعلماء نے اس سے مراداس وقت کولیاہے، جس میں عاقدین مشغول ہوں؛ چنانچہ ڈاکٹرمحمدمصطفی چلپی لکھتے ہیں:؎

ولیس المراد باتحاد المجلس کون المتعاقدین فی مکان واحد؛ لأنہ یکون أحدہما فی مکان غیرمکان الآخر، کالمتعاقدین بواسطۃ المسرۃ’’التلیفون‘‘ أوبالمراسلۃ، و إنما المراد بہ الوقت الذی یکون فیہ المتعاقدان منشغلین فیہ بالتعاقد، مالم یفصل بین الإیجاب والقبول فاصل أجنبی یعتبرإبطالاً للإیجاب، کرجوع الموجب عن إیجابہ قبل القبول، أوإعراض القابل عن ہذا الإیجاب باشتغالہ بشئی آخر غیرالعقد،فإذالم یوجد شئی من ذلک صح القبول الصادر منہ مہما طال الوقت وانعقد العقد، فمادامت المحادثۃ فی شأن العقد قائمۃ، اعتبر المجلس قائماً، وإذا انتقلا إلی حدیث آخر، اعتبرالمجلس منتہیاً۔(المدخل فی التعریف بالفقہی الإسلامی وقواعد الملکیۃ والعقود فیہ، ص: ۳۷۴-۳۷۵)

’’اتحاد مجلس سے مراد عاقدین کا ایک ہی جگہ پرہونانہیںہے؛ کیوں کہ ایک ایک جگہ پرہوتاہے، جب کہ دوسرا دوسری جگہ پر، جیسے خط یاٹیلی فون کے ذریعہ عقد کرنے والے، اس سے مراد وہ وقت ہے، جس میںعاقدین عقد کرنے میں مشغول ہوں، جب تک کہ ایجاب اورقبول کے درمیان کوئی ایسافاصل نہ ہو، جسے ایجاب کوباطل کرنے والا شمارکیاجائے، جیسے قبول سے پہلے ہی ایجاب سے رجوع یادوسرے کام میں مشغولیت کے ذریعہ ایجاب سے اعراض، پس جب ان میںسے کوئی شئی نہ ہوتوقبول درست ہوگا، خواہ وقت کتناہی دراز ہوجائے اورعقدمنعقد ہوگا، لہٰذا عقد کے سلسلہ میںجب تک گفتگو جاری رہے گی، مجلس کوقائم سمجھاجائے گا اوردونوں دوسری گفتگومیں مشغول ہوجائیںگے تومجلس کوختم سمجھی جائے گی‘‘۔


پھراس بات پربھی غورکرناضروری ہے کہ مجلس کی دوقسمیں ہوتی ہیں:

    ۱-  حقیقی۔

    ۲-  حکمی۔

    حقیقی مجلس سے مرادیہ ہے کہ ایجاب وقبول کی جگہ ایک ہو، جہاں، عاقدین اورگواہان وغیرہم بذات خود موجودہوں، جب کہ حکمی مجلس یہ ہے کہ ایجاب وقبول کرنے والے اورگواہان وغیرہم بذات خود ایک جگہ پرموجودنہ ہوں؛ بل کہ مختلف جگہوں پرہوں؛ البتہ خط وکتابت، ٹیلی فون، موبائل، ای میل اورانٹرنیٹ وغیرہ وسائل کے وساطت سے مجلس میں موجودہوں، ڈاکٹرمصطفی ابراہیم الزلمی شرائط انعقادکی صراحت کرتے ہوئے رقم طراز ہیں:

أن یکون الإیجاب والقبول فی مجلس واحدحقیقۃ أو حکماً، والمجلس الواحد حقیقۃ: ہوأن یجتمع الموجب والقابل فی مکان واحد یصدرعنہما الإیجاب والقبول مباشرۃ بدون الوسائل، والمجلس الواحد حکماً: ہوأن یکون الموجب فی مکان والقابل فی مکان آخر، ویکون إیصال الإیجاب إلی القابل وعلم الموجب بالقبول عن طریق الوسائل کالرسالۃ، أو الہاتف، أو النقال، أو إیمیل، أو نحوذلک۔ (أحکام الزواج والطلاق فی الفقہ الإسلامی المقارن، ص: ۵۶)

’’ایجاب وقبول حقیقی یاحکمی ایک مجلس میں ہو، حقیقی مجلس واحدیہ ہے کہ ایجاب اورقبول کرنے والے دونوں ایک ایسی جگہ میں ہوں، جہاں بغیروسائل کے براہ راست ایجاب وقبول دونوں سے صادرہوں، اورحکمی مجلس واحد یہ ہے کہ ایجاب اورقبول کرنے والے دونوں الگ الگ جگہوں پرہوں اورایجاب ، قبول کرنے والے تک اورقبول کاعلم ایجاب کرنے والے تک خط، ٹیلی فون، موبائل، ای میل وغیرہ کے سے پہنچے‘‘۔

    اس وضاحت سے یہ باتیں معلوم ہوئیں کہ:

    ۱-  مجلس حالت کانام ہے۔

    ۲-  مجلس حقیقی بھی ہوسکتی ہے اورحکمی بھی۔

    ۳-  اتحاد مجلس سے اتحاد وقت مرادہے۔

    ۴-   اوراتحادمجلس کامقصدایک ہی وقت میں ایجاب وقبول ہے۔

    اورغورکیاجائے تویہ تمام باتیں آن لائن نکاح کی صورت میں پائی جاتی ہیں، خود مشہورحنفی فقیہ عثمان بن علی زیلعی نے بھی صراحت کی ہے کہ اتحاد مجلس کااعتباراس وجہ سے ہے؛ تاکہ جواب ، خطاب سے متصل ہواوراس کاوجوداس وقت ہوتاہے، جب یہ بغیرفصل کے ہو، وہ لکھتے ہیں:

وہذا لأن اتحاد المجلس إنما یعتبرلیصیرالجواب متصلاً بالخطاب ، وقد وجدإذاکان من غیرفصل۔ (تبیین الحقائق، فصل فی الأمربالید: ۳؍۹۶)

’’اوراتحاد مجلس کااعتباراس وجہ سے ہے ؛ تاکہ جواب ، خطاب سے متصل ہوسکے‘‘۔

    جہاں تک احتیاط کی بات ہے توآیئے پہلے ہم احتیاط پرعمل کے تعلق سے تفصیل جانتے ہیں، اس پرعمل کے سلسلہ میں علماء کی دورائیں ہیں:


پہلی رائے  :  احتیاط پرعمل یاتوواجب ہوتاہے یاحرام، اگرعمل کا پہلوپایاجائے توعمل واجب اوراگرترک کاپہلوپایاجائے عمل حرام اورترک واجب، اس کے قائلین جمہورعلمائے احناف(أصول السرخسی: ۱؍۱۷، کشف الأسرار: ۱؍۲۳۷)، شوافع(قواطع الأدلۃ: ۲؍۲۳۲)، مالکیہ(المحصول لابن العربی: ۱؍۱۵۰، الفروق: ۲؍۱۸۶) اورحنابلہ(العدۃ فی أصول الفقہ: ۳؍۷۴۷، شرح مختصرالروضۃ للطوفی: ۲؍۱۱۵)ہیں، امیربادشاہ کہتے ہیں:

بأن من یتبع الفروع ، وجدفی کثیرمن المسائل جعل الفقہاء الاحتیاط مناط الوجوب۔ (تیسیر التحریر: ۳؍۸۶)

’’جوشخص فروع کی جستجواکرے گا، اسے معلوم ہوگا کہ فقہاء نے بہت سارے مسائل میں احتیاط کووجوب کے قائم مقام قراردیاہے‘‘۔


دوسری رائے  :  احتیاط پرعمل مستحب ہے، یہ رائے داؤد ظاہری کی ہے، وفرماتے ہیں:

ولیس الاحتیاط واجباً فی الدین؛ ولکنہ حسن، ولایحل أن یقضی بہ علی أحد، ولاأن یلزم أحداً ؛ لکن یندب إلیہ؛ لأن اللہ تعالیٰ لم یوجب الحکم بہ والورع، وہو الاحتیاط نفسہ۔ (الإحکام فی أصول الأحکام: ۱؍۵۱)

’’احتیاط دین میںواجب نہیں؛ البتہ بہترہے؛ لیکن اس کے مطابق کسی کے لئے فیصلہ اورکسی پرلازم کرناجائزنہیں، تاہم مستحب ہے؛ کیوں کہ اللہ تعالیٰ نے ورع اوراحتیاط کے حکم کوواجب نہیں کیااورفی نفسہ یہ احتیاط ہے‘‘۔

پھر احتیاط پرعمل کے لئے درج ذیل شرطیں بھی ہیں:

    ۱-  نص کی مخالفت نہ ہو۔

    ۲-  قوی ترین شبہ پایاجائے۔

    ۳-  ایسادوسرامرجح نہ پایاجائے، جس کاحق مقدم ہو۔

    ۴-  مقاصدشریعت کے خلاف نہ ہو۔ (الاحتیاط فی القواعد الأصولیۃ والفقہیۃ وأثرہ فی الفروع الفقہیۃ لمؤمن محمدالدالی، ص: ۵۷-۵۸)۔

    اب اگرمستحب کی بجائے واجب پر عمل کیاجائے توبھی آن لائن نکاح کے درست ہونے میں ایسی مانع چیزنہیں ہے، جس کی وجہ سے اسے نادرست اورناجائزقراردیاجائے؛ کیوں کہ احتیاط کے لئے دوسری تدابیر(جیسے: کورٹ وغیرہ سے پیپربنوالیاجائے)بھی اختیارکی جاسکتی ہیں، جیساکہ بعض ممالک میں حکومتی سطح پرتدابیراختیارکی گئی ہیں۔


اب رہی بات تیسری دلیل یعنی تصویرسازی کی تویہ ڈیجیٹل ہوتی ہے اوراس سلسلہ میں علمائے معاصرین (عرب وبرصغیرہندوپاک)کے یہاں دو رائیں ملتی ہیں:

    ۱-  یہ تصویرہی ہے  -----  برصغیرکے علماء کی عمومی رائے یہی ہے؛ چنانچہ استاذ گرامی قدرحضرت مولاناخالد سیف اللہ رحمانی دامت برکاتہم رقم طراز ہیں:

’’ویڈیوگرافی اورفوٹوگرافی کوعکس قراردیناصحیح نہیں، عکس وہ صورت ہے، جس میں ٹھہراؤ اورجماؤ نہ ہو، جیساکہ پانی یاآئینہ میں ہوتاہے، ویڈیوگرافی اورفوٹوگرافی میں یہ صورت نہیں ہوتی؛ بل کہ صاحب تصویر کی صورت ریل میں محفوظ ہوجاتی ہے اور جماؤ کی کیفیت پیداہوتی ہے‘‘۔(کتاب الفتاوی: ۶؍۱۷۰)۔

    ۲-  یہ عکس ہے؛ یہاں تک کہ پرنٹ نکال لیاجائے  -----   متعدد علماء(بالخصوص عالم عرب کے) اس کے قائل ہیں؛ چنانچہ حضرت مولانامفتی شفیع صاحب نوراللہ مرقدہ تحریر فرماتے ہیں:

’’حاصل یہ ہے کہ عکس جب تک کہ مسالہ وغیرہ کے ذریعہ سے پائیدارنہ کرلیاجائے، اس وقت تک عکس ہے اورجب اس کوکسی طریقہ سے قائم وپائیدارکرلیا جائے تووہ تصویربن جاتاہے، اور عکس جب تک عکس ہے، نہ شرعاً اس میں کوئی حرمت ہے اورنہ کسی قسم کی کراہت، خواہ آئینہ، پانی یاکسی اورشفاف چیزپرہو یافوٹوکے شیشہ پر، اورجب وہ اپنی حدسے گزرکرتصویرکی صورت اختیارکرے گا، خواہ وہ مسالہ کے ذریعہ سے ہو، یا خطوط ونقوش کے ذریعہ سے اورخواہ یہ فوٹو کے شیشہ پرہویاآئینہ وغیرہ شفاف چیزوں پر، اس کے سارے احکام وہی ہوں گے، جو تصویرکے متعلق ہیں‘‘۔(آلاتِ جدیدہ کے احکام، ص:۱۴۱)


راقم الحروف بھی اسی دوسری رائے کاقائل ہے ، اس لحاظ سے بعض مقاصدکے لئے ڈیجیٹل تصویرکے ذریعہ کام لینادرست ہے اورنکاح بھی ایک اہم اورضروری مقصدہے، لہٰذا اس کے لئے بھی اس کے استعمال کی گنجائش ہونی چاہئے۔


خلاصہ یہ کہ موجودہ زمانہ کے وسائل نے آن لائن نکاح کوممکن بنادیاہے اوراس تعلق سے تھوڑے بہت جواشکالات تھے، انھیں دورکردیاہے، اسی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مشہورفقیہ شیخ مصطفی زرقاء سے جب سوال کیاگیاتوایساہی جواب دیا؛ چنانچہ ڈاکٹرمحمدعقلہ اس کو نقل کرتے ہوئے لکھتے ہیں:

فإذا کان ہناک شہود یسمعون کلا من الإیجاب والقبول مباشرۃ، ومن الممکن فعلاً أن یتحقق ہذا الشرط إذاکان ہناک أکثر ہاتف، فاستمع الشہود، وشہدوا علی العقد، وبذلک ینعقد عقد الزواج مباشرۃ، ولایکون ہناک أی غضاضۃ، وذلک لتوفرشروط العقد وأرکانہ اللازمۃ لانعقادہ۔ (حکم إجراء العقود بوسائل الاتصال الحدیثییۃ(الہاتف، البرقیۃ، التلکس)، ص: ۱۱۳)

’’لہٰذا جب گواہ موجودہوںاوربراہ راست ایجاب وقبول کوسن رہے ہوں، جوکہ عملاً ممکن ہے، بایں طورکہ ایک سے زائدٹیلی فون ہوں، گواہ سن کر عقدپرگواہی دے سکیں تواس طریقہ پربراہ راست عقدنکاح منعقد ہوجائے گا اوراس کے انعقاد کے لئے لازمی ارکان اورعقد کی شرائط کے پائے جانے کی وجہ سے کسی قسم کا کوئی اشکال باقی نہیں رہے گا‘‘۔

    لہٰذا موجودہ زمانہ کی آسانیوں کافائدہ اٹھاتے ہوئے اورامت کے حق یسروسہولت پیداکرتے ہوئے آن لائن نکاح کے جوازکی گنجائش ہونی چاہئے ، ہذا ماعندی، واللہ أعلم بالصواب!



انسانی دودھ کی خریدوفروخت: شریعت کی روشنی میں(Milk Bank Shariya ki nazar me)

 


انسانی دودھ کی خریدوفروخت: شریعت کی روشنی میں

    موجودہ زمانہ ہراعتبارسے ترقی کی راہ پرگامزن ہے؛ لیکن اس ترقی کے نتیجہ میں بعض امورایسے بھی وجودمیں آگئے ہیں، جوعقل وقیاس کے خلاف ہیں؛ تاہم وہ لوگ، جو اللہ تعالیٰ کے حقیقی دین پرقائم نہیں ہیں، یاحقیقی دین پرتوقائم ہیں؛ لیکن انہیں دینی معلومات نہیں ، وہ عقل وقیاس کے خلاف امورکوبھی انجام دے ڈالنے سے نہیں چوکتے۔

    عقل وقیاس کے خلاف امورمیں سے ایک خواتین کے دودھ کوجمع کرکے رکھنااوراس کی خریدوفروخت بھی ہے، بہت سارے ممالک میں بلڈ بینک کی طرح دودھ بینک (Milk Bank) کے ادارے بھی قائم ہیں، جہاں خواتین اپنادودھ جمع کرتی ہیں، اس کے عوض انہیں روپے بھی ملتے ہیں، پھرجمع شدہ دودھ کوفروخت بھی کیاجاتاہے، اب سوال یہ ہے کہ کیاایساکرنا شرعی اعتبارسے درست ہے؟
    اِس سوال کے جواب کے لیے خواتین کے دودھ کے استعمال کے دوطریقوں پر گفتگو ضرورری معلوم ہوتی ہے:

    ۱- عمومی استعمال، جیسے: خواتین کے دودھ کی خریدوفروخت کی عام اجازت، اِس سلسلہ میںفقہائے کرام کی رائیںدرج ذیل ہیں:
حنفیہ کی رائے
    خواتین کے دودھ کی خریدوفروخت کے سلسلہ میں احناف کے یہاں آزاداورباندی ہونے کے اعتبارسے دورائیں پائی جاتی ہیں:

    ۱- خواتین کے دودھ کی خریدوفروخت مطلقاً جائز نہیں، خواہ آزادخاتون کادووھ ہویاباندی کا —– یہ فقہائے احناف کی عمومی رائے ہے، ابوبکربن علی الحدادالیمنی ؒ لکھتے ہیں:

لایجوز بیع لبن بنات آدم۔ (الجوہرۃ النیرۃ، باب السلم: ۱ / ۲۶۸، ط: مکتبہ حقانیہ، ملتان)

’’بناتِ آدم کے دودھ کی بیع جائز نہیں‘‘۔

    ۲- آزادعورت کے دودھ کی بیع جائز نہیں، باندی کے دودھ کی بیع جائز ہے —— یہ حضرت امام ابویوسف ؒ کی رائے ہے، علامہ ابن نجیم مصریؒ لکھتے ہیں:

وعن أبی یوسف: یجوز بیع لبن الأمۃ لجواز ایراد البیع علی نفسہا، فکذا علی جزئہا۔ (البحر الرائق، باب البیع الفاسد: ۶ / ۱۳۲، ط: دارالکتب العلمیۃ، بیروت ۱۹۹۷ء)

’’امام ابویوسفؒ سے منقول ہے کہ باندی کے دودھ کی بیع جائز ہے؛ کیوںکہ اُس کے پورے جسم کی بیع جائز ہے توجسم کے جزء کی بیع توبہ درجۂ اولیٰ جائز ہوگی‘‘۔
دلیل
    ۱- عورت کادودھ مال متقوم نہیں ہے؛ اِس لیے اُس کی بیع جائز نہیں: أن لبن الآدمیۃ لیس بمال متقوم، فلایجوز بیعہ۔ (المبسوط للسرخسی،باب إجارۃ الظئر: ۱۵ / ۱۲۵، ط: دارالمعرفۃ، بیروت)

    ۲- عورت کا دودھ انسانی اجزاء میں سے ہے اورانسان اپنے تمام اجزاء کے ساتھ مکرم ومحترم ہے، لہٰذا بیع کے ذریعہ سے اُس کی تذلیل نہیں کی جائے گی: لأنہ جزء الآدمی، وہوبجمیع أجزائہ مکرم مصون عن الابتذال بالبیع۔ (البحرالرائق، باب البیع الفاسد: ۶ / ۱۳۲، ط: دارالکتب العلمیۃ، بیروت ۱۹۹۷ء)

شوافع کی رائے

    عورت کے دودھ کی بیع کے سلسلہ میں حضراتِ شوافع کے یہاں دورائیں ملتی ہیں:

    ۱- جائز ہے؛ کیوں کہ یہ پاک اورقابل انتفاع شیٔ ہے، اسی رائے کو’’معتمد‘‘بھی قراردیاگیاہے، علامہ خطیب شربینیؒ لکھتے ہیں:

ویصح بیع لبن الآدمیات؛ لأنہ طاہرمنتفع بہ۔ (مغنی المحتاج، کتاب البیوع:۲ / ۱۸، ط: دارالمعرفہ، بیروت، لبنان۱۹۹۷ء)

’’عورتوںکے دودھ کی بیع درست ہے؛ کیوںکہ یہ پاک اورقابل انتفاع ہے‘‘۔

    ۲- جائز نہیں ہے —— اِس کے قائلین میں علامہ ماوردی، امام رویانی اورشاشی رحمہم اللہ ہیں، اِن حضرات نے امام ابوالقاسم انماطی ؒسے بھی اِسی رائے کونقل کیا ہے، امام نوویؒ لکھتے ہیں:

بیع لبن الآدمیات جائز عندنا، لاکراہۃ فیہ، ہذاہوالمذہب، وقطع بہ الأصحاب إلاالماوردی، والشاشی، والرویانی، فحکوا وجہاً شاذاعن أبی القاسم الأنماطی من أصحابنا: أنہ نجس، لایجوز بیعہ، وإنمایربی بہ الصغیر للحاجۃ۔(المجموع، باب مالایجوز بیعہ ومالایجوز: ۹ / ۳۰۴، ط: مکتبۃ الإرشاد، جدہ)

’’عورتوں کے دودھ کی بیع ہمارے نزدیک بلاکراہت جائز ہے، یہی مذہب ہے اوراصحاب نے اِسی کوقطعی قراردیاہے، سوائے ماوردی، شاشی اوررویانی کے، انھوںنے ہمارے اصحاب میں ابوالقاسم انماطی کاایک شاذقول نقل کیاہے کہ یہ نجس ہے اوراِس کی بیع جائز نہیں؛ بل کہ اِس کے ذریعہ سے ضرورۃً بچہ کی تربیت کی جاتی ہے‘‘۔
دلیل

    ۱- یہ ایک پاک چیز ہے(اورپاک چیزکی بیع درست ہوتی ہے؛ اِس لیے عورت کے دودھ کی بیع بھی درست ہوگی)۔

    - یہ ایک قابل انتفاع شیٔ ہے(اورقابل انتفاع شیٔ کی بیع بھی درست ہوتی ہے؛ اِس لیے عورت کے دودھ کی بیع بھی درست ہوگی)۔
مالکیہ کی رائے

    فقہائے مالکیہ کے نزدیک عورت کے دودھ کی بیع جائز ہے، علامہ ابن حطاب ؒ لکھتے ہیں:

یجوزبیع لبن الآدمیات؛ لأنہ طاہرمنتفع بہ۔ (مواہب الجلیل، کتاب البیوع، ۶ / ۶۶)

’’انسانی دودھ کی بیع جائز ہے؛ کیوں کہ وہ پاک اورقابل انتفاع ہے‘‘۔

حنابلہ کی رائے

    عورت کے دودھ کی بیع کے سلسلہ میں فقہائے حنابلہ کے یہاں تین رائیں ملتی ہیں:
    ۱- خریدوفروخت جائز ہے —- یہ بعض اصحابِ حنابلہ کی رائے ہے۔
    ۲- خریدوفروخت حرام ہے —- یہ اصحابِ حنابلہ کی ایک جماعت کی رائے ہے۔
    ۳- خریدوفروخت مکروہ ہے —- یہ خودحضرت امام احمدبن حنبل ؒ سے روایت ہے؛ تاہم قول ِاول ہی کوصحیح قول قراردیاگیاہے،علامہ ابن قدامہؒ لکھتے ہیں:

فأمابیع لبن الآدمیات، فقال أحمد: اکرہہ‘، واختلف اصحابنافی جوازہ، فظاہرکلام الخرقی جوازہ… وذہب جماعۃ من اصحابنا إلیٰ تحریم بیعہ…والأول أصح؛ لأنہ لبن طاہرمنتفع بہ۔ (المغنی لابن قدامہ، کتاب البیوع، فصل: حکم بیع لبن الآدمیات: ۱ / ۹۲۴)

’’جہاں تک عورتوں کے دودھ کی بیع کاتعلق ہے توامام احمدؒ فرماتے ہیں: میں اسے ناپسندکرتاہوں، ہمارے اصحاب کے درمیان اِس کے جواز کے سلسلہ میں اختلاف رائے پایاجاتاہے؛ چنانچہ امام خرقی کے کلام سے جواز معلوم ہوتاہے …اورہمارے اصحاب کی ایک جماعت اُس کی بیع کوحرام سمجھتی ہے … تاہم قول اول ہی صحیح ہے؛ کیوں کہ یہ پاک اورقابل انتفاع دودھ ہے‘‘۔

    ۲- خصوصی استعمال: جیسے: دواکے طورپراستعمال —– یہ تمام فقہاء کے یہاں جائز ہے، احناف کے یہاں صراحتاًیہ جزئیہ مذکورہے:

لابأس بأن یسعط الرجل بلبن المرأۃ ویشربہ للدواء۔ (الفتاوی الہندیۃ: ۵ / ۳۵۵)

’’دواکے طورپرعورت کے دودھ کاسعوط لینے اوراُس کوپینے میںکوئی حرج نہیں‘‘۔
    دیگرفقہاء کے یہاں جب عام حالت میں جائز ہے توضرورۃً توبدرجۂ اولی جائز ہوگا۔واللہ اعلم!
    مذکورہ گفتگوسے دودھ کی خریدوفروخت کے بارے میں معلوم ہواکہ :

    ۱- شوافع (مفتیٰ بہ قول کے اعتبارسے )، مالکیہ اورحنابلہ(مسلک کے لحاظ سے)کے نزدیک جائزہے۔
    ۲- امام ابویوسف ؒ کے نزدیک باندی کے دودھ کی بیع جائز ہے۔
    ۳- احناف اورشوافع میںعلامہ ماوردی،امام ابوالقاسم انماطی، امام رویانی اورشاشی رحمہم اللہ کے نزدیک جائز نہیں ۔
    ۴- امام احمدؒ بن حنبل کی ایک روایت کے مطابق مکروہ ہے۔

قول راجح

    شرعی، عقلی اورسماجی اعتبارسے غورکیاجائے تواُن حضرات کی رائے زیادہ قرین ِصواب معلوم ہوتی ہے، جوعورتوں کے دودھ کی خریدوفروخت کے سلسلہ میں عدم جواز کے قائل ہیں، شرعی اعتبارسے ایک تواِس لیے کہ اُس سے ’’حرمت ِرضاعت‘‘کامسئلہ پیداہوجاتاہے؛ کیوں کہ عورت کے دودھ کااستعمال بطورغذاکے جس طورپرہو، حرمت کوثابت کرتاہے؛ چنانچہ صنعانیؒ لکھتے ہیں:

واستدل بہ(أی: من حدیث’’لایحرم من الرضاع إلا مافتق الأمعاء‘‘)علی أن التغذی بلبن المرضعۃ محرم، سواء کان شرباً، أووجوراً، أوسعوطاً، أوحقنۃً حیث کان یسد جوع الصبی، وہوقول الجمہور۔ (سبل السلام، باب الرضاع: ۳ / ۵۸۲)

’’حدیث’’لایحرم من الرضاع إلا مافتق الأمعاء‘‘سے یہ استدلال کیاگیاہے کہ مرضعہ کے دودھ کواس طرح غذاکے طورپراستعمال کرنا، جس سے نومولودکی بھوک مٹ جائے،حرمت کوثابت کرتاہے، خواہ (یہ استعمال)پی کرہو، یاناک اورحلق کے ذریعہ سے ہو، یاپھرحقنہ کے ذریعہ سے‘‘۔

    دوسرے اِس لیے کہ اِس طرح فسادِ نکاح کاعموم ہوجائے گا؛ کیوں کہ کس عورت کا دودھ کس بچہ کے استعمال میں آرہاہے؟اِس کوقلم بندکرکے رکھناایک دشوارترین امرہے، بالخصوص اُن لوگوں کے لیے، جن کے نزدیک دین ودھرم کوئی معنی نہیں رکھتا،نیزاللہ تعالیٰ کے نزدیک’’فساد‘‘ایک ناپسندیدہ عمل ہے، اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: واللہ لایحب الفساد۔ (البقرۃ: ۲۰۵)’’اللہ تعالیٰ فسادکوپسندنہیں کرتا‘‘، اِس لیے دودھ کی خریدوفروخت درست نہیں ہونی چاہیے۔

    عقلی اعتبارسے اِس لیے کہ دودھ کااثربچہ کے اخلاق پرپڑتاہے؛ چنانچہ ایک مرسل حدیث میں ہے:

نھی رسول اللہ ﷺأن تسترضع الحمقاء۔ (السنن الکبریٰ للبیہقی،باب ماورد فی اللبن یشبہ علیہ، حدیث نمبر:۱۶۰۹۹)

رسول اللہ ﷺ نے بے وقوف خواتین سے دودھ پلوانے سے منع فرمایاہے۔
    اِس حدیث کے ضمن میں علامہ صنعانی ؒ لکھتے ہیں:

ووجہ النہی أن للرضاع تأثیراًفی الطباع، فیختارمن لاحماقۃ فیہاونحوہا۔ (سبل السلام، باب الرضاع، حدیث نمبر: ۱۰۶۷: ۳ / ۵۹۴)

’’ممانعت کی وجہ یہ ہے کہ دودھ کااثرطبیعتوں پرپڑتاہے، لہٰذا اس کوچناجائے، جس میں حمق نہ ہو‘‘۔

    اوردودھ کی خریدوفروخت کی عام اجازت کی صورت میں یہ معلوم ہی نہ ہوسکے گا کہ دودھ کس خاتون کاہے؟ نیک خاتون یابدکردارخاتون کا، پھراِسی کے ساتھ ساتھ آج کل کے موذی امراض بھی دودھ کے ساتھ منتقل ہوں گے، جوایک بچہ کے لیے ہی نہیں؛ بل کہ اُس کی آئندہ نسل کے لیے بھی مضرہوں گے، اب ظاہرہے کہ ایک عقل مند صاحب ِشعورشخص اِن چیزوں کبھی پسند نہیں کرسکتا۔
    سماجی اعتبارسے اِس لیے کہ اِس کے ذریعہ سے خواتین میں بے حیائی پیدا ہوجائے گی، اورظاہرہے کہ کوئی بھی عقل ِسلیم رکھنے ولاانسان اپنی عورتوں کوبے حیا دیکھنا پسند نہیں کرے گا، اِس لیے عدم جوازکوہی راجح ہوناچاہیے، واللہ اعلم!

    البتہ اگرضرورت بچہ کی جان کی ہلاکت کی حدتک پہنچ گئی ہواوراجرت پردودھ پلانے والی بھی دستیاب نہ ہورہی ہوتوعورت کے دودھ کی خریدوفروخت کے لیے خصوصی گنجائش اِس شرط کے ساتھ رہنی چاہیے کہ مرضعہ کانام وپتہ محفوظ رہے، تاکہ فساد نکاح کامسئلہ پیدانہ ہوسکے،ہذاماعندی، واللہ اعلم بالصواب!

Wednesday, 2 December 2020

رشتوں کے انتخاب میں والدین کی مرضی کی شرعی حیثیت

 



رشتوں کے انتخاب میں والدین کی مرضی کی شرعی حیثیت

محمد جمیل اخترجلیلی ندوی

      اللہ تبارک وتعالیٰ نے انسانوں کونہ تومکمل بااختیاربنایاہے اورناہی مجبورمحض؛ بل کہ کچھ اختیاربھی دے رکھاہے اورکچھ مجبوربھی بنارکھاہے؛ تا کہ اس دنیا میں اسے آزمایاجاسکے، پھراس آزمائش کے لیے اس کے اندردوطرح کی صفات بھی ودیعت کی ہیں، جن میں سے ایک کوہم ’’صفت ِملکوتیت‘‘ کہتے ہیں، جب کہ دوسرے کو ’’صفت ِ بہیمیت‘‘ کہتے ہیں، پھران دوصفات کی تکمیل کے لیے مکمل طورپررہنمائی بھی کی ہے۔

     صفت بہیمیت کی تکمیل کے لیے جس جائزراستہ کی طرف رہنمائی کی گئی ہے، اسے ’’نکاح‘‘ کہاجاتاہے، پھرنکاح سے پہلے مخطوبہ(جس سے نکاح کاارادہ ہے)کوایک نظردیکھ لینے کوبہترقراردیاگیاہے؛ تاکہ رشتۂ نکاح کے اندرپائیداری پیداہوسکے۔

    پہلے زمانہ میں نکاح کارشتہ عموماًماں باپ کی پسندسے ہی ہواکرتاتھا؛ لیکن آج کل لڑکے اورلڑکیاں اپنی پسندکے رشتے کرناچاہتے ہیں ؛ چنانچہ اس کے لیے بعض اوقات وہ والدین کی مرضی اوران کے مشورہ کوبالکل ہی نظراندازکردیتے ہیں، جب کہ بعض دفعہ والدین بچوں کے لیے ایسے رشتوں کاانتخاب کرتے ہیں، جوخودان کے انتخاب کے بالکل ہی برخلاف ہوتے ہیں، اب سوال یہ کہ کیاشرعاً نکاح کے معاملہ میں لڑکوں اورلڑکیوں کوان کے والدین کی مرضی قبول کرناواجب ہے؟ اگروہ ایسانہ کریں توکیاگناہ گارہوں گے؟نیز اس سلسلہ میں صحیح رویہ کیاہے؟

       سب سے پہلے اس سلسلہ میں دو باتوں کومنقح کرناضروری ہے:

    ۱-  والدین کی مرضی اورمشورہ کی حیثیت کیاہے؟

     ۲-  لڑکے اورلڑکی مرضی کی حیثیت کیاہے؟

     پہلی بات کے سلسلہ میں جب ہم جستجوکرتے ہیں توقرآن وحدیث سے یہ بات سمجھ میں آتی ہی کہ عمومی حالت میں والدین کی اطاعت ضروری ہے، اللہ تعالیٰ کاارشاد ہے:

وَقَضَی رَبُّکَ أَلاَّ تَعْبُدُواْ إِلاَّ إِیَّاہُ وَبِالْوَالِدَیْْنِ إِحْسَاناً إِمَّا یَبْلُغَنَّ عِندَکَ الْکِبَرَ أَحَدُہُمَا أَوْ کِلاَہُمَا فَلاَ تَقُل لَّہُمَا أُفٍّ وَلاَ تَنْہَرْہُمَا وَقُل لَّہُمَا قَوْلاً کَرِیْما٭وَاخْفِضْ لَہُمَا جَنَاحَ الذُّلِّ مِنَ الرَّحْمَۃِ وَقُل رَّبِّ ارْحَمْہُمَا کَمَا رَبَّیَانِیْ صَغِیْرا۔(الإسراء: ۲۳-۲۴)

 اور تمہارے رب نے ارشاد فرمایا ہے کہ اس کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو اور ماں باپ کیساتھ بھلائی کرتے رہو، اگر ان میں سے ایک یا دونوں بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو اُن کو اُف تک نہ کہنا اور نہ اُنہیں جھڑکنا، اور ان سے بات ادب سے کرنا ٭ اور عجز و نیاز سے اُن کے آگے جھکے رہو اور اُن کے حق میں دعا کروکہ اے اللہ! جیسا انہوں نے مجھے بچپن میں (شفقت سے )پرورش کیا ہے تو بھی اُن ( کے حال )پر رحمت فرما۔

    اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کوواجب قراردیاہے اورحسنِ سلوک کاسب سے اعلی درجہ اطاعت ہے، اسی طرح دوسری جگہ ارشادہے:

وَإِن جَاہَدَاکَ عَلی أَن تُشْرِکَ بِیْ مَا لَیْْسَ لَکَ بِہِ عِلْمٌ فَلَا تُطِعْہُمَا وَصَاحِبْہُمَا فِیْ الدُّنْیَا مَعْرُوفاً وَاتَّبِعْ سَبِیْلَ مَنْ أَنَابَ إِلَیَّ ثُمَّ إِلَیَّ مَرْجِعُکُمْ فَأُنَبِّئُکُم بِمَا کُنتُمْ تَعْمَلُونَ۔ (لقمان: ۱۵)

اور اگر وہ تیرے در پے ہوں کہ تو میرے ساتھ کسی ایسی چیز کو شریک کرے جس کا تجھے کچھ علم نہیں تو اُن کا کہا نہ ماننا ہاں دنیا (کے کاموں ) میں اُن کااچھی طرح ساتھ دینا اور جو شخص میری طرف رجوع لائے اُس کے رستے پر چلنا پھر تم کو میری طرف لوٹ کر آنا ہے تو جو کام تم کرتے رہے ہو میں سب سے تم کو آگاہ کروں گا۔

      یہاں شرک کی باتوں میں اطاعت کرنے کی ممانعت آئی ہوئی ہے، جس سے معلوم ہوتاہے کہ غیرشرک کی باتوں میں اطاعت ہونی چاہیے اورجب اطاعت کریں گے توان کی مرضی کے موافق عمل ہوگا، جومطلوب ہے، نیز اللہ کے رسول ﷺ کاارشادہے:

رضی الرب فی رضی الوالد، وسخط الرب فی سخط الوالد۔ (سنن الترمذی، ماجاء من الفضل فی رضا الوالدین، حدیث نمبر: ۱۸۹۹)

والد کی رضامندی میں رب کی رضامندی ہے اوروالد کی ناراضگی میں رب کی ناراضگی ہے۔

    محمد بن اسماعیل صنعانیؒ اس حدیث کے ضمن میں لکھتے ہیں :

الحدیث دلیل علی وجوب إرضاء الولد لوالدیہ وتحریم إسخاطہما، فإن الأول فیہ مرضاۃ اللہ، والثانی فیہ سخطہ، فیقدم رضاہماعلی فعل مایجب علیہ من فروض الکفایۃ۔ (سبل السلام، باب البروالصلۃ: ۴؍۱۶۴)

حدیث بچہ کے والدین کوراضی کرنے کے وجوب اوران کوناراض کرنے کی حرمت پردلیل ہے کہ اول میں اللہ تعالیٰ کی رضامندی ہے اورثانی میں اس کی ناراضگی، لہٰذا ان کی رضامندی کواس فعل پرمقدم کیاجائے گا، جوفروض کفایہ میں سے اس(ولد) پرواجب ہے۔

    معلوم یہ ہواکہ فرض کفایہ(جیسے: عام حالت میں جہاد وغیرہ) کے مقابلہ میں والدین رضامندی واجب ہی ہوگی، اسی لیے غیرمعینہ جہادمیں نکلنے سے افضل والدین کی خدمت کوقراردیاگیاہے؛ چنانچہ حدیث میں ہے کہ ایک شخص نے آپﷺ سے جہاد میں جانے کے لیے اجازت مانگی توآپﷺ نے پوچھا:أحی والداک؟(کیاتمہارے والدین زندہ ہیں ؟) جواب دیا: ہاں ! توآپﷺ نے فرمایا: ففیہمافجاہد(انہی میں رہ کرجہادکرو)۔ (بخاری، باب الجہاد بإذ الأبوین، حدیث نمبر: ۳۰۰۴)

    علامہ شامی ؒ فرماتے ہیں :

(لأن طاعتہما فرض عین)أی: والجہاد لم یتعین، فکان مراعاۃ فرض العین أولیٰ کمافی التجنیس۔ (ردالمحتار، مطلب طاعۃ الوالدین فرض عین: ۴؍۱۲۵)

کیوں کہ والدین کی اطاعت فرض عین ہے، یعنی ابھی جہادکی تعیین نہیں ہوئی ہے، بس فرض عین کی رعایت اولیٰ ہے، جیساکہ ’تجنیس‘ میں ہے۔

     البتہ خاص حالت میں ان کی اطاعت کوضروری قرارنہیں دیاگیاہے، جیسے:

      ۱-  ایسے امورمیں اطاعت ضروری نہیں، جن میں اللہ کے حق کی پامالی ہوتی ہو، اللہ کے رسول ﷺ کاارشادہے:

لاطاعۃ لمخلوق فی معصیۃ اللہ عزوجل۔ (مسندأحمدعن علیؓ، حدیث نمبر: ۱۰۹۵)

اللہ عزوجل کی معصیت میں مخلوق کی اطاعت نہیں ہے۔

     ۲-  ایسے معاملات میں بھی اطاعت ضروری نہیں، جن کے ترک کی وجہ سے بندہ کونقصان ہو، مشہورمالکی فقیہ علی سعیدی عدویؒ لکھتے ہیں :

وکذالایجب طاعتہمافیماکان فی ترکہ ضرر، مثل أن یأمراہ بترک معیشۃ، أو صناعۃ۔ (حاشیۃ العدوی لعلی السعیدی العدوی: ۲؍۵۵۴)

اسی طرح ان چیزوں میں اطاعت واجب نہیں، جن کے ترک میں ضررہو، جیسے: وہ معیشت یاصناعت کے ترک کاحکم دیں۔

     جہاں تک دوسری بات(لڑکے اورلڑکی مرضی کی حیثیت کیاہے؟)کاتعلق ہے تو شریعت نے نکاح کے معاملہ میں ان کی رضامندی کومعتبر مانا ہے؛ چنانچہ حدیث میں ہے:

الثیب أحق بنفسہا من ولیہا، والبکر یستأذنہاأبوہافی نفسہا، وإذنہاصماتہا۔ (مسلم، باب استئذان الثیب…حدیث نمبر: ۱۴۲۱)

ثیپ(شوہردیدہ) اپنے نفس کااپنے ولی سے زیادہ حق دارہے اورباکرہ سے اس کے نفس کے بارے میں اس کے والد اجازت لیں گے اوراس کی اجازت اس کی خاموشی ہے۔

     معلوم ہوا کہ شریعت نے لڑکے اورلڑکی دونوں کی رضامندی کومعتبرماناہے، علامہ ابن بطال ؒ ابن حبیب ؒکے حوالہ سے لکھتے ہیں :

قد ساوی رسول اللہ ﷺبین البکروالثیب فی مشاورتہما فی أنفسہما، ولم یفرق إلافی الجواب بالرضا، فإنہ جعل جواب البکربالرضافی صماتہا لاستحیائہا …، ولم یلزم رسول اللہ ﷺ الثیب الرضا بالصمات؛ حتی تتکلم بالرضالمفارقتہافی الحیاء حال البکرلماتقدم من نکاحہا۔ (شرح صحیح البخاری، باب لاینکح الأب وغیرہ البکر، ولا الثیب ؛إلابرضاہا:۷؍۲۵۳)

رسول اللہ ﷺ نے باکرہ وثیبہ کے مابین ان کی ذات کے سلسلہ میں مشورہ کرنے میں برابر ی کوقائم رکھا ہے اورصرف رضامندی کے جواب میں تفریق کی ہے، اس طورپرکہ حیاء کی وجہ سے باکرہ کی رضامندی اس کے سکوت میں قراردیا، جب کہ ثیبہ کی رضامندی سکوت میں لازم نہیں کیا؛ یہاں تک کہ وہ رضامندی کوالفاظ میں ظاہرکرے کہ اس کی حیاء میں شوہردیدہ ہونے کی وجہ سے باکرہ کے حیاء سے فرق ہے۔

     علامہ ابن نجیم مصریؒ لکھتے ہیں :

(ولاتجبربکربالغۃ علی النکاح) أی: لاینفذ عقدالولی علیہابغیررضاہاعندنا۔ (البحرالرائق، باب الأولیاء والأکفاء: ۳؍۱۱۸)

(باکرہ بالغہ کونکاح پرمجبورنہیں کیاجاسکتا)یعنی اس کی رضامندی کے بغیرولی کاکیاہواعقدنافذ نہ ہوگا۔

 اورجب بالغہ کی رضامندی ضروری ہے توبالغ کی رضامندی توبدرجۂ اولیٰ ضروری قرارپائے گی، بہرحال! خلاصہ یہ کہ عمومی حالت میں والدین کی رضامندی بھی ضروری ہے اورنکاح کے باب میں لڑکے اورلڑکی کی رضامندی بھی ضروری ہے۔

     جہاں تک اس سوال کی بات کہ کیاشرعاً نکاح کے معاملہ میں لڑکوں اورلڑکیوں کوان کے والدین کی مرضی قبول کرناواجب ہے یانہیں ؟ تواس سلسلہ میں مسئلہ کی دوصورتیں ہیں :

     ۱-  نکاح کایہ معاملہ بلوغ سے پہلے پیش آئے۔

      ۲-  نکاح کایہ معاملہ بلوغ کے بعد پیش آئے۔

      پہلی صورت میں والدین کی رضامندی قبول کرنا(ولایت ِاجبارکودیکھتے ہوئے)واجب ہے، علامہ حصکفیؒ لکھتے ہیں :

(وللولی إنکاح الصغیروالصغیرۃ)جبراً(ولوثیباً…ولزم النکاح، ولوبغبن فاحش)بنقص مہرہا وزیادۃ مہرہ(أو) زوجہا(بغیرکفء إن کان الولی… أباأوجداً…لم یعرف منہماسوء الاختیار)مجانۃ وفسقاً۔ (الدرالمختار، باب الولی: ۳؍۶۵)

ولی کے لیے صغیراورصغیرہ کاجبری نکاح کرانادرست ہے، اگرچہ کہ وہ ثیبہ ہو، اورنکاح لازم ہوجائے گا، گرچہ مہرمیں کمی یازیادتی کرکے غبن فاحش کے ساتھ ہو،یاصغیرہ کی شادی غیرکفومیں کرائے، اگرولی باپ یاداداہو اورفسق وفحش کے اعتبارسے معروف بسوء الاختیارنہ ہو۔

     البتہ اس کے لیے ایک بات کاخیال رکھاجائے کہ والدین کی رضامندی قبول کرنااسی وقت واجب ہے، جب کہ ان کی طرف سے سوء اختیارظاہرنہ ہو، ورنہ یہ نکاح درست نہ ہوگا اوران کی رضامندی کوماننا بھی واجب نہ ہوگا، علامہ حصکفیؒ لکھتے ہیں :

وإن عرف لایصح النکاح اتفاقاً۔ (الدرالمختار، باب الولی: ۳؍۶۶)

اگرسوء اختیارمعروف ہوتوبالاتفاق نکاح نہ ہوگا۔

     جہاں تک دوسری صورت کاتعلق ہے توچوں کہ بچے بالغ اوربااختیارہوچکے ہیں ؛ اس لیے والدین رضامندی قبول کرناواجب تونہیں ؛ لیکن ان کی اطاعت کے احکام اورہرمعاملہ میں مراعات کودیکھتے ہوئے مستحب ضرورہے، ہذاماعندی، واللہ اعلم بالصواب!

     رہی بات تیسری مسئلہ (اگروہ ایسانہ کریں توکیاگناہ گارہوں گے؟) کی تومذکورہ تنقیحی باتوں سے سمجھاجاسکتاہے کہ پہلی صورت میں گناہ گار ہوں گے، جب کہ دوسری صورت میں گناہ گارنہیں ہوں گے؛ کیوں کہ گناہ گاراس وقت ہوتا، جب وہ نافرمان ہوتااوریہ نافرمانی نہیں ہے، علامہ ابن تیمیہؒ لکھتے ہیں :

لیس لأحد من الأبوین أن یلزم الولدبنکاح من لایرید، وأنہ إذاامتنع لایکون عاقا، وإذالم یکن لأحد أن یلزمہ بأکل ماینفر عنہ مع قدرتہ علی أکل ماتشتہیہ نفسہ، کان النکاح کذلک وأولیٰ؛ فإن أکل المکروہ مرارۃ ساعۃ، وعشرۃ المکروہ من الزوجین علی طول یؤذی صاحبہ کذلک، ولایمکن فراقہ۔ (مجموع الفتاوی: ۳۲؍۳۰)

والدین میں سے کسی کے لیے جائز نہیں کہ وہ لڑکے پرایسے سے نکاح کولازم کرے، جسے وہ پسندنہیں کرتا، اوراگرلڑکاایساکرنے سے رک جائے تووہ نافرمان نہیں کہلائے گا، جب کسی کے لیے یہ جائز نہیں کہ کسی کو من پسندچیز کھانے پرقدرت رکھنے کے باوجودایسی چیز کے کھانے پرمجبورکرے، جواسے پسندنہیں تو نکاح بھی اسی طرح؛ بل کہ اس کازیادہ حق دارہے کہ (اس پرمجبورنہ کیاجائے)؛ کیوں کہ ناپسندیدہ چیز کھانے کی کڑواہٹ تھوڑی دیرکے لیے ہوتی ہے، جب کہ زوجین کی ناپسندیدہ زندگی دیرپاہونے کی وجہ سے اسی طرح تکلیف دہ ہوگی اوراس سے فرقت ممکن نہیں ہوگی۔

      اب ان مذکورہ وضاحتوں کی روشنی میں صحیح رویہ یہ ہے کہ والدین تجربہ کارہوتے ہیں اورعموماً رشتوں کے انتخاب میں اپنانفع نہیں دیکھتے؛ اس لیے لڑکے اورلڑکیوں کوان کی پسندپرراضی ہوناچاہیے اورعموماً ہوتابھی ایساہی ہے؛ لیکن اس کامطلب ہرگز یہ نہیں کہ والدین ہرحال میں اپنی مرضی ان پرتھوپیں، یہ بالکل شریعت کے مزاج اوراس کے حکم کے خلاف ہے، اپنے رشتے پرانھیں اڑنانہیں چاہیے، اگرلڑکے یالڑکی کوان کی طرف سے طے کردہ رشتہ پسندہوتوٹھیک، ورنہ دباؤ نہیں ڈالناچاہیے۔

    اسی طرح لڑکے یالڑکی کوبھی چاہیے کہ اپنی پسندکی شادی میں پہلے والدین کوراضی کریں، ان کی رضامندی کے بغیرقدم نہ اٹھائیں اوروالدین کوبھی چاہیے کہ بچوں کی پسند کونظر انداز نہ کریں، دیکھ لیں اگرمناسب ہے توضروران کی پسند پرصاد کریں، یہی صحیح رویہ ہے، جس میں دونوں طرف کاخیال رکھاجائے۔

Tuesday, 1 December 2020

طلاق: کب اور کیسے؟

 

طلاق: کب اور کیسے؟

   محمدجمیل اخترجلیلی ندوی

     اللہ تعالیٰ نے انسانوں کودوطرح کی صفات سے متصف کیاہے، ایک کو’’صفت ملکوتیت‘‘ اوردوسرے کو’’صفت بہیمیت‘‘ کہاجاتاہے، صفت ملکوتیت انسان کوخالص اطاعت وبندگی پرابھارتی ہے، جب کہ صفت بہیمیت کے نتیجہ میں وہ ایسے اموربھی انجام دیتاہے، جواطاعت وبندگی سے ہٹ کرہوتے ہیں ، انھیں امورمیں سے ایک لڑائی جھگڑابھی ہے۔
     لڑائی جھگڑا جس طرح عام انسانوں کے مابین ہوتاہے، اسی طرح بسااوقات ’’میاں بیوی‘‘کے درمیان بھی ہوتاہے، پھرمیاں بیوی کے درمیان ہونے والی یہ لڑائی کبھی توصلح وصفائی کے ذریعہ ختم ہوجاتی ہے؛ لیکن کبھی یہ لڑائی اتنی طول کھنچ جاتی ہے کہ ختم ہونے کانام ہی نہیں لیتی، ایسی صورت میں نکاح کاوہ مقصدبھی فوت ہوتانظرآتاہے، جس کوقرآن نے ’’لتسکنوا إلیہا‘‘ (تاکہ تمہیں اس کے پاس سکون میسر ہو) سے تعبیر کیاہے،ایسے وقت میں سکون وطمانینت کے حصول کاواحد ذریعہ’’طلاق‘‘ ہی نظرآتاہے؛ کیوں کہ اس کے ذریعہ سے میاں بیوی دونوں گھٹ گھٹ کرجینے کے بجائے ایک نئی زندگی شروع کرنے کے مستحق بن جاتے ہیں ؛ لیکن شریعت کی نگاہ میں یہ ایک مبغوض اورناپسندیدہ چیزہے؛چنانچہ اللہ کے رسول اکاارشادہے:
أبغض الحلال إلی اللہ الطلاق۔ (ابن ماجۃ، أبواب الطلاق، حدیث نمبر: ۲۰۱۸)
اللہ تعالیٰ کے نزدیک مباح چیزوں میں سے ناپسندیدہ ترین چیزطلاق ہے۔
    اس لیے بہترتویہی ہے کہ یہ سوچ کراس سے بچاجائے کہ ہرانسان میں کچھ خرابیاں ہوتی ہیں تواس کے اندرکچھ اچھائیاں بھی ہوتی ہیں، صرف ایک چیز پرنظرکی جائے اوردوسری کی چیزکی طرف نگاہ اٹھاکربھی نہ دیکھاجائے، یہ عدل وانصاف کے تقاضہ کے خلاف بات ہے، تاہم یہ بات ضرور ذہن نشین رہنی چاہیے کہ طلاق کی اجازت کے بھی شریعت نے کچھ وجوہات واسباب بیان کئے ہیں ، جن کاجاننا موجودہ زمانہ میں اس لیے ضروری ہے کہ عمومی طورپر لاعلمی کے نتیجہ میں بات بے بات طلاق دے دی جاتی ہے، پھرندامت کے آنسوکے سواکچھ ہاتھ نہیں آتا۔
      پھرطریقۂ طلاق سے بھی ناواقفیت ہونے کی بناپرلوگ تین سے کم پرراضی نہیں ہوتے؛ اس لیے ذیل میں اسباب ووجوہات کے ساتھ طریقۂ طلاق کوبھی بتلایاگیاہے؛ تاکہ جس طرح نکاح کاوجودشرعی طورپرہواہے، خاتمہ بھی شریعت کے مطابق ہو، لہٰذا آیئے سب سے پہلے اسباب کوجانتے چلیں۔
     شریعت نے درج ذیل اسباب کی بناپرکسی عورت کوطلاق دینے کی گنجائش دی ہے:
    ۱   -  جب بیوی کے اندردینی بہتری کافقدان ہو،جیسے: نمازکاترک کرنااوربے پردگی وغیرہ، توایسی صورت میں طلاق دینامندوب ہے، علامہ ابن قدامہؒ لکھتے ہیں :
والرابع: مندوب إلیہ، وہوعندتفریط المرأۃ فی حقوق اللہ الواجبۃ علیہا، مثل الصلاۃ ونحوہا، ولایمکنہ إجبارہاعلیہا۔ (المغنی، فصل: الطلاق خمسۃ أضرب: ۸؍۲۳۵)
(طلاق کی) چوتھی قسم: مندوب ہے اوروہ اللہ تعالیٰ کے واجب حقوق میں عورت کی کوتاہی کے وقت طلاق دیناہے، جیسے: نمازوغیرہ، جب کہ اس کومجبورکرنا ممکن نہ ہو۔
    ۲-  جب بیوی کے اندراخلاقی خرابی پائی جائے، مثلاً: شوہرکے عدم موجودگی میں دوسرے مردسے تعلق قائم کرنا؛ کیوں کہ عورت پرضروری ہے کہ وہ اپنی عزت صرف اپنے شوہرکے حوالہ کرے، کسی اورکے سامنے ہرگزہرگزاپنی عزت نیلام نہ کرے، اللہ کے رسول ا نے عورت کے اس لازمی ذمہ داری کوبتلاتے ہوئے فرمایا:
ولکم علیہن أن لایوطئن فرشکم أحداتکرہونہ۔ (صحیح مسلم، حدیث نمبر: ۱۲۱۸)
 تمہاراان(بیویوں )پرحق یہ ہے کہ وہ اپنے بستروں کوکسی ایسے شخص سے نہ رُندوائیں ، جس کوتم ناپسند کرتے ہو۔
  یعنی کسی اجنبی شخص(غیرمحرم) کوہرگزاپنے گھرآکراپنے بستروں پربیٹھنے کی اجازت نہ دیں ، علامہ خطابیؒ فرماتے ہیں :
    فإن معناہ : أن لایأذن لأحد من الرجال یدخل فیتحدث إلیہن۔ (معالم السنن: ۲؍۲۰۰)
 اس کے معنی یہ ہیں کہ مردوں میں سے کسی کوداخل ہونے کی اجازت نہ دیں کہ وہ ان کے ساتھ بیٹھ کر باتیں کرے۔
    جب اجنبی(غیرمحرم) کے لیے گھرکے اندرلانے کی اجازت نہیں تواس کے پاس عزت نیلام کرنے کی اجازت کیسے ہوگی؟لہٰذا عورت پرفرض ہے کہ وہ اپنی عزت وعصمت کی حفاظت کرے کہ اب صرف تنہااس کی عزت نہیں رہی؛ بل کہ اس کے شوہرکی عزت بھی بن چکی ہے؛ حتی کہ اگروہ شوہرکی اجازت کے بغیرکسی غیرمحرم کوگھرکے اندرداخل ہونے کی اجازت دیدے توشوہرکوشریعت کی طرف سے یہ حق حاصل ہے کہ اس کی تادیب کرے، اللہ کے رسول ا نے فرمایا:
 فإن فعلن ذلک فاضربوہن ضرباً غیرمبرح۔ (صحیح مسلم، حدیث نمبر: ۱۲۱۸)
اگروہ دوسروں کوگھرآنے کی اجازت دیں توانہیں چوٹ نہ پہنچانے والی مارمارو۔
      اوراگربیوی زناکاری میں مبتلاہوجائے توایسی صورت میں طلاق کی گنجائش توہے؛ لیکن پہلے افہام وتفہیم کرے،نہ ماننے کی صورت میں طلاق دیناواجب ہے، محمدبن اسماعیلؒ صنعانی لکھتے ہیں :
ویجری ہذاالحکم(أی:حکم الأمۃ الزانیۃ)فی الزوجۃ أنہ لایجب طلاقہاوفراقہالأجل الزنا؛ بل إن تکررمنہاوجب۔ (سبل السلام، باب حدالزانی: ۴؍۸)
(زانی باندی کاحکم)بیوی میں جاری ہوگاکہ زناکی وجہ سے طلاق اورجدائے گی واجب نہیں ہے؛ بل کہ اگر زناکاتکرارپایاجائے توواجب ہے۔
    علامہ ابن قدامہؒ لکھتے ہیں:
والثالث: مباح، وہوعندالحاجۃ إلیہ لسوء خلق المرأۃ، وسوء عشرتہا، والتضرربہا من غیرحصول الغرض بہا۔ (المغنی، فصل: الطلاق خمسۃ أضرب: ۸؍۲۳۵)
(طلاق کی تیسری قسم) مباح ہے، یہ عورت کی بداخلاقی، سوء عشرت اوراس سے مقصدکی حصول یابی کے بجائے نقصان اٹھانے کے وقت ہے۔
    ۳-  جب شوہرحقوقِ زوجیت کی ادائے گی سے عاجزہوجائے، حق زوجیت( یعنی بیوی سے تعلق قائم کرنا)بھی بیوی کاایک اہم دینی اورضروری حق ہے، جس کوپوراکرناآج کے زمانہ میں خوراک وپوشاک کے حق سے زیادہ ضروری ہے، حضور اکرم اکوبتلایاگیاکہ (حضرت) عبداللہ بن عمروبن العاص ؓ دن کوروزہ رکھتے ہیں اوررات کو قیام کرتے ہیں ، اللہ کے رسول انے ان سے اس بات کی تصدیق کی، پھرفرمایا:
فلاتفعل، صم وأفطر، وقم ونم، فإن لجسدک علیک حقاً، وإن لعینک علیک حقاً، وإن لزوجک علیک حقاً۔(بخاری، باب لزوجک علیک حق، حدیث نمبر: ۵۱۹۹)
ایسا مت کرو، روزہ بھی رکھو اورافطاربھی کرو، قیام بھی کرواورسوبھی جاؤ، کیوں کہ تمہارے جسم کاتم پرحق ہے، تمہاری آنکھ کاتم پرحق ہے اورتمہاری بیوی کاتم پرحق ہے۔
    یہی وجہ ہے کہ فقہاء نے اسے بیوی کاایساحق تسلیم کیاہے، جس کے مطالبہ کاپورااستحقاق بیوی کوحاصل ہے، مشہورحنفی فقیہ عثمان بن علی زیلعیؒ لکھتے ہیں :
 والوطء حق الزوجۃ، ولہٰذا کان لہاالمطالبۃ بہ۔ (تبیین الحقائق، بحث فی العزل:۶؍۲۱)
وطی(بیوی کے ساتھ تعلق قائم کرنا)بیوی کاحق ہے، لہٰذااسے شوہرسے مطالبہ کاپورااستحقاق ہے۔
     یہ حق کس قدراہمیت کی حامل ہے، اس کااندازہ آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈ کی طرف سے مرتب کردہ قانونی کتاب’’مجموعۂ قوانین اسلامی‘‘کے قانونِ طلاق کے دفعہ (۷۳) سے لگاسکتے ہیں ، جس میں لکھاہے کہ:
ترکِ مجامعت اوربیوی کومعلقہ بناکررکھنا بھی تفریق کے اسباب میں سے ایک سبب ہے؛ کیوں کہ حقوق زوجیت کی ادائے گی واجب ہے، حقوقِ زوجیت ادانہ کرنااوربیوی کومعلقہ بناکررکھناظلم ہے اوردفع ظلم قاضی کافرض ہے، نیز صورت مذکورہ میں عورت کامعصیت میں مبتلاہونا بھی ممکن ہے، قاضی کافرض ہے کہ ایسے امکانات کوبندکردے؛ اس لیے اگرعورت قاضی کے یہاں مذکورہ بالا شکایت کے ساتھ مرافعہ کرے توقاضی تحقیقِ حال کے بعدلازمی طورپررفع ظلم کرے گا اورمعصیت سے محفوظ رکھنے کے مواقع پیدا کرے گا(مجموعۂ قوانین اسلامی،ص:۱۹۲)۔
     ۴-  بیوی ناشزہ(نافرمان) ہوجائے توطلاق دینے کی گنجائش ہے؛ کیوں کہ  اللہ تعالیٰ کے بعددنیامیں عورت کے لیے سب کچھ شوہرہے، اس کااندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ اللہ کے رسول ا نے فرمایا:
 لوکنتُ آمراً أحداً أن یسجد لأحد، لأمرت المرأۃ أن تسجد لزوجہا۔ (سنن الترمذی، باب ماجاء فی حق الزوج علی المرأۃ، حدیث نمبر:۱۱۵۹)’
اگرمیں کسی کوحکم دیتاکہ وہ کسی شخص کوسجدہ کرے توبیوی کوحکم دیتا کہ وہ اپنے شوہرکوسجدہ کرے۔
     یعنی سجدہ تواللہ کے سواکسی اورکے لیے درست ہی نہیں ، اگرایسی کوئی اجازت ہوتی توسب سے پہلے شوہرکویہ حق حاصل ہوتاکہ اسے سجدہ کیا جائے، اس حدیث سے یہ بات معلوم ہوئی کہ اللہ تعالیٰ کے بعد شوہرکی بات ماننا اوراس کی اطاعت کرنابیوی پرضروری ہے، ملاعلی قاریؒ لکھتے ہیں :
وفی ہذاغایۃ المبالغۃ لوجوب إطاعۃ المرأۃ فی حق زوجہا، فإن السجدۃ لاتحل لغیراللہ۔ (مرقاۃ المفاتیح، باب عشرۃ النساء ومالکل واحدۃ من الحقوق، الفصل الثانی: ۶؍۳۶۹)
اس میں انتہائی مبالغہ سے بتلایاگیاہے کہ بیوی کے لیے شوہرکے حق میں اطاعت ضروری ہے؛ کیوں کہ سجدہ اللہ کے علاوہ کسی کے لیے جائزنہیں ۔
     اورجب بیوی شوہرکی اطاعت جائز امورمیں نہ کرے تویہ سوء اخلاق کے درجہ میں داخل ہوجاتاہے، جس کی وجہ سے طلاق دینے کی گنجائش ہے۔
      ۵-  جب کسی شرعی بنیادپروالدین طلاق دینے کے لیے کہیں ، توایسی صورت میں نہ صرف طلاق دینے کی گنجائش ہے؛ بل کہ واجب ہے، جیسا کہ سوال نمبر(۲) کے جواب میں گزرچکاہے۔
     ۶-  جب بیوی کے اندرکوئی ایساعیب یاایسی بیماری پائی جائے، جس کی وجہ سے مقاصدنکاح کاتحقق نہ ہوسکے توایسی صورت میں بھی بیوی کوطلاق دینے کی گنجائش ہے، علامہ میدانیؒ لکھتے ہیں :
(وإن کان بالزوجۃ عیب…فلاخیارلزوجہا)لمافیہ من الضرربہابإبطال حقہا، ودفع ضررالزوج ممکن بالطلاق۔ (اللباب فی شرح الکتاب، کتاب النکاح: ۱؍۲۶۰)
اگربیوی میں عیب ہوتواس کے شوہرکو(تفریق کا)خیارنہیں ہے کہ اس ایسی صورت میں اس کے حق کوباطل کرکے اس کونقصان پہنچاناہے اورشوہرکے ضررکو طلاق کے ذریعہ دورکرناممکن ہے۔
     ۷-  جب دونوں کے مابین ایساشقاق پیداہوجائے، جس میں صلح کی گنجائش باقی نہ رہے توبیوی کوکالمعلقہ بناکررکھنادرست نہیں ؛ بل کہ طلاق دے کرآزادکردینابہترہے، اللہ تعالیٰ کاارشادہے:
 فَإِمْسَاکٌ بِمَعْرُوفٍ أَوْ تَسْرِیْحٌ بِإِحْسَانٍ ۔(البقرۃ: ۲۲۹)
 پھر رکھنا ہے تو بھلے طریقہ سے رکھ لو، یا چھوڑ دینا ہو تو نیکی اور احسان کے ساتھ رخصت کر دو۔
     اسبا ب سے واقفیت کے بعدطریقۂ طلاق کوجان لیناچاہیے؛ تاکہ افراط وتفریط کے شکارہونے سے بچاجاسکے،اس سلسلہ میں آل انڈیامسلم پرسنل لابورڈنے قرآن وحدیث اورفقہ اسلامی کوسامنے رکھتے ہوئے ایک’’ضوابط برائے طلاق‘‘ جاری کیاہے، ہمیں اس کی پابندی کرنی چاہیے، جس کی تفصیل حسب ِذیل ہے:
    ۱-   اگرشوہروبیوی میں اختلاف پیداہوجائے توپہلے وہ خودآپسی طورپران اختلافات کوختم کرنے کی کوشش کریں اوردنوں اس بات کوسامنے رکھیں کہ ہرانسان میں کچھ کمزوریاں ہوتی ہیں اوربہت سی خوبیاں ہوتی ہیں ، لہٰذاشریعت کی روایت کے مطابق ایک دوسرے کی غلطیوں کودرگزرکرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
    ۲-  اگراس طرح بات نہ بنے توعارضی طورپرقطع تعلق کیاجاسکتاہے۔
     ۳-  اگریہ دونوں طریقے ناکام ہوجائیں تودونوں خاندان کے باشعورافرادمل کرمصالحت کی کوشش کریں ، یادونوں طرف سے ایک ایک ثالث مقررکرکے (Reconciliation and Arbitration)باہمی اختلافات کوختم کرنے کی کوشش کی جائے۔
    ۴-  اگراس کے باوجودبات نہ بنے توبیوی کوپاکی کی حالت میں شوہرایک طلاق دے کرچھوڑدے؛ یہاں تک کہ ایامِ عدت گزرجائیں، عدت کے دوران اگرمرافقت پیداہوجائے توشوہررجوع کرلے اورپھردونوں میاں بیوی کی طرح زندگی گزاریں ، اگرعدت کے دوران شوہرنے رجوع نہیں کیاتوعدت کے بعد خودہی رشتۂ نکاح ختم ہوجائے گا اوردونوں نئی زندگی شروع کرنے کے لیے آزاداورخودمختارہوں گے، اگربیوی اس وقت حاملہ ہوگی توعدت کی مدت وضع حمل ہوگی، طلاق دینے کی صورت میں شوہرکوعدت کاخرچ دیناہوگا اورمہرباقی ہوتووہ بھی فوراً اداکرناہوگا۔
    ۵-  اگرعدت کے بعدمصالحت ہوجائے توباہمی رضامندی سے نئے مہرکے ساتھ دونوں تجدیدِنکاح کے ذریعہ اپنے رشتہ کوبحال کرسکتے ہیں۔
     ۶-  دوسری صورت یہ ہے کہ بیوی کوپاکی کی حالت میں شوہرایک طلاق دے، پھردوسرے ماہ دوسری طلاق دے اورتیسرے ماہ تیسری طلاق دے، تیسری طلاق سے پہلے اگرمصالحت ہوجائے توشوہررجوع کرلے اورسابقہ رشتۂ نکاح بحال کرلے۔
      شوہرکوایک ساتھ تین طلاق ہرگزہرگز نہیں دینی چاہیے؛ کیوں کہ اس کی ضرورت ہی نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ مسلم پرسنل لابورڈ نے ایسے شخص کے خلاف سماجی بائیکاٹ کامطالبہ کیاہے؛ چنانچہ اس کی آٹھویں تجویز میں ہے کہ ’’مسلم سماج کوچاہیے کہ جوشخص ایک ساتھ تین طلاق دے، اس کاسماجی بائیکاٹ کیاجائے؛ تاکہ ایسے واقعات کم ازکم ہوں ‘‘۔
 اللہ تعالیٰ سے دعاہے کہ عمل کی توفیق عطافرمائے، آمین!